Tag: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

  • پی بی 26 ضمنی الیکشن: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادرعلی کامیاب

    پی بی 26 ضمنی الیکشن: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادرعلی کامیاب

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں ضمنی الیکشن میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار قادر علی نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔

    بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کے ضمنی الیکشن میں تمام 49 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری وغیرحتمی نتیجے کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نے 5272 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔

    جمعیت علمائے اسلام کے مولانا ولی ترابی 4258 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے آغا رضا 2426 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

    ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پرپولیس اور ایف سی اہلکار تعینات تھے۔

    پی بی 26 کوئٹہ : افغان شہری کا بطور ایم پی اے انتخاب کالعدم قرار

    یاد رہے کہ 2018 کے انتخابات میں اس نشست پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد کوہزاد کامیاب ہوئے تھے تاہم مخالف امیدوار کی جانب سے شہریت چیلنج کیے جانے پر الیکشن کمیشن نے افغان شہری ہونے پرانہیں نا اہل قرار دیا تھا۔

    احمد کوہزار 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے۔

  • ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین کے بڑے بھائی کو اغوا کرلیاگیا

    ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین کے بڑے بھائی کو اغوا کرلیاگیا

    کوئٹہ: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کے بڑے بھائی کو اغوا کرلیاگیا.

    تفصیلات کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کے بڑے بھائی عبدالعلی ہزارہ معروف کول ایجنٹ ہیں جو گزشتہ روز کوئٹہ کے وسطی علاقے ریگل پلازہ میں واقع اپنے دفتر پہنچے تو آٹھ مسلح افراد نے انہیں ملازم اور ڈرائیور سمیت اغواکرلیا.

    اغواکاروں نے بعد میں ڈرائیور اور ملازم کو مستونگ کے علاقے دشت کے قریب چھوڑ دیا اور عبدالعلی ہزارہ کو اپنے ہمراہ لے گئے.

    عبدالخالق ہزارہ کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی.

    یاد رہے گذشتہ ماہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان کے وزیر بلدیات سردارمصطفی خان ترین کے صاحبزادے سردار اسدخان ترین کو نامعلوم افراد نے پشین سے اغوا کرلیا تھا.

    سردار اسد خان ترین کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ کیڈٹ کالج پشین میں اپنی ڈیوٹی کرنے کے بعد واپس گھر جارہے تھے،اغوا کار اسد خان ترین کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے،جبکہ ان کی گاڑی سرخاب روڈ سے برآمد کرلی گئی تھی.

  • بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پرسیاسی جماعتوں کا اظہارِتشویش

    بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پرسیاسی جماعتوں کا اظہارِتشویش

    کوئٹہ : بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے صوبے میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے اغواء کئے گئے چار مغویوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پریس کلب میں جماعت اسلامی، جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت سات سیاسی و سماجی تنظیموں اور تاجر رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    پریس کانفرنس میں قاری مہر اللہ، مولانا عبدالکبیر و شاکر و دیگر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی دوبارہ سر اٹھارہی ہے، گزشتہ چند ماہ میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے 6 واقعات رونما ہوئے ہیں، جن پر بلوچستان کی عوام کو شدید تشیویش ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ اغواء ہونے والے ’’خدام بھٹی 70 لاکھ اور ڈاکٹر ارشاد کھوسہ بھاری تاوان کی رقم ادا کرنے کے بعد رہا ہوئے ہیں، جبکہ باقی چار مغوی ’’محمد رفیق کاکڑ، اسد خان ترین، عبدالنافع اچکزئی اور شیر خان اچکزئی‘‘ تاحال اغواء کاروں کے پاس موجود ہیں۔

    اس موقع پر رہنماؤں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اغواء برائے تاوان میں ملوث افراد کے سخت خلاف کارروائی کرتے ہوئے مغویوں کو فوری طور پر بازیاب کروائے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مغویوں کو بازیاب نہیں کروایا تو بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے سخت احتجاج کریں گے۔