Tag: ہربھجن سنگھ

  • ہربھجن سنگھ نے دھونی سے 10 سالوں سے بات کیوں نہیں کی؟

    ہربھجن سنگھ نے دھونی سے 10 سالوں سے بات کیوں نہیں کی؟

    سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونے سے پچھلے 10 سالوں سے بات نہیں کی ہے۔

    بھارت کے ورلڈکپ وننگ کپتان سے ہربھجن سنگھ کو کیا پرخاش ہے جس کی وجہ سے انھوں نے دھونی سے بات نہیں کی اس بارے میں انھوں نے کچھ خاص باتیں نہیں بتائیں، تاہم ان کی باتوں سے پتا چلتا ہے کہ دونوں کے درمیان ماضی میں کافی تناؤ اور ٹینشن رہی ہے۔

    جارح مزاج آف اسپنر نے کہا کہ میں دھونی سے بات نہیں کرتا، جب میں چنئی سپرکنگز کےلیے کھیلتا تھا تو ہم میں بس میچ کی حد تک باتیں ہوجاتی تھیں اور یہ گفتگو بس گراؤنڈ کی حد تک ہی ہوتی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں بات کیے ہوئے 10 سال یا شاید اس سے بھی زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے، میری پاس اس کی کوئی وجہ نہیں ہے شاید دھونی یہ جانتے ہوں۔

    مجھے ان سے کوئی شکایت نہیں ہے، ہاں اگر ان کے پاس کچھ کہنے کو ہے تو وہ مجھے کہہ سکتے ہیں، میں نے کبھی دھونی کو کال کرنے کی کوشش نہیں کی، میں صرف انہی کو کال کرتا ہوں جو میرے کال ریسیو کرتے ہیں۔

    2015 میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کے بعد سے دھونی اور ہربھجن سنگھ نے کبھی کوئی میچ ساتھ نہیں کھیلا بلکہ 2015 کے ون ڈے عالمی کپ تک خاموشی سے ہربھجن اور یوراج جیسے پلیئرز کو ٹیم سے سائیڈ لائن کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ وہ بھارتی ٹیم جس نے دھونی کی کپتانی میں 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور 2011 میں ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا اس میں ہربھجن سنگھ بھی اس کا حصہ تھے۔

  • چیمپینز ٹرافی 2025، ہربھجن سنگھ نے پاکستان کیخلاف زہر اُگل دیا

    چیمپینز ٹرافی 2025، ہربھجن سنگھ نے پاکستان کیخلاف زہر اُگل دیا

    بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ پاکستان کے خلاف زہر آلود بیانات دے کر لوگوں کی توجہ حاصل کی جاسکے۔

    حالانکہ ہربھجن سنگھ کی شعیب اختر، شاہد آفریدی، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف جیسے کئی سابق پاکستانی کھلاڑیوں سے دوستیاں ہیں مگر اس کے باوجود وہ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہیں آتے۔

    رپورٹس کے مطابق چیمپئنر ٹرافی 2025 کے انعقاد سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیڈلاک پر بھی ہربھجن پاکستان کیخلاف تحقیر آمیز بیان دینے سے باز نہ آئے۔

    ہربھجن کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کے بھارت نہ آنے سے کوئی فرق پڑے گا، آپ بھارت مت آئیے کوئی بات نہیں، آپ بھارت نہ آئیں، آپ کے پاس آپشن ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ بس آپ ہائبرڈ ماڈل میں ٹورنامنٹ کرائیں، شائقین کو صرف کرکٹ دیکھنے میں دلچسپی ہے، بھارت بمقابلہ پاکستان میچز ویسے ہی بہت کم ہوتے ہیں۔

    سابق اسپنر نے کہا کہ اگر آپ نے اس میں تنازع ڈالنا ہے تو بھی میچ کہاں ہوگا، یہ جو میچ ہو رہا ہے اسے ہونے دیں، چیمپئنر ٹرافی 2025 ہونی چاہئے، اِس انا میں نہیں آنا چاہیے کہ نہیں آؤ گے تو یہ نہیں ہوگا۔

