Tag: ہم جنس پرست

  • فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    پیرس: ایمانوئل میکرون کا نامزد کردہ ہم جنس پرست سیاست دان گیبریئل اتال فرانس کا وزیر اعظم بن گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے وزیر تعلیم گیبریئل اتال ملک کے نئے وزیر اعظم بن گئے، 34 سالہ گیبریئل فرانس کے اب تک کے سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہیں اور اسے انھوں نے کبھی نہیں چھپایا۔

    سابق وزیر اعظم ایلزبتھ بورن کے استعفے کے بعد صدر ایمانوئل میکرون نے گیبریل اتال کو نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا تھا، سابق وزیر اعظم الزبتھ بورن 20 ماہ عہدے پر رہنے کے بعد مستعفی ہوئیں، ان کے وزارت عظمیٰ کا دور دو سال سے بھی کم عرصے پر محیط رہا۔

    سیاسی ماہرین میکرون کی اتال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

    گیبریئل اتال فرانسیسی حکومت کے ترجمان کے طور پر سامنے آئے تھے اور پھر تیزی سے مقبول ہو کر وزیر تعلیم بنے، ایک سروے میں وہ ایمانوئل میکرون کی انتظامیہ کے سب سے زیادہ مقبول وزیر قرار پائے تھے۔

    الزبتھ بورن نے پیر کو امیگریشن قانون پر سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد استعفیٰ دیا، حکومت نے اس قانون کے ذریعے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے اختیار میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  • فلپائن میں ہم جنس پرست سڑکوں پر آگئے

    فلپائن میں ہم جنس پرست سڑکوں پر آگئے

    منیلا/اسکوپیے : فلپائنی صدر ڈوٹیرٹے نے ہم جنس پرستوں کی پریڈ سے خطاب کے دوران اپنے مخالفین کےلیے کئی مرتبہ ’گے‘ لفظ استعمال کیا جس پر شرکا ء نے ناراضی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائنی دارالحکومت منیلا میں ”گے “پریڈ کا اہتمام کیا گیاجس پریڈ میں ہزاروں ہم جنس پرستوں نے شرکت کی، دوسری جانب شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں بھی ہم جنس پسندوں کی پہلی ریلی نکالی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پریڈ ایسے وقت میں منعقد کی گئی جب فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے چند روز قبل کہا تھا کہ وہ ہم جنسی پرستی کی بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ صدر ڈوٹیرٹے نے لفظ ”گے“ کئی مرتبہ اپنے مخالفین کے لیے تقاریر میں استہزائیہ انداز میں بھی استعمال کیا، پریڈ کے کئی شرکاءملکی صدر کے ایسے بیانات پر ناراضی کا اظہار کرتے دیکھے گئے۔

    منتظمین کے مطابق پریڈ میں تیس ہزار سے زائد افراد شریک تھے، دوسری جانب شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے میں بھی ہم جنس پرستوں کی جانب سے پہلی ریلی نکالی گئی۔

    یاد رہے کہ جنوب مشرقی ایشیا میں واقع مسلم اکثریتی ملک برونائی میں رواں سال اپریل میں نئے اسلامی قوانین کا اطلاق کیا گیا تھا، جس کے تحت ہم جنس پرستی کرنے اور بدفعلی کے مرتکب افراد کو سنگسار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    انسانی حقوق کی عالمی تنظیم اور دیگر ممالک نے شرعی قوانین کے نفاذ کا اعلان کرنے کے بعد برونائی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ اعلان کو واپس لیا جائے ، ابتدائی طور حکومت نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے اسے اندرونی معاملہ قرار دیا تھا۔

    بعد ازاں جنوب مشرقی ایشیاء کے ملک برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ نے عالمی سطح پر سخت تنقید کے بعد اعلان کیا ہے کہ ہم جنس پرستی اور زنا کے مرتکب افراد کو سنگسار نہیں کیا جائے گا۔

