Tag: ہنی ٹریپ

  • رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔

     سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے رابطہ کرنے والے ہوشیار رہیں، سوشل میڈیا کا سہارا لینے والا کراچی کا شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق جیکسن کے رہائشی محمد شعیب نے سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے اشتہار دیا کچھ دیر بعد ایک نامعلوم لڑکی کی کال آئی اور اس نے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی۔

    لڑکی کے بلانے پر جیکسن کا رہائشی گھوٹکی جا پہنچا جہاں کچے کے ڈاکوؤں نے اسے اغوا کرلیا، بعد ازاں اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور گھوٹکی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

    بازیاب ہونے والے شہری محمد شعیب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر لڑکی نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے شادی کے لیے راضی ہوں۔

    لڑکی نےکہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اور جہیز نہیں دے سکتے، اگر آپ مجھ سے شادی کریں گے تو آپ کی اور تمام گھر والوں کی خدمت کروں گی۔

    شعیب نے بتایا کہ میں نے شادی کے لیے حامی بھری اور اس کے بلانے پر گھوٹکی چلا گیا، راستے میں لڑکی فون آیا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں اترتے ہی مجھے اغوا کرلیا گیا۔ بازیاب شہری کے مطابق ڈاکوؤں نے میری رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    پولیس حکام کاکہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

  • 3 پاکستانی نوجوان بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ، تھائی لینڈ میں اغوا کر لیا گیا

    3 پاکستانی نوجوان بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ، تھائی لینڈ میں اغوا کر لیا گیا

    ساہیوال کے 3 نوجوانوں کو بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کرکے تھائی لینڈ میں اغوا کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے 3 نوجوانوں کو بھارتی لڑکیوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کرکے تھائی لینڈ میں اغوا کر لیا گیا، مغوی نوجوان عثمان امین، محمد احمد اور تجمل شہزاد بھارت کی لڑکی کیساتھ ٹیلیفونک رابطے میں تھے۔

    مغوی نوجوانوں کے والدین نے بتایا کہ انکے بچے اپنے ایک فیصل آباد کے رہائشی دوست کیساتھ 26 مئی 2025 کو تھائی لینڈ پہنچے، تینوں افراد کو وہاں سے اغوا کرکے میانمار پہنچایا گیا۔

    والد نے بتایا کہ میانمار سے اغوا کاروں کی جانب سے مغویوں کی رہائی کے بدلے 1 کروڑ روپے تاوان مانگا گیا۔

    مغوی شہریوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے والوں سے بھارتی لڑکی رابطے میں تھی اور اسی لڑکی تھائی لینڈ کیلئے ٹکٹ بھیجے تھے جبکہ لاہور ائیر پورٹ پر نامعلوم افراد نے انہیں رخصت کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/kashmore-police-rescue-karachi-businessman-from-kutch/

  • ہنی ٹریپ کے ذریعے 6 افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا

    ہنی ٹریپ کے ذریعے 6 افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا

    روجھان: پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے 6 افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا، ڈاکوؤں نے آن لائن سامان کی خریداری کا جھانسہ دے کر کچے میں بلایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق روجھان میں تھانہ گوٹھ مزاری اور تھانہ شاہوالی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ کے ذریعے 6 افراد کو اغوا ہونے سے بچالیا۔

    ڈی پی او فاروق امجد نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے 5 افراد کو آن لائن سامان کی خریداری کا جھانسہ دے کر کچے میں بلایا تھا، پانچوں افراد کا تعلق لاہور سے ہے اور آن لائن کاسمیٹکس کا کام کرتے ہیں۔

    فاروق امجد کا کہنا تھا کہ تھانہ شاہوالی کی حدود میں ایک شہری کو شادی کا جھانسہ دے کر بلایا گیا تھا، ڈاکو شہریوں کو سستی اشیا کا جھانسہ دے کر اغوا کرتے ہیں۔

    ڈی پی او نے عوام سے گزارش کی ایسے جرائم پیشہ عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں۔