    ہربھجن کا مزید کہنا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل میں کھیلو، تاکہ شائقین کرکٹ دیکھ سکیں گے، اگر آپ ان میں بھی گڑبڑ کرنے کی کوشش کریں گے، تو یہ ٹورنامنٹ کیسے ہوسکتا ہے۔

    بھارتی کھلاڑی دبئی اور ابوظبی میں کھیلنے کو تیار ہیں۔ آپ بھارت نہ آئیں، آپ کے پاس انتخاب ہے لیکن وہ پسند بھارتی ٹیم کے پاس بھی موجود ہے۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائے گا

    اگر آپ کو یہ محسوس ہورہا ہے کہ آپ کے نہ آنے سے بھارت میں جو ٹورنامنٹ ہو رہا ہے اس سے فرق پڑ رہا ہے تو آپ کی سوچ ہے۔

  • ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز نہ بنائے تو شرم کا مقام ہوگا! کوہلی کو ایسا کس نے کہا؟

    ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز نہ بنائے تو شرم کا مقام ہوگا! کوہلی کو ایسا کس نے کہا؟

    بھارت کے سابق کرکٹر نے ویرات کوہلی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا اگر تم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز نہ بنائے تو یہ تمہارے لیے شرم کا مقام ہوگا۔

    ویرات کوہلی اس وقت 36 سال کے ہونے والے ہیں اور وہ خود کو دنیائے کرکٹ کے بہترین بیٹرز میں سے ایک کے طور پر منواچکے ہیں جبکہ بھارت میں ان کا مقابلہ لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر سے بھی کیا جاتا ہے، ٹنڈولکر کے کئی ریکارڈز کوہلی نے توڑے ہیں۔

    کئی لوگوں کا خیال ہے کرکٹ میں کوہلی نے اس وقت عروج کی جانب سفر شروع کیا تھا جب انھوں نے 2012 میں ہوبارٹ میں بھارت کی جانب سے 321 رنز کے تعاقب میں شاندار 133 رنز اسکور کیے تھے اور ان کی ٹیم نے ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔

    ہربھجن سنگھ جنھوں نے 7 سے 8 سال تک ویرات کوہلی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا ہے، انھوں نے کہا کہ کوہلی اپنی ڈیبیو سیریز میں ہاف سنچری اسکور کرنے کے باوجود مطمئن نہیں تھے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ سیریز سری لنکا کےخلاف تھی اور اس میں اجنتھا مینڈس بہت اچھی بولنگ کررہے تھے، کوہلی نے مجھ سے کہا کہ پا جی مجھے مینڈس کو بولنگ کو اور مارنا چاہیے تھا اور مجھے ان کا یہ طرز عمل بہت اچھا لگا۔

    ہربھجن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ویسٹ انڈیز کے ٹور پر تھے اور کوہلی وہاں بہتر نہیں کھیل پائے تھے، وہ اپنے حوالے سے شبہات کا شکار تھے، میں نے انھیں اس وقت کہا تھا کہ اگر تم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز نہیں بنائے تو یہ تمہارے لیے شرم کا مقام ہوگا۔

    سابق بھارتی آف اسپنر نے بتایا کہ میں نے کوہلی کو کہا کہ تم میں وہ صلاحیت ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز اسکور کرسکتے ہو، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو یہ تمہاری اپنی غلطی ہوگی۔

  • ہمیں ڈھائی دن میں ٹیسٹ میچ جیتنا ہے! ہربھجن سنگھ نے ایسا کیوں کہا؟

    ہمیں ڈھائی دن میں ٹیسٹ میچ جیتنا ہے! ہربھجن سنگھ نے ایسا کیوں کہا؟

    بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے غیر معیاری پچز بنانے پر اپنے ہی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔

    کپتان، کوچز کا نام لیے بغیر ہربھجن نے پچ کی تیاری کے عمل پر تنقید کی ہے، انھوں نے کہا کہ بھارتی کپتان اور کوچز میچ جیتنے کے لیے اس طرح کی پچز بنانے کے حق میں ہوتے ہیں کہ ٹیسٹ میچ 3 دن میں ختم ہوجائے تاہم یہ بیٹرز کے لیے بہت نقصان دہ ہوتا ہے۔

