Tag: ہدایت

  • غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی انتظامات اور امدادی ساز و سامان کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

  • اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اداروں میں سہولت کار افسران مقرر کرنے کی ہدایت دے دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 39 وفاقی ڈویژنز میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے سہولت کار افسر مقرر کیا جائے، انہوں نے 13 وزارتوں کے 34 ذیلی اداروں میں خصوصی سیکشن اور ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سہولت کار افسران گریڈ 19 سے کم نہیں ہوں گے، وزارتیں سہولت کار افسران کی تعیناتی کو نوٹیفائی کریں۔ مخصوص سیکشن اور ڈیسک کے قیام کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ اقدام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو دفاتر میں مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔

  • سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    سعودی عرب: توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب میں توکلنا ایپ استعمال کرنے والے افراد کے لیے اہم ہدایت جاری کردی گئی، توکلنا ایپ اپنے صارفین کو کرونا وائرس کے حوالے سے متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق توکلنا ایپ نے اپنے صارفین کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ نجی معلومات کو راز میں رکھنے کا خیال رکھیں اور کسی کو نجی معلومات میں شریک نہ کریں۔

    توکلنا ایپ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات نجی پیغامات کے ذریعے توکلنا کے سرکاری اکاؤنٹس پر ہی ارسال کریں تاکہ ان معلومات سے کوئی دوسرا فائدہ نہ اٹھا سکے۔

    یاد رہے کہ توکلنا ایپ اپنے صارفین کو متعدد سہولتیں فراہم کر رہی ہے جن میں ویکسین لگوانا، کرونا ٹیسٹ کے لیے بکنگ کروانا اور مختلف ایجنسیوں کا ڈیٹا فراہم کرنا شامل ہے۔

  • سعودی محکمہ صحت کی طالب علموں کو ہدایت

    سعودی محکمہ صحت کی طالب علموں کو ہدایت

    ریاض: سعودی ہیلتھ کونسل کے ماہرین نے آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں‌ آن لائن کلاسوں میں شریک ہونے والے طلباء کے لیے سعودی ہیلتھ کونسل نے رہنما اصول جاری کیے ہیں۔

    ماہرین نے طالب علموں کو اسکرین پر مسلسل نظریں جمائے رکھنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ ہر 20 منٹ میں کم از کم 20 سیکنڈ کا وقفہ ضروری ہے اور جہاں کلاس جاری ہے اس کمرے میں روشنی کا انتظام اور اسکرین کی روشنی مناسب رکھنا بچوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    سعودی ہیلتھ کونسل کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز کے باعث طلباء کی جسمانی سرگرمیاں بھی محدود ہوسکتی ہیں لہذا والدین کو اپنے بچوں کو باقاعدہ ورزش کی عادات کے بارے میں آگاہ رکھنا چاہیے۔

    ریاض میں رہنے والی دانتوں کی ڈاکٹر آفنان عبدالفتاح جو دو بیٹیوں کی ماں ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ہدایات بہت اہم ہیں، میری بچیاں تعلیم کے لیے جس اسکول کے ساتھ منسلک ہیں اس اسکول کی جانب سے ہر مضمون کی کلاس کے درمیان وقفہ دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آن لائن تعلیم کے دوران کلاسز میں طلباء کو اکتاہٹ سے بچانے اور کلاس کے اوقات کو پرکشش رکھنے کے لیے بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر سرگرمیوں پر بھی توجہ دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔

  • سعودی حکام کی منفرد اقامے کے حوالے سے اہم ہدایت

    سعودی حکام کی منفرد اقامے کے حوالے سے اہم ہدایت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی افراد منفرد اقامے کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹ کا رخ کریں، اس کے علاوہ اور کسی فارم کی کوئی حیثیت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں منفرد اقامہ مرکز (پریمیئم ریذیڈنسی سینٹر) نے کہا ہے کہ منفرد اقامے کے حصول کے لیے فارم صرف سرکاری ویب سائٹ سے ہی ڈاون لوڈ کیا جائے۔

    مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بعض غیر ملکی منفرد اقامے کی درخواست دینے کے لیے گوگل پلے اسٹور اور ایپل اسٹور سے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں، یہ ایپلی کیشن منفرد اقامہ مرکز کے نام سے مختلف ویب سائٹس پر موجود ہیں، ان کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جو افراد منفرد اقامہ حاصل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کرنا چاہتے ہوں وہ مرکز کی سرکاری ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کریں۔

    منفرد اقامہ سینٹر کے مطابق اگر درخواستوں کی وصولی کے لیے کسی اور چینل کا اضافہ کیا گیا تو سرکاری اکاؤنٹ پر اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے ملکی معیشت کو سہارا دینے اور تیل پر انحصار کم کرتے ہوئے دیگر شعبوں کی جانب اپنا رخ کیا ہے، اس نئی پالیسی کے تحت غیر ملکیوں کے لیے ’اقامہ ممیزہ‘ یعنی منفرد اقامہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

  • کروناوائرس: بخار، کھانسی اور زکام میں سرکاری ملازمین کو دفتر نہ آنے کی ہدایت

    کروناوائرس: بخار، کھانسی اور زکام میں سرکاری ملازمین کو دفتر نہ آنے کی ہدایت

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق سرکاری ملازمین کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ملازم ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں نہ ہی گلے ملیں، ملازمین روزانہ وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں۔

    ایڈوائزری کے تحت ایک دوسرے سے ایک سے 2میٹر کا فاصلہ رکھیں، عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔ کھانسی، سانس میں تکلیف، بخار اور زکام کی صورت میں آفس نہ آئیں۔

    دوسری جانب معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 28 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کے 28 کیسز رپورٹ، حکومت کی تصدیق