  • کراچی کا ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار، ایک کروڑ تاوان طلب

    کراچی کا ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار، ایک کروڑ تاوان طلب

    کراچی کا ایک اور شہری انجانے میں ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا مذکورہ شخص کو کچے کے علاقے میں بلا کر مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کا ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا اور اس کو کچے کے علاقے میں مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا اور اس کی رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا گیا ہے۔

    مغوی شہری عبداللہ کراچی کے علاقے گلزار ہجری مچھر کالونی کا رہائشی اور اسکریپ کا کام کرتا تھا، اہل خانہ نے سہراب گوٹھ تھانے میں اسکے اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق عبداللہ گھر سے پنجاب جانے کا کہہ کر نکلا تھا اور روانگی سے قبل اس نے اپنا اور دوست کا نمبر گھر والوں کو لکھوایا تھا۔

    مقدمہ کے متن کے مطابق عبداللہ جب کراچی سے نکلا تو اس کے بعد اس کا موبائل فون بند ہو گیا جب کہ دوسرے نمبر سے اس کو اغوا کیے جانے کا میسج ملا اور رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے ہنی ٹریپ کے ذریعہ سادہ لوح افراد کو اغوا کیا جاتا ہے۔ اس میں ڈاکو کبھی لڑکیوں کی آواز میں محبت کے جال میں پھنسا کر لوگوں کو بلاتے اور اغوا کر لیتے ہیں اور کچھ واقعات میں انہیں مویشی یا گاڑیوں کی سستی فروخت کا جھانسہ دے کر بلایا جاتا ہے۔

  • ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا دیہاتی 6 ماہ بعد کچے سے بازیاب

    ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا دیہاتی 6 ماہ بعد کچے سے بازیاب

    پاک پتن پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے والے نوجوان دیہاتی کو چھ ماہ بعد کچے کے علاقے سے بازیاب کرا لیا ہے۔

    پاکستان میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے لڑکی کی آواز میں بات کرکے دھوکا دینے اور شادی کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد کو بلانے اور اغوا کرنے کے آئے دن واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ چھ ماہ قبل پاک پتن میں بھی پیش آیا۔

    تاہم پاک پتن پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے والے دیہاتی اسلم مراد کو کچے کے علاقے سے بازیاب کرا لیا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے مغوی کو رہا کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور تاوان کی عدم ادائیگی پر اسلم پر شدید تشدد اور زنجیروں سے باندھ کر بھی رکھا گیا۔

    ڈاکوؤں نے مغوی نوجوان کے اہلخانہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے اس پر تشدد اور زنجیروں میں جکڑی ہوئی ویڈیو بھی اسلم کے اہلخانہ کو بھیجی تھی۔

    متاثرہ خاندان نے مذکورہ ویڈیو پولیس کے حوالے کر دی جس کے بعد ڈی پی او پاک پتن جاوید اقبال چدھڑ نے ایس ایچ او ملک ہانس افضل جتوئی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد اسلم مراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

    https://urdu.arynews.tv/honey-trap-ssp-ghotki-kacha-dacoits/

  • کراچی سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا، تاوان کی ویڈیو بھیجی گئی

    کراچی سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا، تاوان کی ویڈیو بھیجی گئی

    کراچی: شہر قائد سے ایک اور شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہو گیا ہے، جس کی رہائی کے لیے تاوان کی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف کے رہائشی اللہ یار کو کشمور میں ہنی ٹریپ کیا گیا ہے، مغوی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مغوی کے بھائی نے رپورٹ لکھوائی کہ ان کا بھائی 18 دسمبر سے لاپتا ہے، اب ڈاکوؤں نے ویڈیو جاری کی ہے اور بھائی کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان مانگ رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی کراچی کے 3 نوجوان کچے کے ڈاکؤوں کے جھانسے میں آ کر ہنی ٹریپ کا شکار ہو گئے تھے، اغوا ہونے والے نوجوانوں کی زنجیروں میں بندھی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی تھی، ان میں 2 آپس میں کزن تھے، اغوا کا مقدمہ کراچی کے تھانہ رضویہ سوسائٹی میں درج کیا گیا ہے۔

