Tag: ہنگامی اجلاس

  • پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ

    پاک بھارت کشیدگی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ

    پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس بلانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر ایوانجی لوس سیکیرس کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کشیدگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر جلد ہنگامی اجلاس بلا سکتے ہیں، مختلف ممالک پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں۔

    ہم جانتے ہیں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، امید ہے کشیدگی کم کروانے کی کوششیں مؤثر ثابت ہوں گی، ہم بھی کشیدگی میں کمی اور بات چیت میں شامل ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی، تو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلائیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے جس میں جنوبی ایشیا میں خطے اور خصوصاً پاک بھارت تنازع سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھنے کیلئے بھارت کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے بتایا کہ گفتگو کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل مارکو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی بات کی، دونوں رہنماؤں نے پہلگام واقعے کے ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ٹیمی بروس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    سندھ طاس معاہدے کی معطلی : پاکستان کا بھارت کو نوٹس دینے کا فیصلہ

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس کا مزید کہنا تھا کہ مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو بھی سراہا۔

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس بلا لیا

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس بلا لیا

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آج ایک ہنگامی اجلاس بلالیا ہے۔ جس میں شام کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اجلاس ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب شام کے مختلف شہروں پر باغی گروپوں نے قبضہ کرلیا ہے اور بشارالاسد کے ملک سے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں خانہ جنگی کی شروعات کا آغاز ہوا تھا، طویل عرصے تک مرکزی شہر پر اپنی نظر بنائے رکھنے کے بعد باغیوں نے پہلے 24 گھنٹے میں 4 شہروں الدرعا، کونیترا، سویدا اور حمص پر قبضہ کرلیا۔ اس کے بعد دمشق میں داخل ہوکر اس پر بھی قابض ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے شام پر فضائی حملے تیز کردیئے ہیں، اسرائیلی فوج سن 1974ء کے معاہدے کے بعد پہلی بار بفرزون میں داخل ہوئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے شام میں درعا، سوید اور دمشق کے قریب میزائل سے اسلحے کے ذخائر کو ٹارگٹ کیا ہے۔

    شام کی جیلوں سے ہزاروں خواتین اور سیاسی قیدی رہا، ویڈیو وائرل

    اسرائیلی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ شام کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، اسرائیل اور شام کے درمیان گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی کی فوج تعینات ہے۔

  • آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

    آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

    اسرائیل کی جانب سے بیروت پر کی گئی وحشیانہ بمباری کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلالیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے۔

    علی لاریجانی کے مطابق حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈر اور رہنما موجود ہیں جو حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک کو چلانے کے لئے تیار ہے۔

    ایرانی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللّٰہ اور تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین بالکل صحت مند ہیں۔

    اسرائیلی حملے سے حزب اللہ رہنماء کو کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

    ایرانی میڈیا کی جانب سے لبنان میں موجود اپنے نمائندے کی بنیاد پر یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ جمعہ کی شام کیے گئے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی قیادت کا کوئی بھی شخص شہید نہیں ہوا، اسرائیل کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    حسن نصراللہ کی بیٹی زینب نصر اللہ سمیت 3 اہم رہنماء شہید، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بیروت کے جنوبی علاقے داہیہ میں اسرائیلی طیاروں نے حزب اللہ رہنماء اور صفی الدین کو نشانہ بنایا ہے۔

  • کیا پیٹرول پمپس کل بھی بند رہیں گے؟ اہم خبر آگئی

    کیا پیٹرول پمپس کل بھی بند رہیں گے؟ اہم خبر آگئی

    کراچی : پیٹرولیم ڈیلرز آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج شام کریں گے ، جس میں پیٹرول پمپ کی ہڑتال کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس شام 6 بجے ہوگا، چیئرمین پاکستان پٹرولیم ڈیلرز عبد السمیع خان نے بتایا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج شام کریں گے ، پیٹرول پمپ کی ہڑتال کو مزید بڑھانے کافیصلہ اجلاس میں ہوگا۔

    عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ حکومت ،انتظامیہ سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ، کراچی میں یومیہ 35 سے 40 لاکھ لیٹر پیٹرول ،ڈیزل فروخت ہوتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہکراچی میں 525 سے زائد پیٹرول پمپس ہیں، شہر میں ڈیلرزکے پمپس بند ہیں ،صرف کمپنی آپریٹڈپیٹرول پمپ کھلے ہیں۔

