Tag: ہدایات

  • اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار اپنے عملے کو خاص ہدایات جاری

    اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار اپنے عملے کو خاص ہدایات جاری

    اقوام متحدہ اپنے قیام کی 80 سالہ تاریخ میں پہلی بار نیویارک میں اپنے ہیڈ کوارٹر کے عملے کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے نیویارک میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر کے عملے کو شناختی دستاویزات، پاسپورٹ اور ویزے کی کاپیاں ہر وقت ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے قیام کے بعد 80 سالہ تاریخ میں پہلی بار اس قسم کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے عملے کو اس قسم کی ہدایات جاری کرنے کا پس منظر امیگریشن حکام کی جانب سے امریکا بھر میں اسکروٹنی بڑھانا ہے۔

    کہا گیا ہے کہ امیگریشن حکام نے امریکا بھر میں جگہ جگہ اسکروٹنی بڑھا دی ہے۔ اس کی وجہ سے امریکا میں رہائشی قانونی اجازت نامے رکھنے والے بھی متاثر ہورہے ہیں اور اقوام متحدہ کی نئی ہدایات اسی پس منظر میں دی گئی ہیں۔

  • رمضان المبارک میں عمرہ: کن چیزوں کو یقینی بنانا ضروری ہے؟

    رمضان المبارک میں عمرہ: کن چیزوں کو یقینی بنانا ضروری ہے؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زائرین رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے پرمٹ کا حصول یقینی بنائیں اور دوران عمرہ ماسک کا استعمال کریں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے عمرہ زائرین سے اپیل کی ہے کہ مسجد الحرام میں داخلے کے دوران ماسک کا اہتمام کریں۔

    ڈائریکٹر نے منگل کو مکہ مکرمہ میں عمرہ سیکیورٹی فورس کمانڈ کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ٹرانسپورٹ اور امن و سلامتی برقرار رکھنے کے سلسلے میں سیکیورٹی فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    انہوں نے کہا کہ امراض سے بچاؤ کے ضوابط، مسجد الحرام میں ابھی تک مؤثر ہیں، تمام زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کے موقع پر متعدی امراض سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی کریں۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں، بڑی تعداد میں لوگوں کو پرمٹ مل سکتے ہیں، زائرین عمرہ پرمٹ کی پابندی کریں۔ انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے اس کا اہتمام ضروری ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے، حرمین شریفین انتظامیہ کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کیا جارہا ہے۔

    ڈائریکٹر کے مطابق مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص ہے، مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے استعمال ہوگی۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ طواف کے لیے چھت کا سامنے والا حصہ مختص کیا جاسکتا ہے۔

  • بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزے اور پابندیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو آن لائن ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

    حکام کے مطابق آن لائن عمرہ ویزا میڈیکل انشورنس ہولڈر کو دیا جائے گا، انشورنس اسکیم میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہونا ضروری ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے عمرے کے حوالے سے بعض پابندیاں ختم کی ہیں، مملکت آنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے۔

    عمرہ اور زیارت کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کا حصول اب ضروری نہیں رہا۔

    بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ اجازت نامہ اسی صورت میں جاری ہوتا تھا جب وہ ویکسین ریکارڈ کا اندراج کروائیں، تاہم اب یہ پابندی بھی نہیں رہی۔

  • متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ماہ رمضان کے لیے کرونا وائرس کے پیش نظر نئی ہدایات جاری کردی گئی، حکام نے سختی سے ان ہدایات کی پابندی کی تاکید کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق رمضان المبارک میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات نے نئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔

    اعلان نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی یو اے ای کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران افطار و سحر میں کئی مقامات پر اجتماعی تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور بطور خاص مساجد میں مسلمان اجتماعی طور پر عبادات کا اہتمام بھی کرتے ہیں تاہم این سی ای ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہر ایک کو خاندانی اجتماعات منعقد کرنے اوراس میں شرکت سے گریز کرنا چاہیئے۔

    اس ضمن میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ خاندان کے باہر کے افراد سے کھانے کے تبادلے سے بھی گریز کریں۔

    این سی ای ایم اے کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں شب کے اجتماعات سے گریز کریں، ایک دوسرے کے گھر جانے سے اجتناب برتیں اور کھانوں کا تبادلہ یا ان کی تقسیم نہ کریں۔

    متعلقہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مزدوروں کی اقامت گاہوں میں رمضان کے دوران کھانے تقسیم کیے جا سکتے ہیں لیکن جو لوگ ورکروں میں کھانا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں ان اقامت گاہوں کی انتظامیہ سے رجوع کرنا چاہیئے اور کسی ریستوران کے ذریعے کھانے کے پیلٹس تقسیم کرنے چاہئیں۔

    این سی ای ایم اے کے مطابق مساجد میں نمازعشا اور تراویح کو زیادہ سے زیادہ 30 منٹ میں ختم کرنا ہوگا، نماز کی ادائیگی کے فوری بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ خواتین کے لیے نماز کی مخصوص جگہیں و دیگر سہولتیں اور مساجد کے باہر شاہراہوں پر نماز تراویح ادا کرنے پر بدستور پابندی برقرار رہے گی۔

    متعلقہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں اور ہدایات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ماہ صیام کے دوران حکام چھاپہ مار کارروائیوں کی مہم چلائیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد و اداروں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • سعودی عرب: دفاتر کے لیے نئی ہدایات جاری

    سعودی عرب: دفاتر کے لیے نئی ہدایات جاری

    ریاض: سعودی عرب میں سرکاری و نجی اداروں کو اپنے ملازمین کو آن لائن ڈیوٹی کروانے کے احکامات جاری کردیے گئے، دفاتر کے اندر سماجی فاصلوں کے اصول کی سختی سے پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے نجی اور سرکاری اداروں سے آن لائن ڈیوٹی کو ایکٹو کرنے اور حفاظتی اقدامات کے نفاذ کی ہدایت کی ہے۔

    وزارت افرادی قوت نے سرکاری و نجی اور غیر تجارتی اداروں کے تمام کارکنان سے کہا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اور وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں اور صحت ہدایات پر عمل کریں۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ دفاتر میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، کارکنان اور اداروں سے رجوع کرنے والوں کی سلامتی کا دھیان رکھیں۔ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور محفوظ ڈیوٹی والے ماحول میں کام کرنے کے لیے ہدایات کی پابندی کریں۔

    وزارت افرادی قوت نے ہدایت کی ہے کہ بھیڑ بھاڑ کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کیا جائے۔ حفاظتی ماسک کے استعمال کا دھیان رکھا جائے، مصافحے سے پرہیز کیا جائے اور دفاتر میں سینی ٹائزر فراہم کیے جائیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ باقاعدہ اجلاس کے بجائے حتیٰ الامکان آن لائن اجلاس پر اکتفا کیا جائے اور یہ کام بصری رابطے کے ذریعے انجام دیا جائے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی کو حتی الامکان آن لائن انجام دیا جائے، اس کے ساتھ ڈیوٹی کے اوقات میں لچک پیدا کی جائے اور مطلوبہ خدمات حاصل کرنے کے لیے آن لائن چینلز سے استفادہ کیا جائے۔

  • سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی بینکنگ کمیٹی نے اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین سے چند باتوں کا خیال رکھنے کا کہا ہے اور کہا ہے کہ صارفین اے ٹی ایم پر پہنچنے سے قبل اپنے مطلوبہ کام کی منصوبہ بندی کرلیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بینکنگ امور کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم صارفین دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے جلد اپنے معاملات نمٹائیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بینکنگ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین کو چاہیئے کہ وہ رقم نکلوانے یا دیگر امور کے لیے اے ٹی ایم پر آنے سے قبل اس امر کا تعین کرلیں کہ انہیں کس مقصد کے لیے اے ٹی ایم استعمال کرنا ہے۔

    کمیٹی کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اے ٹی ایم پر کافی دیر ٹھہرنے کے بعد اپنی مطلوبہ کارروائی کرتے ہیں جس سے دوسرے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر صارفین اپنے مطلوبہ کام کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں تو دوسروں کو بھی سہولت ہوگی اور انہیں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو رقم نکلوانی ہے یا ارسال کرنی ہے تو اسے چاہیئے کہ محدود وقت میں اپنا کام کرے تاکہ وہاں موجود دوسرے لوگوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔

    بعض افراد اے ٹی ایم پر کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد مطلوبہ کام کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ایک ہی کام کے لیے کافی دیر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پیچھے کھڑے ہوئے لوگوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • گھریلو ملازمین کے حوالے سے سعودی حکومت کی اہم ہدایات

    گھریلو ملازمین کے حوالے سے سعودی حکومت کی اہم ہدایات

    ریاض: سعودی حکومت نے گھریلو ملازمین کے حقوق سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں انسداد انسانی اسمگلنگ کمیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آجروں پر گھریلو ملازمین کے سات حقوق مقرر ہیں۔

    1-گھریلو عملے سے صرف وہی کام لیا جاسکتا ہے جس پر آجر اور اجیر پہلے سے متفق ہوں، انتہائی مجبوری میں عملے سے کوئی ایسا کام لیا جاسکتا ہے جو اس کے کام سے بہت زیادہ مختلف نہ ہو۔

    2-گھریلو ملازمین سے ایسا کوئی کام نہیں لیا جاسکتا ہے جس سے اس کی صحت وسلامتی کو خطرہ ہو یا وہ کام انسانی وقار کے منافی ہو۔

    3-آجر گھریلو عملے کو ہر ہجری مہینے کے آخر میں متفقہ محنتانہ ادا کرے،الا یہ کہ فریقین تحریری طور پر اس حوالے سے کوئی اور معاملہ طے کرچکے ہوں۔

    4-آجر گھریلو عملے کا محنتانہ کیش یا چیک کی صورت میں دے گا، اگر گھریلو ملازم کسی خاص بینک کے اکاؤنٹ میں محنتانہ وصول نہ کرنا چاہتا ہو تو ایسی صورت میں جب بھی محنتانے کا لین دین ہوگا تو اسے تحریر میں لایا جائےگا۔

