Tag: ہلال جرات

  • معرکہ حق میں فتح: فیلڈ مارشل، ائیر چیف اور بلاول سمیت وفاقی وزراء اعلیٰ کو اعزازات سے نواز دیا گیا

    معرکہ حق میں فتح: فیلڈ مارشل، ائیر چیف اور بلاول سمیت وفاقی وزراء اعلیٰ کو اعزازات سے نواز دیا گیا

    اسلام آباد(14 اگست 2025): معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ہلال جرات سے نوازا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات دینے کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کے تشکیل کردہ سفارتی وفد کے ارکان کو بھی ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا ہے۔

    معرکہ حق میں نمایاں خدمات پر صدر مملکت کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار،  وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

    اس کے علاوہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو بھی نشان امتیاز سے نوازا گیا، صدر مملکت نے نمایاں خدمات پر وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیراحسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک اور حنا ربانی کھر کو بھی سول اعزازات سے نوازا گیا۔

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ہلال جرات کے اعزاز سے نوازا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکہ حق میں لازوال جرأت اور جنگی مہارت کا اعتراف میں ہلال جرأت دیا گیا۔

    ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی ہلال جرات سے نوازا گیا ہے، صدر مملکت نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو معرکہ حق کے دوران لازوال جرات، جنگی مہارت اور غیر متزلزل حب الوطنی کے اعتراف میں ہلال جرات دیا۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امیتاز سے نوازا گیا،  ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستارہ بسالت جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ائیر وائس مارشل محمد اورنگزیب اور رئیر ایڈمرل شہزاد حامد کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

    معرکہ حق میں دشمن کے طیارے گرانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو ستارہ جرأت سے نوازا گیا، صدر مملکت نے ونگ کمانڈر بلال رضا کو دلیرانہ فضائی مہارت پر ستارہ جرات سے نوازا، ونگ کمانڈر بلال رضا نے دشمن کا ایئر ڈیفنس کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کیا تھا۔

    ونگ کمانڈر حماد بن مسعود کو بھی ستارہ جرات سے نوازا گیا، صدر مملکت نے اسکواڈرن لیڈر محمد یوسف خان، اسکواڈرن لیڈر محمد اسامہ اشفاق، اسکواڈرن لیڈر محمد حسن انیس اور اسکواڈرن لیڈر طلال حسن کو بھی ستارہ جرات سے نوازا۔