  • اولاد ہم جنس پرست ہوئی تو ساتھ دوں گا، شہزادہ ولیم کا شرمناک انکشاف

    اولاد ہم جنس پرست ہوئی تو ساتھ دوں گا، شہزادہ ولیم کا شرمناک انکشاف

    لندن : شہزادہ ولیم نے ہم جنس پرستوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے بچے ہم جنس پرست ہوئے تو ان کی حمایت کروں گا، مجھے معلوم ہے اس معاملے پرمیرے خاندان اور رتبے سے مجھے پریشانیاں اٹھانی پڑ سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم نے کہاہے کہ اگر ان کے بچے ہم جنس پرست ہوئے تو وہ ان کی پوری طرح سے حمایت کریں گے تاہم اس کے لیے ان پر آنے والے دباؤ پر پریشان ہوں گا۔

    شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ میں نے یہ والد بننے سے قبل ہی سوچ لیا تھا، کاش ہم ایسی دنیا میں رہتے جہاں یہ عام اور اچھی بات ہوتی مگر میرے خاندان اور رتبے سے مجھے پریشانیاں اٹھانی پڑ سکتی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارےکا کہنا تھا کہ یہ بات انہوں نے لندن میں منعقدہ البرٹ کینیڈی ٹرسٹ (اے کے ٹی) کی ایل جی بی ٹی یوتھ چیریٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    واضح رہے کہ یہ ٹرسٹ ان ہم جنس پرستوں کی مدد کرتا ہے جنہیں بے گھر ہونے کے خدشات ہوتے ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ میرے بچے جو بھی فیصلہ کریں گے میں ان کی پشت پناہی کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کتنی رکاوٹیں ہیں آپ جانتے ہیں، نفرت آمیز جملے اور تفرقہ جھیلنا پڑ سکتا ہے، یہ بات بھی مجھے پریشان کرتی ہے۔

    شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر اسے ٹھیک کرنا ہوگا اور اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ یہ ساری باتیں ماضی کا حصہ بن جائیں۔

  • برطانیہ میں ہم جنس پرست خواتین پر تشدد

    برطانیہ میں ہم جنس پرست خواتین پر تشدد

    لندن : برطانوی دارالحکومت میں نازیبا فعل انجام نہ دینے پر نوجوانوں کے ایک گروہ نے ہم جنس پرست خواتین کو لہولہان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے کیمدن ٹاؤن میں ہم جنس پرست خواتین پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا جہاں رات گئے بس میں سفر کرنے والی دو ہم جنس پرست خواتین کو بوسہ نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    متاثرہ خاتون میلانیا گیمونٹ اور کرس نے بتایا کہ ان پر متعدد مردوں نے رات گئے حملہ کرکے لہولہان کیا جب انہوں نے بوسہ دینے سے انکار کیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں متاثرہ خواتین کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، حادثے کے دوران دونوں خواتین کے چہروں پر گہرے زخم آئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث چار نوجوانوں کی عمر 15 سے 18 برس کے درمیان ہے جنہوں نے 28 سالہ میلانیا گیمونٹ اور 29 سالہ کرس کو تشدد نشانہ بنایا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق گیمونٹ نے بتایا کہ بوسہ دینے سے انکار پر نوجوانوں کے گروہ نے انہیں اور ان کی دوست کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث ان کا چہرہ خون سے بھرگیا۔

    متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیں ہم جنس پرست ہونے کے باعث زبانی حملوں کا سامنا رہا ہے لیکن پہلی مرتبہ سرعام مارپیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فویج حاصل کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے لیکن ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین پر تشدد کا واقعہ 30 مئی کی رات پیش آیا تھا۔

    برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ 2014 سے 2018 تک ہم جنس پرستوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، پانچ سالوں کے دوران صرف دارالحکومت لندن میں ہم جنس پرستوں پر تشدد کے 1488 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جبکہ پورے برطانیہ میں 2308 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

