Tag: ہاکی ٹیم

  • قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ لے کر بیرون ملک کیوں گئی؟ اہم انکشافات

    قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ لے کر بیرون ملک کیوں گئی؟ اہم انکشافات

    پاکستان کے عوام نے وہ دور بھی دیکھا ہے جب قومی ہاکی ٹیم نے اپنی محنت اور لگن سے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، عالمی میڈیا ان کی خبروں کو نمایاں جگہ دیتا تھا لیکن بد قسمتی سے آج معاملہ اس کے برعکس ہے۔

    اب قومی ہاکی ٹیم پر یہ وقت آگیا ہے کہ اسے ایک ایونٹ میں شرکت کیلئے ملک سے باہر بھیجنے کیلیے ادھار ٹکٹس کا سہارا لینا پڑا، جس کی تصدیق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی کردی ہے۔

    صدر پی ایچ ایف طارق حسین بگٹی نے ’بی بی سی‘ کو بتایا ہے کہ چین میں ہونے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اسکواڈ چین کی ہوائی کمپنی کے ساتھ ادھار ٹکٹ پر روانہ ہوا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ٹیم کے پاس بیرون ملک جانے کے لیے فنڈز نہ ہوں اور ان کی ادائیگی بعد میں کی گئی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے کہا تو میں ایوان صدر سے مثبت جواب ملا تاہم بیورو کریسی کی جانب سے رکاوٹ نظر آئی کہ چیزیں وقت پر نہیں ہو پارہی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق جب کھلاڑیوں کے جانے کا وقت قریب آیا تو اس سے دو دن پہلے کہا گیا کہ سوری آپ اپنے پاس سے بندوبست کرکے کھلاڑیوں کو بھیج دیں، پھر ہم دس سے 15 روز میں آپ کو ادائیگی کردیں گے۔

    ہاکی فیڈریشن کے صدر نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ یہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی پرانی روش یہی ہے۔

    ہاکی فیڈریشن کے صدر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ’انڈین حکومت اپنی ہاکی پر تین ارب روپے خرچ کر رہی ہے اور ان کی رینکنگ پانچویں چھٹے نمبر پرآ گئی جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم پچھلے پانچ ماہ میں 17 سے 15 نمبر تک آنے میں کامیاب ہوئی۔‘

    پاکستان سپورٹس بورڈ کے عہدے دار محمد شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم کے بھیجنے کے لیے کیس پر جیسے ہی کارروائی مکمل ہوگی ان کو ادائیگی کر دی جائے گی۔

  • ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل

    لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ دو دنوں میں 35 سے زائد کھلاڑیوں کے ویڈیوز کے ذریعے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ویڈیوز کے ذریعے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    خواجہ جنید نے بتایا کہ 3 ہفتوں کی فٹنس ٹریننگ کے بعد 2 دنوں میں 35 سے زائد کھلاڑیوں کی فٹنس کا ویڈیوز کے ذریعے جائزہ لیا گیا۔

    قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے مشکل اور محدود حالات میں کھلاڑیوں نے فٹنس پر کام کیا، ابتدائی رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کا فٹنس لیول برقرار رکھنا خوش آئند ہے۔

    خواجہ جنید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو روزوں کے دوران نیا فٹنس پلان دیا جائے گا، تفصیلی رپورٹ بنائی جا رہی ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو پلان دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو روزوں کے دوران سختی سے ڈائٹ پلان پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • انتخاب

    انتخاب

    ریاست کی جوائنٹ اسکول ہاکی ٹیم کے انتخاب کا عمل چل رہا تھا۔ مختلف اضلاع سے پینتیس لڑکوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ ان میں سے سولہ لڑکوں کا انتخاب نیشنل اسکول کامپیٹیشن کے لیے کیا جانا تھا۔ تمام کھلاڑیوں کو تین ٹیموں میں تقسیم کیا گیا، جن کو آپس میں میچ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا تھا۔

    چیف کوچ رحمان قریشی، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اہم گیم افسر رتی لال یادو اور حکومت کے گیم ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے وامن راؤ ناگپورے کو سولہ کھلاڑیوں کے حتمی انتخاب کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

    میچوں کے اختتام کے بعد تمام سلیکٹرز اسٹیڈیم کی کینٹین میں ملے۔ وامن راؤ نے اپنی جیب سے ایک فارم نکالا اور ٹیبل پر رکھتے ہوئے بولے۔

    وزیرِ کھیل کی طرف سے دو لڑکوں کے نام آئے ہیں۔ بھونیش کمار اور سشیل چوکسے۔ دونوں ان کے علاقے کے ہیں۔
    ٹھیک ہے۔ وزیر صاحب نے کہا ہے، تو دونوں کو ٹیم میں لینا ہی پڑے گا۔ رحمان بولے۔ یادو جی نے بھی رضامندی میں سر ہلایا۔