    خیال رہے ٹیکس میں اضافےکےخلاف پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال پر ملا جُلا ردعمل رہا، کہیں پٹرول پمپس کھُلےتوکہیں بند رہے۔

    کراچی میں صبح کےاوقات میں بندش کےبعد متعدد پٹرول پمپس کھُل گئے، لاہورمیں اکثرپٹرول پمپس بند جبکہ چند ایک کھُلےرہے۔

    کوئٹہ، پشاور، ملتان، ساہیوال اوربہاولنگرمیں جزوی ہڑتال رہی جبکہ ملاکنڈ، لوئر دیراورمانسہرہ میں پٹرول پمپس بند رہے۔

    اس کے علاوہ پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نےاپنےعہدیدارکی وفات کےباعث اسلام آباداور راولپنڈی میں ہڑتال کی کال واپس لےلی تھی جبکہ آئل ٹینکرزاونرزایسوسی ایشن نے ہڑتال سےلاتعلقی کااعلان کیا تھا۔

  • یمن پر حملہ: روس کا سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    یمن پر حملہ: روس کا سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یمن کے مختلف مقامات پر حملے کے بعد روس نے سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی ہے تاکہ امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے یمن پر فوجی حملوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

    روس کا کہنا ہے کہ امریکا کے یمن پر حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ سعودی عرب نے بھی امریکا اور برطانیہ کے یمن پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    خلیجِ عدن میں حوثیوں نے تجاری جہاز پر میزائل حملہ کر دیا

    یمن میں حوثیوں پر امریکی و برطانوی حملوں پر کانگریس میں ڈیموکریٹک اراکین کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا سے ڈیموکریٹک رکن کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف  فوجی آپریشن شروع کرنے اور مشرق وسطیٰ میں ایک نیا تنازعہ شروع کرنے سے قبل امریکی صدر کو کانگریس سے منظوری لینی چاہیے تھی۔

    امریکا اور برطانیہ کی یمن پر بمباری، نیا محاذ کھول دیا گیا

    ایک اور رکن کانگریس نے کہا کہ ان حملوں کی کانگریس سے منظوری نہیں لی گئی ہے اور امریکی آئین اس سے متعلق بہت واضح ہے کہ کسی بھی غیر ملکی تنازعے میں ملکی فوج کی مداخلت کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اور صرف کانگریس کے پاس ہے اور ہر صدر کو پہلے کانگریس سے منظوری لینی چاہیے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے خلاف نیا محاز کھول دیا، فلسطینیوں سے حمایت کے اظہار میں پیش پیش رہنے والے یمنی حوثیوں کے خلاف امریکی اور برطانوی طیاروں نے بمباری شروع کردی، دارالحکومت صنعا میں بھی دھماکوں کی آوازیں گونجنے لگی۔

  • غزہ میں بڑھتی کشیدگی: سعودی عرب کا اہم فیصلہ

    غزہ میں بڑھتی کشیدگی: سعودی عرب کا اہم فیصلہ

    سعودی عرب نے غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ کرلیا، کیونکہ اسرائیل فلسطین صورتحال خطے کے امن کیلیے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں غزہ میں بڑھتی کشیدگی پرتبادلہ خیال کیا جائیگا جبکہ اوآئی سی وزرائے خارجہ غزہ میں بڑھتی کشیدگی کا جائزہ لیں گے۔

    اوآئی سی جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کی ایک بار پھر مذمت کی گئی ہے، اوآئی سی کی جانب سے اسرائیل کو اقوام متحدہ قراردادوں کو نظر انداز کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔

    دوسری جانب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت سعودی کا بینہ کا اجلاس ہوا جس میں عالمی رابطوں کے ذریعے غزہ میں کشیدگی روکنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب جدوجہد میں مسلسل فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، غزہ اور گرد و نواح میں لڑائی بند کرنا ضروری ہے۔

    اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے سے متعلق سفارتی رابطوں پر گفتگو ہوئی جبکہ کابینہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے عالمی رہنما کے ساتھ گفتگو کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فلسطینی صدر، اردن کے فرمانروا اور مصری صدر کے ساتھ رابطوں کا حوالہ دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے تینوں ممالک کے ساتھ غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی۔

    اجلاس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول میں ساتھ ہے۔

  • وزیر اعظم نے 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اہم فیصلے متوقع

