Tag: ہراساں

  • خاتون نے ہراساں کرنے والے شخص کو آگ لگا دی

    خاتون نے ہراساں کرنے والے شخص کو آگ لگا دی

    فیصل آباد: پولیس کا بتانا ہے کہ رسول پارک میں خاتون نے ہراساں کرنے والے شخص کو آگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد مدینہ ٹائون محلہ رسول پارک میں بیڈ شیٹ فروخت کرنے کے بہانے گھر میں گھس کر خاتون کو ہراساں کیا جس کے بعد خاتون نے اسے آگ لگا دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  خاتون نے سائیکل سوار شخص پر تیل پھینک کر آگ لگا دی جس سے اس شخص کا چہرہ، بازو اور پیٹ جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس نے جھلس کر زخمی ہونے والے شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کر دیا، دوسری جانب تھانہ مدینہ ٹائون پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

  • ’دبئی: جرم ثابت ہونے پر ایشیائی باشندے کی ملک بدری کا حکم‘

    ’دبئی: جرم ثابت ہونے پر ایشیائی باشندے کی ملک بدری کا حکم‘

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) دبئی کی اپیل کورٹ نے سزا کے خلاف ایک ایشیائی باشندے کی اپیل کو مسترد کردیا، عدالت نے کم عمر لڑکی کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر مجرم کو ایک ماہ قید اور ملک بدری کی سزا کا حکم دیا تھا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے 25 سالہ ایشیائی باشندے کو گرفتار کرلیا، جس پر الزام تھا کہ اس نے کم عمر لڑکی کو لفٹ میں ہراساں کیا اوراسے تنہائی میں لے جانے کی کوشش کی۔

    تفتیشی افسر نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بارے میں لڑکی کے والدین نے مقدمہ درج کرایا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ان کی بیٹی اسکول سے واپس گھر آ رہی تھی کہ ملزم لڑکی کے ہمراہ لفٹ میں سوار ہو گیا جب لفٹ پہلی منزل پر رکی تو ملزم نے لڑکی کو اترنے سے منع کیا اور لفٹ کا دروازہ بند کرنے کی کوشش کی لیکن لڑکی تیزی سے باہر نکل آئی۔

    جیسے ہی لڑکی لفٹ سے باہر نکلی تو ملزم بھی لڑکی کے ہمراہ لفٹ سے باہر نکل آیا اور لڑکی کو غلط ارادے سے سیڑھیوں کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی، کیونکہ اس مقام پر کیمرے موجود نہیں تھے۔

    لڑکی نے اپنی عزت محفوظ رکھنے کے لئے دوڑ لگائی اور بھاگتے ہوئے اپنے فلیٹ میں چلی گئی، جب اس کی والدہ باہر نکلیں تو اس دوران ملزم وہاں سے فرار ہوچکا تھا۔

    متاثرہ والدین نے چوکیدار سے ملزم کے بارے میں پوچھ گچھ کی مگر چوکیدار کو اس بارے میں کچھ علم نہیں تھا، جس پرعمارت میں لگے کیمروں کی فوٹیج دیکھی گئی جس میں ملزم کو لڑکی ہمراہ لفٹ میں سوار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف کرلیا ہے، جبکہ بعد ازاں عدالتی کارروائی کے دوران انکار کر دیا۔ ویڈیو فوٹیج کی مدد سے اس کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے اسے سزا سنا دی۔‘

    مجرم نے عدالت کی جانب سے سنائی گئی ابتدائی سزا کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا ہے، جہاں حقائق کو دیکھتے ہوئے عدالت کی جانب سے دیئے ابتدائی فیصلے کو بحال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • لائیو کوریج کے دوران خاتون صحافی کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

    لائیو کوریج کے دوران خاتون صحافی کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

    اسپین میں لائیو کوریج کے دوران خاتون صحافی کو ہراساں کرنے والے شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کی خاتون صحافی ایزابالڈو کو میڈرڈ میں ڈکیتی کی واردات کی لائیو رپورٹنگ کے دوران ایک شخص کی جانب سے ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا اس موقع پر اسٹوڈیوز میں موجود میزبان نے صحافی سے ہراسانی کی تصدیق کرتے ہوئے اس شخص کو کیمرے میں لانے کا کہا تاہم کیمرے پر بھی ہراساں کرنے والے شخص کو کسی شرمندگی کا سامنا نہیں ہوا۔

