Tag: ہربھجن سنگھ

  • یہاں ’باز بال‘ کرکٹ نہیں چلے گی! ہربھجن نے انگلینڈ کو خبردار کردیا

    یہاں ’باز بال‘ کرکٹ نہیں چلے گی! ہربھجن نے انگلینڈ کو خبردار کردیا

    سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو خبردار کردیا۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق رکن کا انگلینڈ کی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہاں ’باز بال‘ کرکٹ نہیں چلے گی۔ یہاں انگلینڈ کے لیے کندیشنز کافی مشکل ہونے جارہی ہیں۔ ان پچز پر پہلے دن سے ہی گیند ٹرن لینا شروع کردیگی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس اچھے اسپنرز ہونگے تو وہ ان پچز پر وکٹ حاصل کریں گے۔ اس طرح کی وکٹوں پر دونوں سائیڈز کے لیے ٹاس کافی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ان پچز پر انگلینڈ کی ٹیم کے لیے بہت زیادہ مواقع موجود ہونگے ہاں اگر پچ پر اسپنرز کے لیے مدد نہ ہو تو دوسری بات ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 25 جنوری سے ہورہا ہے۔ بین اسٹوکس کی قیادت میں اس بار انگلش ٹیم بھرپور تیاری سے بھارت آئی ہے۔

  • آسٹریلین کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے پر ہربھجن نے کیا بیان دیا؟

    آسٹریلین کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے پر ہربھجن نے کیا بیان دیا؟

    ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد بھارتی آپے سے باہر ہوچکے ہیں، ان کا بس کہیں نہیں چل رہا تو سوشل میڈیا پر کینگرو ٹیم کے اہلخانہ کو ہراساں کررہے ہیں۔

    سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کیا آسٹریلوی پلیئرز کو اس لیے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ وہ ورلڈکپ فائنل میں اچھا کھیلے!

    بھارت کے خلکاف فائنل میں سنچری جڑنے والے ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور بیٹی کو ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، اندین شائقین نے گلین میکسویل کی بھارتی اہلیہ کو بھی نہ بخشا اور انھیں بھی برے القابات سے نوازا ہے۔

    بھارتیوں کی جانب سے ہراساں کرنے کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد 2011 ورلڈکپ فاتح اسکواڈ کا حصہ رہنے والے ہربھجن سنگھ نے آسٹریلیا کے حق میں ٹوئٹ کی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا جو کہ بہت برا رویہ ہے۔ ہم نے اچھا کھیلا تاہم آسٹریلیا نے فائنل میں ہم سے بہتر کرکٹ کھیلی جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی، بس اتنی سی بات ہے۔‘

    انھوں نے مزید لکھا کہ پلیئرز اور ان کے اہلخانہ کو ٹرول کیوں کیا جارہا ہے؟ ہربھجن نے کرکٹ شائقین سے درخواست کی کہ اس طرح کا رویہ اپنانا بند کریں، عزت اور وقار زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔‘

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد گراؤنڈ میں موجود شائقین کو سانپ سونگھ گیا تھا۔ بعدازاں بھارتی مداح آپے سے باہر ہوگئے تھے اور اپنی ٹیم پر بھی شدید تنقید کی تھی۔

  • ہربھجن کا اسٹیڈیم میں موجود انوشکا، اتھیا پر تبصرہ، شائقین کا معافی مانگنے کا مطالبہ

    ہربھجن کا اسٹیڈیم میں موجود انوشکا، اتھیا پر تبصرہ، شائقین کا معافی مانگنے کا مطالبہ

    بھارت آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو کمنٹری کرتے ہوئے انوشکا شرما اور اتھیا شیٹھی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنا مہنگا پڑ گیا۔

    سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل کے دوران انوشکا اور اتھیا کی کرکٹ سوجھ بوجھ پر تبصرہ کیا جس نے تنازع کو جنم دیا ہے۔ شائقین ان کے تبصرے کو تنبقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ہربھجن نے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ویرات کی اہلیہ انوشکا اور کے ایل راہول کی بیوی اتھیا کو بات چیت میں مصروف دیکھا تو دونوں اداکاراؤں کی جانب سے کرکٹ کو سمجھنے پر اپنے شکوک کا اظہار کیا۔

