Tag: ہزارگنجی

  • وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    کوئٹہ: ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، سانحہ ہزار گنجی کے خلاف ہزارہ برادری کا 4 روز سے دھرنا جاری تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ہزار گنجی کے خلاف گزشتہ چار روز سے جاری دھرنا ختم ہو گیا ہے، ہزارہ کمیونٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    قبل ازیں وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی ہزارہ برادری کے دھرنے میں پہنچے تو ان کے ہم راہ وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی تھے، جام کمال نے کہا کہ دہشت گردی اور ملک کو بد نام کرنے والوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سب چیزوں کو مد نظررکھ کر مثبت فیصلے اور اقدام اٹھائیں گے، جہاں نقصان ہوتا ہے اس کا اثر ہر گھر پر جاتا ہے، ہم اپنے صوبے، شہر کے لیے اچھی کوششیں کریں گے، ہماری حکومت آپ کی نمائندگی سے ہے۔

    جام کمال نے کہا کہ اللہ نے ہمیں مزید ہمت دی تو بلوچستان کے لیے بہت کچھ کریں گے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی سوچ، فکر اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، سب ادارے دن رات ایک کر کے محنت کر رہے ہیں، ہم یہاں سیاست کرنے نہیں آئے، ہم اس معاملے میں تمام تفصیلات دیں گے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت ہزارہ کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعظم، آرمی چیف آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہم آپ کو ہر سطح پر سہولتیں فراہم کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا خیز مواد آلوؤ ں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    دھماکے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد احتجاجاً دھرنے پر بیٹھ گئے تھے، جن کا مطالبہ تھا کہ ہزارہ برادری کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکا جائے، اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

  • دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال نے ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ جا کر گزشتہ روز ہزار گنجی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اور حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور سیکورٹی اداروں کو بہت سی کام یابیاں بھی ملی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مغربی بائی پاس پر دھرنا دینے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر دیں، حکومت واقعے میں ملوث عناصر اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، پولیس اور لیویز کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے مذہبی، سیاسی اور قبائلی عمائدین اور معاشرے کے تمام با اثر حلقوں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا، دہشت گرد برادر قوموں اور قبائل میں تفریق پیدا کر کے امن کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے لواحقین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی ہر ممکن مالی معاونت کرے گی۔

  • کوئٹہ: ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق، 48  زخمی

    کوئٹہ: ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق، 48 زخمی

    کوئٹہ : ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے، زخمیوں کوبولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ ہزارگنجی کی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں بیس افراد جاں بحق جبکہ اڑتالیس سے زائد زخمی ہوئے، جائے وقوعہ پر ریسکیو کارروائیاں جاری ہے اور زخمیوں کوبولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیاگیا ہے۔

    دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکےکی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، دھماکاخیزموادآلوؤ ں میں رکھاگیاتھا، جاں بحق افرادمیں سیکیورٹی اہلکاربھی شامل ہے جبکہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

    ہزارگنجی دھماکےمیں جاں بحق وزخمی افراد کو سول ، بی ایم سی،شیخ زیداسپتال منتقل کردیا گیا، تینوں اسپتالوں میں جاں بحق وزخمی افرادکےناموں کی فہرست آویزاں کردی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق سول اسپتال میں 6زخمی،بی ایم سی میں 15 اور 16 زخمی شیخ زیداسپتال میں زیرعلاج ہیں، زخمیوں میں 4ایف سی اہلکاراورایک بچہ بھی شامل ہیں جبکہ جاں بحق افرادمیں بیشترکی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔

    وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت


    وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہزارگنجی دھماکےکی مذمت


    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہزارگنجی دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا شہداکےغم میں برابرکےشریک ہیں، انسانیت کےدشمن دہشتگردکسی رعایت کےمستحق نہیں، ملوث عناصرکیخلاف کارروائی کرکےکیفرکردارتک پہنچایاجائے۔

    جام کمال کا کہنا تھا شدت پسندسوچ کےحامل افرادمعاشرےکاناسورہیں، زخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، پرامن ماحول کوخراب کرنےکی سازش کوناکام بناناہو گا۔

    چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت


    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا پرامن ماحول خراب کرنےکی سازش کوناکام بناناہوگا، دہشت گردی کاملک سےخاتمہ اولین ترجیح ہے، دہشت گردکسی رعایت کےمستحق نہیں۔

    وہ وقت دورنہیں جب دہشت گردوں کامکمل خاتمہ ہو گا، فواد چوہدری


    وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کوئٹہ دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردامن کونقصان پہنچاکرترقی کونشانہ بناناچاہتےہیں، بہادرقوم اس عفریت کاجرات سےمقابلہ کرتی آئی ہے، وہ وقت دورنہیں جب دہشت گردوں کامکمل خاتمہ ہو گا۔

    شہبازشریف کی کوئٹہ دھماکےکی مذمت


    قائدحزب اختلاف شہبازشریف نے کوئٹہ دھماکےکی مذمت کی اور کہا اداروں اورعوام نےدہشت گردی کےخاتمےکےلئےقربانیاں دیں۔

    کسی دشمن کوامن کی شمع بجھانے نہیں دیں گے، حمزہ شہباز


    پنجاب اسمبلی میں قائدحزب اختلاف حمزہ شہبازکی کوئٹہ دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کےحملوں کاقوم نےہمیشہ یکجہتی سےمقابلہ کیا، اداروں اورعوام نےاپنےلہوسےامن کی شمع روشن کی ، کسی دشمن کوامن کی شمع بجھانے نہیں دیں گے ۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    واضح رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل کوئٹہ میں سریاب روڈ پر ہی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے تھے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ کو3 گولیاں لگیں، حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