    ہراسگی واقعے کو ہسپانوی ٹی وی چینل نے ناقابل برداشت قرار دیا ہے، جبکہ لیبر منسٹر کا کہنا ہے ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی۔

    اس سے قبل امریکا میں ایک واقعہ رونما ہوا تھا جس میں رپورٹنگ کے دوران سامنے آنے والے تماشائی کو خاتون صحافی نے سبق سکھا یا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

    امریکی ریاست لاس ویگاس میں آئس ہاکی میچ کے دوران امریکی ٹی وی کی خاتون صحافی سمانتھا ریویرا لائیو ٹی وی پربات کررہی تھیں اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے کیمرے کے سامنے آنے کی کوشش کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون صحافی نے اس دوران اپنی نظریں کیمرے پر ہی رکھیں اور اس شخص کو اپنے دوسرے ہاتھ سے کیمرے کے سامنے آنے سے روک دیا۔

    بعدازاں خاتون صحافی نے سوشل میڈیا پر اس واقعے سے متعلق بھی بتایا۔

    سمانتھا ریویرا نے لکھا کہ ’سنو! مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس ٹیم کے لیے چیخ رہے تھے، جب میں کام کررہی ہوں تو میرے سامنے سے ہٹ جائیں اور اس بات کا احترام کریں کہ میں یہاں اپنا کام کرنے آئی ہوں۔‘

    خاتون صحافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل خوب وائرل ہوئی اور صارفین بھی سمانتھا ریویرا کے اقدام کی حمایت کررہے ہیں۔

  • خاتون کو واٹس ایپ پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    خاتون کو واٹس ایپ پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    پشاور: ایف آئی اے نے خاتون کو واٹس ایپ پر ہراساں کرنے والے ملزم کو ایبٹ آباد سے گرفتار کرلیا۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو سوشل میڈیا کے ذریعے بدنام کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    حکام کا کہناہے کہ ملزم نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، ملزم گزشتہ کئی ماہ سے متاثرہ خاتون کو بلیک میل کر رہا تھا، ملزم کے موبائل فونز کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی گوہر کو گھوٹکی سے گرفتار کرلیا، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے شکایت کنندہ کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز وائرل کیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے قابل اعتراض مواد شکایت کنندہ کے گھر والوں کو بھی بھیجا، ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، مزید فوٹیجز اور تفصیلات سامنے آگئی

    گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ، مزید فوٹیجز اور تفصیلات سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 4 میں لڑکی کو ہراساں کرنے کرنے والے ملزم کی مزید فوٹیجز اور تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں۔

    گلستان جوہر بلاک 4 میں تین روز قبل افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں گلی میں عبایا پہن کر گذرتی لڑکی کو ایک اوباش لڑکے کی جانب سے حملہ کرکے شدید ہراساں کیا گیا۔

     اس واقعے کی اہم فوٹیجز تو سامنے آچکی ہی لیکن اے آر وائے نیوز نے اہم پیش رفت کے ساتھ مزید فوٹیجز اور تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔

     پولیس حکام کے مطابق واقعہ صبح 11:30 سے 11:40 کے درمیان پیش آیا تھا، پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ متاثرہ لڑکی گھروں میں کام کرتی ہے۔

    کراچی: گلستان جوہر میں راہ چلتی لڑکی پر جنسی حملہ

    فوٹیج میں لڑکی کو  پہلے گلی میں بائیں جانب دکان کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے جہاں سے اس نے کچھ سامان خریدا اورخاتون کے واپس جاتے وقت ملزم کو پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

     پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شرمناک حرکت کرنے سے پہلے موقع ڈھونڈتا رہا، بظاہر ملزم نے حرکت کرنے سے قبل مکمل منصوبہ بندی کی تھی اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے نا صرف فیس ماسک کا استعمال کیا بلکہ موٹرسائیکل کی نمبرپلیٹ بھی اتار دی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق اب تک 20 کے قریب علاقہ مکینوں سے بیانات لیے گئے ہیں، ملزم کی مذید فوٹیجز اور تصاویر سرکولیٹ کردی گئی، جبکہ لڑکی سے متعلق علاقے کی ماسیوں سے تفصیلات حاصل کررہے ہیں تاکہ اس کو تحفظ کا احساس دلا کر اس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جاسکے۔

     پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • خاتون کے ہاتھوں جنسی ہراساں کرنے والے شخص کا عبرت ناک انجام

    خاتون کے ہاتھوں جنسی ہراساں کرنے والے شخص کا عبرت ناک انجام

    حیدرآباد: بھارت کے شہر حیدرآباد میں میں ایک نشے میں مدہوش شخص کو خاتون نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع بدویل میں پیش آیا، جہاں ‌مقامی سرینواس نامی شخص رات دیر گئے جیہ نامی خاتون کے گھر میں گھس گیا اور اسکے ساتھ زبردستی جنسی ہراسانی کی کوشش کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس دوران خاتون نیند سے بیدار ہوئی تو سرینواس بھاگنے لگا تاہم توازن کھو جانے کی وجہ سے وہ گرپڑا جس کے بعد خاتون نے اس پر پائپ سےحملہ کردیا اس حملے میں اس شخص کی جان چلی گئی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بُری طرح سے پٹائی کے نتیجے میں شراب کے نشہ میں مدہوش سرینواس کی موت کے بعد خاتون اپنے گھر میں چلی گئی اور دروازہ بند کرکے سو گئی۔

    جب صبح پڑوسیوں نے خاتون کے مکان کے سامنے نعش دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی۔ بعد ازاں خاتون ن اپنے شوہر کے ساتھ راجندر نگر پولیس اسٹیشن میں سرینڈر کردیا۔

  • سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں سر عام ایک لڑکی کو ہراساں اور اس پر حملہ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی پر حملہ کیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور صارفین کی تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر نوجوانوں کے ایک گروپ میں شامل ہوگئے جو اس سارے تماشے کو دیکھ رہے تھے۔

    ویڈیو سے واضح ہوگیا کہ دونوں نوجوان اور وہ لڑکی لوگوں کے ایک بڑے گروپ کا حصہ تھے۔ اس گروپ میں شامل افراد سارا معاملہ دیکھتے رہے مگر انہوں نے ان دو نوجوانوں کی کوئی سرزنش نہیں کی۔

    ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور دونوں نوجوانوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حکام بھی فوری طور پر حرکت میں آئے اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

  • بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    بھارتی اداکارہ کے بالی ووڈ مافیا پر سنگین الزامات

    ماضی کی مقبول بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھائے جانے کے بعد نہ صرف بولی وڈ مافیا بلکہ مہاراشٹر کے سیاستدان بھی ہراساں کر رہے ہیں۔

    تنوشری دتہ نے رواں ماہ جولائی کے آغاز سے انسٹا گرام پر پوسٹس میں دعویٰ کیا کہ انہیں بالی وڈ مافیاز اور مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی پر راج کرنے والی سیاسی مافیا ہراساں کر رہی ہے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹس میں کسی بھی بالی وڈ شخصیت یا سیاستدان کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ انہیں 2018 میں بھارت میں می ٹو مہم شروع کرنے کے بعد ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیے جانے کے بعد ان کے پیچھے ایک ایسی نوکرانی لگائی گئی، جس نے انہیں پانی اور کھانے میں زہریلی دوا ملا کر دی اور وہ مرتے مرتے بچیں۔

    اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی گاڑی کے بریک بار بار خراب کروائے گئے اور وہ حادثات کا شکار ہوتے ہوتے بچیں۔

    ان کے مطابق اب وہ گزشتہ 40 دن سے بیرون ملک سے واپس اپنے شہر ممبئی آئی ہیں مگر اپنی رہائش گاہ کے باہر عجیب عجیب طرح کے واقعات ہوتے ہوئے دیکھتی ہیں، انہیں ڈرا کر خوف زدہ کیا جا رہا ہے، انہیں بری طرح ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان ہتھکنڈوں سے ڈر کر خودکشی نہیں کریں گی اور یہ سب لوگ یاد رکھیں کہ وہ خود اپنی زندگی کا خاتمہ نہیں کریں گی بلکہ انہیں قتل کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سال 2018 میں انہوں نے بالی وڈ اداکار نانا پاٹیکر سمیت دیگر شخصیات پر ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور ان کے الزامات کے بعد ہی بھارت میں می ٹو مہم کا آغاز ہوا تھا اور دیگر اداکارائیں بھی سامنے آئی تھیں۔

