Tag: ہتھوڑا

  • وائرل ویڈیو: مسافر نے ہتھوڑا اٹھا کر امریکی ایئرلائن کا کاؤنٹر تہس نہس کر ڈالا

    وائرل ویڈیو: مسافر نے ہتھوڑا اٹھا کر امریکی ایئرلائن کا کاؤنٹر تہس نہس کر ڈالا

    چلی: جنوبی امریکی ملک چلی کی ایک وائرل ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں ایک مسافر کو ہتھوڑا اٹھا کر امریکی ایئرلائن کا کاؤنٹر تہس نہس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    چلی کے دارالحکومت سانتیاگو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر نے مشتعل ہو کر ہتھوڑے سے توڑ پھوڑ کر ڈالی، مسافر نے امریکن ایئر لائن کا کاؤنٹر ہتھوڑے سے توڑ ڈالا، جس سے ایئرلائن کو 22 ہزار ڈالر کا نقصان ہوا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

    مسافر میامی جانا چاہتا تھا اور وہاں سے اُسے ہیٹی جانا تھا، جب مسافر چیک اِن کے لیے امریکن ایئر لائن کے کاؤنٹر پر پہنچا تو اُسے بتایا گیا کہ اُسے کسی نے جعلی ٹکٹ بیچا ہے۔

    یہ سننا تھا کہ مسافر آپے سے باہر ہو گیا اور قریب ہی پڑا ہوا ہتھوڑا اٹھا کر کمپیوٹرز اور اسکرینز کو توڑنا شروع کر دیا، موقع پر موجود لوگوں نے اس واقعے کو اپنے اپنے سیل فون میں ریکارڈ کر لیا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مسافر نے 5 کمپیوٹر اور 6 اسکرینیں توڑ ڈالی ہیں، پولیس نے مشتعل مسافر کو گرفتار کر لیا، جسے آج ہفتے کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • انگلیاں زخمی کیے بغیر دیوار میں کیل ٹھونکنے کا حیران کن طریقہ

    انگلیاں زخمی کیے بغیر دیوار میں کیل ٹھونکنے کا حیران کن طریقہ

    ہم میں سے کئی افراد ایسے ہیں جو عمر کے کسی نہ کسی حصے میں دیوار میں کیل ٹھونکتے ہوئے اپنی انگلیاں زخمی کر بیٹھتے ہیں، ایسے لوگوں کے لیے ایک حیران کن ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ایک شخص نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

    ویڈیو میں وہ شخص کہتا ہے کہ آج میں آپ کو ایسی چیز بتانے جارہا ہوں جو مجھے اپنی زندگی کے 30 سال تک معلوم نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا کہ کیل ٹھونکتے ہوئے ہتھوڑی کے پچھلے حصہ میں کیل کو پھنسایا جاسکتا ہے۔

    اس کے بعد انہوں نے ہتھوڑی کے خمیدہ حصے میں کیل اٹکائی، اس کے بعد ہتھوڑی سے دیوار پر ضرب ماری تو کیل آسانی سے دیوار میں گڑ گئی۔

    ان کی یہ ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے۔

    ایک صارف نے لکھا، کیا تمہارا مطلب ہے کہ اتنے سال تک میں بلاوجہ اپنی انگلیاں زخمی کرتا رہا؟

    ایک اور صارف نے لکھا کہ میں 40 سال کا ہوگیا ہوں اور اب تک یہ نہیں جانتا تھا، میں اپنے زخمی انگوٹھے سے معذرت خواہ ہوں۔

    ایک اور شخص نے اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر دفعہ ہتھوڑی کیل کا نشانہ چوک کر میری انگلی پر ضرب دے مارتی ہے۔

    کیا آپ اس ٹرک کے بارے میں جانتے تھے؟

  • شوہر بیوی کو ڈرانے کے بھیانک انجام سے بال بال بچ گیا، ویڈیو وائرل

    شوہر بیوی کو ڈرانے کے بھیانک انجام سے بال بال بچ گیا، ویڈیو وائرل

    ڈراؤنے مذاق کا نتیجہ نہایت غلط بھی نکل سکتا ہے، ایسی ہی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک شوہر بیوی کو ڈرانے کے بھیانک انجام سے بال بال بچ گیا۔

    ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بیوی کو ڈراؤنے مذاق کا نشانہ بنانے پر شوہر کا سر پھٹنے سے بال بال بچا، اور اس کی بجائے دیوار پر لگا شیشہ ٹوٹ گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو اتنا خوف زدہ کیا کہ اس نے تقریباً اس کا سر ہتھوڑے سے کچل ہی ڈالا تھا، لیکن خوش قسمتی سے سر کی بجائے ہتھوڑا شیشہ میں جا لگا۔

