Tag: ہرنائی

  • ہرنائی  میں  دھماکا،  10  کان کن جاں بحق   اور 6 زخمی

    ہرنائی میں دھماکا، 10 کان کن جاں بحق اور 6 زخمی

    ہرنائی : شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے نتیجے میں 10 کان کن جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہرنائی کی شاہرگ کوئل مائنز ایریا ٹاکری میں گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، دھماکے سے گاڑی میں سوار 10 افراد جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے گاڑی میں سوار افراد کوئلے کی کانوں میں کام کرنے جارہے تھے تاہم لاشوں اورزخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر شاہرگ منتقل کردیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ہرنائی دھماکے میں کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کو نقصان پہنچانے والے درندوں کو سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

    وفاقی وزیرداخلہ کی شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ زخمی مزدوروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں اور لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔.

    وزیر خوارک بلوچستان نورمحمد دمڑ نے ہرنائی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 10 مزدوروں کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    نورمحمد خان دمڑ کا کہنا تھا کہ زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں ، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، زخمیوں کو علاج کی تمام سہولتوں کی فراہمی جاری ہے۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ،  بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ، بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد ہلاک

    ہرنائی : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بی ایل اے کے چھ اہم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے ہرنائی میں 12ستمبر کو بی ایل اے کے ٹھکانوں پر جوائنٹ آپریشن کیا ، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن میں بی ایل اےکے 6 اہم دہشت گرد مار گئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین ، محمد گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادرمری عرف انجیر بلوچ شامل ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ عبید بلوچ عرف فدا اور تاج محمد عرف بابل بھی ہلاک دہشتگردوں میں شامل ہیں، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم لوگوں پربراہ راست حملوں میں ملوث تھے۔

    دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ فورسز کی کامیابی واضح کرتی ہے کہ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

  • بلوچستان میں زلزلہ ،   شہری خوفزدہ

    بلوچستان میں زلزلہ ، شہری خوفزدہ

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے جنوب مشرقی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کا صوبہ بلوچستان زلزلے سے لرز اٹھا ، بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے جنوب مشرقی علاقےمیں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا مرکز ہرنائی کے جنوب مشرق میں 45 کلو میٹر دور تھا۔

    زلزلے سے خوفزدہ ہوکر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    یاد رہے 11 جنوری کو ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی تھی اور زلزلے کی گہرائی 213کلو میٹر تھی، جبکہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا۔

  • ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے سیکیورٹی فورسز کا احسن اقدام

    ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے سیکیورٹی فورسز کا احسن اقدام

    کوئٹہ : بلوچستان میں 2022 کے زلزلہ متاثرین کے لئے ایف سی مسیحا بن گئی ، ایف سی نے زلزلہ متاثرہ خاندانوں کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی تعمیر کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے سیکیورٹی فورسز نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے زلزلہ متاثرہ خاندانوں کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی تعمیر کرائی اور فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے ہزاروں زلزلہ متاثرین کا علاج معالجہ بھی کیا گیا۔

    ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سےمتاثرہ 8 خاندانوں کیلئے نئے گھر تعمیرکئے جا چکےہیں ، ان خاندانوں میں بیوائیں اور مقامی باشندہ بشیراحمد شامل ہیں، ان بیواؤں کے خاوند زلزلے کے دوران شہید ہوگئے تھے کوئی کفیل نہ تھا۔

    بیوہ بینظیر نے بتایا کہ میرا گھر گر گیا تھا،ایف سی نے گھر بنا کر دیا، مالی امداد فراہم کی، میرے بچے اسکول پڑھ رہے ہیں، اللہ کے بعد ایف سی نے ہماری امداد کی۔

    ایک اور بیوہ زرتاش بی بی کا کہنا تھا کہ زلزلے کے بعد میں بے یارو مددگار تھی، ایف سی نے ہمیں گھر بنا کر دیا، ایف سی ہمیں راشن دیتی ہے اور بچوں کی دیکھ بھال کررہی ہے، میں ایف سی کی بہت شکرگزار ہوں۔

    زلزلہ متاثر بشیر احمد نے کہا کہ زلزلے میں میرا گھر تباہ ہوگیا تھا، بچے اور بیوی شہید ہوگئے، ایف سی نے مجھے گھر بنا کر دیا اور دکان بنا کر دی، زندگی بہتر ہوگئی ہے۔

    ضلع ہرنائی میں بحالی کے سفرمیں متاثرہ خاندانوں کی امداد آج بھی جاری ہے، زلزلہ متاثرین کو ماہانہ مالی امداد، فری راشن اور ان کے بچوں کو تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے۔

  • ہرنائی میں  فائرنگ کرکے 4 کان کنوں کو قتل کردیا گیا

    ہرنائی میں فائرنگ کرکے 4 کان کنوں کو قتل کردیا گیا

    ہرنائی : خوست مائنز ایریا میں نامعلوم افراد  نے فائرنگ کرکے   چار کان کنوں کو قتل کردیا جبکہ  آگ لگاکر کوئلے کی گیارہ کانوں کو جلادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہرنائی کے علاقے خوست مائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کوئلے کی کان میں کام کرنیوالے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

    ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ مسلح افراد نے آگ لگاکر 11کوئلےکی کانوں کو جلادیا۔

    لاشوں اور زخمیوں کو خوست منتقل کردیا گیا ہے، جاں بحق دو کان کنوں کا تعلق سوات اوردو کاتعلق قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سےہے۔3

    وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے خوست میں کان کنوں پرفائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے 4 کان کنوں کےجاں بحق اور 3کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    میرعبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ غریب اوربےقصورمحنت کشوں کومارنےوالےانسان کہلانےکےلائق نہیں، ایسے قابل نفرت عمل میں ملوث عناصر سخت ترین سزا کے حق دار ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئےتمام وسائل بروےکارلائےجائیں اور مائننگ کے علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔

  • ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ 10 روز سے منقطع

    ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ 10 روز سے منقطع

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کا ضلع ہرنائی ملک بھر سے کٹ چکا ہے، اطراف کی تمام سڑکیں تباہ ہونے کے باعث گزشتہ 10 دن سے ضلعے کا رابطہ پورے ملک سے منقطع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ گزشتہ 10 دنوں سے منقطع ہے، ہرنائی کوئٹہ روڈ پر 2 بڑے پل سیلاب میں بہہ گئے۔

    ہرنائی کوئٹہ روڈ چھپر ریفٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جگہ جگہ سے بیٹھ چکی ہے، جبکہ کئی مقامات پر سیلاب میں بہہ چکی ہے۔

    ہرنائی تا بائیس میل شاہرہ پر پہاڑوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پتھر بھی گرے، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے پاس مشینری نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے ضلع میں خوردنی اشیا کی بھی قلت پیدا ہوچکی ہے، لوگوں نے حکومت سے شاہراہوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ہرنائی: سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ سے 2 جوان شہید

    ہرنائی: سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ سے 2 جوان شہید

    ہرنائی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ سے 2 جوان شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا دیا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے خوست کے علاقے سے بلوچستان میں ہرنائی کے قریب سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے پسپا کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کامیاب جوابی کارروائی کے بعد قریبی پہاڑوں میں فرار ہو گئے تھے، بھاگنے والے دہشت گردوں کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم دہشت گردوں سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، جب کہ میجر عمر زخمی ہو گئے۔

    دیر میں بارودی ڈیوائس کا دھماکا، 2 جوان شہید

    سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 75 ویں یوم آزادی پر بلوچستان میں امن سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کا عمل متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

  • ہرنائی : دہشت گردوں  کا  مزدوروں کے کیمپ پر حملہ،  3 مزدور جاں بحق ، 7 لاپتہ

    ہرنائی : دہشت گردوں کا مزدوروں کے کیمپ پر حملہ، 3 مزدور جاں بحق ، 7 لاپتہ

    ہرنائی : دہشت گردوں کی جانب سے  مزدوروں کے کیمپ پر حملے کے نتیجے میں تین مزدور جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جبکہ سات لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مزدوروں کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین مزدور جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جبکہ سات کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہے۔

    حملہ آوروں نے مزدوروں کے کیمپ کو آگ لگا دی اور موقع پر موجود گاڑیوں اور مشینری کو تباہ کر دیا۔

    سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور حملہ آور جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔

    عبد القدوس بزنجو نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ زخمی مزدوروں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

  • چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی

    چمن: شاہرگ میں کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات میں 3 روز سے لگی خوف ناک آگ بجھائی نہ جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل شاہرگ میں کوہ خلیفت میں زیتون کے جنگلات میں تین دن سے لگی آگ بجھانے کے لیے لیویز کے جوان اور محکمہ جنگلات کے ملازمین مصروف عمل ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق جنگلات میں لگی آگ پر اب تک 60 فی صد ہی قابو پایا جا سکا ہے، پی ڈی ایم اے اور ایف سی کے جوان بھی امدادی کاروائیوں کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ضلع ہرنائی میں شاہرگ، کوہ خلیفت کے زیتون کے جنگلات ہزاروں ایکڑ پر مشتمل ہیں، جو اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ کے شعلے آسمان کو چھو رہے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ صوبائی انتظامیہ نے آگ کو قابو کرنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے جس کے باعث آگ پھیلتی چلی گئی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ آگ تین مختلف مقامات پر لگی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چرواہوں کی جانب سے آگ جلائی گئی ہوگی جو تیز ہواﺅں کی وجہ سے پھیل گئی، افسوس ناک امر یہ سامنے آیا ہے کہ آگ بجھانے کے سلسلے میں ضلع ہرنائی اور ضلع زیارت کے مابین رابطوں کا شدید فقدان ہے، اور حدود کا مسئلہ آگ پر جلد قابو پانے میں رکاوٹ بنا۔

    مقامی انتظامیہ کے پاس آگ بجھانے کے انتظامات نہ ہونے کے سبب بھی آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا، بتایا گیا کہ پہاڑی علاقے میں آگ بجھانے کے لیے خصوصی آلات درکار ہیں جو میسر نہیں ہیں۔

  • ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5 بچے جاں بحق

    ہرنائی: صوبہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں سمیت 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث ہرنائی کے علاقے زندہ پیر میں گھرلینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا، ماں اور 5 بچے جاں بحق جبکہ 2 سال کی بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

    ڈپٹی کمشنر عظیم جان دمڑ کے مطابق افسوس ناک حادثہ شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں گھر کا ایک کمرہ مکمل طورپرملبے تلے دب گیا۔

    عظیم جان دمڑ کہنا ہے کہ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال ہرنائی منتقل کردیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اٹک کے گاؤں اڑانگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پشین میں مکان کی چھت گرنے سے4 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ 5 فروری 2019 کو بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