    قومی سلامتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس 135 سے زائد مملک میں رپورٹ ہوچکا ہے اور عالمی ادارہ صحت نے یورپ کو وائرس کا مرکز قرار دیا۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے معاملے پرقومی سلامتی کمیٹی کاآج پہلا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے عوام کی ترجیحی بنیادوں پر حفاظت کی ہدایت کی، حکومت کرونا سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر کاروبار میں آسانی کے لیے ایک اور اہم اقدام

    وزیر اعظم کی ہدایت پر کاروبار میں آسانی کے لیے ایک اور اہم اقدام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کی مہم جاری ہے اور اس کے تحت پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کار کمپنیوں کو بڑا ریلیف دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی پیداوار اور تلاش کے لیے پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی، ترامیم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم انرجی ٹاسک فورس نے تجویز کی تھیں۔

    ترامیم کے بعد طے شدہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے والی کمپنی کو حکومتی دباؤ کا سامنا نہیں ہوگا۔ کمپنی کی درخواست پر ورک لائسنس میں 2 سال تک کی توسیع مل سکے گی، کمپنی بغیر دباؤ کے تیل کی تلاش کا کام جاری رکھ سکے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے ترامیم کے تحت 25 سال تک لیز حاصل کرنے والی کمپنیوں کو بھی سہولت دے دی گئی ہے، لیز کی مدت مکمل ہونے پر 5 سال کی مزید توسیع ملے گی۔

    مذکورہ فیصلہ کمرشل پروڈکشن بڑھانے کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاکہ تیل کی پیداوار اور تلاش کا کام بلا تعطل جاری رہ سکے۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان پیٹرولیم نے سندھ اور بلوچستان میں تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیرپور سندھ میں 2 کروڑ 86 لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور کنویں سے یومیہ 152 بیرل تیل بھی حاصل ہوگا۔

    پی پی ایل کو مرکنڈ بلوچستان سے بھی گیس اور تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا تھا، مرکنڈ کنویں سے ایک کروڑ 7 لاکھ کیوبک فٹ گیس اور اس کنویں سے 132 بیرل یومیہ تیل کی بھی دریافت کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • شاہ سلمان کی 72 ملکوں کے عازمینِ حج کی میزبانی کی خصوصی ہدایت

    شاہ سلمان کی 72 ملکوں کے عازمینِ حج کی میزبانی کی خصوصی ہدایت

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنی حکومت کو  دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کی خدمت کی ہدایت کردی، وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں عالم اسلام کے مفادات کے خیر خواہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 72 ممالک کے 1300 عازمین حج کے لیے سرکاری سطح پر حج کے تمام انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ یہ تمام عازمین شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین خصوصی حج پروگرام کے تحت 1440ھ کے حج کے موقع پر پوری دنیا سے 1300 شخصیات کے حج کے انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی ذمہ داری سعودی وزارت مذہبی امور و دعوت ارشاد کو سونپی گئی ہے۔

    وزیر مذہبی امور عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے ایک بیان میں کہاکہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان پوری دنیا میں عالم اسلام کے مفادات کے خیر خواہ ہیں، اسی جذبہ خیر سگالی کے تحت شاہ سلمان کی ہدایت پرمذکورہ غیر ملکی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    سعودی عرب میں سرکاری سطح پر عالمی شخصیات کے خصوصی حج پروگرام کا آغاز 1417ھ میں ہواتھا۔اس سے قبل شاہ سلمان نے فلسطینی شہداءکے ایک ہزار اقارب کے سرکاری سطح پر حج کے انتظامات کے احکامات دیے تھے۔

  • برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    برطانیہ کی اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت

    لندن : امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر میں متحاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں برطانوی شہریوں یا دہری شہریت رکھنے والے افراد کی گرفتاری اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا خدشہ ہے جس کے تحت برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ایران جانے میں احتیاط کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران اور برطانیہ کی دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو ایران کے سفر میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ان کے ساتھ ممکنہ طور پر بدسلوکی کا خدشہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش کی گئی مگر ایران کا نا مناسب رویہ بدستور موجود ہے۔

    برطانیہ کی طرف سے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے ایک ایسے وقت میں روکا گیا ہے جب دوسری جانب امریکا اور ایران حالت جنگ میں ہیں۔ امریکا نے اپنی فوج اور جنگی طیارے خلیجی ممالک میں تعینات کر دئیے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔

  • سری لنکا میں موجود سعودی شہریوں کو وہاں سے کوچ کرنے کی ہدایت جاری

    سری لنکا میں موجود سعودی شہریوں کو وہاں سے کوچ کرنے کی ہدایت جاری

    کولمبو : سری لنکا میں پائی جانے والی کشیدہ صورت حال میں سعودی سفارت خانے کی طرف سے وہاں پر موجود تمام سعودی شہریوں کو ملک سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں باشندوں سے کہا گیا کہ وہ ملک میں جاری موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک چھوڑ دیں۔

    قبل ازیں سعودی عرب کی طرف سے سری لنکا میں موجود اپنے شہریوں سے کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد پیدا ہونےوالے حالات میں سعودی باشندے سری لنکا کے قانون کا احترام کریں اورسیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے نئے اقدامات میں سری لنکا کی حکومت کا ساتھ دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن وزیرصحت  راجیتا سیناراٹنا نے وارننگ جاری کی تھی کہ ایسٹر سنڈے کے موقع پر خودکش حملے کرنےوالے گروہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان

    خیال رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگادی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    برقع پر پابندی ایسٹر پر ہونے والے خودکش حملوں کے ایک ہفتے بعد لگائی گئی تھی، اس حملے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