Tag: ہوا

  • سائبیریا کی ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا

    سائبیریا کی ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں، آئندہ 48 گھنٹوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں سائبیریا کی ہواؤں کے اثرات سے سردی کی شدت بڑھ گئی، رات بھر خنکی چھائی رہی جس کے بعد 17 دسمبر کی صبح درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے، صبح اور شام میں چلنے والی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود بھی رہے گا جبکہ موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔

  • پاکستان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے لگا

    پاکستان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے لگا

    لاہور: کرونا وائرس کی وبا کے دنوں میں ایک اچھی خبر آئی ہے کہ پاکستان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملک کے کئی شہروں میں لاک ڈاؤن جاری ہے، جس کے باعث فیکٹریوں اور سڑکوں پر گاڑیوں کا دھواں کم ہونے سے پاکستان کا ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر ہونے لگا ہے۔

    کرونا سے بچنے کی تدابیر کے اثرات شہروں کی فضا پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں، کئی شہروں میں اس وقت لاک ڈاؤن ہے، سڑکوں پر پیٹرول اڑاتی گاڑیاں اور دھواں چھوڑتی فیکٹریاں اور بھٹے چند دن کے لیے بند ہونے باعث لاہور کی ہوا صاف شفاف ہونے لگی۔

    ڈی جی ماحولیات پنجاب تنویر وڑائچ کہتے ہیں کہ اگر سڑکوں پر ٹریفک کو مستقل بنیادوں پر اسی سمت میں کنٹرول کیا جائے تو ہمیں سانس لینے کو شفاف فضا مل سکتی ہے، سموگ کے دنوں میں 400 کراس کر جانے والا پاکستان کا ایئر کوالٹی انڈیکس گزشتہ دس دن میں بہتر ہو کر 100 تک آ گیا ہے۔

    لاہور کی لبرٹی مارکیٹ لاک ڈاؤن کے باعث بند ہے

    کرونا وائرس: نقصانات کے ساتھ فوائد بھی سامنے آگئے

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے متعدد بڑے ممالک میں پیداواری صنعتوں کو بند کیا جا چکا ہے، شاہراہوں پر ٹریفک پر بھی پابندی ہے، سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ہے۔ جس کے باعث حال ہی میں موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے ادارے نے کچھ تصاویر جاری کی تھیں جن میں بتایا گیا تھا کہ فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ہو گئی ہے جس کی وجہ سے آلودہ شہروں کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھی کافی بہتر ہوا۔

  • صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    واشنگٹن :امریکا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفید فام نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سفیدفام نسل پرستوں کیخلاف بولتے ہوئے ان کے الفاظ معنی سے خالی ہوتے ہیں جو امریکا یا دیگر ممالک میں کسی کو بھی بے وقوف نہیں بناسکتے۔

    جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ بڑے شوق سے اسلامی دہشت گردی پر تو حملے کرتے ہیں مگر سفیدفام نسل پرستی کا لفظ ان کی زبان پر کبھی نہیں آتا۔

    انہو ں نے کہا کہ صدرٹرمپ نے خود کو تاریک ترین قوتوں کے ساتھ جوڑا ہوا ہے، ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی ہی یہی ہے کہ نفرت،نسل پرستی اور تفریق کو بڑھایا جائے، اب امریکی قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کیسا مستقبل چاہتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بائیڈن نے ماضی کے نسل پرست صدارتی امیدوار جارج والس سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ جارج واشنگٹن سے زیادہ جارج والس سے مشابہہ نظر آتے ہیں۔

  • پوٹاٹو چپس کا پیکٹ آدھا خالی کیوں ہوتا ہے؟

    پوٹاٹو چپس کا پیکٹ آدھا خالی کیوں ہوتا ہے؟

    ہم میں سے اکثر افراد چپس کھاتے ہوئے سوچتے ہیں کہ یہ پیکٹ تقریباً آدھا خالی کیوں ہوتا ہے اور آدھے سے زیادہ پیکٹ میں ہوا کیوں بھری گئی ہوتی ہے۔

