Tag: ہزارہ ایکسپریس حادثہ

  • ہزارہ ایکسپریس حادثہ، ریلوے نے 6 افسران کو معطل کر دیا

    ہزارہ ایکسپریس حادثہ، ریلوے نے 6 افسران کو معطل کر دیا

    لاہور: ہزارہ ایکسپریس حادثے کے بعد ریلوے کی جانب سے 6 افسران کو معطل کردیا گیا ہے، معطل افسران میں گریڈ 18 کے دو افسران بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جوائنٹ سرٹیفیکیٹ رپورٹ آنے کے بعد ہزارہ ایکسپریس حادثے پر ایکشن لیتے ہوئے ریلوے کی جانب سے 6 افسران کو معطل کردیا گیا ہے، گریڈ 18 کے دو افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان ریلوے نے بتایا کہ معطل افسران میں گریڈ 18 کے ڈی ای این سکھر حافظ بدرالعارفین اور ڈیزل ورکشاپ کراچی کے گریڈ 18 کے ورکس منیجرعاطف اشفاق بھی شامل ہیں۔

    نواب شاہ سے گریڈ 17 کے اے ای این مشرف مجید بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں، شہداد پور میں تعینات ریلوے انسپکٹر محمد عارف کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

    ریلوے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کوٹری میں پاور کنٹرولر بشیر احمد اور گریڈ 3 کے کینگل بھی معطل ہونے والوں میں موجود ہیں۔

    وضح رہے کہ ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کی جوائنٹ سرٹیفیکیٹ رپورٹ مرتب کر لی گئی، جو لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر کو موصول ہو گئی ہے، رپورٹ میں شعبہ سول اور مکینیکل کی نااہلی حادثے کی وجہ قرار دی گئی ہے۔

    جوائنٹ سرٹیفیکیٹ کے مطابق حادثے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، جب کہ حادثے کی وجہ پٹری کا ٹوٹنا اور فش پلیٹ نہ ہونا قرار دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین انجن وہیل اور ٹریک میں خرابی بھی حادثے کی وجوہ میں شامل ہیں۔

    جوائنٹ سرٹیفیکیٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے انجن کے وہیل ڈیمج پائے گئے ہیں اور ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لیے فش پلیٹ موجود نہیں تھی۔

  • کون سی ٹرین کب پہنچے گی، شیڈول جاری

    کون سی ٹرین کب پہنچے گی، شیڈول جاری

    کراچی: ہزارہ ایکسپریس حادثے کے باعث ملک میں ریلوے شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے، مختلف ٹرینوں کی روانگی اور آمد میں 20 گھنٹوں تک تاخیر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی میں 12 گھنٹے تک تاخیر ہوگی، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ملتان جانے والی بہاالدین زکریا ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اس لیے جو مسافر سفر نہیں کرنا چاہتے وہ ٹکٹ کا فل ریفنڈ لے سکتے ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق فرید ایکسپریس 1 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، قراقرم ایکسپریس 11 گھنٹے تاخیر سے رات 2 بجے روانہ ہوگی، تیز گام 12 گھنٹے تاخیر سے منگل کی صبح 5 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی۔

    راولپنڈی سے آنے والی گرین لائن ایکسپریس 17 گھنٹے تاخیر سے 6 بجے کراچی پہنچے گی، پشاور سے آنے والی خیبر میل 4 گھنٹے تاخیر سے 8 بجے کراچی پہنچے گی، تیز گام 19 گھنٹے اور علامہ اقبال 20 گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچے گی۔

    حویلیاں سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر سے 8 بجے صبح کراچی پہنچے گی، لاہور سے آنے والی کراچی ایکسپریس 20 گھنٹے تاخیر سے ساڑھے 6 بجے کراچی پہنچے گی، لاہور سے آنے والی شالیمار ایکسپریس 8 گھنٹے تاخیر سے صبح 8 بجے کراچی پہنچے گی۔

    لاہور سے آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 20 گھنٹے تاخیر سے ساڑھے 5 بجے صبح کراچی پہنچے گی، لاہور سے آنے والی فرید ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر سے 11 بجے صبح کراچی سٹی پہنچے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات 11 بجے سرہاری کے مقام پر اپ ٹریک بحال کر دیا گیا تھا، جب کہ ٹرین آپریشن اپ اور ڈاؤن ٹریک پر جاری ہے۔

  • ہزارہ ایکسپریس حادثہ، تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، دو شعبے ذمہ دار قرار

    ہزارہ ایکسپریس حادثہ، تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، دو شعبے ذمہ دار قرار

    لاہور: ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے میں تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، دو شعبے حادثے کے ذمہ دار قرار دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کی جوائنٹ سرٹیفیکیٹ رپورٹ مرتب کر لی گئی، یہ رپورٹ لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر کو موصول ہو گئی، جس میں شعبہ سول اور مکینیکل کی نااہلی حادثے کی وجہ قرار دی گئی ہے۔

    جوائنٹ سرٹیفیکیٹ کے مطابق حادثے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے، جب کہ حادثے کی وجہ پٹری کا ٹوٹنا اور فش پلیٹ نہ ہونا قرار دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرین انجن وہیل اور ٹریک میں خرابی بھی حادثے کی وجوہ میں شامل ہیں۔

    جوائنٹ سرٹیفیکیٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی شکار ٹرین کے انجن کے وہیل ڈیمج پائے گئے ہیں، اور ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لیے فش پلیٹ موجود نہیں تھی۔

    دوسری طرف ریلوے شعبہ سول اور شعبہ مکینیکل نے حادثے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے، دونوں شعبوں نے حادثے کی وجہ ایک دوسرے پر ڈال دی۔

  • ہزارہ ایکسپریس حادثہ مکینکل فالٹ ہوسکتا ہے، وفاقی وزیر ریلوے

    ہزارہ ایکسپریس حادثہ مکینکل فالٹ ہوسکتا ہے، وفاقی وزیر ریلوے

    مسافر ٹرین ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس حادثہ مکینکل فالٹ بھی ہوسکتا ہے، ٹرین مناسب رفتار سے جا رہی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سعدرفیق نے کہا کہ نوابشاہ اور سکھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، یہ تخریب کاری بھی ہوسکتی ہے اور مکینیکل فالٹ بھی ہوسکتاہے، میں صبح سوچ رہا تھا اللہ خیر کرے 3 دن رہ گئے ہیں کوئی بری خبرنہ آجائے۔

    انھوں نے کہا کہ حادثے میں 15 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، ہزارہ ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    سعد رفیق کے مطابق ہم کہہ رہے تھے 3، 2 دن رہ گئے ہیں کوئی حادثہ نہ ہوجائے اور وہی ہوا، ٹرین حادثے کے بعد آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج اور رینجرز کی جائے حادثہ پرامدادی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    آرمی چیف کی طرف سے امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج اور رینجرز کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، مزید دستوں کو حیدرآباد اورسکرنڈ سے طلب کر لیا گیا ہے۔