    کلپ کا آغاز شوہر کے آئینے کے پاس ایک خوفناک سبز ماسک میں کھڑے ہونے سے ہوتا ہے، جیسے ہی اس کی بیوی کمرے میں داخل ہوئی، وہ اسے ڈرانے کے لیے چیخا، بیوی نے اضطراری حالت میں چیختے ہوئے ہتھوڑا اس کے سر پر دے مارا۔

    لیکن آدمی نے سر ہتھوڑے سے لمحوں کے اندر بچا لیا، خاتون نے اتنی قوت سے ہتھوڑا چلایا تھا کہ اگر لگ جاتا تو اس شخص کے سر پر جان لیوا چوٹ آ سکتی تھی۔

    اس کے بعد کلپ میں جوڑے کو بیٹھے ہوئے اور مذاق کے غلط ہونے کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، شوہر کا کہنا تھا وہ گزشتہ 24 سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں اور میں نے ابھی تک اپنی بیوی کو ڈرانے کا موقع نہیں چھوڑا ہے۔

    ویڈیو کے آخر میں، شوہر نے بیوی سے پوچھا کہ کیا وہ اس مذاق پر اسے معاف کر دے گی، تو بیوی نے جواب دیا کہ مجھے یہ آئینہ بہت پسند تھا۔

    یاد رہے کہ ڈراؤنا مذاق اکثر غلط بھی ہو سکتا ہے اور بعض اوقات وہ خوف ناک حد تک غلط ہو جاتا ہے، کبھی کبھی اس کے نتیجے میں موت بھی واقع ہو سکتی ہے، اس لیے اس سے گریز کرنا چاہیے۔

  • امریکی ایوان نمائندگان کے رکن کو نینسی پلوسی کو ہتھوڑا مارنے کا مذاق مہنگا پڑ گیا

    امریکی ایوان نمائندگان کے رکن کو نینسی پلوسی کو ہتھوڑا مارنے کا مذاق مہنگا پڑ گیا

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان کے اعلیٰ رکن کو نینسی پلوسی کو ہتھوڑا مارنے کا مذاق مہنگا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے ایوان نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کے ایک اعلیٰ رکن کیون میک کارتھی نے ہفتے کی رات ریاست ٹینیزی میں فنڈ ریزنگ عشائیے کے دوران ایک بڑا ہتھوڑا ہاتھ میں اٹھاتے ہوئے مذاقاً کہا تھا کہ اگر وہ اسپیکر بنے تو انھیں اس ہتھوڑے سے موجودہ اسپیکر نینسی پلوسی کو مارنے سے خود کو روکنے میں مشکل ہوگی۔

    میک کارتھی نے کہا تھا کہ میں چاہوں گا کہ آپ نینسی پلوسی کو مجھے یہ ہتھوڑا پکڑاتے ہوئے دیکھیں، مجھے انھیں اس میں مارنے سے خود کو روکنے میں مشکل ہوگی۔

    عشائیے میں موجود واشنگٹن پوسٹ کا رپورٹر اور ریاست ٹینیزی کا ایک مقامی صحافی مذاق میں یہ کی گئی یہ گفتگو سامنے لایا تو میک کارتھی مشکل میں پڑ گئے، انھیں اب مسلسل تنقید کا سامنا ہے، اور ان سے معافی طلب کی جا رہی ہے۔

    کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایوان کے ایک نمائندے ٹیڈ لو اور ایک دوسرے وزیر، ایرک سول ویل نے کیون میک کارتھی پر نینسی پلوسی سے معافی مانگنے پر زور دیا۔ نیو میکسیکو کی ایک نمائندہ ٹیریزا لیجا فرنینڈز نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کوئی مذاق نہیں، سیاسی تشدد کی دھمکی کوئی مذاق نہیں، یہ کمنٹس خطرناک ہیں۔

    مشیگن کی نمائندہ ڈیبی ڈنگل کا کہنا تھا کہ اس قسم کی زبان سے امریکا میں کیپیٹل ہل میں تشدد اور ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ انھوں نے کیون میک کارتھی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’انھیں معلوم ہے کہ ان کی باتوں کا اثر ہوگا۔‘

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نینسی پلوسی نے کیون میک کارتھی کو گھٹیا شخص قرار دیا تھا، اور ان کے لیے انگریزی لفظ ’مورون‘ استعمال کیا تھا، کیوں کہ انھوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے کی ضرورت کو مسترد کیا تھا۔

