Tag: ہمارے مہمان

  • نتاشہ حسین کے ہیرو نے انہیں کیوں مسترد کیا تھا؟

    نتاشہ حسین کے ہیرو نے انہیں کیوں مسترد کیا تھا؟

    کراچی: معروف اداکارہ نتاشہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے پہلے ڈرامے کے ہیرو ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا تھا جس سے انہیں بے حد صدمہ ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نتاشہ حسین اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں، پروگرام میں انہوں نے اپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا۔

    نتاشہ نے بتایا کہ ان کا پہلا ڈرامہ ندیم بیگ کے ساتھ تھا جنہیں وہ بچپن سے بے حد پسند کرتی تھیں۔ لیکن ندیم بیگ نے انہیں دیکھ کر مسترد کردیا اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ اداکاری نہیں کریں گے۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی غربت نہیں دیکھی، ان کے ہاتھ دیکھ کر کئی لوگوں نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں۔

    نتاشہ نے اپنی بیٹی تانیہ حسین سے بھی ملوایا، تانیہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک بار والدہ کے کہنے پر ہمسفر ڈرامہ دیکھا اور اس کے بعد سے انہیں اداکاری کا شوق ہوگیا۔

    تانیہ کے مطابق انہوں نے اداکاری والدہ سے زیادہ ماہرہ خان سے سیکھی۔

  • جیا علی نے ماڈلنگ کیوں کم کردی؟

    جیا علی نے ماڈلنگ کیوں کم کردی؟

    کراچی: ماضی کی معروف ماڈل اور اداکارہ جیا علی کا کہنا ہے کہ انہیں ماڈلنگ کا جنون تھا لیکن ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے ماڈلنگ کے لیے آہستہ آہستہ منع کرنا شروع کردیا تاکہ نئی ماڈلز کو موقع مل سکے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ماڈل جیا علی اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں جس کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے متعلق بہت کچھ بتایا۔

    جیا نے بتایا کہ انہیں سفید رنگ پہننا بہت پسند ہے، وہ بہت خوش لباس ہیں اور جو بھی پہنتی ہیں سب ان کی تعریف کرتے ہیں۔

    سابق ماڈل نے بتایا کہ ماڈلنگ ان کا جنون تھا لیکن ایک وقت ایسا آیا کہ انہوں نے ماڈلنگ کے لیے آہستہ آہستہ منع کرنا شروع کردیا تاکہ نئی ماڈلز کو موقع مل سکے۔

    انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے میرا مشورہ ہے کہ وہ اپنی مرضی کے کسی بھی شعبے کو اختیار کریں لیکن اپنی بنیادی تعلیم ضرور مکمل کریں، اس سے شخصیت میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔

    جیا علی کے شوہر عمران نے بتایا کہ ان دونوں کی شادی اچانک ہوئی، شادی سے قبل انہوں نے جیا کا کوئی ڈرامہ یا فلم نہیں دیکھا تھا۔

    دونوں نے بتایا کہ وہ باشعور ہیں لہٰذا شادی کے فیصلہ کرتے ہوئے انہوں نے صرف ان چیزوں کے بارے میں سوچا جو معنی رکھتی ہیں۔

  • انعم فیاض کا وہ روپ جو ان کے مداح نہیں جانتے

    انعم فیاض کا وہ روپ جو ان کے مداح نہیں جانتے

    معروف ٹی وی اداکارہ انعم فیاض کا کہنا ہے انہیں کک باکسنگ کا بے حد شوق ہے اور وہ اس کی مدد سے اپنے آپ کو فٹ رکھتی ہیں۔

    انعم فیاض اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان کی مہمان بنیں اور اپنی زندگی کی جھلک دکھلائی، انعم باکسنگ کی بے حد شوقین ہیں اور باقاعدگی سے اس کی پریکٹس کرتی ہیں۔

    انعم نے بتایا کہ انہیں شروع سے کچھ مختلف کرنے کا شوق تھا یہی وجہ ہے کہ اپنے آپ کو فٹ رکھنے کے لیے انہوں نے ٹریڈ مل یا جاگنگ کے بجائے کک باکسنگ کا سہارا لیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی نند بھی کک باکسنگ کرتی ہیں اور وہ انہی سے متاثر ہوئیں، اب وہ دونوں مل کر اپنا باکسنگ کا شوق پورا کرتی ہیں۔