    بعض اوقات ہم سوچتے ہیں کہ شاید یہ بھی صارفین کو لوٹنے کا ایک طریقہ ہے کہ بڑا پیکٹ دکھا کر زیادہ قیمت وصول کی جائے لیکن جب اسے کھولا جاتا ہے تو اس کی تہہ میں کہیں تھوڑے سے چپس نظر آجاتے ہیں۔

    اس حرکت کا مقصد دراصل صارفین کو بہترین شے پہنچانا ہوتا ہے۔

    چپس پیکٹ کے خالی حصے میں نائٹروجن گیس بھری جاتی ہے جس سے چپس محفوظ اور تازہ رہتے ہیں۔ نائٹروجن گیس کی عدم موجودگی میں آکسیجن پیکٹ میں آلو اور تیل کو خراب کرسکتی ہے۔

    پیکٹ میں ہوا بھری ہونے کی وجہ سے چپس ٹوٹنے سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور آپ خستہ چپس کھا پاتے ہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق ہر پیکٹ میں اوسطاً 43 فیصد ہوا بھری جاتی ہے۔ کچھ برانڈز یہ شرح اس سے کم یا اس سے زیادہ بھی کردیتے ہیں۔

  • ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ہوائی : کینیڈا سے سڈنی جانے والےطیارے میں موسم کی خرابی کے باعث فضا میں ہچکولے کھانے سے 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر کینیڈا کے طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث ہوائی کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم اس دوران طیارے کے فضا میں ہچکولے کھانے اور زوردار جھٹکے لگنے کے باعث 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے فضا میں تیزی سے اوپر اور نیچے جاتے ہوئے مسافروں کے سر اور گردن چھت سے ٹکرائے جس کی وجہ سے مسافروں کو چوٹیں آئیں جنہیں امریکی ریاست ہوائی ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کردی گئی جبکہ 9 مسافروں کو اسپتال لے جانا پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  ایئر کینیڈا کے بوئنگ 777 طیارے میں 269 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے، موسم کی صورت حال درست ہونے پر طیارے کو پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت طیارہ 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔

    ایئر کینیڈا کے ترجمان کا کہناتھا کہ طیارہ ریاست ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو سے تقریباً 600 میل جنوب مغرب میں پرواز کررہا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ہماری پہلی ترجیح طیارے، مسافر اور عملے کی حفاظت تھی، ہونولولو ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کرنے والا عملہ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کےلیے تیار تھا۔

  • انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے، راہول گاندھی کا دعویٰ

    نئی دہلی : راہول گاندھی نے مودی لائی سے متعلق انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئرکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انگریزی لغت میں نئے لفظ مودی لائی کا اضافہ ہوا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی لاءکا لفظ دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگریزی لغت میں بھی مودی لائی کے لفظ کا نیا اضافہ ہوگیا ہے، جس کا مطلب حقیقت کو توڑنا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بیسٹ مودی لائز کے حوالے سے ایک ویب سائٹ بھی بن گئی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی نے انگریزی لغت کے صفحے کی تصویر اور ویب سائٹ کا لنک بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    دوسری جانب آکسفورڈ ڈکشنری نے راہول گاندھی کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ انگریزی لغت میں کسی نئے لفظ کا اضافہ نہیں ہوا، آکسفورڈ انتظامیہ نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مودی لائی سے متعلق جو تصویر ٹویٹر کے ذریعے صارفین تک پہنچائی گئی ہے وہ جھوٹی اور بے بنیاد ہے‘۔

  • کراچی میں موسم آج گرم اور خشک رہے گا

    کراچی میں موسم آج گرم اور خشک رہے گا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم گرم اور خشک رہے، شہر میں آج صبح درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    لاہور میں بھی آج موسم خشک رہے گا، شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے دو روز قبل پیشگوئی کی تھی کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں موسم گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بالائی پنجاب، خیبرپختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں ، بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر کاشت کار اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • سولر پینل سے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی بھی پیداوار

