Tag: ہنگامی لینڈنگ

  • قطر ایئرویز کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    قطر ایئرویز کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    قطر سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہونے والی قطر ایئر ویز کی پرواز خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی، ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز کو واپس دوحہ اتار لیا گیا۔

    ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قطر ائیرویز کی شیڈول پرواز کیو ار 614 نے دوحا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجکر 4 منٹ پر اڑان بھری، مگر طیارے میں فنی خرابی کا انکشاف ہوا۔

    ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز نے صبح 8 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا تاہم روانگی کے 11 منٹ بعد پرواز 15 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ پائلٹ نے ائیر بس اے 330 میں فنی خرابی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کا رخ واپس دوحہ ایئر پورٹ کی جانب موڑ دیا۔ روانگی کے 22 منٹ بعد طیارہ الورکہ کے قریب سمندر پر گھوم رہا تھا کہ فلائٹ ریڈار کو طیارے سے ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے اور ٹیک آف کے 34 منٹ بعد طیارہ واپس قطر کے دوحا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔

    ایوی یشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے ہیں اور انہیں طیارے سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کو دوسری پرواز کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

    اس سے قبل اومان میں دوران پرواز ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا تھا، جب بھارت سے تعلق رکھنے والا مسافر جو مسقط سے چنئی واپس جارہا تھا، دوران پرواز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔

    ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ مسافر جس کی شناخت دھینا سکیرن کے نام سے ہوئی، مبینہ طور پر مسقط سے چنئی واپس آتے ہوئے درمیانی پرواز کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا تھا۔

  • بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی : بھارتی ایئرلائن کے طیارے نے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی لیکن طیارے کے لینڈ کرنے سے قبل ہی  مسافر انتقال کر چکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرلائن کے طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی، دوران پرواز ایک مسافرکی طبیعت خراب ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

    سی اے اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بھارتی ایئرلائن کی پرواز نئی دلی سے قطر کے شہر دوحہ جارہی تھی کہ دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی۔

    بھارتی ایئرلائن کے طیارے کے کپتان نے میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی اور کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی تاہم مسافرلینڈنگ سے قبل ہی دوران پرواز انتقال کرگیا۔

    سول ایوی ایشن اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کو چیک کیا، نائیجیریا کا شہری عبداللہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کرچکا تھا۔

    مسافر کی عمرساٹھ سال ہے، مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا، جس کے بعد بھارتی طیارہ مسافرکی میت اپنےہمراہ دوحہ لے کرروانہ ہوگیا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ اس سے قبل ایک ایئر ایمبولینس نے کولکتہ سے آذربائیجان کے لیے اڑان بھرنے کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تکنیکی لینڈنگ کی تھی۔

  • اسپین میں زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی گئی

    اسپین میں زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی گئی

    بارسلونا: اسپین میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی، اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران ستائیس افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ مراکش سے ترکی جانے والے ایک کمرشل طیارے نے بدھ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے۔

    حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 14 افراد کو حراست میں لیا، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، جس کے بارے میں حکام نے کہا اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، تاہم جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے دردِ زہ نہیں پایا گیا۔

    حکام کے مطابق بعد میں دو مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو ایئرپورٹ کے اندر سے پکڑا گیا اور دوسرا باہر سے ملا، تاہم مزید 12 افراد کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے۔

    حراست میں لیے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پر ترکی کی پیگاسس ایئر لائن کے ذریعے چلائے جانے والے طیارے میں واپس لے جایا گیا، جب کہ کم از کم 8 دیگر کو مراکش بھیجا جائے گا۔ مذکورہ طیارہ کل 228 مسافروں کو لے کر کاسا بلانکا سے استنبول جا رہا تھا۔

    یاد رہے کہ پچھلے سال اکتوبر میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب مسافروں کے ایک گروپ نے اسی طرح کا جھوٹا بہانہ کر کے اسپین کے میلورکا جزیرے پر ہنگامی لینڈنگ کروائی، اور پھر وہ اتر کر بھاگ گئے، ان میں سے 12 کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ 12 فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے تھے۔

  • رواں ماہ بھارتی طیاروں کی چوتھی مرتبہ کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    رواں ماہ بھارتی طیاروں کی چوتھی مرتبہ کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: رواں ماہ جولائی میں بھارت سے آنے اور جانے والے طیاروں نے چوتھی مرتبہ کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر لائن انڈیگو کی پرواز کے طیارے نے آج صبح کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، ایئر بس 320 شارجہ سے حیدر آباد دکن جا رہا تھا، جس میں 180 سوار تھے۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی مسافروں کو لینے کے لیے متبادل طیارہ احمد آباد سے کراچی پہنچ گیا ہے۔

    سی اے اے ذرائع کے مطابق پرواز 6E-1406 کے طیارے نے شارجہ سے حیدر آباد دکن جاتے ہوئے بحیرۂ عرب کی فضائی حدود کے دوران طیارے میں تیکنیکی خرابی پر ہنگامی لینڈنگ کی کال دی تھی۔

    شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    بھارتی ایئر لائن انڈیگو کے طیارے کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا، ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا گیا، کراچی ایئر پورٹ منیجر محمد عمران خان کے مطابق مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔

  • شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق شارجہ سے بھارت جانے والی ایک پرواز کو گزشتہ رات سوا 2 بجے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی جس کے باعث اسے کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، پرواز نے پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے بھارت کے لیے اڑان بھری تھی۔