  • جکارتہ، ہم جنس پرست جوڑے کو سرعام لاٹھیاں مارنے کی سزا

    جکارتہ، ہم جنس پرست جوڑے کو سرعام لاٹھیاں مارنے کی سزا

    جکارتہ : انڈونیشیا کی شرعی عدالت نے دو ہم جنس پرست مردوں کو سرعام 85 لاٹھیاں مارنے کا حکم دیا جس پر عمل درآمد آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے صوبہ آچہ کی عدالت نے 20 اور 23 سال کے نوجوانوں کو آپس میں جنسی تعلقات رکھنے کی پاداش میں 85 ڈنڈے مارنے کا حکم دیا، دونوں نوجوانوں کو مارچ کے آخر میں بندا آچہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    چیف پراسیکیوٹر گلمائنی کا کہنا تھا کہ ان نوجوانوں کی سزاوں پر عملدرآمد آئندہ ہفتے ماہ رمضان سے قبل ہی کیا جائے گا اور عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے نوجوانوں کو سر عام سزا کے لیے متعین مخصوص لاٹھیاں ماری جائیں گے۔

    خیال رہے انڈونیشیا میں کوڑوں کے بجائے لاٹھیاں مارنے کا رواج ہے اور مجرموں کو سزا دینے کے لیے مخصوص قسم کی لاٹھیاں تیار کی جاتی ہیں جو باریک، لچکدار اور تیزدھار ہوتی ہے جن سے مجرموں کے اعضاء پر ضرب لگائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے سرعام کوڑے یا لاٹھیاں مارنے کی سزاؤں کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین سے متصادم کہا اور سزاؤں کے لیے دیگر طریقوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے دونوں نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

    انڈونیشین پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا اپنے آئین اور قانون کے تحت مجرموں سے نمٹنے کا پورا حق رکھتا ہے یہ ایک اسلامی ملک ہے جہاں ہم جنس پرستی ممنوع ہے اور جو کوئی اس جرم میں مرتکب پائے گا سزا کا حق دار ہوگا۔

  • برطانوی ملکہ کے کزن ہم جنس پرستی میں مبتلا نکلے

    برطانوی ملکہ کے کزن ہم جنس پرستی میں مبتلا نکلے

    لندن: برطانوی شاہی خاندان کے ایک رکن اور برطانوی ملکہ کے کزن لارڈ آئیور ماؤنٹ بیٹن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہم جنس پرست ہیں۔

    برطانوی اخبار کے مطابق لارڈ آئیور کے اپنی سابقہ اہلیہ سے تین بچے ہیں تاہم اب انہوں نے اعلانیہ اس بات کو تسلیم کرلیا ہے کہ وہ ہم جنس پرست ہیں۔ اب ان کے ایک ایئر لائن کے ڈائریکٹر کے ساتھ تعلقات ہیں اور وہ اس تعلق سے خوش ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کی سابق اہلیہ کو اس بات کا علم تھا اور وہ اس بات کو سمجھتی تھیں۔
    royal-new

    لارڈ ماؤنٹ کا کہنا تھا، ’مسئلہ یہ نہیں تھا کہ میں شاہی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ مسئلہ یہ تھا کہ میں جس نسل میں پیدا ہوا وہ اس کو قبول نہیں کرسکتی تھی۔ اتنے عرصہ بعد انکشاف کرنے کی وجہ بھی یہی تھی کیونکہ اب وقت پہلے جیسا نہیں رہا‘۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں ہم جنس پرستوں کو مکمل آزادی اور یکساں حقوق حاصل ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ برس امریکی سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دیتے ہوئے اسے ایک قانونی حق قرار دیا تھا۔ اس سے قبل امریکا کی 36 ریاستوں میں ہم جنس پرست جوڑوں کو شادی کی اجازت حاصل تھی اور عدالتی فیصلے کے بعد باقی 14 ریاستوں نے بھی اس پر عائد پابندی ختم کردی تھی۔

    واضح رہے کہ اسلام سمیت دیگر مذاہب نے ہم جنس پرستی کو حرام قرار دیا ہے اور آج بھی دنیا کے زیادہ تر معاشروں میں ہم جنس پرستی کو پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا جاتا۔