Tag: ہرات

  • افغانستان: دھماکے میں 6 افراد جاں بحق

    افغانستان: دھماکے میں 6 افراد جاں بحق

    کابل: افغانستان کے شہر ہرات میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر ہرات میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں ہونے والا دھماکا ایک منی وین میں ہوا، دھماکے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔

    کسی گروپ نے تاحال دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

    ہرات میں طالبان کمانڈر مولوی انصاری نے دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکا ہفتے کی شام چھے بجے کے فوری بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہونے والی ایک چھوٹی وین میں ہوا۔

    زخمیوں میں تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں بھی دھماکا ہوا تھا جس میں معصوم بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے افغانستان بھر میں متعدد بم دھماکے اور حملے ہوئے ہیں، داعش نے ان میں سے بعض بم حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کے دعوے کیے ہیں۔

  • کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کابل: دنیا بھر کو خوف میں جکڑ لینے والا کرونا وائرس ایران کے بعد افغانستان بھی پہنچ گیا، افغان صوبے ہرات میں کرونا وائرس کے 3 مریضوں کی تصدیق کردی گئی۔

    افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار احمد امیر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کردی ہے کہ افغان صوبے ہرات میں 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ایرانی شہر قم سے، جہاں کرونا سے اب تک 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 36 افراد افغانستان واپس آئے ہیں، گو کہ ان میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئی تاہم انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کیس سامنے آنے کے بعد ہرات میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایرانی شہر قم میں کرونا وائرس سے صرف 3 روز میں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے، ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قم میں کام کرنے والے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

    14 ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کو متاثر کر سکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی 45 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

    سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق، ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں۔

    ایران سے واپس پاکستان آنے والے زائرین کی سرحد پر سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

  • جامع مسجد ہرات کی رنگوں بھری تعمیر نو

    جامع مسجد ہرات کی رنگوں بھری تعمیر نو

    کابل: ایک طویل عرصے تک جنگ کا شکار رہنے والے ملک افغانستان کا بیشتر ثقافتی سرمایہ جنگ کی نظر ہوچکا ہے۔ انہی میں سے ایک سب سے بڑے افغان شہر ہرات کی جامع مسجد بھی ہے جس کی آسماں جیسی نیلگوں خوبصورتی دھول مٹی سے اٹ چکی تھی۔

    یہ جامع مسجد ہرات کے ایک چھوٹے سے پارک میں واقع ہے۔ طویل عرصے تک جاری رہنے والی جنگ میں اس مسجد کو بھی خاصا نقصان پہنچا۔ گو کہ اس کی جاہ و حشمت میں تو کوئی کمی نہ آئی البتہ خوبصورت ٹائلوں سے مزین چند دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور بے رنگ ہوگئیں۔

    رواں برس کے آغاز میں چند کاریگروں کو مسجد کے تباہ حال حصے کی دوبارہ مرمت اور بحالی کا کام سونپا گیا۔

    ان کاریگروں کا کام بلاشبہ دنیا کا خوبصورت اور رنگین ترین کام ہے۔ افغان نقاشی کا شاہکار اس مسجد میں اصل کام اس کی زیبائش اور رونگ و روغن بحال کرنا ہے تاکہ یہ مذہبی حیثیت کے ساتھ ساتھ اپنی سیاحتی اہمیت بھی واپس حاصل کر سکے۔

    مسجد کے لیے نیلگوں ٹائلز بنانے والے کاریگر اس کام کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔

    وہ یہاں آنے والے سیاحوں کو اپنی عارضی ورکشاپ کا دورہ بھی کرواتے ہیں جہاں مسجد کے لیے خوبصورت ٹائلز کی تیاری کا کام جاری ہے۔

    ہرات کا موتی کہلانے والی یہ مسجد دنیا بھر کی خوبصورت ترین مساجد میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔

    مضمون و تصاویر بشکریہ: بی بی سی ٹریول


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