Tag: ہر سال

  • ’سالانہ 61 لاکھ بچے پیدا، ہم ہر سال ایک نیوزی لینڈ جتنی آبادی پاکستان میں شامل کر رہے ہیں‘

    ’سالانہ 61 لاکھ بچے پیدا، ہم ہر سال ایک نیوزی لینڈ جتنی آبادی پاکستان میں شامل کر رہے ہیں‘

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان میں آبادی کے اضافے پر کہا ہے کہ ہم ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی اپنے ملک میں شامل کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 61 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔ یعنی ہم اپنے ملک میں ہر سال ایک نیوزی لینڈ جتنی آبادی شامل کر رہے ہیں۔

    وزیر صحت نے کہا کہ خطے میں اوسط شرح افزائش 2 فیصد جب کہ پاکستان کا فرٹیلٹی ریٹ 3.6 فیصد کے ساتھ خطے میں بلند ترین سطح پر ہے۔ ہم ہیلتھ کیئر نہیں سِک کیئر پر کام کر رہے ہیں۔ چین اور بھارت نے آبادی پر قابو پایا، ہمیں بھی اس حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔

    مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی کے باعث پاکستان کا انفرااسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے۔ ہر سال زچگی کے دوران 11 ہزار مائیں جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ پاکستان میں 2 کروڑ 22 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ ہیپاٹائٹس کیسز میں پاکستان دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی پینے سے ہوتی ہیں۔ قوم کے پاس سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرنے کا شعور ہی نہیں۔ اس وقت ہر گلی میں بھی اسپتال بنا دیں، تب بھی کمی پوری نہیں ہو سکتی۔ ہمارا صحت کا موجودہ نظام الٹ چل رہا ہے، اس پر مکمل نظر ثانی کی ضرورت ہے اور بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    وزیر صحت نے این ایف سی ایوارڈ کی آبادی کے بنیاد پر تقسیم کا شیئر 50 فیصد تک محدود کیا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے بلوچستان پیچھے رہ جاتا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وزیر اعظم 21 جولائی کو ہیلتھ کے فیس لیس سسٹم کا افتتاح کریں گے۔ اس سسٹم کے تحت پاکستان میں وہیل چیئر سے لے کر ایم آر آئی مشین تک کی امپورٹ بغیر انسانی رابطے کے ہوسکے گی۔

  • 16 برس سے ہر سال عیدالاضحیٰ پر 50 بیلوں کی قربانی دینے والا خاندان (ویڈیو رپورٹ)

    16 برس سے ہر سال عیدالاضحیٰ پر 50 بیلوں کی قربانی دینے والا خاندان (ویڈیو رپورٹ)

    عیدالاضحیٰ پر مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کرتے ہیں ایک خاندان ہر سال 50 بیلوں کی قربانی کرتا ہے۔

    عیدالاضحیٰ کی آمد قریب آ چکی ہے۔ اس موقع پر ہر صاحب استطاعت مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کرتا ہے۔ کچھ لوگ ایک اور کئی صاحب حیثیت افراد ایک سے زائد جانور قربان کرتے ہیں۔

    لیکن پاکستان میں ایک ایسا خاندان بھی ہے جو گزشتہ 16 برس سے ہر سال عیدالاضحیٰ پر 50 بیل اللہ کی راہ میں قربان کرتا ہے۔

    یہ خوش نصیب خاندان پنجاب کے شہر فیصل آباد کی ڈی ٹائپ کالونی کا رہائشی ہے اور اس مقصد کے لیے اس خاندان نے ایک چھوٹا سا باڑا بنا رکھا ہے جہاں یہ قربانی کے لیے لائے گئے بیل باندھتے ہیں۔
    شامیانوں کے سائے میں بندھے تنومند فربہ بیل دیکھنے کے لیے نہ صرف محلے کے بچے سارا دن یہاں موجود رہتے ہیں بلکہ دور دور سے لوگ ان کا جذبہ قربانی دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

    فیصل آباد کی ڈی ٹائپ کالونی کے رہائشی خاندان کے سربراہ طارق مدولہ ہیں، جو گزشتہ سولہ سال سے عیدالاضحیٰ پر پچاس بیلوں کی قربانی دے رہے ہیں۔

    شامیانوں کے سائے میں ساہیوال، نقرہ، براہمن، جرسی، فائٹر بل سمیت نایاب نسل کے خوبصورت اور دراز قد بیل بندھے ہوتے ہیں اور اس چھوٹے سے باڑے پر نہ صرف بندھے علاقے کے بچے سارا دن موجود رہتے ہیں بلکہ دور دراز سے بھی لوگ یہ بیل دیکھنے آتے ہیں اور ان بیلوں کے ساتھ سیلفیاں بناتے ہیں۔

    طارق مدولہ نے بتایا کہ ان قد آور اور خوبصورت بیلوں کی قیمت 5 سے 15 لاکھ روپے تک ہے۔ ان کی چوبیس گھنٹے دیکھ بھال، خوراک کے انتظام اور صفائی کے لیے تین افراد ہر وقت متعین ہوتے ہیں۔

    صرف یہی نہیں بلکہ بیماریوں سے بچانے کے لیے ان بیلوں کی ویکسی نیشن بھی کروائی جاتی ہے۔ عید پر بیلوں کے گوشت کا بڑا حصہ مستحق اور نادار افراد میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

    ہر سال 50 خوبصورت اور صحتمند بیلوں کی اجتماعی قربانی کر کے یہ خاندان جہاں سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتا ہے وہاں دوسروں کے لیے خدمت خلق کی قابل تقلید مثال بھی قائم کرتا ہے جس کو لوگ سراہتے ہیں۔

     

  • آپریشن بُنیانٌ مَرصُوص: وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکہ حق‘‘ منانے کا اعلان

    آپریشن بُنیانٌ مَرصُوص: وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکہ حق‘‘ منانے کا اعلان

    وزیراعظم شہباز شریف نے دشمن ملک بھارت کےخلاف آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی جنگی جارحیت کے جواب میں پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار اور تاریخی کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ہےک یوم معرکہ حق ہر سال جوش وخروش اور ملی وحدت کے ساتھ منایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ لے کر بزدل دشمن بھارت نے 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تھا۔ میزائل اور ڈرون حملوں میں 26 سے زائد معصوم پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

    پاک فوج نے اس کے ردعمل میں دفاع وطن کے لیے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کا غرور سمجھے جانے والے رافیل طیاروں سمیت 6 جنگی طیارے اور اسرائیلی ساختہ تمام ڈرونز مار گرائے لیکن جب بھارت کا جنگی جنون ختم نہ ہوا تو 10 مئی کی علی الصباح بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور چند گھنٹے میں ہی بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

    پاکستان کا آپریشن بُنیانٌ مَرصُوص کامیابی سے مکمل

    آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی اب سے کچھ دیر قبل پریس ریلیز جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-attack-10-may-rehan-khan-blog/