Tag: ہندو لڑکیوں کا اغوا

  • گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں دو کم عمر ہندو لڑکیوں کی تبدیلی مذہب اور پسند کی شادی کے معاملے پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے نکاح خواں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں لڑکیوں کی پسند کی شادی کے معاملے پر پہلی پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے نکاح خواں اور تقریب کے دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر لڑکیوں کے والدین کے پاس پہنچ گئے، پولیس افسران نے لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کر کے بات چیت کی۔

    ایس ایس پی فرخ لنجار نے بتایا کہ نکاح خواں سمیت دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ہونے والے افراد سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور حکومت سندھ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرے۔

    ادھر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس معاملے پر قانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔

  • ہندو لڑکیوں کا اغوا اور شادی، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا: ناصر حسین شاہ

    ہندو لڑکیوں کا اغوا اور شادی، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا: ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے گھوٹکی واقعے کو بد قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن ہوگا، اس معاملے پر قانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی پروگرام سوال یہ ہے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے معاملے پر چیئرمین بلاول بھٹو نے نوٹس لیا ہے، ان کی ہدایت پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایات جاری کیں، معاملے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے بھی رابطہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہندو لڑکیوں کا اغوا پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے، بھارت مداخلت نہ کرے، رمیش کمار

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی نے قانون سازی بھی کی ہے، ہماری ہم دردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹوکی ہدایت پر اقلیتی برادری کا بہت خیال رکھتے ہیں، سندھ میں قانون لاگو ہے وہ لوگ دوسرے صوبے گئے۔

    خیال رہے کہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں دو کم عمر لڑکیوں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے مسلمان کیا گیا اور بعد ازاں ان کی شادیاں کرائی گئیں، تاہم ایک وڈیو میں لڑکیوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے گئیں اور مسلمان ہوئیں۔

  • ہندو لڑکیوں کا اغوا پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے، بھارت مداخلت نہ کرے، رمیش کمار

    ہندو لڑکیوں کا اغوا پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے، بھارت مداخلت نہ کرے، رمیش کمار

    اسلام آباد: پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ رمیش کمار نے ہند لڑکیوں کے اغوا اور مذہب کی تبدیلی کے معاملے پر وزیراعظم کے نوٹس لینے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان کے اندورنی معاملے میں مداخلت نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندوکونسل کے پیٹرن انچیف رمیش کمار نے ہندو لڑکیوں کے معاملے پر وزیراعظم کےنوٹس لینے پر ہندو برادری کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم کی قیادت میں اقلیتوں کےمسائل حل کرنے کی طرف جائیں گے۔

    رمیش کمار نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ ہندولڑکیوں کااغوا پاکستان کااندرونی معاملہ ہے، پڑوسی ملک کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔

    دوسری جانب ہندو برداری سے تعلق رکھنے والے رہنما نے لڑکیوں کے اغوا پر بھارتی میڈیا میں کیے جانے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت پہلے اپنا گھر ٹھیک کرے اور دوسروں کی فکرچھوڑدے‘۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں پرظلم کررہی ہے، بھارت میں مقیم مسلمانوں،مسیح،سکھوں پرریاستی دہشتگردی کررہی ہے،انتہاپسندہندوپوری دنیاکےامن کےلئےخطرہ بن چکےہیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہندو برادری کےتحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ کیل داس کوہستانی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کرائیں۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کیا کہ دو ہندو لڑکیوں کو سندھ سے اغوا کرکے رحیم یارخان منتقل کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگرایسا ہے تو بچیوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

    ‘‘وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پرمشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اور حکومت سندھ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں‘‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں اور اپنے پرچم کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