    کراچی سے اغوا تین نوجوانوں کی زنجیروں سے بندھی ویڈیو اہلخانہ کو موصول

    ہنی ٹریپ کے شکار ان نوجوانوں کی بازیابی کے سلسلے میں تاحال پولیس کی جانب سے پیش رفت کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آ سکی ہے، مغوی نوجوان وحید آباد گلبہار کے رہائشی ہیں، اور آن لائن صوفہ کارپٹ کلیننگ کا کام کرتے تھے، جن کی رہائی کے عوض ڈاکو 20 لاکھ روپے فی کس تاوان مانگ رہے ہیں۔

    ہنی ٹریپ ہونے والے تینوں نوجوان 2 جنوری کی شب کراچی سے بس کے ذریعے گھوٹکی روانہ ہوئے تھے۔

  • ہنی ٹریپ: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے

    ہنی ٹریپ: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے

    کراچی: ایس ایس پی گھوٹکی کی حکمت علی سے 43 شہری ہنی ٹریپ ہو کر ڈاکوؤں کے چنگل میں جانے سے بچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی نے چالیس سے زیادہ شہریوں کو ہنی ٹریب کے ذریعے کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچا لیا، رپورٹ کے مطابق ان شہریوں کو گزشتہ 46 دنوں میں ہنی ٹریپ ہونے سے بچایا گیا۔

    ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کے مطابق مذکورہ شہریوں کا تعلق پاکستان کے مختلف شہروں سے تھا، جنھیں 21 اکتوبر سے 6 دسمبر تک بچایا گیا، تمام شہری ہنی ٹریپ ہو کر اغوا کاروں کے چنگل میں جا رہے تھے، تاہم ڈیجیٹل طریقے سے کچے کے ڈاکوؤں پر نظر رکھے جانے کے سبب ان وارداتوں کو ناکام بنایا گیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو

    ایس ایس پی نے بتایا کہ شہریوں کو شادی، ٹریکٹر، نوکری، سستی گاڑی کا لالچ دیا گیا تھا، کسی کو فون کر کے تو کسی کو ہوٹل میں پہنچ کر اغوا ہونے سے بچایا گیا، ان میں سے متعدد افراد کچے کے بند تک پہنچ چکے تھے جنھیں بروقت روکا گیا، ہنی ٹریپ کے شکار افراد کو بتایا گیا کہ وہ کچے کے ڈاکوؤں کے چنگل میں جا رہے ہیں۔

    بارات میں فائرنگ سے ہلاکت، دولہے اور اس کے والد کے خلاف مقدمہ درج

    سمیع اللہ سومرو کے مطابق ان شہریوں کا تعلق کراچی، حیدر آباد، خیرپور اور سوات بحرین سے ہے، خیرپور میرس، میانوالی، ملتان، مٹھی، نوکوٹ سے جانے والے بھی بچا لیے گئے، ان میں مظفر گڑھ، لاہور، گھوٹکی، ڈیرہ اسماعیل خان، گجر خان، راولپنڈی، رحیم یار خان، چکوال، ٹنڈو جان محمد، بونیر، اور ڈی جی خان، اٹک سے جانے والے شہری بھی شامل تھے۔

  • ہنی ٹریپ کرکے لوگوں کو کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی عورت گرفتار

    ہنی ٹریپ کرکے لوگوں کو کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی عورت گرفتار

    کراچی : پولیس نے شہریوں کو شادی کا جھانسہ دے کر انہیں کچے کے ڈاکوؤں کے حوالے کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) حکام کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں کی مبینہ سہولت کار خاتون ملزمہ کو کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سےگرفتار کیا گیا۔