    ہربھجن سنگھ نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ پر الزام لگایا کہ وہ اسپن فرینڈلی پچز بنواتے ہیں تاکہ میچ ڈھائی دن میں ہی ختم ہوجائے جس سے بالواسطہ طور پر بھارتی بیٹرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اس طرح کی پچز میں مسائل ہوتے ہیں، ہم نے اس طرح کی پچز پر کھیلنا شروع کردیا ہے جو بہت زیادہ ٹرن ہوتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میچ جیتنا چاہتے ہیں اور جیتتے بھی ہیں تاہم ہم صرف ڈھائی دن میں ہی میچ جیتنا چاہتے ہیں۔

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اگر ہم اس طرح کی پچز بنائیں جو تیسرے یا چوتھے دن سے ٹرن کرنا شروع کرے تو بھی ہم میچز جیت جائیں گے مگر اس سے کم از کم یہ ہوگا کہ ہمارے بیٹرز کو بیٹنگ کرنے کا موقع تو میسر آئےگا۔

    خیال رہے کہ پچھلے پانچ چھ سالوں سے بھارت میں کوئی بی ٹیسٹ میچ کھیلا جائے تو پچ کے حوالے سے خبریں ضرور میڈیا کی زینت بنتی ہیں کیوں کہ بھارت اپنی میزبانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیشہ اسپن فرینڈلی پچز بناتا ہے۔

    بھارت کے بیٹر چوں کے اپنی پچز پر کھیلنے کے عادی ہوتے ہیں اور اسپنرز کو بھی اچھا کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا جبکہ غیرملکی ٹیمیں بھارت کے اسپن جال میں پھنس کر اکثر و بیشتر میچز ہار جاتی ہیں۔

  • ارشد ندیم کی شاندار فتح : ہربھجن سنگھ بھی بول پڑے

    ارشد ندیم کی شاندار فتح : ہربھجن سنگھ بھی بول پڑے

    سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ جو اکثر اپنے پاکستان مخالف بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتے رہتے ہیں، ارشد ندیم کی فتح پر بدلے ہوئے نظر آئے۔

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی نے دیگر بھارتیوں کی طرح انہیں بھی اپنا گرویدہ بنالیا، سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے ارشد ندیم کو دل کھول کر مبارکباد دی۔

    اولمپکس ایونٹ میں جیولین تھرو کے مقابلے کی بات کی جائے تو گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑہ کو ساتھ ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔

    پاکستان کے ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی سے پاکستان کے عوام تو خوشی سے جھوم اٹھے ہیں تو دوسری جانب بھارت سے کچھ ایسی ہی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ بھارت کے سوشل میڈیا صارفین نے ارشد کے بنائے ہوئے اولپمک ریکارڈ پر ان کے لیے تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    ان ہی بھارتیوں میں سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں جو اکثر پاکستانی کرکٹرز پر تنقید یا سوشل میڈیا پر پاکستانیوں سے الجھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن ارشد ندیم کی اس کامیابی پر وہ بھی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔

    ہربھجن سنگھ

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ارشد ندیم کو پوسٹ کو کوٹ کرتے ہوئے ہربھجن نے لکھا کہ ’مبارک ہو ارشد، بہترین تصویر، اسپورٹس سب کو متحد کرتا ہے‘۔

    ایکس پر ارشد ندیم کی شیئر کردہ تصویر میں وہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑہ کے ساتھ اپنے اپنے ملک کے جھنڈے لپیٹے سر جوڑ کھڑے نظر آئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔

  • ہربھجن سنگھ ’دوغلے‘ اور ’گھٹیا انسان‘ قرار

    ہربھجن سنگھ ’دوغلے‘ اور ’گھٹیا انسان‘ قرار

    قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کو پاکستان کے خلاف زہر اگلنے پر دوغلا اور گھٹیا انسان قرار دے دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر تنویر احمد نے ہربھجن سنگھ کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’دوغلے انسان اگر تم بولتے ہو بھارت کو پاکستان نہیں جانا چاہیے تو پھر گھٹیا انسان تم پاکستانی کھلاڑیوں سے ملتے کیوں ہو۔

