Tag: ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادی

  • گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: ہندو لڑکیوں کی شادیاں، نکاح خواں اور شرکا گرفتار

    گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں دو کم عمر ہندو لڑکیوں کی تبدیلی مذہب اور پسند کی شادی کے معاملے پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے نکاح خواں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں لڑکیوں کی پسند کی شادی کے معاملے پر پہلی پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے نکاح خواں اور تقریب کے دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر لڑکیوں کے والدین کے پاس پہنچ گئے، پولیس افسران نے لڑکیوں کے والدین سے ملاقات کر کے بات چیت کی۔

    ایس ایس پی فرخ لنجار نے بتایا کہ نکاح خواں سمیت دیگر شرکا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ہونے والے افراد سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور حکومت سندھ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرے۔

    ادھر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس معاملے پر قانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔

  • مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیاں روک دوں گا، عمران خان

    مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیاں روک دوں گا، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آ کر مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیوں کا سلسلہ روک دوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک کنونشن میں اقلیتی گروپ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں آ کر اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں ہندو لڑکیوں کی مسلمانوں کے ساتھ زبردستی شادیاں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ انھیں ہندو برادری سے شکایتیں ملی ہیں کہ سندھ میں مسلمان لڑکوں سے ان کی عورتوں کی زبردستی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق پارٹی ایجنڈا بھی پیش کیا اور کہا ’یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے غریب طبقات کو بنیادی حقوق فراہم کرے۔‘

    منیشا کی بلال سے شادی، محبت اورانسانیت کی جیت، دھرم ہارگیا


    انھوں نے اپنے خطاب میں پیغمبر اسلام کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدﷺ نے مدینے کی فلاحی ریاست میں اقلیتوں کو ان کے حقوق دیے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں ہر ماہ زبردستی کی پچیس شادیاں کرائی جا رہی ہیں، اقلیتی برادریاں زیادہ تر پس ماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، طاقت ور کے پنجے سے ان کی آزادی کا واحد راستہ ان کی ترقی ہی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں زیادہ تر ہندو خاندان سندھ میں رہائش پذیر ہیں، جب سندھ کے دیہات میں پس ماندگی بھی عروج پر ہے، پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی حکومت نے ان کی ترقی کے لیے کبھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