Tag: ہمنگ برڈ

  • خدا کی قدرت، رنگ بدلنے والے خوبصورت پرندے کی ویڈیو وائرل

    خدا کی قدرت، رنگ بدلنے والے خوبصورت پرندے کی ویڈیو وائرل

    ویسے تو ہر پرندہ اپنی الگ خوبصورتی رکھتا ہے تاہم حال ہی میں انٹرنیٹ پر ایک رنگ بدلتے پرندے کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    یہ ویڈیو ہمنگ برڈ کی ہے جس دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ قرار دیا جاتا ہے، یہ پرندہ عموماً 7 سے 13 سینٹی میٹر کی جسامت رکھتا ہے۔

    اس کی ایک قسم نہایت خوبصورت رنگوں کی حامل ہوتی ہے اور اسے رنگ بدلنے والا پرندہ بھی کہا جاتا ہے، مذکورہ ویڈیو اسی پرندے کی ہے جس میں وہ ہر لمحہ اپنا رنگ بدل رہا ہے۔

    ویڈیو میں ایک شخص کے ہاتھ پر بیٹھے پرندے کے سر کا رنگ گلابی اور جامنی سا ہے لیکن جیسے ہی وہ اپنا سر گھماتا ہے اس کا رنگ سیاہ اور جامنی ہوجاتا ہے۔

    بار بار سر گھمانے پر ہر لحظہ اس کے سر کے بالوں کا رنگ تبدیل ہورہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس پرندے کے پروں پر کیراٹین کی ایک اضافی تہہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس کے پر اور بال نہایت خوبصورت اور چمکدار ہوتے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین اس پرندے کی خوبصورتی دیکھ کر نہایت حیران ہیں۔

  • پرندے کی شکل جیسا پودا جس نے ماہرین کو پریشان کر رکھا ہے

    پرندے کی شکل جیسا پودا جس نے ماہرین کو پریشان کر رکھا ہے

    سڈنی: شمالی آسٹریلیا میں ایک پودا دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے ہمنگ برڈ کے جیسا دکھائی دیتا ہے، ماہرین کے لیے پودا ایک معمہ ہے کیونکہ اس پورے علاقے میں ہمنگ برڈ کہیں نہیں پایا جاتا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شمالی آسٹریلیا میں کروٹیلاریا کننگہامیائی نامی ایک پھلی دار پودا پایا جاتا ہے جسے مقامی لوگ سبز پرندے والا پھول بھی کہتے ہیں۔

    جب اس پودے پر پھول نکلتے ہیں تو ان کی رنگت سبز ہونے کے ساتھ ساتھ وہ دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے ہمنگ برڈ جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

    پھول اس پودے کے تنے اور شاخوں سے اس طرح جڑے ہوتے ہیں گویا ہمنگ برڈ نے اپنی چونچ پودے میں گاڑ رکھی ہو۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ شمالی آسٹریلیا میں ہمنگ برڈ بالکل بھی نہیں پائے جاتے لیکن پھر بھی پودے پر ہوبہو شکر خورے جیسی شکل کے پھول اگ آئے ہیں جو ماہرین کے لیے کسی معمے سے کم نہیں۔

    ارتقائی نظریے کو دیکھا جائے تو کوئی بھی جاندار اپنے ماحول میں بقا کے امکانات بہتر بنانے کے لیے اپنے اندر اس نوعیت کی تبدیلیاں لاتا ہے کہ دوسرے حملہ آور یا ضرر رساں جاندار اس سے دور رہیں یا پھر دھوکے میں مبتلا رہیں۔

    اگر یہ بات مان لی جائے تو پھر اس پودے پر اگنے والے پھولوں کی ظاہری شکل کسی اور جانور جیسی ہونی چاہیئے تھی جو حملہ آور جانوروں کو دھوکے میں رکھتا، لیکن ہمنگ برڈ اس پورے علاقے میں کہیں نہیں پایا جاتا۔

    اس پھول کی ظاہری شکل ماہرین کے لیے کسی معمے سے کم نہیں ہے۔

  • وہ حیوانات جنھیں‌ آپ "پیٹو” کہہ سکتے ہیں!

    وہ حیوانات جنھیں‌ آپ "پیٹو” کہہ سکتے ہیں!