    سولر پینل سے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی بھی پیداوار

    سولر پینل سورج کی روشنی اور حرارت سے بجلی پیدا کرتے ہیں اور توانائی کی ضروریات پوری کرتے ہیں، تاہم حال ہی میں ایک منصوبے میں شمسی پینلز نے پانی بنانے کا کام بھی کیا۔

    تجرباتی طور پر کیے جانے والے اس منصوبے کو بل گیٹس اور جیف بیزوس کی جانب سے 1 ارب ڈالر کا فنڈ حاصل ہوچکا ہے۔

    اس منصوبے میں شمسی پینلز ہوا سے نمی کشید کرتے ہیں اور انہیں استعمال کے قابل پانی میں تبدیل کردیتے ہیں۔

    حاصل کردہ پانی نہایت صاف اور پینے کے قابل ہے۔ 2 شمسی پینل سے 10 لیٹر تک صاف پانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ہوا سے پانی کشید کرنے کا خیال نیا نہیں ہیں۔ دنیا بھر میں جیسے جیسے آبی ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے ویسے ویسے پانی حاصل کرنے کے متبادل طریقے ایجاد کیے جارہے ہیں اور ہوا سے پانی کشید کرنا بھی انہی میں سے ایک ہے۔

    اس وقت دنیا کے کئی حصوں میں چھوٹے پیمانے پر اس تکینیک کے ذریعے مختلف منصوبے مقامی آبادی کی آبی ضروریات کو پورا کرر ہے ہیں۔

    ایسی ہی ایک منصوبہ واٹر سیر نامی ٹربائن بھی ہے، دن کے 24 گھنٹے کام کرنے والی یہ ٹربائن فضا میں موجود پانی لے کر اسے پینے کے قابل بناتی ہے اور اس کے لیے اسے کسی قسم کی بجلی، توانائی، یا کیمیکلز کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    اس کے زمین کے اوپر لگے بلیڈز ہوا کی طاقت سے گھومتے ہیں اور ہوا کو زمین کے اندر نصب چیمبر میں دھکیلتے ہیں۔ یہ چیمبر مٹی میں دبا ہوتا ہے اور ٹھنڈی مٹی کی وجہ سے خاصا سرد ہوتا ہے۔

    یہ اپنے اندر موجود گرم ہوا کو بھی ٹھنڈا کردیتا ہے اور اس میں موجود پانی قطروں کی صورت میں چیمبر کی دیواروں پر جم جاتا ہے۔

    یہ ٹربائن ہوا چلنے یا نہ چلنے دونوں صورتوں میں کام کرتی ہے اور روزانہ 37 لیٹرز پانی فراہم کرتی ہے۔

  • ہوا کو صاف کرنے والا اسمارٹ گملا

    ہوا کو صاف کرنے والا اسمارٹ گملا

    امریکی شہر سان فرانسسکو کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا گملا تیار کیا ہے جو پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ہوا کو صاف کرنے میں بھی مدد دے گا۔

    عالمی ادارہ صحت نے گھروں کے اندر کی آلودگی کو انسانی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق گھروں کے اندر موجود ہوا کا معیار تشویش کا سبب بن رہا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ گھروں میں ہوا کی آمد و رفت کے لیے کم جگہ چھوڑی جا رہی ہے۔

    کلیئر نامی کمپنی کی جانب سے بنائے جانے والے ان گملوں میں لگا ننھا سا پنکھا ہوا کو کھینچ کر اندر لے جاتا ہے جہاں اس کے اندر لگا پودا ہوا کو صاف کرتا ہے۔

    اس گملے کی یہ تکنیک ناسا کی ایک تحقیق کی روشنی میں استعمال کی گئی ہے۔

    سنہ 1980 میں ناسا کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کچھ پودے پتوں کے بجائے اپنی جڑوں کے ذریعے آس پاس کی ہوا کو صاف کرنے کا عمل سر انجام دیتے ہیں۔

