Tag: ہرشل گبز

  • ہرشل گبز وادی کشمیر کی خوبصورتی کے دیوانے ہوگئے

    ہرشل گبز وادی کشمیر کی خوبصورتی کے دیوانے ہوگئے

    جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز وادی کشمیر کی خوبصورتی کے دیوانے ہوگئے، گبز کشمیر پریمیئر لیگ میں اوور سیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

    کشمیر پریمیئر لیگ میں اوور سیز واریئرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو مظفر آباد کی خوبصورتی نے اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ہرشل گبز کے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے وادی کشمیر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا وہ علاقہ ہے جہاں وہ پہلے کبھی نہیں آئے، یہ ناقابل یقین طور پر خوبصورت ہے، یہ ایک لاجواب مقام ہے۔

    پاکستانی بولنگ لائن کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہرشل گبز نے کہا کہ پاکستان مسلسل بہت اچھے فاسٹ بولرز بنا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ لائن کا اندازہ ہم پاکستان سپر لیگ سے لگا سکتے ہیں، کے پی ایل میں بالرز کو ہی دیکھ لیں جو ابھی تک کھیلے گئے میچز میں بہترین پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔

    ہرشل گبز کامزید کہنا تھا کہ تقریباً ہر ٹیم میں کم سے کم بھی تین بالرز شامل ہیں اور یہ پاکستان کے لیے بہت اچھا ہے۔

    اس سے قبل ہرشل گبز نے اپنے انٹرویو میں وادی کشمیر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کشمیر کے شہر مظفر آباد کی خوبصورتی کا موازنہ سوئٹزر لینڈ سے کیا تھا۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ: ہرشل گبز سے متعلق اہم خبر

    کشمیر پریمیئر لیگ: ہرشل گبز سے متعلق اہم خبر

    مظفرآباد: کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے کہا ہے کہ ہرشل گبز بھارت کا دباؤ ٹھکراتے ہوئے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کے پی ایل میں اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، انھیں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو بھارت میں وہ کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔

    ادھر کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہرشل گبز نے بھارتی دباؤ مسترد کر دیا ہے، اور وہ لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، سیاست نہیں ہو رہی، کے پی ایل پر مقبوضہ کشمیر میں بھی بہت جوش و خروش ہے، کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کے پی ایل دیکھ سکیں۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کا شیڈول

    خیال رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا اور فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    کشمیر پریمیئر لیگ کے اوّلین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز افتتاحی میچ میں مد مقابل ہوں گے۔

    ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی روشنیوں میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور یہ پلیٹ فارم نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے نہایت مناسب ثابت ہوگا۔

  • کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    کشمیر پریمیئر لیگ، بھارت کی ہرشل گبز کو دھمکی، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے مذمت

    اسلام آباد: بھارت نے کشمیر پریمئیر لیگ میں شرکت پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز کو دھمکی دی ہے، دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کرکٹ کو سیاست کے لیے استعمال کیے جانے پر مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انھیں افتتاحی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے اور پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے انھیں دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو انھیں بھارت میں کرکٹ سے متعلق کسی بھی معاملے کے حوالے سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے، اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلا جواز اور مضحکہ خیز ہے۔

    خیال رہے کہ ہرشل گبز کشمیر پریمیئر لیگ کی فرنچائز اوورسیز واریئرز کا حصہ ہیں۔

    ہرشل گبز کے ٹویٹ کے حوالے پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے کرکٹ کھیل کو سیاسی بنانے پر مذمت کی، انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیریوں کو کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے سے محروم کرنا افسوس ناک ہے۔

    بعد ازاں ہرشل گبز نے ویب سائٹ ’اسپورٹس کیڑا‘ کو بتایا کہ انھیں دھمکی بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے دی ہے، جے شاہ نے گریم اسمتھ کے ذریعے مجھے یہ پیغام بھیجا ہے۔

    ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پاکستان فواد چوہدری نے ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کے پی ایل کے پہلے ایڈیشن کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جو 17 اگست تک جاری رہے گا، اس میں آزاد جموں و کشمیر کے شہروں کی نمائندگی کرنے والی 5 فرنچائزز حصہ لیں گی، جب کہ چھٹی فرنچائز کا نام اوورسیز واریئرز رکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم کشمیری شامل ہوں گے۔