Tag: ہدایات

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں بہتری کے اقدامات

    وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں بہتری کے اقدامات

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پولیس اور تھانوں میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس نے اقدامات شروع کردیے، صوبے کے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسکس اور کمپلینٹ سینٹرز قائم کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پولیس اور تھانوں میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس نے اقدامات شروع کردیے، صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی شروع کردی گئی۔

    عوامی شکایات کے ازالے کے لیے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 8787 بھی قائم کردیا گیا۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے صوبے کے تمام 716 تھانوں میں فرنٹ ڈیسکس بھی قائم کردی گئی ہیں۔ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک چھت تلے خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایات کے پیش نظر میڈیکو لیگل سرٹیفیکیٹس کے جلد اجرا کے لیےڈی ایچ کیو اسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز بھی قائم کیے جارہے ہیں۔

    علاوہ ازیں تمام ریجنل پولیس آفیسرز (آر پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) کی جانب سے اوپن ڈور پالیسی کا نفاذ اور کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات

    اسلام آباد: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کردی، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہلکار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ شکایات کے ازالے سے متعلق احتساب شروع کردیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔ شہریوں کی شکایات کو حل یا ختم کرنے کا فیصلہ مجاز افسر ہی کرے گا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شہری کی شکایات سے متعلق غلط بیانی یا کوتاہی کا ذمہ دار ادارے کا مجاز افسر ہوگا۔ غیر مجاز افسران کی شہریوں کی شکایات کے حل کی رپورٹ بدنیتی یا غفلت تصور ہوگی۔

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ پورٹل پر آنے والی شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے، وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زائد شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فیصد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فیصد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فیصد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    اسی طرح خیبر پختونخواہ حکومت نے 87 فیصد اور پنجاب نے 88 فیصد شکایات حل کیں، بلوچستان نے 79 فیصد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فیصد شکایات حل کیں۔

  • نیل آرمسٹرانگ کا چاند پر جانے کے لیے ہدایاتی مینوئل نیلامی کے لیے پیش

    نیل آرمسٹرانگ کا چاند پر جانے کے لیے ہدایاتی مینوئل نیلامی کے لیے پیش

    نیویارک: خلاباز نیل آرمسٹرانگ اور بزآلڈرین کی جانب سے چاند پر جانے کے لیے استعمال کیا گیا ہدایاتی مینوئل اس سال جولائی میں نیلام کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق 44 صفحات پر مشتمل خلائی جہاز اپولو 11 سے متعلقہ ہدایاتی مینوئل میں چاند پر جانے سے متعلق تمام تفصیلات درج ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہدایاتی مینوئل میں بتایا گیا کہ خلاباز نیل آرم سٹرانگ اور آلڈرین چاند پر کیسے اتریں گے اور کیسے خلائی جہاز اپولوایگل کو اس کے کولمبیا میں موجود کمانڈ ماڈیول سے منسلک کریں گے۔

    نیویارک کے آکشن ہاس کرسٹی کا کہنا ہے کہ چاند پر سب سے پہلے قدم رکھنے والے انسانوں کی جانب سے استعمال کیے گئے مینوئل کی نیلامی 9 سو ملین ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

    آکشن ہاس کرسٹی کے بک اینڈ مینوسکرپٹس سیکشن کی ہیڈ کرسٹینا گیگر کا کہنا تھا کہ اس مینوئل میں اپولو 11 ایگل فلائیٹ سے متعلق تمام ہدایات ترتیب واردرج ہیں۔

    اس کتاب میں تکنیکی ڈیٹا کے علاوہ تقریبا 150 ڈرائینگز، اور تشریحات بھی شامل ہیں جنہیں نیل آرم سٹرانگ اور آلڈرین نے لکھے تھے۔

    البتہ اپولو 11 ایگل کے کاک پٹ میں ہونے والے واقعات کی کوئی آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگ نہیں ہے اس لیے اس مینوئل کو خلائی تاریخ کی ایک اہم شہادت تصور کیا جاتا ہے۔

  • سیکورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن کی انوسٹمنٹ بینکوں کو ہدایات

    سیکورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن کی انوسٹمنٹ بینکوں کو ہدایات

    اسلام آباد :سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے تمام انوسٹمنٹ بینکوں کو ہدایات کی ہے کہ وہ اپنا مکمل قانونی نام استعمال کریں تا کہ صرف لفظ بینک کے استعمال کے عوام کو ان کے کمرشل بینک ہونے کا احتمال نہ ہو،

    ایس ای سی پی کے ایک ترجمان کے مطابق کاروباری نوعیت کے لحاظ سے انوسٹمنٹ بینک اور کمرشل بینک ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں، لہٰذا انوسٹمنٹ  بینکوں کو واضح طور پر لفظ ”انوسٹمنٹ بینک“ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایس ای سی پی کے ترجمان کے مطابق انوسٹمنٹ بینک اپنی مارکیٹنگ کے وقت بل بورڈز، سائن بورڈز، ویب سائٹس اور تمام اقسام کی دستاویزات پر لفظ ”انوسٹمنٹ بنک“ کا استعمال کرنے کے پابند ہوں گے،

    اگر کسی انوسٹمنٹ بنک کے بارے میں کمرشل بینک ہونے کا ابہام موجود ہے تو ایسا انوسٹمنٹ بینک اس ابہام کو چار ہفتوں میں ختم کرکے 15 اگست 2014ءتک سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو رپورٹ جمع کروانے کا پابند ہو گا۔