    کرکٹر ہندی میں کمنٹری کررہے تھے اسی دوران دونوں اداکاراؤں کو اسکرین پر دکھایا گیا تو ہربھجن کا کہنا تھا کہ ’میں یہ سوچ رہا تھا کہ بات کرکٹ کی ہورہی ہے فلموں کی کیوں کہ میں نہیں جانتا کہ کرکٹ کے بارے میں ان کو کتنی سمجھ ہوگی۔‘

    شائقین کرکٹ آف اسپنر کے اس تبصرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اداکاراؤں کے حوالے سے ہربھجن کا اس طرح کا تبصرہ مناسب نہیں ہے۔

    ایک شائق نے تو ہربھجن سے فوری طور پر معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا، آپ کا کیا مطلب ہے کہ خواتین کرکٹ کی سمجھ نہیں رکھتیں؟

    واضح رہے کہ ورلڈکپ فائنل میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں کینگروز کی بیٹنگ جاری ہے۔

  • ’ بُری امپائرنگ اور  قوانین‘ ہربھجن سنگھ آئی سی سی پر برس پڑے

    ’ بُری امپائرنگ اور قوانین‘ ہربھجن سنگھ آئی سی سی پر برس پڑے

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ پاکستان کی جنوبی افریقا کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد آئی سی سی کے قوانین پر سوال اٹھا دئے۔

    گزشتہ روز چنئی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین ،محمد وسیم جونیئر، اسامہ میر اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    گزشتہ روز کے سنسنی خیز مقابلے میں ایک موقع ایسا آیا کہ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 8 رنز جبکہ پاکستان کو اہم میچ میں جیت کے لیے صرف ایک  وکٹ درکار تھی۔

    پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ پر عرفان پٹھان کا ردعمل

    اس دوران پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کوگیند کروائی جو کہ ان کے پیڈ پر لگی، پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی لیکن  آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا تو گرین شرٹس نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔

    ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو  معمولی چھو رہی ہے لیکن آن فیلڈ امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائرز کال کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی ناٹ  آؤٹ ہی رہا۔

    اگر آن فیلڈ امپائر حارث کی اس گیند پر آؤٹ دے دیتے تو پاکستان میچ جیت جاتا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے ری ویو لینے پر بھی آؤٹ ہی قرار دیا جاتا۔

    سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کی شکست کے بعد ہربھجن سنگھ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے آئی سی سی کے قوانین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھا دیا۔

    ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

    بھارت کے سابق اسپنر ہر بھجن سنگھ نے کہا بُری امپائرنگ اور قوانین پاکستان کی شکست کی وجہ بنے، آئی سی سی کو یہ قانون تبدیل کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر گیند اسٹمپ پر لگ رہی ہے بھلے آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ دیا ہو یا ناٹ آؤٹ اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے اور وہ آؤٹ قرار دیا جانا چاہیے، ورنا اس ٹیکنالوجی کا کیا استعمال ہے؟

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی کرکٹ شائقین کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں امپائرنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

  • ہربھجن نے ورلڈ کپ سے قبل بھارت کی بڑی غلطی کی نشاندہی کردی

    ہربھجن نے ورلڈ کپ سے قبل بھارت کی بڑی غلطی کی نشاندہی کردی

    سابق بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے ورلڈکپ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی بڑی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین اسپنرز شامل کرنا صحیح فیصلہ نہیں ہے۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی تیاریوں کے سلسلے میں بھارت ایونٹ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گا۔ سیریز کے لیے ٹیم میں آف اسپنر روی چندرن ایشون اور واشنگٹن سندر کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ ایشیا کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔

    2011 ورلڈکپ وننگ ٹیم کا حصہ رہنے والے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے بھارتی ٹیم میں تین آف اسپنرز کی قطعاً ضرورت نہیں تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ واشنگٹن سندر ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں تھے انھیں بعد میں بلایا گیا تھا۔

    ایشون کو بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہےجس سے واضح ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کسی آف اسپنر کی تلاش میں ہے۔

