Tag: ہنگامہ آرائی

  • حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی پر لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمہ تھانہ پرانی انار کلی میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتاری کے موقع پر لیگی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی پر تھانہ پرانی انار کلی میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے عدالت پہنچتے ہی کارکنوں نے نعرے بازی کی، انھیں احاطۂ عدالت میں نعرے بازی سے روکا گیا تو وہ پُر امن نہ رہے اور مشتعل ہو گئے، لیگی کارکن فرزانہ بٹ نے کانسٹیبل علی رضا کو تھپڑ مارا۔

    ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب ٹیم حمزہ کو لے کر نکلی تو کارکنوں نے نیب کی گاڑی روکنے کی کوشش کی، منع کرنے پر انھوں نے اینٹی رائٹ فورس کے اہل کاروں کو نشانہ بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرلیا

    خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر نیب کے ہاتھوں حمزہ شہباز کی گرفتاری کے موقع پر ن لیگی خواتین ارکان کی جانب سے پر تشدد احتجاج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرزانہ بٹ سمیت دیگر خواتین نے اینٹی رائٹ فورس کے اہل کاروں کو دھکے دیے، سیاسی خواتین کے تشدد کے نتیجے میں اہل کار عمار احمد کا بازو زخمی ہوا، سب انسپکٹر محمد اقبال خواتین کے دھکے دیے جانے سے بے ہوش ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق کانسٹیبل علی رضا اور عبد الرحمان سے بھی ناروا سلوک اور گالم گلوچ کی گئی، اہل کاروں نے قیام امن کے لیے تحمل، برد باری، پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، پولیس جوانوں نے ناروا رویے کے باوجود خواتین کا احترام ملحوظ خاطر رکھا۔

  • پنجاب : مختلف شہروں سے ہنگامہ آرائی اورجلاؤ گھیراؤ میں ملوث201افراد گرفتار

    پنجاب : مختلف شہروں سے ہنگامہ آرائی اورجلاؤ گھیراؤ میں ملوث201افراد گرفتار

    لاہور /گوجرانوالہ / قصور : پولیس نے گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے لاہور، قصور اور گوجرانوالہ سے201افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنوں اور مظاہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی گئی، جس کے باعث شہریوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ان ہنگاموں میں درجنوں گاڑیاں اور دکانیں جلا کر خوف و ہراس پھیلایا گیا، بعد ازاں مظاہرین کے قائدین سے مذاکرات اور حکومت کی واضح ہدایات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کردیا۔

    لاہور پولیس نے مختلف علاقوں سے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث52 شر پسندوں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق دس افراد نے قبل ازگرفتاری ضمانت لے لی ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے و مظاہرے، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اس کے علاوہ گوجرانوالہ ریجن سے49افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قصور سے30 افراد حراست میں لیے گئے، اس کے علاوہ شیخوپورہ کے مختلف مقامات سے بھی 70افراد ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیہراؤ کے الزام میں پکڑے گئے ہیں، گرفتارملزمان پر توڑپھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر11مقدمات درج ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سےگرفتار کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔

  • یکم اور 2 نومبر کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    یکم اور 2 نومبر کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: وفاقی حکومت نے یکم اور 2 نومبرکو ہنگامہ آرائی کرنے، نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ مملکت مواصلات مراد سعید، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی افتخار درّانی، ایف آئی اے، پی ٹی اے اور ٹریفک پولیس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

    [bs-quote quote=”ایف آئی اے، نادرا اور پی ٹی اے سے شر پسندوں کی شناخت پر رپورٹس کل تک طلب” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اجلاس میں شناخت میں آنے والے شر پسندوں کی فوری گرفتاریوں کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ملک بھر سے جمع توڑ پھوڑ کے شواہد پر کارروائی کی حکمتِ عملی بھی ترتیب دی گئی۔

    ایف آئی اے، نادرا اور پی ٹی اے سے شر پسندوں کی شناخت پر رپورٹس کل تک طلب کی گئیں، اجلاس میں شر پسندوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے وزارتِ دفاع سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں نے محنت سے حاصل شدہ املاک کو انتہائی بے دردی سے برباد کیا، املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ریاستی طاقت استعمال کرتے تو نقصان کا اندیشہ تھا، فواد چوہدری


    وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شر پسندوں کی شناخت اور گرفتاری کے سلسلے میں تعاون کریں۔