    عام گملے ہوا کو جڑوں تک پہنچنے نہیں دیتے اسی لیے کلیئر نے انہی پودوں کے ذہن میں رکھتے ہوئے یہ گملا ڈیزائن کیا ہے جو ہوا کو کھینچ کر پودے کی جڑوں تک پہنچا دیتا ہے تاکہ وہ اسے صاف کرسکیں۔

    یہ گملا موبائل فون کی ایک ایپلی کیشن کے ذریعے آپ کو باخبر بھی کرتا رہے گا کہ اس وقت آپ کے گھر میں ہوا کی کوالٹی کیا ہے۔

    ہوا کا معیار زیادہ خراب ہونے کی صورت میں یہ آپ کو خبردار بھی کرے گا کہ موجودہ ہوا آپ کے لیے غیر صحت مند ہے۔

  • گھر میں پودے اگانے کے فوائد سے واقف ہیں؟

    گھر میں پودے اگانے کے فوائد سے واقف ہیں؟

    گھر میں پودے اگانے کے کئی فوائد ہیں۔ طبی ماہرین نے باقاعدہ اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ گھر میں اگائے گئے پودے طرز زندگی اور صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

    ایک ڈاکٹر ایمی لاک کے مطابق ان کا بچپن جس گھر میں گزرا وہاں بے شمار پودے تھے۔ ’جب میں اس گھر سے باہر نکلی تو مجھے اندازہ ہوا کہ پودوں کی کمی مجھ پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ مجھے پودوں کی کمی محسوس ہونے لگی۔ چنانچہ میں جہاں بھی گئی میں نے اپنے آس پاس پودے ضرور لگائے‘۔

    گھر میں پودے اگانے کے مثبت اثرات کیا ہیں، آئیے آپ بھی جانیں۔

    :دماغی صحت پر اثرات

    plant-4
    ماہرین کے مطابق پودے چاہے درختوں کی شکل میں ہوں یا چھوٹے گملوں میں، یہ دماغی صحت پر اچھے اثرات ڈالتے ہیں۔ پودے آپ کا موڈ بہتر کرتے ہیں، آپ کے ذہنی دباؤ کو کم کرتے ہیں اور آپ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔

    سائنسدانوں کے مطابق فطرت آپ کے موڈ کو تبدیل کردیتی ہے۔ اسی طرح اگر آپ کوئی تخلیقی کام کرنا چاہتے ہیں تو پودوں کے قریب بیٹھ کر کریں اس سے یقیناً آپ کی تخلیقی کارکردگی بہتر ہوگی۔

    :ہوا کے معیار میں بہتری

    plant-3
    گھر میں موجود پودے گھر کی ہوا کے معیار کو بہتر بناتے ہیں۔ آج کل جو ہوا ہمیں میسر ہے وہ آلودگی سے بھرپور ہے۔ پودے ہوا کو آلودگی سے صاف کرتے ہیں اور ہوا کو تازہ کرتے ہیں۔ پودے ہوا میں نمی کے تناسب بھی بڑھاتے ہیں۔

    :درد میں کمی کے لیے معاون

    plant-6
    سائنسدانوں کے مطابق پودے درد اور تکلیف کو کم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ ایک ریسرچ کے تحت ایک اسپتال میں مریضوں کے قریب پودے رکھے گئے۔ جن کے قریب پودے تھے ان مریضوں نے درد کش دواؤں کا کم استعمال کیا بہ نسبت ان مریضوں کے جن کے قریب پودے نہیں رکھے گئے تھے۔

    :جڑی بوٹیاں حاصل کریں

    plant-1
    گھر میں اگائے پودوں سے ہمیں غذائی اشیا اور جڑی بوٹیاں بھی حاصل ہوسکتی ہیں۔ جیسے ایلو ویرا، ہربز وغیرہ۔ ان پودوں سے اس مد میں خرچ ہونے والی رقم کی بھی بچت ہوسکتی ہے۔