    ہربھجن سنگھ نے کہا کہ شاید مینجمنٹ کو احساس ہوگیا ہے کہ پہلے آف اسپنر کو ٹیم میں شامل نہ کر کے غلطی کی ہے۔ تاہم ٹیم میں ایک ساتھ تین اسپنرز کو بھی شامل نہیں کیا جاسکتا۔

    سابق اسپنر نے کہا کہ بہتر تو یہی ہے کہ ٹیم میں صرف دو اسپنرز ہوں۔ رویندر جڈیجہ ٹیم میں ضرور ہوں گے جب کہ ایشون بھی کھیلیں گے۔ دوسرے اسپنر کلدیپ یادو بھی ہوں گے اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔

  • سوریا کمار کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت پر ہربھجن نے کیا کہا؟

    سوریا کمار کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت پر ہربھجن نے کیا کہا؟

    بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے انڈیا کے ورلڈکپ اسکواڈ میں سنجو سیمسن کی جگہ سوریا کمار یادیو کی شمولیت کی حمایت کردی۔

    آئی سی سی ایونٹ کے لیے مڈل آرڈر بیٹر کے طور پر سنجو سیمسن کو منتخب کرنے کے بجائے سلیکٹرز نے سوریا کمار یادیو کو ترجیح دی ہے، اب وہ کے ایل راہول اور ایشان کشن کے ہمراہ بھارتی مڈل آرڈر میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    اسٹار اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ سوریا کمار یادیو بھارت کے ایک مکمل پلیئر ہیں اور انھیں 30 گیندیں کھیلنے کو مل جائیں تو وہ پوری طرح سے میچ کا نقشہ بدل دیں گے۔

    سابق آف اسپنر نے مزید کہا کہ سیمسن کی جگہ سوریا کو ہی منتخب ہونا چاہیے تھا کیوں کہ وہ ایک مکمل کھلاڑی ہیں۔ مڈل اوورز میں سنجو اس طرح کی بلے بازی نہیں کرسکتے جیسا کہ سوریا کرتے ہیں۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی کرکٹ میں جو پلیئرز موجود ہیں ان میں سوریا کمار یادیو کی گیپ شاٹس کھیلنے کی صلاحیت کا کوئی ثانی نہیں۔

    اس سے قبل سری لنکا میں اسکواڈ سلیکشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران اجیت اگرکار اور کپتان روہت شرما بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم کھلاڑیوں کی سلیکشن اور لائن اپ کے حوالے سے کلیئر تھے۔

  • ویڈیو: ہربھجن سنگھ نے پاکستانی مداح کی خواہش پوری کردی

    ویڈیو: ہربھجن سنگھ نے پاکستانی مداح کی خواہش پوری کردی

    سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی مداح کی خواہش پوری کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے دوران ہربھجن سنگھ نے پاکستانی مداح سے ملاقات کی اور آٹوگراف دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں ہربھجن سنگھ کو وہیل چیئر پر بیٹھے اسپیشل مداح سے ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ہربھجن سنگھ خود مداح کے پاس آکر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور ان کے بیٹ پر آٹو گراف دیا۔

    ویڈیو بنانے والا شخص ہربھجن سنگھ کو بتارہا ہے کہ یہ ان کا پاکستانی مداح ہے، اس دوران اسی شخص نے لڑکے سے یہ بھی پوچھا کہ آٹو گراف دینے والا کون ہے اس پر لڑکے نے ہربھجن کو شعیب اختر کا دوست قرار دیا۔

    ہربھجن کی مداح سے ملاقات کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ نے 103 ٹیسٹ میچز میں 417 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں ان کی وکٹوں کی تعداد بالترتیب 269 اور 25 ہے۔

  • ’پاکستان اور بھارت کا فائنل ہو تو کیسا رہے گا؟‘

    ’پاکستان اور بھارت کا فائنل ہو تو کیسا رہے گا؟‘

    بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر دلچسپ پیغام جاری کیا ہے۔

    پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر سابق بھارت کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے ساتھ ہی اچانک ورلڈکپ میں لذت واپس آگئی ہے۔

    انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں سے سوال کیا ’اگر پاکستان اور بھارت کا فائنل ہو تو کیسا رہے گا؟‘۔

    واضح رہے کہ اتوار کا دن پاکستانی ٹیم کے ساتھ مداحوں کے لیے بھی خاص رہا، گزشتہ روز 3 میچز ہونے تھے جس میں پاکستان کے لیے 2 میچز اہم تھے ایک میں نیدرلینڈ کو جنوبی افریقہ کو شکست دینی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کو جیت حاصل کرنی تھی، اور ایسا ہی ہوا۔

    گززشتہ روز دن کے آغاز پر نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 13 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا اور ساتھ ہی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کی۔

    اس کے بعد پاکستان نے بنگلادیش کو ہرایا اور ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

  • ’اگر سعید انور نہ آتے تو میری اور ہربھجن سنگھ کی ٹھیک ٹھاک لڑائی ہو جاتی‘

    ’اگر سعید انور نہ آتے تو میری اور ہربھجن سنگھ کی ٹھیک ٹھاک لڑائی ہو جاتی‘

    قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے اے آر وائی اسپورٹس شو ‘باؤنسر’ میں بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ سے متعلق دل چسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک میچ کے دوران ایسی بات ہوئی کہ اگر سعید انور نہ آتے تو میری اور ہربھجن سنگھ کی ٹھیک ٹھاک لڑائی ہو جاتی۔

    پروگرام میں میزبان نے محمد یوسف سے پوچھا سنا ہے ہربھجن سنگھ سے بھی آپ کی بات چیت ہوتی رہتی تھی، جب آپ رنز بنا رہے ہوتے تھے تو ہربھجن آپ کر طنز کرتے، یہ کیا معاملہ تھا؟

    محمد یوسف نے بتایا ہربھجن کے ساتھ میری کافی چیزیں چلتی رہتی تھیں، ایک بار بہت سیریئس معاملہ ہو گیا، 2003 کا ورلڈ کپ تھا، میں تھا، ثقلین اور اظہر محمود تھے، ڈریوڈ، یوراج اور ہربھجن وغیرہ کھڑے تھے، گپ شپ چل رہی تھی، کوئی بات ہو گئی تو میں نے ان سے مذاق میں ایک با کہہ دی۔

    یوسف نے بتایا کہ وہ بات میں ٹی وی پر نہیں بتا سکتا، اس وقت تو میری بات پر قہقہے لگ گئے، اس کے بعد ہمارے اور انڈیا کا جو میچ ہوا تو وہاں سے ہربھجن کو نہیں کھلایا گیا اور ہمارے ہاں سے ثقلین کو، دونوں باہر بیٹھے ہوئے تھے، ہربھجن ثقلین کا بہت بڑا فین ہے، اور وہ انھیں استاد بھی مانتے ہیں، دنیا میں ثقلین جیسا آف اسپنر ابھی تک آیا ہی نہیں، تو دونوں باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ ثقلین نے باتوں باتوں میں وہی بات چھیڑ دی جو میں نے مذاق میں کی تھی۔

    اب ہربھجن کو میچ میں نہ کھلائے جانے کا بھی غصہ تھا، اوپر سے یہ والی ‘خطرناک’ بات ہو گئی، اس پر وہ بہت گرم ہو گئے، اب جب اننگ ختم ہو گئی تو ہم جہاں کھانا کھاتے تھے وہاں دونوں ٹیمیں اکھٹی ہو جاتی تھیں، وہ غصے میں تھے اس لیے انھوں نے آ کر مجھ سے بدتمیزی کی۔

    بس پھر کیا تھا، وہاں بڑے بڑے پتیلوں میں بڑے بڑے چمچے پڑے تھے، ایک میں نے پکڑ لیا اور ایک انھوں نے، بڑی شدید ہاتھا پائی ہونے جا رہی تھی کہ خوش قسمتی سے سعید بھائی آ گئے، اگر سعید انور نہ آتے تو ہماری لڑائی ہو جاتی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ جب میں کھیل رہا ہوتا تھا میں ان سے کہتا کہ بھائی کیا بولنگ کر رہے ہیں آپ، بہت زبردست ہے لیکن مجھے سمجھ ہی نہیں آ رہی ہے، اس پر وہ کہتے اوئے تسی اسکور بھی کیے جا رہے ہو اور کہہ رہے ہو کہ سمجھ بھی نہیں آ رہی ہے۔