    تنویر احمد نے مزید لکھا کہ ’ہمیں بھی پتا ہے گھٹیا انسان تمہارے ملک میں کیا ہوتا ہے۔‘

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی مخالفت کی تھی۔

    سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے سوال کیا تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیوں جائے آپ مجھے جواب دے دیں، وہاں کھلاڑیوں کی حفاظت کے معاملے پر تشویش ہے۔

    ہربھجن نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہاں خود ان کے حالات ایسے ہیں کہ آئے دن کچھ نہ کچھ واردات ہوتی ہے، مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان جانا محفوظ ہے۔

    سابق کرکٹر نے کہا تھا کہ بی سی سی آئی کا اقدام بالکل صحیح ہے، میں اس کو سپورٹ کرتا ہوں اور کھلاڑیوں کی حفاظت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

  • کامران اکمل اور ہربھجن سنگھ کے درمیان کیا گفتگو ہوئی؟

    کامران اکمل اور ہربھجن سنگھ کے درمیان کیا گفتگو ہوئی؟

    بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ اور پاکستانی کرکٹر کامران اکمل کے درمیان ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ کے دوران ملاقات ہوئی۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے دوران بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے بارے میں کامران اکمل کے تبصرے کو ہربھجن سنگھ نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا، تاہم اب کامران اکمل نے حال ہی میں برمنگھم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ کے موقع پر ہربھجن سے گفتگو کی ہے۔

    کامران اکمل نے ہربھجن کے ساتھ اپنی گفتگو کے بارے میں خود تفصیلات شیئر کی ہیں، انھوں نے بھارتی کرکٹر سے کہا کہ وہ بات غلطی سے میرے منہ سے نکلی تھی اور وہ ایک ہی بات میڈیا پر چل رہی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ میرا کسی کے بارے میں غلط کہنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم اس دوران میڈیا میں صرف یہی ایک موضوع تھا جس پر بات ہو رہی تھی۔

    کامران اکمل نے کہا کہ میں کبھی کسی کے مذہب کے بارے میں منفی نہیں سوچ سکتا، میں نے ان پر واضح کردیا ہے کیوں کہ ایک کرکٹر کے طور پر مجھ سے سینئرز ہیں۔

    خیال رہے کہ سکھ بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کامران اکمل کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دوران ایک اور سکھ کرکٹر ارشدیپ سنگھ کے بارے میں گفتگو کرنے پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

  • کوہلی کو کپتانی نہ دینے پر ہربھجن سنگھ بھڑک اُٹھے

    کوہلی کو کپتانی نہ دینے پر ہربھجن سنگھ بھڑک اُٹھے

    بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے آئی پی ایل میں دوبارہ آر سی بی کی قیادت کرنے کے لیے سابق کپتان ویرات کوہلی کی بھرپور حمایت کی۔

    سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے سوال کیا کہ ویرات کوہلی کو کپتان کے طور پر واپس کیوں نہیں لایا جاتا؟ جبکہ وہ اپنی پوری فارم میں ہیں۔

    واضح رہے کہ ویرات کوہلی اس سیزن میں پہلے ہی 661 رنز بنا چکے ہیں اور آر سی بی کے لیے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک بڑے لیڈر ہیں، وہ جانتے ہیں کہ انہیں کس قسم کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ اب وہ زیادہ جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔

    پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تیسرا فیصلہ کن میچ آج ہوگا

    دھونی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ دھونی کی اپنی ٹیم کے لئے کیا اہمیت ہے، وہ اس وقت ڈیلیور کرتا ہے جب ٹیم کو اس کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • جوز بٹلر کو بھی کوہلی اور دھونی جتنی عزت دی جائے! سابق بھارتی کرکٹر کا مطالبہ