    ذرائع کے مطابق پرواز 6E-1406 کو 2 بجے رات کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، ایئر بس اے 320 میں 125 مسافر سوار ہیں۔

  • دوران پرواز ‌قطر ایئرویز کے طیارے کا انجن فیل، کراچی ایئرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ

    دوران پرواز ‌قطر ایئرویز کے طیارے کا انجن فیل، کراچی ایئرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ

    کراچی : لاہور سے دوحہ جانیوالی قطر ایئر ویز کی پرواز کو انجن میں خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پرہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے دوحہ جانیوالی قطر ایئر ویز نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کردی ، طیارہ ایران کی فضائی حدود کےقریب ہی تھا کہ انجن میں خرابی پیدا ہوگئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ جس کے بعد کپتان نےکراچی کے ایئرٹریفک کنٹرولرسےرابطہ کیا اور کراچی ایئرپورٹ پرایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارلیا، طیارے میں 200 مسافر سوار تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ سے قبل فائربریگیڈ اوردیگر ریسکیو ٹیمیں الرٹ تھیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، تحقیقات کا آغاز

    کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، تحقیقات کا آغاز

    کراچی: ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ، طیارے کے کارگو میں دھویں کی اطلاع پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 579دہلی سے دوحہ جارہی تھی کہ طیارے کے کارگو میں اسموگ کی اطلاع پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا تھا، اسموگ کی وجہ سے مسافروں کے 2 بیگ متاثر ہوئے اورکنٹینر کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

    ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ اے اے آئی بی تمام پہلووں کی جانچ کر رہی ہے، ائیر وردننس نے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد طیارے کو اڑان بھرنے کی اجازت دی اور طیارہ بغیر مسافروں کے کراچی سے دوحہ روانہ کیا گیا۔

    یاد رہے دہلی سے دوحہ قطر جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر579 نے کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی ، پرواز میں12 کریوممبرز اور 283مسافر سوار تھے۔

    ذرائع کے مطابق کپتان کو طیارے کےکارگو ہولڈ میں اسموک سگنل ملا، ایمرجنسی کی صورت میں پائلٹ کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ اے ٹی سی سے لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی، جس پر ایئرپورٹ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے جہاز کو لینڈ کرنے کی اجازت دی۔

    بحفاظت لینڈنگ کے بعد طیارے کوپارک کروا کر مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں شفٹ کیا گیا، مسافروں کو متبادل پرواز کےذریعے روانہ کیا گیا۔

  • اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    کراچی: سعودی عرب جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی، جس کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی ایک پرواز کے ساتھ آج دوران پرواز حادثہ پیش آیا تھا، پرواز پی کے 9753 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی، جب اچانک کاک پٹ کے سائیڈ کا شیشہ خراب موسم کے باعث تڑخ گیا۔

    دوران پرواز بوئنگ ٹرپل سیون طیارے کے سائیڈ ونڈ اسکرین میں کریک کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو مرمت کے بعد ریاض روانہ کر دیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی ونڈو اسکرین تبدیل کر دی تھی۔

    ایئرپورٹ پر غیر معمولی صورت حال، اچانک کیا ہوگیا؟

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ونڈو گلاس اسکرین پر کریک پڑنے پر طیارے کے کپتان نے کراچی ایئر پورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے فوری رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

    اے ٹی سی اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو رن وے پر اتارا گیا تھا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

  • فرانسیسی طیارے میں اڑان بھرتے ہی آگ لگ گئی

    فرانسیسی طیارے میں اڑان بھرتے ہی آگ لگ گئی

    بیجنگ: ایئر فرانس کے طیارے نے چین کے شہر بیجنگ میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر فرانس کے اے ایف 393 طیارے نے ہفتے کو علی الصبح بیجنگ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔

    چینی اخبار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارہ آج صبح بیجنگ کیپٹل انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوا، اور اس کے فوراً بعد طیارے کا عقبی حصہ دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے بعد اس میں سے دھواں نکلنے لگا۔

    اس واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم طیارے میں موجود مسافروں کی لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر آنے سے معلوم ہوتا ہے کہ طیارے کی چند سیٹیں تباہ ہو گئی ہیں۔

    ایئر فرانس نے تصدیق کی ہے کہ اس کی مسافر پرواز کے عملے نے ٹیک آف کے 14 منٹ بعد بیجنگ ہوائی اڈے پر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ اس کے عملے نے طیارے میں ایک تکنیکی مسئلے کی نشان دہی بھی کی ہے۔

    تاحال واقعے کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے، تاہم ایئر فرانس کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    عمان: اردن کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا، طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ان کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے، حکام جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق پرواز آر جے 508 قاہرہ سے عمان جا رہی تھی، طیارے کو اردن کے دارالحکومت عمان کے ملکہ عالیہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے مقررہ وقت سے دس منٹ قبل ہنگامی لینڈنگ پر مجبور کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق پرواز نے ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر کامیابی سے لینڈنگ کی، ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار تمام 133 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ ہیں، جہاز لینڈ کرنے کے بعد مسافروں اور عملے کو نکال کر ایئر پورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ رائل ایئر لائنز اس وقت متعلقہ حکام کے ساتھ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے میں مصروف ہے۔