    خشکی اور پانی میں‌ رہنے والے مختلف حیوانات اپنی جسامت، جثے یا جسمانی ضرورت اور پسند کے مطابق غذا اور خوراک استعمال کرتے ہیں، لیکن ان میں‌ سے بعض کی یومیہ خوراک بہت زیادہ ہوتی ہے۔

    آپ چاہیں تو ان حیوانات کو پیٹو بھی کہہ سکتے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران ٹڈی دل کے حملوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ماہرینِ حیوانات کے مطابق ٹڈیوں کی مختلف نسلیں یا اقسام جو دنیا میں‌ پائی جاتی ہیں،‌ ان کی غذا اور خوراک ‌میں‌ بھی فرق ہوسکتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق فصلوں کو برباد کردینے والی ٹڈیاں بہت زیادہ کھاتی ہیں۔

    ٹڈیوں کے بعد ان چند حیوانات کے بارے میں‌ پڑھیے جنھیں‌ دنیا میں سب سے زیادہ کھانے والوں میں‌ شمار کیا جاتا ہے۔

    ماہرینِ حیوانات کے مطابق جانداروں میں سب سے زیادہ خوراک بلیو وہیل کی ہوتی ہے۔ یہ یومیہ تقریباً چار ٹن خوراک کی عادی ہوتی ہے۔ آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ یہ آبی مخلوق روزانہ کرل نامی چار کروڑ سمندری حیات کو اپنی غذا بناتی ہے۔

    اسی طرح بہت زیادہ کھانے کے لیے افریقی نسل کے ہاتھی بھی مشہور ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان کی خوراک بہت زیادہ ہوتی ہے۔ ایک افریقی ہاتھی روزانہ تقریباً 60 کلو گرام خشک چارہ کھاتے ہیں۔

    "ہمنگ برڈ” کو دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ کہا جاتا ہے جو بہت زیادہ غذا کھانے والے جانداروں‌ میں‌ سے ایک ہے۔ سائنس دانوں نے تحقیق سے معلوم کیا کہ یہ پرندہ ہر 15 منٹ میں پھلوں کا جوس چوستے ہیں۔ اس پرندے کی تین سو اقسام میں‌ سے چھوٹے سائز والے ہمنگ برڈ بڑے کے مقابلے میں زیادہ کھاتے ہیں۔

  • ننھی چڑیا اپنے محسن کو نہ بھولی، موسم بدلنے پر ہر سال ملنے آتی ہے

    ننھی چڑیا اپنے محسن کو نہ بھولی، موسم بدلنے پر ہر سال ملنے آتی ہے

    امریکی ریاست جارجیا میں ایک سیکیورٹی افسر ہر سال ایک ننھے سے مہمان کا استقبال کرتا ہے، یہ مہمان کوئی اور نہیں ننھا سا ہمنگ برڈ ہے جو ہر سال اپنے اس محسن سے ملنے آتا ہے۔

    دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ ہمنگ برڈ جو نصف انسانی انگلی سے بھی چھوٹا ہے، ہر سال اپنے اس دوست سے ملنے کے لیے آتا ہے۔

    مائیکل کارڈنز نامی یہ سیکیورٹی افسر بتاتا ہے کہ 4 سال قبل اپنے گارڈن میں اسے یہ پرندہ اس حالت میں ملا تھا کہ اس کے پر ٹوٹے ہوئے تھا، یہ زخمی تھا اور اڑ نہیں سکتا تھا۔

    مائیکل نے اس پرندے کی دیکھ بھال کی اور اس کی غذا کا خیال رکھا، 8 ہفتوں بعد جب پرندے کے پر دوبارہ اگ آئے اور وہ اڑنے کے قابل ہوگیا تو وہ واپس اپنے گھر کی طرف لوٹ گیا۔

    اس کے اگلے برس مائیکل نے دیکھا کہ وہ پرندہ پھر اس کی کھڑکی پر موجود تھا۔ یہ پرندہ اس علاقے سے دور جنوب کی طرف رہتا ہے اور مائیکل کے مطابق یہ خاصا لمبا سفر کر کے اس سے ملنے آیا تھا۔

    اس کے بعد یہ ہر برس کا معمول بن گیا۔ ہر سال جب پرندے ہجرت کرنا شروع ہوتے ہیں تو یہ پرندہ اپنے دوسرے گھر جانے سے قبل اپنے محسن سے ملنے ضرور آتا ہے جس نے اس کی جان بچائی تھی۔

    مائیکل کہتا ہے کہ اپنے اس دوست سے ملاقات کر کے اسے بے حد خوشی ملتی ہے اور اب وہ ہر سال شدت سے اس کا انتظار کرتا ہے۔