    ایک نام اسپورٹس ڈائریکٹر آشیش سنگھ نے بھی دیا ہے۔ ان کے کسی رشتہ دار کے بیٹے پریکشت سنگھ۔ وامن راؤ بولے۔ ان کا بھی نام لکھ لو۔ رحمان نے کہا۔

    سر دو نام ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری اور جوائن ڈائریکٹر صاحب نے دیے ہیں۔ رتی لال یادو نے ناموں کی پرچی سب کے سامنے رکھی۔ ان کا انتخاب بھی بلامقابلہ ہو گیا۔

    ٹریڑری کے بابو شیش راؤ کے بیٹے بھیم راؤ کو بھی لینا پڑے گا ٹیم میں۔ ورنہ ہمارے بل بھی پاس نہیں ہوں گے۔ مسئلے ہوتے رہیں گے۔ رتی لال نے پرانے تجربے کی بنیاد پر اپنی بات رکھی۔ بات میں دَم تھا سو سب نے فوری طور پر مان لی۔

    چھے لوگوں کا انتخاب تو ہو ہی چکا ہے۔ ایک نام ڈاکٹر صاحب سے لے لیتے ہیں اور باقی بچے نو لوگ، تین تین لوگوں کے نام ہم آپس میں فائنل کر لیتے ہیں۔ رحمان کی یہ تجویز سب کو پسند آئی۔

    ڈاکٹر صاحب نے فون پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کا نام نوٹ کرا دیا۔ رتی لال نے اپنی ذات برادری کے تین نام طے کیے۔ وامن راؤ نے بھی اپنے دو رشتہ داروں اور کالونی کے ایک لڑکے کا نام کمیٹی کے سامنے رکھا۔ رحمان نے ایک مسلمان اور دو کم سِن چھوکروں کے نام رکھے۔ ٹیم کا انتخاب ہو گیا تھا۔ چنانچہ سب نے دستخط کیے اور ایک اسٹیٹمنٹ جاری کیا۔

    اپنی ٹیم پر ایک گول بھی اسکور نہ ہونے دینے والے اور سب سے قابلِ اعتماد گول کیپر کے طور پر ابھرے پی رنگا ناتھ کو میڈیکلی ان فٹ ہونے کی وجہ سے نہیں لیا جا سکا۔ سب سے زیادہ گول کرنے والے پربھجوت سنگھ بھی ڈسپلن کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ ان کے خلاف متفقہ طور پر مناسب کارروائی کرنے کے لیے کیس ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔
    (مصنف: ارون ارنو کھرے)

  • شرمناک شکست کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

    شرمناک شکست کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

    لاہور: اولمپک کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شکست کھانے والی قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    تصصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے البتہ چار کھلاڑی پاکستان نہیں آئے، اولمپک میں جگہ نہ بنا پانے پر شائقین کی طرف سے ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

    ہالینڈ میں کھیلے جانے والے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلا میچ چار چار گول سے برابر رہا جبکہ دوسرے اور فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کو چھ ایک سے شکست کاسامنا کرنا پڑا تھا۔

    پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ اولمپک میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی، قومی ہاکی ٹیم کے چار کھلاڑی ٹیم کے ہمراہ وطن واپس نہیں آئے۔

    سابق کپتان محمد عرفان اپنی فیملی کے پاس انگلینڈ چلے گئے ہیں جبکہ کپتان رضوان سینئر اور اشد محمود لیگ کھیلنے کے لئے ہالینڈ میں ہی قیام کریں گے جبکہ رضوان جونیئر ہاکی لیگ کھیلنے انگلینڈ چلے گئے ہیں۔

    ہالینڈ نے پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس سے باہر کردیا

    تین بار گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم مسلسل دوسری بار اولمپکس سے باہر ہوئی ہے، ہالینڈ کے ہاتھوں گرین شرٹس کو شکست کے بعد ٹوکیو نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ میں ہالینڈ کی ٹیم میچ پر پوری طرح‌ حاوی رہی اور 6 گول اسکور کیے تھے، قومی ٹیم صرف ایک گول اسکور کرسکی تھی۔

  • ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے: سیکریٹری پی ایچ ایف

    ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے: سیکریٹری پی ایچ ایف

    کراچی: نئے تعینات ہونے والے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ انھوں نے ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لانے کے بعد ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اولمپئن اور پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان ہاکی کو دوبارہ اجاگر کرنے کے لیے چیلنج سمجھ کر یہ عہدہ قبول کیا۔

    آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانا ہے، قومی کھیل ہاکی کی موجودہ صورت حال کسی سے چھپی نہیں، عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن گرتی چلی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ازبکستان کی ہاکی اور رگبی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں

    انھوں نے کہا کہ اولمپئینز سمیت حکام کی عزت کو داغ دار نہیں کیا جائے گا، پاکستان ہاکی کی تباہی کی اصل وجہ پالیسی برقرار نہیں رکھنا ہے، آئندہ سالوں میں پروفیشنل لیگ کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں انھوں نے کہا تھا کہ ہاکی کھیل کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لا کر ان سے مشاورت کی جائے گی۔

