Tag: ہتھیاروں کی فراہمی

  • یوکرین کے لیے امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی رک سکتی ہے

    یوکرین کے لیے امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی رک سکتی ہے

    وائٹ ہاؤس میں گذشتہ روز ہونے والی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان تلخیوں بھری ملاقات کے بعد ایسا لگتا ہے کہ فریقین نے ممکنہ راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ سے یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل تقریباً رک چکی ہے اور آگے جاکر مکمل طور پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کے امریکی ذمےدار نے انکشاف کیا ہے کہ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے ذمے داران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کے لیے ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے امکانات کا تعین کریں۔

    ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے گزشتہ روز کہا کہ تمام امریکی امداد، بشمول وہ آخری ہتھیار اور گولہ بارود جو بائیڈن انتظامیہ کے دوران منظور کیے گئے اور ادا کیے گئے تھے، کسی بھی وقت منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔

    امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ نے قومی سلامتی کے ذمے داران کو یہ احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ "کیف حکومت کو ہتھیاروں کی حالیہ کھیپوں کی عارضی یا مستقل بندش کے امکان کو دیکھیں۔

    بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کو دیے گئے 67 ارب ڈالر کی فوجی امداد کو انتہائی ضروری قرار دیا تھا لیکن ٹرمپ کسی مزید امداد کو مختلف نظر سے دیکھتے ہیں۔

    یوکرین کے صدر زیلینسکی جمعہ کے روز وہائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے پہنچے تو وہ یہ جانتے تھے کہ امریکہ سے ان کے ملک کو ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی ترسیل تقریباً رک چکی ہے اور جب وہ وہائٹ ہاؤس سے روانہ ہوئے، تو صورتحال مزید خراب نظر آرہی تھی۔

  • یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی: امریکا

    یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی: امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی، یوکرین کو فوجی امداد کی ترجیحی درخواستوں کو پورا کرتے رہیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ دفاع پینٹاگان کا کہنا ہے کہ ملٹری ٹرانسپورٹ لیڈر شپ امریکی ذخیرے سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے گی۔

    محکمے کی جانب سے ٹویٹر پر کہا گیا کہ یوکرین کو فوجی امداد کی ترجیحی درخواستوں کو پورا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم اتحادیوں اور شراکت داروں کے ذریعے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل پینٹاگان کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں وضاحت کی تھی کہ ان کے ملک نے صدارتی فیصلوں کے ذریعے یوکرین کو فوجی امداد دی ہے جو کہ تقریباً 2021 کے لیے اس کے دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا تھا کہ واشنگٹن باقی امدادی ذخیرے کو ہوشیاری سے استعمال کرنا چاہتا ہے تاکہ یوکرین کو موجودہ لڑائی میں ضرورت کے مطابق سامان فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کانگریس کی طرف سے منظور کردہ امدادی پیکج اس ماہ کے تیسرے ہفتے کے آخر تک ختم ہو جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے درخواست کردہ دوسرے پیکج کو جلد منظور کیا جائے۔

  • ہنگری کا یوکرین کو انکار

    ہنگری کا یوکرین کو انکار

    بڈاپسٹ: ہنگری نے یوکرین کو اپنی سر زمین سے ہتھیاروں کی فراہمی سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے پیر کو ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس میں نیٹو فوجیوں کو ملک میں تعینات رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    تاہم وزیر اعظم ہنگری نے ہنگری کے راستے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی عائد کرتے ہوئے سپلائی پر پابندی کے حکم نامے پر دستخط کر دیے۔

    حکم نامے میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ فیصلہ اپنے ملک کی سلامتی کے دفاع کے لیے ناگزیر ہے، موجودہ حالات میں ہمیں اپنے ملک اور قوم کا مفاد زیادہ عزیز ہے۔

    ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حکم یوکرین کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا گیا ہے، جیسا کہ فوجی کارروائیاں ہنگری کی سرحد کے قریب سے قریب تر ہوتی جا رہی ہیں، اور ہم اپنے ملک کو اس جنگ کا حصہ نہیں بنانا چاہتے۔

    رپورٹس کے مطابق ہنگری نے پالیسی میں تبدیلی کر لی ہے، جس کے مطابق ہتھیاروں کی ترسیل نیٹو کے دیگر رکن ممالک کے ذریعے ہوگی، اور ہنگری مہلک ہتھیاروں کی براہ راست یوکرین کو منتقلی کی اجازت نہیں دے گا۔

  • بھارت داعش کو مہلک ہتھیاروں کی فراہمی میں ملوث ہے، امریکی اخبار

    بھارت داعش کو مہلک ہتھیاروں کی فراہمی میں ملوث ہے، امریکی اخبار

    واشنگٹن : خود کو امن کا داعی کہلانے والا بھارت داعش کو مہلک ہتھیار کی فراہمی میں ملوث نکلا، تفصیلات کے مطابق سفاکی ،خوف اور دہشت کی علامت داعش کو اسلحہ کہاں سے ملتا ہے راز کھل گیا۔

    امریکی اخبار نے دعوٰی کیا ہے کہ داعش کو بھارت بھی اسلحہ فراہم کرتا ہے، معروف امریکی اخبارکے مطابق بھارت داعش کوہتھیاردینے والا دوسرا بڑاملک بن گیا۔

    شام میں تباہی مچانے والے بیشترہتھیار بھارتی کمپنیوں کے تیار کردہ ہیں، بھارت داعش کو بارودی مواد سیفٹی فیوز ، ڈیٹو نیٹرز اور دیگر تباہ کن اسلحہ فراہم کر تا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی اسلحہ ساز فیکٹریوں کا اسلحہ ترکی، شام اور دوسرے ممالک سے ہوکر داعش کے جنگجوؤں کے پاس پہنچتا ہے۔

    اخبار کے مطابق داعش جنگجو شام میں 20 ممالک کی 51کمپنیوں کے ہتھیار اوردیگر جنگی سامان استعمال کررہے ہیں۔ان ممالک میں امریکا،روس،چین، برازیل، ایران، بلجیم، نیدرلینڈ اورجاپان شامل ہیں۔

    ایک جانب بھارت بار بار پاکستان پر حریت پسندوں کی مدد کا الزام عائد کرتا ہے اور دوسری جانب داعش کو اسلحہ کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔

    ہیں کو کب کچھ نظر آتے ہیں کچھ
    دیتے ہیں دھو کہ یہ بازی گر کھلا