    جوز بٹلر کو بھی کوہلی اور دھونی جتنی عزت دی جائے! سابق بھارتی کرکٹر کا مطالبہ

    سابق بھارتی کرکٹر نے آئی پی ایل میں شاندار سنچری بنانے والے جوز بٹلر کی تعریف کی ہے اور انھیں بھی بھارتی سپر اسٹارز جتنی عزت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ہربھجن سنگھ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف کامیاب ہدف کے تعاقب میں سنچری جڑنے والے انگلش پلیئر جوز بٹلر کو کھل کر سراہا ہے۔ سابق آف اسپنر نے کہا ہے کہ اگر اسی طرح ہدف کے تعاقب میں ویرات کوہلی یا مہندرا سنگھ دھونی سنچری بناتے تو ان کی بہت واہ واہ ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ویرات کوہلی نے یہ سنچری اسکور کی ہوتی تو ہم دو مہینے تک ان کی تعریفیں کرتے نہ تھکتے، جس طرح ہم نے آخری میچ میں ایم ایس دھونی کے لگائے چار چھکوں کی بات کی، ہمیں اسی طرح جوز بٹلر کو بھی عزت دینی چاہیے کیوں وہ بھی لیجنڈز میں سے ایک ہیں۔

    ہربھجن نے کہا کہ وہ ایک خاص اور مختلف سطح کے کھلاڑی ہیں۔ جوز بٹلر نے یہ پہلی بار نہیں کیا ہے وہ پہلے بھی کئی بار ایسا کر چکے ہیں

    انھوں نے کہا کہ بٹلر ایک ناقابل یقین کھلاڑی ہیں ہم ان کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتے کیونکہ وہ بھارتی کھلاڑی نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ جوز بٹلر نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم راجھستان رائلز کی جانب سے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ون مین شو کا مظاہرہ کیا تھا اور اکیلے ہی راجستھان رائلز کو فتح دلائی تھی۔

    انگلش پلیئر نے 107 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کرتے ہوئے میچ کی آخری گیند پر کے کے آر سے جیت چھین لی تھی۔

  • ویرات کوہلی کرکٹ میں کس طرح مطمئن ہونگے؟ ہربھجن نے  بتادیا

    ویرات کوہلی کرکٹ میں کس طرح مطمئن ہونگے؟ ہربھجن نے بتادیا

    سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے کوہلی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر کو اس وقت اچھی طرح سے آرام کی ضرورت ہے۔

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ویرات کوہلی گراؤنڈ میں نظر نہیں آرہے کیوں کہ انھیں آرام کی ضرورت تھی۔ 2011 میں وہ ٹیم میں شامل تھے اور انھوں نے اپنے پہلے ہی ایونٹ میں ورلڈ کپ جیت لیا تھا جبکہ ہم پہلے ہی تین چار ورلڈ کپ کھیل چکے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ ان کی قسمت تھی اور اس کے بعد ویرات ایک بڑے کھلاڑی بن گئے لیکن 2015، 2019 اور 2023 ورلڈکپ کھیلنے کے باوجود وہ ٹرافی نہیں اٹھا سکے۔

    کوہلی کی بھوک کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے ہربھجن نے کہا کہ ایک بڑا ٹائٹل جیتنا اسٹار کرکٹر کا حتمی مقصد ہوگا اور وہ اس وقت تک مطمئن نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ دوسرا ورلڈ کپ نہیں جیت لیتے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ ویرات نے بہت سارے ریکارڈ توڑے ہیں اور بہت زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ان کی بھوک تب ہی پوری ہو گی جب وہ ورلڈ کپ ٹرافی کو اپنے ہاتھوں میں اٹھائیں گے۔ؤ۔

    خیال رہے کہ ویرات کوہلی 2011 میں ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی سائیڈ کا حصہ تھے جبکہ ابھی تک ان کی موجودگی میں انڈین ٹیم دوسری بار کوئی عالمی ٹرافی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

    کوہلی انگلینڈ کے خلاف نجی وجوہات کی بنا پر ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔ وہ آخری بار افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کھیلتے ہوئے دکھائی دیے تھے، جہاں انھوں نے دو اننگز میں 29 اور 0 اسکور کیے تھے۔