  • ٹیبلیٹ مانگنے پر بھائی نے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    ٹیبلیٹ مانگنے پر بھائی نے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    نورسلطان: وسطی ایشیا کے ملک قازقستان میں ٹیبلیٹ مانگنے پر بھائی نے ہتھوڑے مار کر بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان کے شہر تاراز میں 15 سالہ سفاک بھائی نے سوتے ہوئے اپنی بہن پر ہتھوڑے سے پے درپے وار کیے جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی۔

    پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ یہ المیہ اس وقت پیش آیا جب لوڈا اور اس کے 15 سالہ بھائی ایلکسی کے درمیان ٹیبلیٹ کو لے کر گھر کے صحن میں جھگڑا ہوا۔الیکسی کے پڑوس میں رہنے والی خاتون شینار میرز نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میں نے دونوں کے لڑنے کی آواز سنی اور دیکھا کہ الیکسی نے ہتھوڑا اٹھایا ہوا تھا۔

    مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الیکسی نے سوتے ہوئے اپنی بہن پر ہتھوڑے سے پے درپے وار کیے اور پھر اس کی لاش کو اٹھا کر گھر کے پاس گلی میں پھینک دیا۔10 سالہ لوڈا کو قتل کرنے کے بعد الیکسی نے اپنے کپڑے بدلے اور والدین کو بتایا کہ اس کی بہن نہیں مل رہی جس پر تلاش کے دوران والدین کو ان کی بیٹی کی لاش مل گئی۔

    قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مطابق الیکسی نے جرم کا اعتراف کر لیا، اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا،قصور وار ثابت ہونے پر اسے 15 سال تک کی قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    واشنگٹن: امریکی شہر اوکلاہوما سٹی میں ایک شخص نے بس میں داخلے سے منع کرنے پر بس ڈرائیور کو ہتھوڑے سے ڈرایا اور دھمکایا، پولیس مذکورہ شخص کو تلاش کر رہی ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس کے پیش نظر پبلک ٹرانزٹ سسٹم پر مشروط پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور بسوں میں 10 سے زائد افراد کے بیٹھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق اسی پابندی کے پیش نظر جب ایک شخص نے ڈاؤن ٹاؤن کی ایک بس میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے اسے روک دیا کیونکہ بس میں پہلے سے 10 افراد موجود تھے۔

    بس میں داخل ہونے سے روکے جانے پر مذکورہ شخص نے ہتھوڑا نکالا اور بس ڈرائیور کو ڈرایا دھمکایا، ملزم کی اس حرکت سے بس میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے قریبی علاقوں میں ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 5 لاکھ 3 ہزار 177 افراد اس وائرس کا شکار ہیں جبکہ اب تک 18 ہزار 761 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  • لندن: ہتھوڑے سے خواتین پر قاتلانہ حملہ کرنے والا شخص قتلِ عمد کا ملزم نامزد

    لندن: ہتھوڑے سے خواتین پر قاتلانہ حملہ کرنے والا شخص قتلِ عمد کا ملزم نامزد

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے جنوب مشرقی علاقے میں دو خواتین کو ہتھوڑے کے وار سے شدید زخمی کرنے والے شخص کو قتل عمد کا ملزم نامزد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لند ن میں گزشتہ ہفتے لندن کے علاقے ایڈرلی گارڈنز، ایلتھام میں 30 سالہ آنیا گوس اور ان کی 64 سالہ بزرگ والدہ کو ہتھوڑا زنی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے سبب دونوں ماں بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھیں اور تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق اس جرم میں 24 سالہ جوائے ژوریب کو حراست میں لیا گیا ہے، ملزم کا تعلق گرین وچ سے بتایا جارہا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو سڈ کپ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے اور آج اسے بروملے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    حملے میں زخمی ہونے والی آنیا گوس کی والدہ پولینڈ سے اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے انگلینڈ تشریف لائی تھیں جہاں وہ اس اندوہناک حادثے کا شکار ہوئیں۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ آنیا گوس اور ان کی والدہ دونوں میں سے کوئی بھی جوائےژوریب کا واقف کار نہیں ہے۔

    پولیس کی جانب سے بھی تاحال حملے کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئی ہیں، تاہم انہوں نے تحقیقات مکمل کرکے جوائے کو قتل عمد کے جرم کا ملزم قرار دے دیا ہے۔