Tag: ہتھنی نور جہاں

  • کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں سے متعلق اہم انکشافات

    کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں سے متعلق اہم انکشافات

    کراچی : سربراہ ٹیم فار پاز ڈاکٹر عامر خلیل نے انکشاف کیا ہے کہ جوجراثیم نور جہاں کے نمونوں میں پائے گئے وہی مدھوبالا میں بھی پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نورجہاں سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے، سربراہ ٹیم فار پاز ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا ہے کہ نورجہاں کے خون کےنمونوں کاجائزہ لیاگیا، جوجراثیم نورجہاں کےنمونوں میں پائےگئےوہی مدھوبالا میں بھی پائے گئے۔

    سربراہ ٹیم فار پاز کا کہنا تھا کہ یہ جراثیم مدھوبالا کو مزید بیماریوں میں ڈال سکتے ہیں، مدھوبالا کو بروقت ادویات کی فراہمی کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر عامر خلیل نے کہا کہ انتظامیہ کو کہا ہے اسے منتقل کیا جائے، نور جہاں کے ٹخنے کے جوائنٹ میں شدید مسائل تھے، وہ اپنی پچھلی ٹانگیں استعمال نہیں کرتی تھی وہ معذور تھی۔

    خیال رہے سفاری پارک میں مدھوبالا ہتھنی کے نئے گھر کی تیاری شروع کردی گئی ، مدھوبالا کو مقررہ وقت پر سفاری منتقل کردیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر چڑیا گھر و سفاری کنور ایوب کو 45 روز میں مدھو بالا کا گھر بنانے کا ٹاسک دے دیا تھا، جس کے بعد سفاری پارک میں مدھو بالا کا انکلوثر تعمیر کرنے کیلئے ڈیزائن تیار کرلیا گیا تھا ۔

  • ہتھنی نور جہاں کی پوسٹ مارٹم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل،  انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی

    ہتھنی نور جہاں کی پوسٹ مارٹم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی

    کراچی : ہتھنی نور جہاں کی پوسٹ مارٹم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر چڑیا گھر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، انتظامیہ نےعملے سے پوچھ گچھ شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے غفلت، نااہلی اور بے حسی کی انتہا کردی، ہتھنی نورجہاں کی پوسٹ مارٹم کی ویڈیو لیک ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر نورجہاں کی پوسٹ مارٹم ویڈیو وائرل ہونے پر چڑیا گھرانتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، ذرائع نے بتایا کہ چڑیا گھر انتظامیہ نے ویڈیو لیک ہونے پر عملے سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

    جانوروں سے محبت کرنے والے ویڈیو وائرل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے تمام کوششوں کے باوجود کراچی چڑیا گھر کی علیل ہتھنی چل بسی تھی، ہتھنی نورجہاں بخارمیں مبتلا تھی ، ہتھنی نورجہاں کا علاج عالمی سطح کےماہرین کی زیرنگرانی ہورہا تھا۔

    کراچی چڑیا گھر میں 17 سال سے موجود نورجہاں گذشتہ کئی روز سے زمین پر لیٹی ہوئی تھی اور اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوپارہی تھی۔

  • کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی کی صحت یابی سے متعلق انٹرنیشنل ویٹ ڈاکٹرز کا انکشاف

    کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی کی صحت یابی سے متعلق انٹرنیشنل ویٹ ڈاکٹرز کا انکشاف

    کراچی: چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نور جہاں کی صحت یابی سے متعلق ’فور پاز‘ کے انٹرنیشنل ویٹ ڈاکٹرز نے تکلیف دہ انکشاف کیا ہے کہ اس کی حالت میں بہتری نہیں آ رہی ہے۔ بین الاقوامی ڈاکٹرز نے صحت مند ہاتھی مدھو بالا کو کسی موزوں جگہ منتقلی کا بھی مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فور پاز کے بین الاقوامی ڈاکٹرز نے انسٹاگرام پر نور جہاں ہتھنی کی ویڈیو شئیر کی ہے، جس کے کیپشن میں اس کی صحت کے حوالے سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’فور پاز کی مقامی ٹیم کی مسلسل نگرانی اور کوششوں کے باوجود نور جہاں کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی ہے۔‘‘

    بین الاقوامی ڈاکٹرز کے مطابق کئی کوششوں کے باوجود ہتھنی خود سے پیروں پر کھڑا ہونے سے قاصر ہے، اس کی حالت تشویش ناک اور غیر یقینی ہے۔

    پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’بین الاقوامی اور قومی ماہرین اور جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک فوری کمیٹی مشورہ دے گی کہ نور جہاں کے مستقبل کو کیسے آگے بڑھایا جائے، فیلڈ پر موجود ٹیم اس کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اور ہم اس کوشش میں شامل ہر فرد کی تعریف کرتے ہیں۔‘‘

    ڈاکٹرز نے لکھا ’’پچھلے دورے پر افریقی ہاتھیوں کو موزوں گھر میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا، موجودہ صورت حال کے ساتھ ہم صحت مند ہاتھی مدھوبالا کی فوری منتقلی کا مطالبہ کرتے ہیں، کیوں کہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ایک اور بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔‘‘

    فور پاز نے پاکستان کے ہاتھیوں کے اچھے مستقبل کی امید ظاہر کی اور کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے کام جاری رکھیں گے۔