    یوسف نے کہا سردار جی سے ہمارا اچھا مذاق چلتا رہتا تھا، یوراج سے اور نہرا سے بھی مذاق چلتا رہتا تھا، نہرا بہت اچھا لڑکا تھا، اس سے ابھی بھی میری گپ شپ ہوتی رہتی ہے، وہ شعیب کے کمرے میں بھی اکثر کھانا کھانے آ جاتے تھے، تو ہماری گپ شپ بھی چلتی رہتی ہے لیکن انڈیا پاکستان کا میچ چوں کہ بہت سیریئس ہوتا ہے اور وہاں فوکس بھی بہت زیادہ ہوتا ہے کیوں کہ جو ٹیم نہیں جیتی تو اس کی خیر نہیں ہوتی۔

    یوسف نے بتایا کہ مشتاق احمد کے دور میں سدھو جی کا بھی ایک واقعہ ہے، لیکن وہ بھی ٹی وی پر نہیں بتا سکتا، پیچھے سے معین بھائی سدھو جی کو چھیڑے جا رہے ہیں۔

    پروگرام میں موجود سابق مایہ ناز کھلاڑی مشتاق احمد نے بتایا کہ کینیڈا میں اس وقت اس معاملے میں میں بھی شریک تھا، یوسف کہنے لگے کہ میں تو نہیں بتا سکتا وہ بات لیکن اگر مشی بھائی بتاتے ہیں تو بتائیں۔

    مشتاق کہنے لگے میں وہ منظر بتاتا ہوں، سدھو سے کھیلا نہیں جا رہا تھا اور آؤٹ بھی نہیں ہو رہا تھا اور معین پیچھے سے شرارتیں کر رہا تھا، میں نے کہا معین میں سدھو کا ساتھ دوں گا تم اسے چڑاؤ، معین نے سدھو سے پنجابی میں کہا اتنے بڑے ہو گئے ہو لیکن یہ کیا حرکتیں کر رہے ہو، پگڑی باندھی ہوئی ہے، یہ کیا ہے، میں شعیب اختر سے کہتا ہوں کہ تمھارے سر میں بیمر بنوا دے سر میں، میں نے معین سے کہا یار کوئی اسپورٹس مین شپ ہوتی ہے، چپ کر، سدھو جی غصے میں آئے لیکن میں نے کہا سدھو پائی کوئی بات نہیں مذاق کر رہا ہے، سدھو نے کہا ٹھیک کہہ رہے ہیں آپ۔

    لیکن جب تین چار مرتبہ معین نے انھیں چھیڑا کہ کتنا بڑا ہو گیا ہے یہ کیا حرکتیں کر رہے ہو، شرم نہیں آتی اتنی گندی ہٹیں مارتے ہوئے، تو آخر کار سدھو نے پیچھے مڑ کر دیکھا اور انگلی اٹھا کر پنجابی میں بھڑک ماری اوئے مشی، اسے منع کردے، میں نے تو سات سال تک کالے فاسٹ بولر کو کھیلا ہے، تمھارے فاسٹ بولر کیا ہیں، یہاں جو لفظ سدھو نے بولا تھا اور جسے یوسف نے سنسر کیا، وہ یہاں ٹی وی پر نہیں بولا جا سکتا، تو ہم سدو جی کا ٹھیک ٹھاک مزا لیتے تھے۔

    مشتاق نے بتایا کہ شارجہ میں جدیجا کی ایکٹنگ کا ایک قصہ بتاتا ہوں، جب وہ بیٹنگ کر رہا ہوتا تھا تو میرے ساتھ یا کسی کے ساتھ ہاتھ پھیلا کر کھڑا ہو جاتا تھا، اب آپ دیکھ رہے ہیں، شعیب صاحب میچ دیکھ رہے ہیں، پورا پاکستان اور انڈیا میچ دیکھ رہا ہے، اگر آپ کہتے کہ دیکھو جدیجا پاکستان کے ساتھ لڑ رہا ہے تو وہ میرے پاس آ کر اداکاری کرتا، پورا چہرہ بنا کر کہتا شام کو روٹی کہاں کھانی ہے، اسی بات پر میں نے پانچ میچ کھیل لینے ہیں انڈیا کی طرف سے، اس پر لوگ کہتے کہ ایک یہ واحد منڈا ہے جو لڑ رہا ہے۔