    انعم کا کہنا تھا کہ ان کی ٹریننگ کا تقاضہ ہے کہ وہ جنک فوڈ اور مرغن کھانوں سے پرہیز کریں اور سادہ غذا کھائیں لیکن ان کی ساس بہت مزے کے کھانے بناتی ہیں اور ان کا ڈائٹنگ کا ارادہ دھرا کا دھرا رہ جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بچے کی ولادت کے کچھ دن بعد ہی باکسنگ شروع کردی تھی، اپنے انٹرویو میں انعم نے اپنے اہلخانہ سے بھی ملوایا جبکہ اپنی زندگی کے مختلف گوشوں کے حوالے سے بہت کچھ بتایا۔

  • پاکستان کا بروس لی جو 100 ریکارڈز بنانا چاہتا ہے

    پاکستان کا بروس لی جو 100 ریکارڈز بنانا چاہتا ہے

    کراچی: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج 60 ریکارڈز توڑنے والے راشد نسیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے 100 ورلڈ ریکارڈز بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 60 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑنے والے راشد نسیم اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں مہمان بنے۔

    راشد نسیم مارشل آرٹسٹ ہیں اور اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج 60 ریکارڈز توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے گھر کی چھت پر اکیڈمی بھی بنا رکھی ہے جہاں وہ نئی نسل کو مارشل آرٹس کی تعلیم دیتے ہیں۔

    راشد نے بتایا کہ انہیں تعلیم کے ساتھ مارشل آرٹس کا شوق پیدا ہوا اور انہوں نے دونوں میں توازن قائم رکھا۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی۔

    ان کی 7 سالہ بیٹی فاطمہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ توڑ چکی ہے۔

    اس بارے میں راشد کا کہنا ہے کہ انہوں نے لوگوں کو یہ شعور دینے کے لیے اپنی بیٹی کو مارشل آرٹس سکھایا کہ مارشل آرٹس بیٹیوں کو سب سے پہلے سکھانا چاہیئے تاکہ وہ جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط ہوں اور ان میں اعتماد پیدا ہو۔

    نن چکو کے ریکارڈز بنانے کے بعد راشد کو پاکستان کا بروس لی بھی کہا جانے لگا، راشد 100 ورلڈ ریکارڈز بنا کر پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

  • مجھے ٹی وی دیکھنے کا زیادہ شوق نہیں، اداکارہ جاناں ملک

    مجھے ٹی وی دیکھنے کا زیادہ شوق نہیں، اداکارہ جاناں ملک

    پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ جاناں ملک 26 اپریل 1984 کو پنجاب کے شہر لاہور میں پیدا ہوئیں، انہوں نے دو فلموں میں کام کیا سن 1998 میں پہلی فلم محافظ میں کام کیا، اس کے بعد انہوں نے فلم زور میں بھی کام کیا، تیرا برس کی عمر میں اپنے کیرئر کا آغاز کیا، انہوں نے لنڈا بازار ، ابن و آدم ،بلندی ، میرے حضور ، ٹوپی ڈرامہ ، دل دے دل تک، کس دن میرا ویا ہوگا ، جہیز نامی ڈراموں میں کردار ادا کیا ۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہمارے مہمان میں فلم اور ڈرامہ اداکارہ جاناں ملک نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے بارے میں بتایا کہ انہیں کھانا پکانے کا بہت شوق ہے، انہوں نے بتایا کہ میں دیسی کھانا بہت اچھا بنالیتی ہوں جیسے حلوہ ، بریانی ، کڑہائی اور خود مٹھائی بھی بنالیتی ہوں۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کتابیں پڑھنے کا بہت شوق ہے ، کتابیں اچھی ہوں تو ساری رات پڑھ لیتی ہیں، آج کل انہیں سائنسی کتابیں اچھی لگتی ہیں۔

    جاناں ملک نے کہا کہ مجھے ٹی وی دیکھنے کا زیادہ شوق نہیں میں چاہتی ہوں زندگی بت سکون سے گزرے، میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں ، میں پینٹنگ بھی کرتی ہوں میں نے اپنا گھر خود ڈیزائن کیا ہے، انوکھی اور منفرد چیزیں جمع کرنے کا شوق ہے ۔