    انھوں نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تمام سابق اولمپئنز اور کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر ان سے تکنیکی معاونت لی جائے گی۔

  • ہاکی کے سابق کپتان عبدالحسیم خان نے احتجاجاً ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    ہاکی کے سابق کپتان عبدالحسیم خان نے احتجاجاً ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    کراچی : ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالحسیم خان نے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کے ناروا سلوک سے دلبرداشتہ ہوکرانٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جو آئیڈیل تھے انہوں نے جھوٹے الزامات لگا کر مجھے مایوس کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عبدالحسیم خان کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کیخلاف پھٹ پڑے۔

    انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر احتجاجاً ریٹارئرمنٹ کا اعلان کردیا، عبدالحسیم خان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب شاید اب فون کالز پر ہونے لگا ہے، حسن سردار کے الزامات سے بہت دکھ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے میری فٹنس کے بارے میں جھوٹ بولا گیا، پرفارمنس کے باوجود ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا، جب تک موجودہ سلیکشن کمیٹی ہے میں اپنا استعفیٰ واپس نہیں لوں گا۔


    مزید پڑھیں: ہیروایشیا ہاکی کپ، پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر


    ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کیلئے غیرملکی کوچ کی تقرری بہت ضروری ہے کیونکہ قومی کھیل اس وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

  • چار ملکی ہاکی سیریز کےبعد پاکستانی ٹیم کی وطن واپسی

    چار ملکی ہاکی سیریز کےبعد پاکستانی ٹیم کی وطن واپسی

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم چار ملکی سیریز کھیلنے کے بعد آج رات ہوبارٹ سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچ رہی ہے۔قومی ٹیم رات ایک بجے لاہور پہنچے گی۔

    پاکستان ہاکی ٹیم ہوبارٹ میں ہونے والی چار ملکی سیریز میں صرف دو میچز جیت سکی تھی۔کپتان اور کوچ کے مطابق یہ دورہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو جانچنے کیلئے اہمیت رکھتا تھا۔

    اصل مقصد اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں عمدہ کارکردگی دکھانا ہے۔ وطن واپسی کے بعد قومی ہاکی ٹیم پانچ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے پندرہ مئی کو کوریا روانہ ہوگی۔

    جس کے بعد اٹھائیس مئی سے کراچی کے ہاکی کلب آف پاکستان میں اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے تربیتی کیمپ لگایا جائیگا۔

  • چیمپیئنز ٹرافی : قومی ہاکی ٹیم پہلا میچ آج بیلجیئم کیخلاف کھیلے گی

    چیمپیئنز ٹرافی : قومی ہاکی ٹیم پہلا میچ آج بیلجیئم کیخلاف کھیلے گی

     بھوبانیسور : پاکستان ہاکی ٹیم کی بھوبانیسور کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی , تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل بھارتی شہر اڑیسہ کی مقامی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔

    پاکستان ہاکی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے بھارتی ریاست اڑیسہ میں موجود ہے۔ کھلاڑیوں نے جمعہ المبارک کے موقع پر بھوبانیسور پولیس ہیڈ کوارٹرز کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔

    قومی ٹیم کا مقامی افراد نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ میں کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ آج بیلجیئم کیخلاف کھیلے گی۔

  • چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اٹھارہ رکنی پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان

    چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اٹھارہ رکنی پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان

    کراچی: اگلے ماہ بھارت میں شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے اٹھارہ رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    ہاکی کلب آف پاکستان میں ہونے والے ٹرائلز کے بعد سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حتمی اٹھارہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ محمد عمران کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے، دیگر کھلاڑٰوں میں عمران بٹ،امجد علی،محمد عرفان،کاشف علی،عماد بٹ،توثیق احمد،راشد محمود،رضوان جونئیر،تصور عباس،زوہیب اشرف، وقاص شریف،شفقت رسول،ارسلان قادر،عمر بھٹہ،رضوان سینئر،محمد دلبر اور شان علی شامل ہیں۔ شہناز شیخ ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دینگے، پاکستان ہاکی ٹیم دو دسمبر کو براستہ واہگہ بارڈ بھارت روانہ ہوگی۔

  • پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے

    پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے

    انچون: پاکستان نے ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی، گولڈ میڈل کے حصول کےلئے پاکستان اور روایتی حریف بھارت میں جنگ ہوگی۔

    ایشین گیمز ہاکی کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا ہے،میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے شروع کردئیے، پہلے کوارٹرمیں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہووکا، تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

    جارحانہ کھیل کے باوجود پاکستانی شاہین گول نہ کرسکے، مقررہ وقت تک ایک بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوئی، جس کے بعد میچ کافیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

    پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستانی گول کپیر عمران بٹ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کے چار گولز روک کر پاکستان کو مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ راشد محمود نے سڈن ڈیتھ پر آخری گول داغ کر ایشین گیمز میں پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی بنایا۔