    دریں اثنا وزارتِ داخلہ نے شر پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے چاروں صوبوں کو مراسلہ لکھا، ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے متاثرہ شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ 5 نومبر کی شام تک حکومت کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

     وفاقی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب میں سیل قائم کر دیا گیا۔

  • بلوچستان اسمبلی اکھاڑہ بن گئی، ہنگامہ آرائی، تلخ جملوں کا تبادلہ

    بلوچستان اسمبلی اکھاڑہ بن گئی، ہنگامہ آرائی، تلخ جملوں کا تبادلہ

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں مولانا عبدالواسع اور خالد لانگو کے درمیان بدعنوانی کے الزامات پر گرما گرمی ہوگئی، ہنگامہ بڑھنے پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا، ایوان کی لڑائی ایوان سے باہر بھی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران مولانا عبدالواسع اور خالد لانگو کے درمیان بدعنوانی کے الزامات پر گرما گرمی ہوگئی۔ ہنگامہ بڑھنے پر اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا۔

    بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہوا جب جمعیت علماء اسلام کے رکن اور سابق اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کورم کے معاملے پر اپنی تقریر کے دوران بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عوام کے لئے پانی کے ٹینکر بنائے گئے جبکہ مخالفین بدعنوانی کرکے پانی کی ٹینکیوں کو پیسوں سے بھرتے رہے.

    ٹینکیوں کا ذکر ہوتے ہی سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو شدید برہم ہوگئے اور معاملہ تلخ جملوں کے تبادلے تک جا پہنچا،اس دوران جے یوآئی ف کے مفتی گلاب بھی میر خالد لانگو سے الجھ گئے، اسپیکر کی ہدایت پر مائیک بند کروانے کے باوجود میر خالد لانگو بولتے رہے جس پر اسپیکر راحیلہ حمید درانی نے اسمبلی کا اجلاس تیس مارچ تک ملتوی کرنا پڑا.

    معاملہ یہیں ختم نہ ہوا بلکہ اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کے بعد خالد لانگو کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں جمعیت علماء اسلام پر شدید تنقید کی گئی، پریس کانفرنس میں خالد لانگو نے خبردار کیا کہ آئندہ جس رہنما نے پانی کے ٹینکرز میں نوٹوں کا ذکر کیا وہ کھرا او ر موثر جواب سننے کو بھی تیا رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برسٹل واقعہ: انگلش آل راؤندڑبین اسٹوکس پرفرد جرم عائد

    برسٹل واقعہ: انگلش آل راؤندڑبین اسٹوکس پرفرد جرم عائد

    لندن : انگلش کرکٹ ٹیم کے آل راؤندڑ بین اسٹوکس پربرسٹل میں نائٹ کلب کے باہر ہنگامہ آرائی کرنے کے کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی عدالت نےانگلینڈ کرکٹ ٹیم کےآل راؤنڈر سمیت دیگر دوکھلاڑیوں پر گزشتہ برس ستمبر میں برسٹل میں نائٹ کلب کے باہرجھگڑا کرنے سے متعلق فرد جرم عائد کردی۔

    پولیس حکام کے مطابق انگلش کرکٹر بین اسٹوکس ودیگرملوث کھلاڑیوں کے خلاف تمام ترثبوت اکھٹے کرکےعدالت میں پیش کیے گئے جس پرعدالت نے فرد جرم عائد کی۔

    بین اسٹوکس پر اگر برطانوی کراؤن کورٹ میں مقدمہ چلتا ہے کہ تو سرعام لڑائی کرنے انہیں 3 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے تاہم مجسٹریٹ کورٹ مقدمہ چلنے پربھاری جرمانہ یا 6 ماہ قید ہوسکتی ہے۔

    ترجمان انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بورڈ آل راؤنڈر بین اسٹوکس سے متعلق آئندہ 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف وہ سیریز کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔


    اسٹیڈیم کے باہر تصادم، اسٹوکس تفتیش کے لیے گرفتار


    خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بین اسٹوکس کو برسٹل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے بعد نائٹ کلب کے باہر جھگڑا کرنے پرپولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    بین اسٹوکس کو اس واقعے کے بعد رات پولیس اسٹیشن میں گزارنی پڑی تھی جبکہ وہ ایشز سریز میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے۔

    واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے بین اسٹوکس کو آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے جو رواں سال اپریل میں کھیلی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • ہنگامہ آرائی کی آڑمیں نیب پراسیکیوشن ٹیم پرحملے کی کوشش کی گئی، نیب