    5-انسداد انسانی اسمگلنگ کمیٹی کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق آجر گھریلو عملے کو مناسب رہائش فراہم کرنے کا پابند ہے۔

    6-گھریلو کارکن کا حق ہے کہ روزانہ کم از کم 9 گھنٹے آرام کے لیے دیے جائیں۔

    7-آجر کی ذمہ داری ہے کہ وہ گھریلو کارکنان کو اپنے کاروبار کی اجازت نہ دے۔

    انسداد انسانی اسمگلنگ کمیٹی نے انتباہ کیا کہ اگر آجر ان سات حقوق میں سے کوئی ایک حق ادا نہیں کرے گا تو اس کا احتساب کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: آن لائن شاپنگ کے لیے ضروری ہدایات

    سعودی عرب: آن لائن شاپنگ کے لیے ضروری ہدایات

    ریاض: سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی نے آن لائن شاپنگ سے قبل چند ضروری باتوں کو مدنظر رکھنے کی ہدایات دی ہیں، کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران دنیا بھر میں آن لائن شاپنگ میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی نے محفوظ آن لائن شاپنگ کے لیے ضروری مشورے دیے ہیں۔

    نیشنل سینٹر کا کہنا ہے کہ آن لائن شاپنگ سے قبل سب سے پہلے تجارتی مرکز کا پتہ دریافت کیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ کیا وہ حقیقی ہے یا فرضی، کارروائی کرتے وقت پاسورڈ احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جائے کیونکہ ہر سینٹر کا پاسورڈ ایک دوسرے سے الگ ہوتا ہے۔

    متعلقہ تجارتی مرکز کی ساکھ کے بارے میں دریافت کیا جائے اور آرڈر دینے سے قبل صارفین سے اس شاپنگ سینٹر کے بارے میں آن لائن تاثرات معلوم کر لیے جائیں۔

    نجی معلومات صرف اس حد تک درج کریں جتنا تجارتی مرکز طلب کررہا ہو، شاپنگ سینٹر کی صارفین سے متعلق رازداری کو سمجھیں اور جاننے کی کوشش کریں کہ تجارتی مرکز آپ کے کوائف کس انداز سے محفوظ اور استعمال کرتا ہے۔

    سائبر سیکیورٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شاپنگ سینٹر ایپلی کیشنز میں مائیکرو فون اور جی پی ایس کو ایکٹویٹ نہ کریں، سپیم کو بند کردیں، اپنے کمپیوٹر یا موبائل میں اینٹی وائرس پروگرام مستقل بنیادوں پررکھیں اور اسے اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔

    علاوہ ازیں ایسی کوئی بھی آفر کبھی قبول نہ کریں جو فوری منظوری چاہتی ہو۔

  • کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کو ایک سال قید و جرمانے کی سزا ہوگی، حکومت کی جانب سے مراسلے میں کیا گیا ہے کہ جرمانے میں اضافہ وقید 2 سال تک قابل توسیع ہوگی۔

    صوبائی حکومت نے مراسلے میں کہا کہ این ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت کار سرکارمیں مداخلت پر افسران کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔ مراسلے کے مطابق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر جہاں ضروری سمجھیں نوٹس جاری کریں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

    واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 195 ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس: سعودی عرب پہنچنے والے غیرملکیوں کے لیے اہم ترین ہدایت جاری

    کرونا وائرس: سعودی عرب پہنچنے والے غیرملکیوں کے لیے اہم ترین ہدایت جاری

    ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک سے مملکت پہنچنے والے مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اپنے پاس موجود کرنسی نوٹ اور سکے پہلی فرصت میں مقامی بینکوں میں جمع کروا دیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچنے والے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے پاس موجود کرنسی نوٹ اور سکے پہلی فرصت میں مقامی بینکوں میں جمع کروا دیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ اور سکوں سے کرونا وائرس پھیلنے کا بڑا امکان ہے لہٰذا یہ فیصلہ کرونا وائرس سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ساما کے مطابق کرنسی نوٹ اور سکے سمیت ایسی تمام اشیا جن سے ہم روزمرہ کی زندگی میں لین دین کرتے ہیں، ان سب کے سلسلے میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی انتہائی محتاط ہوجائیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دروازوں اور گاڑیو ں کے ہینڈل، بازاروں میں اشیائے صرف، ہوائی اڈوں یا پبلک مقامات اور چھتوں وغیرہ کے استعمال کے سلسلے میں بھی ہوشیار رہیں، ان سب سے وائرس منتقل ہوسکتا ہے۔

    ساما نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ یومیہ استعمال کی ہر شے کے سلسلے میں انتہائی احتیاط برتیں۔ ذاتی صفائی کی جملہ تدابیر کا بے حد اہتمام کریں۔ خود کو کرونا وائرس سے بچانے پر توجہ مرکوز کریں، صابن اور پانی سے مسلسل ہاتھ دھوتے رہیں۔ انفلوائنزا کی علامات محسوس ہوتے ہی متعلقہ طبی اداروں سے رابطہ کریں۔

    ساما کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹ اور سکوں کے لین دین کے سلسلے میں اندرون ملک اور بیرون ملک مالیاتی اداروں سے رابطوں میں ہیں اور ان سب کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کر رہے ہیں۔