Tag: ہتھیاروں کی ترسیل

  • ہم نے امریکا سے ہتھیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے لیے بار بار کہا لیکن صرف وضاحتیں ملیں، نیتن یاہو

    ہم نے امریکا سے ہتھیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے لیے بار بار کہا لیکن صرف وضاحتیں ملیں، نیتن یاہو

    تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکا سے ہتھیاروں کی ترسیل میں ’ڈرامائی کمی‘ پر افسوس کا اظہار کر دیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق نیتن یاہو نے وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ہم نے امریکا سے ہتھیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے لیے بار بار کہا لیکن صرف وضاحتیں ملیں۔

    انھوں نے کہا امریکا نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے ان کے ملک کو اخلاقی اور مادی یعنی دفاعی طور پر بھرپور مدد فراہم کی ہے، تاہم تقریباً چار ماہ سے امریکا سے اسرائیل کو پہنچنے والے اسلحے کی سپلائی میں ڈرامائی کمی واقع ہوئی ہے۔

    نیتن یاہو نے کہا ’’ہفتوں تک ہم نے اپنے امریکی دوستوں سے ہتھیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے لیے کہا، ہم نے بار بار کہا، اعلیٰ ترین سطحوں پر بات پہنچائی گئی، اور میں بہ صد اصرار کہوں گا کہ ہم نے یہ بات نجی ملاقاتوں میں بھی کہی، لیکن ہمیں بس ہر طرح کی وضاحتیں ہی ملیں، اور بنیادی صورت حال تبدیل نہیں ہوئی۔‘‘

    امریکا میں سفید فام عورت کی فلسطینی خاتون کے بچوں کو سوئمنگ پول میں ڈبونے کی کوشش

    نیتن یاہو کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ غزہ جنگ کے بارے میں بات چیت کے لیے واشنگٹن روانہ ہوئے ہیں، دوسری طرف وائٹ ہاؤس نے غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور غزہ میں بدستور اسرائیلی فورسز کی بدترین بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، صہیونی فوج نے رفح پر بھی حملے تیز کر دیے ہیں، ہیلی کاپٹر، ڈرون اور ٹینک سے علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    ادھر شاطی مہاجرین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے، اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں الجواہرہ ٹاور پر بم برسائے، جس میں 3 فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر جنین کی سڑکوں پر گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • بائیڈن کا اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل معطل کرنے پرغور

    بائیڈن کا اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل معطل کرنے پرغور

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اسرائیلی نے غزہ کو دنیا کے سب سے بڑے قبرستان میں تبدیل کردیا ہے۔ ایسے میں امریکی صدر اسرائیل نواز پالیسیوں پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

    خبرایجنسی کے مطابق شدید تنقید کے بعد وائٹ ہاؤس نے اسرائیل کوفراہم ہتھیاروں کی فہرست طلب کرلی ہے، وائٹ ہاؤس نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور پینٹاگون کو فہرست دینے کی ہدایت کردی ہے۔

    خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے مستقبل میں اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل کو معطل یامشروط کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ مذکورہ فیصلہ بائیڈن کواسرائیل کی پشت پناہی پر کڑی تنقید کے بعد لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی اسرائیل کی حمایت میں بنائی گئی پالیسی سے اختلاف پرامریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق کے لیے مقرر کردہ آفیسر اینیل شیلین اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اینیل شیلین نے گزشتہ روز 27 مارچ کو واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی انتظامیہ اسرائیل کو مسلح کرنے کا سلسلہ جاری رکھ کر امریکی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی وکالت کرنے کی کوشش کرنا اب میرے لیے محض ناممکن ہو گیا ہے اور میں ایسی صورتحال میں اپنا کام کرنے کے قابل نہیں تھی۔

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت موجود ہونے کے باوجود بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اچانک بڑی فوجی مشق کا آغاز کردیا

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ میری ایک بیٹی ہے جو ابھی چھوٹی ہے لیکن اگر مستقبل میں کسی دن اسے یہ سب کچھ پتہ چلے گا کہ میں محکمہ خارجہ میں تھی تو مجھ سے سوال کرے گی اور میں اس وقت اپنی بیٹی کے سامنے شرمندہ نہیں ہونا چاہتی۔