    ہنگامہ آرائی کی آڑمیں نیب پراسیکیوشن ٹیم پرحملے کی کوشش کی گئی، نیب

    اسلام آباد : نیب پراسیکیوشن ٹیم نےشریف خاندان کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ نیب ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج نے کمرہ عدالت میں وکلا کی ہلڑ بازی کے باعث سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پرفرد جرم کی کارروائی 19 اکتوبر تک کے لیے ملتوی ہوگئی۔

    نیب پراسیکیوشن ٹیم نے ہیڈ کوارٹرز کو احتساب عدالت میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق آگاہ کردیا، رپورٹ میں نیب ٹیم نے کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی کی آڑ میں نیب پراسیکیوشن ٹیم پر حملے کی کوشش کی گئی۔

    نیب ٹیم نے رپورٹ میں کہا کہ پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ سردار مظفرعباسی کو دھکے دیے گئےجبکہ پراسیکیوشن ٹیم کو ڈائس سے ہٹانےکی کوشش کی گئی۔

    دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آئی جی اسلام آباد کو وکیل پر تشدد کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    خیال رہے کہ آج احتساب عدالت میں سماعت سے قبل وکلا اور جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جبکہ اہلکاروں کے تشدد سے وکیل زخمی ہوگیا تھا جس پر وکلا نے شدید احتجاج کیا۔


    احتساب عدالت میں پیش آنے والاواقعہ افسوس ناک ہے‘ طلال چوہدری


    واضح رہے کہ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آج جو واقعہ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • گروگرمیت مجرم قرار، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد31ہوگئی

    گروگرمیت مجرم قرار، ہنگامہ آرائی میں ہلاکتوں کی تعداد31ہوگئی

    نئی دہلی : بھارت کی ریاست ہریانہ اور پنجاب میں کل سے اب تک بلوائیوں کا راج ہے، زیادتی کیس میں مجرم قرار پانے والے گرو گرمیت رام کے حامیوں نے سرکاری املاک اور میڈیا کی گاڑیوں کو آگ لگادی، ہنگاموں میں اب تک اکتیس افراد ہلاک ہوگئے، پولیس کے بعد بھارتی فوج بھی صورتحال قابو کرنے میں ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی عدالت کی جانب سے مذہبی رہنما گرو گرمیت سنگھ کو خواتین کے ساتھ ذیادتی کا مجرم قرار دینے کے اور اس کی گرفتاری کے بعد گرو کے چیلے، شیطان کے چیلے بن گئے۔

    ہنگامہ آرائی میں اب تک اکتیس افراد جان کی بازی پار چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے، لیکن حالات اس کے قابو سے اب تک باہر ہیں۔

    مشتعل افراد نے ٹی وی چینلز کی گاڑیوں کو آگ لگادی، سرکاری املاک کو تباہ و برباد کردیا، پرتشدد واقعات میں اب تک31افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، مار کاٹ ،جلاؤ گھیراؤ ،ہنگامہ آرائی کے سامنے بے بس ہوگئی، گرو کے چیلوں کے آگے بھارتی فوج کی بھی ایک نہیں چل رہی۔

    واضح رہے کہ گرو گرمیت رام گزشتہ پندرہ سال سے بابا گیری کرتے ہوئے قتل اور زیادتی کے مقدمات میں ملوث رہا ہے، عدالت میں جرم ثابت ہوا تو پاپی گرو کے چیلے سڑکوں پر نکل آئے اور تباہی مچادی۔


    مزید پڑھیں: بھارتی مذہبی رہنما پر جرم ثابت، ہنگامہ آرائی، درجنوں ہلاک،


    چمکتے دمکتے کپڑے پہننے والے’’راک اسٹار گرو‘‘کرکٹ، فٹبال کھیلتے تو کبھی ہیوی بائیک چلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اداکاری، ہدایتکاری اور گلوکاری کے بھی شوقین ہیں، گرو گرمیت رام کو خواتین کی عزتیں پامال کرنے کا مجرم قرار پانے پرحراست میں لے لیا گیا ہے، سزا کا اعلان پیر کوسنایا جائیگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کار سرکار میں مداخلت، ن لیگی رکن اسمبلی پر مقدمہ درج

