Tag: ہتھیار ڈال دیئے

  • بلوچستان : کالعدم تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

    بلوچستان : کالعدم تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

    سبی : کالعدم بلوچ تنظیموں کے123فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر امن کا پرچم تھام لیا، ہتھیار ڈالنے کی تقریب میں سیاسی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سول و فوجی افسران بھی موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں امن کی جیت ہوگئی، دشمنوں کے ہاتھوں کھیلنے والے اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں، پہاڑوں سے اُتر کر درجنوں فراریوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، فراریوں نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی جمع کرایا، ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے تھا۔

    قومی دھارے میں شامل ہونے والے کالعدم بلوچ تنظمیوں کے123فراری افراد کی بحالی کے حوالے سے پرُامن بلوچستان پالیسی کے تحت محب وطن بھائیوں کی مالی امداد دینے کے سلسلے میں سبی کے جرگہ ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    اس تقریب کے مہمان خصوصی رکن بلوچستان اسمبلی نوابزادہ میر گہرام بگٹی تھے، تقریب میں بلوچستان کی سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سول و فوجی افسران  بھی شریک تھے۔

    سبی سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ناشاد بلوچ کے مطابق تقریب سے سردار زادہ میرحیربیار ڈومکی ، بریگیڈئیر ذوالفقار باجوہ اور میر فرید رئیسانی نے بھی خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر مہماناں گرامی نے خوشحال پاکستان پرُامن بلوچستان کی پالیسی کے تحت123افراد میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں جاری سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے تحت اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد فراری اپنے ہتھیار صوبائی حکام کو پیش کرکے قومی دھارے میں شامل ہوچکے ہیں۔

  • جماعت الاحرارکے 8 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے

    جماعت الاحرارکے 8 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیے

    مہمند ایجنسی : جماعت الاحرار کے 8 دہشت گردوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، جماعت سے منسلک دیگر دہشت گرد جلد ہتھیارڈال سکتے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق گزشتہ رات مہمند ایجنسی میں شدت پسند جماعت الاحرار کے 8 دہشت گردوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔

    ہتھیارڈالنے والوں میں اکبر، گل،سراج اور اس کے 5 ساتھی شامل ہیں۔

    پاکستان دشمنوں نے گمراہ کرکے حملوں پر اُکسایا

    خود کو قانون کے حوالے کرتے ہوئے جماعت الاحرار کے دہشت گردوں کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان دشمنوں نے گمراہ کرکے حملوں پر اکسایا تھا، اب دہشت گردی پر ہمارا ضمیر ملامت کررہا ہے، یہ عمل مذہب کے بھی خلاف ہے۔

    یہ پڑھیں: لاہور سے جماعت الاحرار کا سیل پکڑا گیا، تین کارندے گرفتار

     واضح رہے کہ حکام کے آگے ہتھیار ڈالنے والوں کاتعلق ولی الرحمان گروپ سے ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جماعت سے منسلک دیگر دہشت گرد جلد ہتھیارڈال سکتے ہیں، بھٹکنے والے دہشت گرد خود کو حکام کے حوالے کردیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: جماعت الاحرار کے کارندے سمیت 6 گرفتار

  • چھوٹو گینگ نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، 24 یرغمالی پولیس اہلکاررہا

    چھوٹو گینگ نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، 24 یرغمالی پولیس اہلکاررہا

    راجن پور : چھوٹوگینگ نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ چوبیس یرغمالی پولیس اہلکار وں کو بھی رہا کردیا گیا، جبکہ پاک فوج نے غلام رسول عرف چھوٹو کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو آپریشن آہن میں بڑی کامیابی مل گئی، چھوٹوگینگ نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ذرائع کے مطابق راجن پور کےعلاقے کچہ جمال میں چھوٹوگینگ نے گزشتہ شام فائربندی کردی تھی۔ جس کے بعد رات گئے ڈاکوؤں نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے اور چوبیس یرغمالی پولیس اہلکاروں کوبھی رہا کردیا گیا۔

    ہتھیار ڈالنے کے بعد ڈاکوؤں کو حراست میں لے کر پاک فوج کے بیس کیمپ سون میانی منتقل کردیا گیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی گاڑیاں منگوالی گئی ہیں جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی بھی شروع ہوگئی ہے۔

    ڈاکو تاحال فوج کی حراست میں ہیں جنہیں پاک فوج اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد پنجاب پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔ جبکہ پاک فوج نے غلام رسول عرف چھوٹو کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

    چھوٹو گینگ کے ہتھیار ڈالنے کے بعد بند کی گئی نہروں میں پانی چھوڑدیا گیا ہے، تاہم عسکری ذرائع نے تاحال تصدیق نہیں کی ہے اس سے پہلے چھوٹو گینگ نے صرف پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا تھا۔

    پاک فوج نے اب بھی علاقے کوگھیرے میں لے رکھا ہے۔ چھوٹو گینگ کے خلاف پنجاب پولیس کا آپریشن تین ہفتے سے جاری تھا جس میں پولیس کے چھ اہلکار جاں بحق ہوئے جس کے بعد آپریشن میں پاک فوج کی مدد لی گئی تھی۔