Tag: ہدہد

  • امریکی حکومت نے ہدہد نسل کے اس خوب صورت پرندے کے دنیا سے خاتمے کا اعلان کر دیا

    امریکی حکومت نے ہدہد نسل کے اس خوب صورت پرندے کے دنیا سے خاتمے کا اعلان کر دیا

    مونٹانا: امریکی حکومت نے آئیوری ہدہد سمیت جانوروں کی 23 اقسام کے دنیا سے ناپید ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو امریکا نے خوب صورت امریکی پرندے ہدہد کی دنیا سے معدومی کا اعلان کیا ہے، جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آئیوری ہدہد سمیت 22 اقسام کے پرندے، مچھلیاں اور دوسرے جنگلی جانوروں کی نسلیں بھی اب دنیا سے غائب ہو چکی ہیں۔

    جنگلی حیات کے اہل کاروں کے لیے کسی پودے یا جانور کے سلسلے میں ایسی امید چھوڑنا ایک عجیب قدم ہے، تاہم حکومتی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے ان 23 کو تلاش کرنے کی کوششیں اب ختم کر دی ہیں۔

    ہدہد کا شمار خوب صورت پرندوں میں کیا جاتا ہے، خوش نما رنگوں اور لمبی چونچ والا یہ پرندہ شمالی میکسیکو میں پایا جاتا تھا، جسے اپنے حجم کے لحاظ سے دنیا کے تیسرے سب سے بڑے ہدہد کا درجہ حاصل تھا۔

    جنگلوں میں بسیرا کرنے والے اس پرندے کی نسل کو اسی وقت خطرہ لاحق ہو گیا تھا جب بڑے پیمانے پر جنگلوں کی کٹائی شروع ہوئی تھی، جنگلی حیات کے اہل کاروں نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ 1944 کے بعد سے ہدہد کے دیکھے جانے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے، بہت کوششوں کے باوجود وہ ان 23 نسلوں کے جانداروں کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور اب وہ برسوں سے کہیں بھی دیکھے نہیں گئے۔

    رپورٹ کے مطابق جنگلی حیات کی 23 نسلوں کے دنیا سے مٹ جانے کا اعلان اس لیے کیا گیا ہے، کیوں کہ ان جانوروں کی صورت حال کی تبدیلی سے متعلق سفارشات کئی برسوں سے التوا میں پڑی ہوئی تھیں اور ان پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان میں سے کسی بھی نسل کی بحالی کا حقیقی امکان پیدا ہوا تو ان کے تحفظ کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان نسلوں کی معدومی میں آب و ہوا کی تبدیلی کا بڑا حصہ ہے، ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آب و ہوا کی تبدیلی کے عمل کو روکنے کے جلد اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جنگلی حیات کی نسلوں کا دنیا سے خاتمہ ایک معمول بن جائے گا۔

  • درخت کترنے والے ہدہد سے ملیں

    درخت کترنے والے ہدہد سے ملیں

    کیا آپ ننھے سے پرندے ہدہد کے بارے میں جانتے ہیں؟ درخت کترنے کے لیے مشہور اس پرندے کا نام قرآن کریم میں بھی موجود ہے جو حضرت سلیمان علیہ السلام کو یمن کی ملکی سبا کے بارے میں اطلاع دیتا ہے۔

    اس پرندے کی اہم خاصیت درخت کے تنے کو کترنا ہے۔ ہدہد کو عموماً ہم 80 کی دہائی کے مقبول کارٹون سیریز ووڈی ووڈ پیکر کے ذریعے جانتے ہیں جس نے اسے ہر خاص و عام میں مقبول بنا دیا۔

    ہدہد براعظم انٹار کٹیکا کے علاوہ ہر براعظم پر پایا جاتا ہے۔ یہ عمودی طور پر بھی درخت پر چڑھ سکتے ہیں، لکڑی کو کترتے ہوئے یہ اسے مضبوطی سے اپنے پنجوں سے پکڑ لیتے ہیں اس کے بعد کترنے کا عمل شروع کرتے ہیں۔

    ہدہد کے لکڑی کترنے کی 3 وجوہات ہیں۔ لکڑی کترنا ان کا آپس میں گفتگو کا ذریعہ بھی ہے، لکڑی کترتے ہوئے یہ مخصوص آوازوں کے ذریعے ایک دوسرے کو اپنے پیغامات پہنچاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اس عمل کے ذریعے یہ تنوں میں رہنے والے کیڑوں تک پہنچتے ہیں اور انہیں اپنی خوارک کا حصہ بناتے ہیں، جبکہ انڈے دینے کے لیے بھی یہ درخت کے تنوں میں سوراخ بناتے ہیں۔

    ہدہد کی ایک قسم ان سوراخوں میں سردیوں کے لیے خوراک بھی محفوظ کرتی ہے۔

    درخت کترتے ہوئے ان ننھے منے پرندوں کے سر کو زوردار جھٹکا لگتا ہے جیسا کہ آپ اوپر دیکھ سکتے ہیں تاہم اس قدر سخت تنے کھودنے کے بعد بھی یہ بالکل چاک و چوبند اور تندرست رہتے ہیں اور ان کے سر کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔

    دراصل ان پرندوں کے سر میں نرم ٹشوز اور ایئر پاکٹس ہوتے ہیں جس کے باعث ہدہد کسی بھی نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