Tag: ہمایوں سعید

  • کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے وہیں فلم انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، خصوصاً پاکستانی فلم انڈسٹری جو اس وقت اپنی بحالی کے مرحلے میں تھی اس وبا کے دوران خاصی متاثر ہوئی۔

    معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کرونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد جب سینما گھر کھلیں گے تو شائقین ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال سے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تعمیر نو جاری تھی، نئے سینما گھر کھل رہے تھے، سرمایہ کار اس طرف راغب ہورہے تھے لیکن کرونا وبا کی وجہ سے ان کوششوں کو خاصا دھچکا پہنچا۔

    انہوں نے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران لوگوں نے سینما گھروں کو بہت مس کیا ہے لہٰذا سینما کھلتے ہی وہ ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران نیٹ فلکس اور امیزون پرائم پر ویب سیریز اور مختلف قسم کا مواد دیکھنے کا رجحان بے حد بڑھ گیا ہے، لیکن تب بھی سینما دیکھنے کے لیے فیملی کے ساتھ باہر نکلنا اور درجنوں افراد کے ساتھ بڑی اسکرین پر فلم دیکھنا یہ وہ جادو ہے جو کسی صورت گھر بیٹھے حاصل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کی مقبولیت مزید بڑھتی جائے گی اس کے باوجود سینما کی جگہ کوئی نہیں لے سکے گا۔

    ہمایوں سعید نے بتایا کہ سینما گھر کھلتے ہی وہ خود بھی بھرپور انداز میں واپسی کریں گے۔ ان کی فلم لندن نہیں جاؤں گا 60 فیصد تیار ہے، اس کی 40 فیصد شوٹنگ لندن میں ہونی تھی لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے لندن بند ہوگیا۔

    ان کے مطابق جون جولائی تک جیسے ہی لندن میں لاک ڈاؤن ختم ہوگا وہ اس فلم کی شوٹنگ مکمل کریں گے اور ستمبر تک اس فلم کو ریلیز کردیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ان کی مزید فلموں کے اسکرپٹس بھی تیار ہیں جن کی شوٹنگ سال رواں کے وسط میں شروع کردی جائے گی۔

  • ہمایوں سعید کی تصویر وائرل

    ہمایوں سعید کی تصویر وائرل

    کراچی: معروف پاکستانی اداکار ہمایوں سعید کی عمران اشرف کے بیٹے کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے نامور اداکار نے عمران اشرف اور کرن اشرف کی شادی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر عمران اشرف کے بیٹے روہم کے ساتھ لی گئی یادگار تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہے۔

    سوشل میڈیا کی ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے لکھا کہ یہ تصویر عمران اشرف کے بیٹے روہم اشرف کے پیدائش کے کچھ وقت بعد کی ہے۔

    نامور اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے عمران اشرف اور ان کی اہلیہ کو شادی کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب روہم کی پیدائش ہوئی تھی تو عمران اشرف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کی بیٹے کی پہلی تصویر میں پوسٹ کروں گا۔‘

    ہمایوں سعید نے اپنے پیغام میں لکھا کہ روہم کے پیدائش کے وقت کی پہلی تصویر آج پوسٹ کر کے وعدہ پورا کر رہا ہوں۔اداکار نے عمران اشرف اور ان کے فیملی کی خوشیوں سے بھرپور زندگی کے لیے بھی دعا کی۔

    یاد رہے کہ اداکار عمران اشرف اور کرن عمران 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور گزشتہ سال ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    کراچی: معروف پاکستانی اداکاروں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی، دونوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے دعاؤں کے لیے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے واپس آنے والے معروف پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ان دونوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج رات موصول ہوگئی ہے۔

    عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے کوویڈ 19 کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہے، خدا کا شکر ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں عدنان صدیقی نے لکھا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے کے باجود ہم مزید 10 روز آئسولیشن میں رہیں گے اور اس کے بعد اپنے گھر جائیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے کی جانے والی دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    ہمایوں سعید نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سے کلیئر ہوجانے کے باجود ہم احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں گے۔

    خیال رہے کہ دونوں اداکار چند روز قبل امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد گھر جانے کے بجائے دونوں نے خود کو قرنطینیہ کر لیا تھا۔

    ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہ ہونے کے باوجود احتیاطاً ٹیسٹ بھی کروا لیا تھا جس کی رپورٹ آج منفی آگئی۔

  • ہمایوں سعید کے تھپڑ پر عدنان صدیقی کا جواب

    ہمایوں سعید کے تھپڑ پر عدنان صدیقی کا جواب

    کراچی : اداکار عدنان صدیقی نے ڈراماسیریل”میرے پاس تم ہو” میں تھپڑ مارنے والا سین پر ہمایوں سعید سے کہا صاحب تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا پیار سے لگتا ہے، اس ایک تھپڑ نے شہوار کو دنیا بھر میں دو ٹکے کا کردیا“۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس وقت ڈراما سیریل”میرے پاس تم ہو“مقبولیت میں تمام ڈراموں کو پیچھے چھوڑ چکا ہے، سوشل میڈیا پر جہاں اس ڈرامے کےڈائیلاگز کی دھوم مچی ہوئی ہے وہیں ڈرامے کے مرکزی اداکاروں ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی اورعائزہ خان کی اداکاری نے بھی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