    وزیر اعظم نے 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے رات 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف اپوزیشن اور حکومت نے تحریک عدم اعتماد پر رات 8 بجے ووٹنگ کرانے پر اتفاق کر لیا ہے، اور اب وزیر اعظم اچانک نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس آج رات 9 بجے ہوگا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں ملکی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ رات 8 بجے ہوگی ، اپوزیشن اور حکومت میں اتفاق

    خیال رہے کہ اپوزیشن اور حکومت نے تحریک عدم اعتماد پر رات 8 بجے ووٹنگ کرانے پر اتفاق کر لیا ہے، اس سلسلے میں صبح سے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جو سپریم کورٹ کے حکم پر ووٹنگ کے لیے بلایا گیا ہے۔

  • کرونا وائرس کتنا خطرناک اور کیسا بچا جائے؟ ڈبلیوایچ او کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج

    کرونا وائرس کتنا خطرناک اور کیسا بچا جائے؟ ڈبلیوایچ او کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج

    اسلام آباد : کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، ڈبلیوایچ او کےڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ وائرس کیسے منتقل ہوا؟ غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس وبا کی طرح پھیلنے لگا، وبا سے نمٹنے کیلئےانٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔

    ڈبلیوایچ او کےڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس ایدھانوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وائرس کیسے منتقل ہوا؟ اجلاس میں غورہوگا، کرونا وائرس کے چھ ہزار سے زائد کیسز چین میں رپورٹ ہوئے جبکہ 68کیس دیگر15ملکوں میں رپورٹ ہوئے۔

    ڈاکٹر تیدروس ایدھانوم کا کہنا تھاکہ چین سےباہررپورٹ بیشترکیسزان کی تھی جن کاچین سےتعلق رہا ، چین سے باہر بھی تین ملکوں میں انسان کے ذریعے وائرس منتقل ہوا۔

    خیال رہے چین کے صوبے ہوبئے میں کرونا وائرس سےمزید38 افرادہلاک ہوگئے، جس کےبعد مرنیوا لوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے ، سب سےزیادہ ہلاکتیں ووہان میں ہوئیں۔

    مزید پڑھیں : چین میں کرونا وائرس سے مزید ہلاکتیں، تعداد 170 ہو گئی

    ساڑھے سات ہزار سےزائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ دیگرپندرہ ملکوں میں کرونا وائر س کےاڑسٹھ مریضو ں کاانکشاف ہواہے۔

    جاپان، فرانس، اردن اور بھارت کے شہریوں کی چین سےواپسی شروع ہوگئی جبکہ چینی حکام نے سفری پابندیاں مزید سخت کردیں۔

  • مسئلہ کشمیر پرسیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل طلب

    مسئلہ کشمیر پرسیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل طلب

    نیویارک: مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا گیا، سلامتی کونسل کا اہم اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر 50 سال بعد سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل بلایا گیا ہے، اجلاس پاکستان کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔

    دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی صدر کو خط لکھا تھا جس میں ان سے کونسل کے ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

    دفترخارجہ کے مطابق سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنت کے غیرقانونی اقدام پر بات کی جائے گی جو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خط سلامتی کونسل کی صدرکو پیش کیا تھا۔

    مودی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دنیا کو پاکستان کے بیانیے سے آگاہ کرنے میں متحرک نظر آرہے ہیں۔

    نریندر مودی! اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا، وزیراعظم عمران خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں امبیسیڈر بن کر کشمیر کی آواز دنیا میں اٹھاؤں گا۔

  • پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خط سلامتی کونسل کی صدرکو پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے بتایا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا خط سلامتی کونسل کی صدر کو پیش کر دیا گیا۔

    انہوں نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خط میں جموں وکشمیرکی صورت حال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیرخارجہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں، ابھی ہماری توجہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ہے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، سیکیورٹی کونسل کی قرارداد پردوبارہ سے بحث ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں بین الاقوامی کمیونٹی اس صورت حال پرتوجہ دے۔

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی گیارہ قراردادیں اب تک زیرالتوا ہیں۔

    انسانی حقوق پرلیکچردینے والوں کو کشمیری عوام کی بھی پرواہ ہونی چاہیے، ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارت کئی دہائیوں سے عالمی اقدار اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

    پاکستانی سفیر نے مزید کہا تھا کہ انسانی حقوق پر لیکچر دینے والوں کوکشمیری عوام کی بھی پرواہ ہونی چاہیے۔