    کار سرکار میں مداخلت، ن لیگی رکن اسمبلی پر مقدمہ درج

    فیصل آباد : الائیڈ اسپتال میں سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنانے اور توڑ پھوڑ کرنے والے نون لیگی ایم پی اے شعیب ادریس کے خلاف بالآخر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الائیڈ اسپتال میں ہنگامہ آرائی کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب ادریس اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ سوشل میڈیا پر پڑنے والے دباؤ کے سبب تھانہ سول لائنز میں درج کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب ادریس اور دیگر پندرہ ساتھیوں پر پانچ مختلف دفعات عائد کی گئی ہیں جن میں کارِ سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ہنگامہ آرائی، اسلحے کی نمائش اور اسلحہ چھیننے کا الزام عائد کیاگیاہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ الائیڈ اسپتال کے سیکیورٹی سپروائزر شبیر حسین کی درخواست پر درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نو اپریل کی رات نون لیگی ایم پی اے شعیب ادریس تین گاڑیوں پر پندرہ مسلح افراد کے ساتھ آئے اور ایمرجنسی کے سامنے گاڑیاں پارک کرنے سے روکنے پر شعیب ادریس نے گارڈ سے بدتمیزی کی

    سیکیورٹی سپروائزر شبیرحسین نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ لیگی رکن اسمبلی شعیب ادریس نے سکیورٹی گارڈ شاہد پر تشدد کیا اورجاتے ہوئے دوگارڈز سے اسلحہ چھین کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

  • حلف برداری : ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہرین کی شدید ہنگامہ آرائی

    حلف برداری : ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مظاہرین کی شدید ہنگامہ آرائی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے باہر ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے، مظاہرین میں شامل بعض لوگوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ ریپبلکن رہنما نےاحتجاج کی ذمہ داری اوباما انتظامیہ پرعائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے کچھ دیر قبل امریکا میں مشتعل عوام سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے سڑکوں پر موجود گاڑیوں کی شیشے تو ڑ دیئے۔

    trump-protest-post-1

    مشتعل مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں کیپٹل ہل اور وائٹ ہاؤس کے باہر موجود رہے، اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے واشنگٹن ڈی سی میں پولیس کے7ہزاراہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیاہ لباس میں ملبوس افراد نے کھڑی گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی۔

    پولیس نےمظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ ریپبلکن پارٹی کے مسلم رہنما ساجد تارڑ نے مذکورہ احتجاج کی ذمہ داری اوباما انتظامیہ پرعائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج باراک اوباما کی بدانتظامی کا نتیجہ ہے۔

    ساجد تارڑ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایسے مظاہرین سے سختی سے نمٹے گی، امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کل بھی ٹرمپ کیخلاف ملین مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • نواز شریف جواب دو، کرپشن کا حساب دو،قومی اسمبلی میں شور شرابا

    نواز شریف جواب دو، کرپشن کا حساب دو،قومی اسمبلی میں شور شرابا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پیر کو پھر شور شرابا ہوا، پی ٹی آئی اراکین نے نواز شریف جواب دو، کرپشن کا حساب دو کے نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس حسب توقع پیر کو بھی مچھلی بازار بنارہا، اپوزیشن اور حکومتی بنچوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف سخت تندو تیز جملوں اورنعروں کا تبادلہ ہوتا رہا ہال ایک دوسرے کی تضحیک سے گونجتا رہا۔

    لیگی رہنما سعد رفیق نے کہا کہ چور چور نہ کہیں، گالم گلوچ شروع ہوئی تو ایوان کی عزت نہیں ہوگی،حکومتی رکن دانیال عزیز اور پی ٹی آئی کی رکن شیریں مزاری کےدرمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

    حکومتی وزیر خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان بنچوں پر کھڑے ہوکر شور شرابا کرتے رہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں روز عمران خان کا منتظر رہتا ہوں۔


    جواب میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کو لےآؤ میں عمران خان کولےآؤں گا جس پر اپوزیشن نے نعرے بازی کی تو سعد رفیق نے کہا کہ گالم گلوچ شروع ہوئی تو ایوان کی عزت نہیں ہوگی۔

    قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ پاناماکی رپورٹ غلط تھی تو وزیراعظم نے قوم سے خطاب کیوں کیا، یہ جھوٹ تھا تو وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں بات کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ اپوزیشن میں بات سننے کی جرأت ہونی چاہیے، اپوزیشن ارکان کے لیے تعلیم بالغان اسکول کھولنے چاہئیں۔

    بعدازاں اسپییکر قومی اسمبلی نے ہنگامہ خیز اجلاس آج 4 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