    وہ چوں کہ فیلڈر اچھا تھا تو گراؤنڈ میں جب ڈائی یا سلائیڈ مار کر گیند پکڑ لیتا تھا تو آوازیں لگانے لگتا اوئے یار میں کب تک اکیلے لڑتا رہوں گا تم بھی تو لڑو نہ ان سے، کیا کر رہے ہو تم، تو بات یہ بھی کہ ہم سب شام کو اکھٹے روٹی کھاتے تھے، ساتھ میں انجوائے کرتے تھے، اور جب کرکٹ کھیلتے تو بہت ٹف کھیل رہے ہوتے کیوں کہ دونوں ٹیمیں نہیں چاہتی تھیں کہ ہم کوئی میچ ہارے۔

    کوہلی سے رنز کیوں نہیں ہو پا رہے، کیا کوہلی نے کبھی آپ سے مشورہ لیا؟ یوسف نے بتایا کہ میری کوہلی سے کرکٹ پر کبھی ایسی کوئی بات نہیں ہوئی، یہ تو کھیل کا حصہ ہے، کبھی آپ آؤٹ آف فارم ہوتے ہیں، ہاں ان کا یہ وقت طویل ہو گیا ہے لیکن انھوں نے گیارہ سال کے اندر انھوں نے سچن کے بعد اچھی پرفارمنس دی ہے۔

    یوسف نے کہا ٹیسٹ میں وہ ایسا نہیں کر سکا ہے جیسا ون ڈے میں وائٹ بال پر انھوں نے کیا، اب دو ڈھائی سال کا یہ آؤٹ آف فارم وقفہ کچھ طویل ہو گیا ہے، شاید اس کی وجہ وہ رویہ ہو جو ان کے ساتھ روا رکھا گیا جس سے وہ انڈر پریشر چلے گئے ہوں، تاہم انھوں نے جتنا پرفارم کیا وہ اس دور کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

  • بھارتی اسپنر نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    بھارتی اسپنر نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    نئی دہلی: بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ وہ پہلے سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل رہے لیکن رسمی اعلان باقی تھا۔

    آج ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے "کھیل کے تمام فارمیٹس سے” ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے کہا کئی طریقوں سے تو میں پہلے ہی ریٹائر ہو چکا تھا، لیکن آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ اپنے وعدوں کی وجہ سے، وہ اعلان میں تاخیر کرنے پر مجبور ہوئے۔

    ہربھجن نے کہا آپ کی زندگی میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوتے ہیں اور آگے بڑھنا پڑتا ہے، میں پچھلے کچھ سالوں سے یہ اعلان کرنے کا سوچ رہا تھا، لیکن میں آپ سب کے ساتھ اسے شیئر کرنے کے لیے صحیح وقت کا انتظار کر رہا تھا۔

    سابق آف اسپنر نے مزید کہا کہ آج میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو رہا ہوں، بہت سے طریقوں سے، میں ایک کرکٹر کے طور پر پہلے ہی ریٹائر ہو چکا تھا، لیکن رسمی اعلان کرنے کے قابل نہیں تھا۔

    انھوں نے مزید کہا میں کچھ عرصے سے ایک فعال کرکٹر نہیں رہا ہوں، لیکن میری کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے وابستگی تھی، اور میں ان کے ساتھ (2021) آئی پی ایل سیزن گزارنا چاہتا تھا، لیکن سیزن کے دوران ہی میں نے ریٹائر ہونے کا ذہن بنا لیا تھا۔

    یاد رہے کہ 41 سالہ ہربھجن نے آخری بار مارچ 2016 میں بھارت کی طرف سے ایشیا کپ میں ڈھاکا میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ٹی 20 کھیلا تھا۔ انھوں نے مارچ 1998 میں آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو میں ایک ٹیسٹ میچ سے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا۔