    ڈرامے کی کہانی سے جہاں لوگ جذباتی طور پر جڑ گئے ہیں وہیں ڈرامے میں کام کرنے والے اداکار بھی ہر ہفتے نئی قسط نشر ہونے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے ڈراما سیریل”میرے پاس تم ہو“کی 13 ویں قسط میں ہمایوں سعید کا عدنان صدیقی کو تھپڑ مارنے والا سین بہت زیادہ وائرل ہوا اور لوگوں نے عدنان صدیقی اورہمایوں سعید کو بہترین اداکاری کرنے پر ایک بار پھر خوب داد دی۔

    ہمایوں سعید کی ٹوئٹ کے جواب میں عدنان صدیقی نے دلچسپ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ”صاحب تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا پیار سے لگتا ہے، اس ایک تھپڑ نے شہوار کو دنیا بھر میں دو ٹکے کا کردیا“۔

    بعد ازاں عدنان صدیقی مزاحیہ انداز میں ہمایوں سے شکوہ کرتے نظر آئے کہ ”دنیا کے سامنے ذلیل وخوار کرکے مجھے آپ میری اداکاری کی تعریف کررہے ہیں؟

    یاد رہے ہمایوں سعید نے لوگوں کی محبتوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس سین کا کریڈٹ عدنان صدیقی کو دیتے ہوئے کہا کہ عدنان صدیقی کی بہترین اداکاری کی وجہ سے یہ سین اتنا کامیاب ہوا۔

  • ہمایوں سعید کا کئی فٹ بلندی سے چھلانگ لگانے کا شاندار مظاہرہ ، ویڈیو وائرل

    ہمایوں سعید کا کئی فٹ بلندی سے چھلانگ لگانے کا شاندار مظاہرہ ، ویڈیو وائرل

    دبئی: پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے اپنی پیرا گلائیڈنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار، ماڈل اور پروڈیوسر اِن دنوں دبئی میں موجود ہیں، انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متحدہ عرب امارات کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

    ہمایوں سعید نے پیرا گلائیڈنگ کا شوق پورا کیا اور گزشتہ روز اس کی ویڈیو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’’ایک موقع ایسا آتا ہے کہ جب آپ اپنی زندگی کے اگلا قدم اٹھانے سے خوفزدہ ہوتے ہیں مگر جب آپ چھلانگ لگا دیتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ آپ پہلے سے زیادہ جوان ہیں‘‘۔ انہوں نے ایک بار پیرا گلائیڈنگ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

    ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ میرا پہلا تجربہ تھا جو بہت شاندار رہا، اگلی بار اکیلے ہی چھلانگ لگانے کا مظاہرہ کروں گا۔ ہمایوں سعید نے زندگی کا خوش گوار لمحہ ملنے پر دبئی ٹوررازم، دبئی سہولت بازار اور اے آر وائی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر ہمایوں سعید کا ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ قسط وار جاری ہے، جس میں اُن کے ساتھ عائزہ خان اور کبریٰ خان بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

    ڈرامے کی کہانی تین کرداروں عائزہ خان، کبری خان اور ہمایوں سعید کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے کی پہلی قسط 17 اگست کو ریلیز ہوئی جس نے شائقین کے دل جیت لیے۔ میرے پاس تم ہو کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دئیے جبکہ اس کی کہانی خلیل الرحمان قمر نے لکھی ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ اداکار ہمایوں سعید کی چار سال بعد ڈرامہ انڈسٹری میں  واپسی ہوئی، اس سے قبل وہ اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم جوانی پھر نئی آنی اور اس کے سیکوئل میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔

  • ہمایوں سعید اور ندیم بیگ اے آر وائی زندگی کا حصہ بن گئے

    ہمایوں سعید اور ندیم بیگ اے آر وائی زندگی کا حصہ بن گئے

    معروف اداکار ہمایوں سعید اور ہدایت کار ندیم بیگ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کا حصہ بن گئے۔ دونوں شخصیات نے نیٹ ورک کے اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    مشہور اداکار ہمایوں سعید نے بطور سینئر وائس پریذیڈنٹ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چینل اے آر وائی زندگی میں شمولیت اختیار کرلی۔

    دوسری جانب مشہور فلم و ڈرامہ ڈائریکٹر ندیم بیگ نے بھی بطور نائب صدر اے آر وائی زندگی اپنا عہدہ سنبھال لیا۔

    فلم انڈسٹری کی دونوں معروف شخصیات نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا نیٹ ورک کا حصہ بننے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

    ہمایوں سعید اس سے قبل اے آر وائی فلمز کی کئی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

    حال ہی میں ان کی ایک اور فلم پنجاب نہیں جاؤں گی تکمیل کے مراحل میں ہے جس کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ فلم میں ہمایوں سعید مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ وہ فلم کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں۔