    سہراب گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے شہریوں کو شادی کا جھانسہ دے کر کشمور، کندھ کوٹ، شکار پور اور گھوٹکی بھیجنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا ملزمہ سے ہنی ٹریپ میں استعمال ہونے والی سم بھی برآمد کی گئی۔

    خاتون  کراچی سےگرفتار

    خاتون ملزمہ خود کو کچے کے ڈاکوؤں کے سربراہ بڈیل خان کی بیوی بتاتی ہے، اے وی سی سی حکام کے مطابق ملزمہ کی مدد سے ڈاکو شہریوں کو کچے میں لے جا کر تاوان لیتے تھے۔

    کراچی میں فائرنگ سے چھ افراد زخمی

    علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    اورنگی ٹاؤن فقیرکالونی پریشان چوک پر فائرنگ سے مچھلی فروش دلاور جھگڑے میں زخمی ہوگیا، شدید زخمی دلاور کو ایک سے زائد گولیاں ماری۔

    فائرنگ کا واقعہ اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے زخمی دلاور کا ٹھیلہ لگانے پرجھگڑا ہوا تھا۔

    ناظم آباد تین نمبر کے قریب ڈاکووں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے، اورنگی ٹاؤن سیکٹر الیون کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے متین نامی شخص زخمی ہوا۔

    نیوکراچی اپوا کالج کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فیضان شہری زخمی ہوگیا ،اورنگی ٹاون بلوچ گوٹھ میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے برکت علی بھی زخمی ہوا۔

  • ہنی ٹریپ کے شکار 3 نوجوانوں کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا

    ہنی ٹریپ کے شکار 3 نوجوانوں کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا

    شکارپور: ہنی ٹریپ کے شکار 3 نوجوانوں کو اغوا ہونے سے بچالیا گیا، نوجوانوں کو شادی کی دعوت کا جھانسا دیکر کچے کےعلاقے بلایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 نوجوانوں کو ہنی ٹریپ سے بچالیا، پولیس نے بتایا کہ نوجوانوں کو شادی کی دعوت کا جھانسا دیکرکچے کےعلاقے بلایا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں نوجوانوں کوتیغانی گینگ نے شادی کی دعوت کاجھانسا دیاتھا، اڑکانہ کےرہائشی فیاض گاڈی، فرحان گاڈی،سلیم گاڈی کو بچایا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ گینگ نے سوشل میڈیا پر ایک نوجوان سےدوستی کی پھرکچہ گڑھی تیغوبلایا تھا، ناپرکوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے تینوں نوجوانوں کو بچایا۔

  • بیٹے کا رشتہ دیکھنے جانے والا شہری رحیم یار خان میں اغوا!

    بیٹے کا رشتہ دیکھنے جانے والا شہری رحیم یار خان میں اغوا!

    ہنی ٹریپ کے ذریعے ہارون آباد کے رہائشی کو اغوا کرلیا گیا، مذکورہ شخص بیٹے کا رشتہ دیکھنے رحیم یار خان گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ہارون آباد کے شہری صلاح الدین کو بیٹے کا رشتہ دیکھنے کے جھانسے میں رحیم یارخان بلایا گیا تھا، وہاں پہنچنے کے بعد اسے اغوا کرلیا گیا ہے۔ ڈاکوؤں نے شہری کی رہائی کیلئے ایک کروڑ روپے تاوان مانگا ہے۔

    تھانہ سٹی ہارون آباد میں شہری کےاغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغوی کی بازیابی کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی مغوی شہری کی لاش کچے سے ملی تھی، اسے بھی ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیا گیا تھا۔

    70 سالہ آغا سہیل نامی ضعیف العمر شخص کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بلاکر جعل میں پھنسایا گیا تھا۔ مغوی 5 مارچ کو سکھر کیلئے روانہ ہوا جس کے بعد گھر والوں سے رابطہ ختم ہوا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ 11 مارچ کو تھانہ آر اے بازار میں شہری کے اغوا کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ مقتول کا تعلق راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ سے تھا۔