    اداکارہ کے الزامات کو نانا پاٹیکر نے جھوٹا قرار دیا تھا اور دونوں کے درمیان طویل عرصے تک قانونی جنگ بھی جاری رہی، پولیس نے ایک سال تک تحقیق کرنے کے بعد جون 2019 میں کیس کو بند کر کے نانا پاٹیکر کو بے قصور قرار دیا تھا۔

  • سکھر دارالامان یا پھر عقوبت خانہ

    سکھر دارالامان یا پھر عقوبت خانہ

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر کے دارالامان میں خواتین محفوظ ہونے کی بجائے مزید مشکلات سے دوچار ہو چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے دارالامان میں بھی خواتین کو امان نصیب نہ ہوا، انچارج کی طرف سے سہولتوں کی فراہمی کی بجائے ناروا رویے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

    دارالامان سکھر میں گزشتہ تین سال سے کوئی بھی خاتون ڈپٹی ڈاریکٹر نہیں رکھی گئیں، سماج کی ستم ظریفی کی شکار خواتین کے لیے بنائے گئے دارلامان میں پناہ لینے والی خواتین کا صبر بھی اب جواب دے گیا ہے۔

    گھریلو تشدد اور ناچاقی سمیت گمراہ ہو کر یہاں پہنچنے والی خواتین کے مطابق دارالامان سکھر کے انچارج انھیں جنسی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔

    خواتین نے الزام لگایا ہے کہ انچارج خواتین سے گالم گلوج کرتے ہیں، نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں اور خواتین کے ساتھ ان کا رویہ غیر اخلاقی ہے۔

    خواتین نے شکایت کی ہے کہ دارالامان میں بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں ہیں جیسا کہ ادویات، مناسب خوراک، صاف پانی اور کپڑے کچھ بھی مہیا نہیں کیا جاتا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خواتین کی شکایات پر انتظامیہ اپنا مؤقف دینے سے گریزاں ہے، خواتین کا کہنا ہے کہ دارالامان کے قیام کا مقصد خواتین کو محفوظ پناہ فراہم کرنا ہے، نہ کہ ان کی تذلیل کرنا۔ دارالامان سکھر میں موجود خواتین اعلیٰ عدلیہ سے تحفظ اور انصاف کی اپیل کر رہی ہیں۔

  • ثانیہ عاشق ہراسمنٹ اور دھمکیوں کے خلاف ایف آئی اے پہنچ گئیں

    ثانیہ عاشق ہراسمنٹ اور دھمکیوں کے خلاف ایف آئی اے پہنچ گئیں

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق ہراساں کیے جانے اور دھمکیوں کے خلاف ایف آئی اے آفس پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی ایم پی اے ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے کو ہراساں کیے جانے اور دھمکیاں ملنے کے خلاف درخواست دے دی ہے۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں دی گئی درخواست میں ثانیہ عاشق نے کہا ہے کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد نے مہم چلا رکھی ہے۔

    درخواست کے متن کے مطابق ثانیہ عاشق نے کہا کہ ٹک ٹاک پر میری ویڈیوز بنا کر وائرل کی گئیں، سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس بھی بنائے گئے ہیں جن میں میری تصاویر استعمال کی جا رہی ہیں۔

    انھوں نے درخواست میں لکھا کہ میرا نام منسوب کر کے میرے خلاف نازیبا ویڈیوز وائرل کی گئیں۔

    ثانیہ عاشق کا یہ بھی کہنا ہے کہ انھیں روزانہ مختلف نمبرز سے متعدد کالز اور میسیجز موصول ہو رہے ہیں۔ ن لیگی ایم پی اے نے ان کالز کا ریکارڈ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے اسکرین شاٹس بھی ایف آئی اے کو فراہم کر دیے ہیں۔

    درخواست موصول ہونے کے بعد فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی نے شکایت کے مطابق اس پر کارروائی شروع کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی ثانیہ عاشق پاکستان کی تاریخ کی کم عمر ترین رکن اسمبلی تھیں، جب 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں انھوں نے نشست جیتی تھی، اس وقت ان کی عمر 25 سال تھی۔