Tag: ہوائی فائرنگ

  • خواتین کی غنڈہ گردی، ریستوران ملازمین کے ساتھ مارپیٹ، ہوائی فائرنگ بھی کی!

    خواتین کی غنڈہ گردی، ریستوران ملازمین کے ساتھ مارپیٹ، ہوائی فائرنگ بھی کی!

    تین خواتین نے غندہ گردہ کرتے ہوئے ریستوران کے ملازمین پر حملہ کردیا۔ انھیں ڈرانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    امریکی ریاست ساؤتھ کیرولینا کے قصبے کلوور میں یہ عجیب و غریب واقعہ رونما ہوا جہاں تین عورتوں نے غندہ گردہ کرتے ہوئے جاپانی ریستوران کے دو ملازمین پر حملہ کردیا اور انھیں زدو کوب کیا۔ اس دوران ایک خاتون گاڑی سے بندوق لے کر آئی اور ہوائی فائرنگ کرنے لگی۔

    اس کے بعد اس خاتون نے ریستوران کے ملازم کی طرف بندوق تان دی جبکہ مذکورہ دو خواتین نے ’کوچی جیپنیز‘ ریستوران کے دو ملازمین کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور ان پر مکے برسائے۔

    مذکورہ واقعہ یارک کاؤنٹی کے قصبے کلوور کے ہائی وے 557 پر واقع جاپانی ریستوران کے باہر پیش آیا۔

    وہاں لگے کیمروں میں قید ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ تینوں خواتین سفید رنگ کی کار میں آئیں۔ ان میں سے ایک خاتون نے پنک اپر اور بلیک پینٹ پہنہی ہوئی تھی جبکہ بقیہ دونوں خواتین نے نیلی جینز کے ساتھ گرے اور سبز رنگ کی ہوڈی پہنی ہوئی تھی۔

    امریکی حکام کا کہنا کہ تینوں خواتین کی تلاش جاری ہے اور انھیں گرفتار کرنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہے۔

  • سال نو پر فائرنگ کے واقعات کیوں نہ رک سکے؟ (ویڈیوز دیکھتے ہوئے محتاط رہیں)

    سال نو پر فائرنگ کے واقعات کیوں نہ رک سکے؟ (ویڈیوز دیکھتے ہوئے محتاط رہیں)

    محکمہ پولیس کی جانب سے تمام تر کوششوں اور اقدامات کے باوجود سال نو پر فائرنگ کے واقعات نہ رک سکے، اور کراچی شہر میں ایسے متعدد واقعات رونما ہوئے جو قانون کی خلاف ورزی پر بھی مبنی تھے اور ان کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔

    اس سال پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر نہ صرف مہم چلائی گئی بلکہ نچلی سطح تک اقدامات بھی دیکھے گئے، ایڈیشنل آئی جی کراچی خود رات گئے تک مانیٹرنگ کرتے رہے، تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنی حدود میں پٹرولنگ کرتے رہے۔

     

    ڈی جی رینجرز سندھ کی جانب سے بھی اسٹیڈیم روڈ سے سی ویو تک کا دورہ کیا گیا، لیکن رات 12 بجتے ہی سخت اقدامات کے باوجود شہر کے بیش تر علاقے ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے، جس کے بعد رات گئے تک نامعلوم سمت سے گولیاں لگنے کے واقعات میں چار خواتین، تین بچے اور دو بچیوں سمیت 32 افراد زخمی ہوئے، جنھیں کراچی کے عباسی شہید، جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حیدرآباد: سال نو پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی سے متعدد افراد زخمی

    چوں کہ پولیس نے اس مرتبہ سیکیورٹی بہت سخت رکھی تھی تو ہوائی فائرنگ کے الزام میں 59 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا جب کہ ساحل سمندر پر ہلڑ بازی کرنے پر بھی 6 ملزمان گرفتار ہوئے، کراچی پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں ایسٹ سے 20، سینٹرل سے 21، کیماڑی سے 7، کورنگی سے 9، ساؤتھ سے 6 اور لیاری سے 2 افراد کو گرفتار کیا اور مقدمات درج کیے۔

    بڑے وقتوں بعد یہ دیکھا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے، لیکن اس کے باوجود فائرنگ کے واقعات ہوئے جس کا نتیجہ یہی نکالا جا سکتا ہے کہ ایک جاہل شخص اگر ہتھیار اٹھالے تو اس کو سمجھایا جا سکتا ہے، لیکن ایک پڑھا لکھا اٹھا لے تو وہ زیادہ خطرناک بن جاتا ہے، وہ سمجھتا ہے کہ وہ پڑھا لکھا اور اسمارٹ ہے اور تعلقات بھی ہیں تو وہ بچ جائے گا، اور ایسا ہو بھی جاتا ہے۔

    لیکن گزشتہ رات ایسا ہر جگہ نہیں ہوا، پولیس نے 60 کے قریب لوگوں کو گرفتار کیا اور کراچی پولیس آفس میں ویڈیوز موصول ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں ہوں گی، ہوائی فائرنگ کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ایک مخصوص کلاس جس کا تعلق امیر، غریب یا جاہل ان پڑھ سے نہیں ہے، انھوں نے اسے اپنی عزت اور کلچر بنا لیا ہے، ایسے لوگ آپ کو شادی ہال کے اندر اور باہر بھی نظر آتے ہیں۔

    ایسے لوگوں کی نظر میں پولیس یا قانون نافذ کرنے والوں کے میسج پر کہا جاتا ہے ’ابے کچھ نہیں ہوتا دیکھ لینا‘ اور جب ہو جاتا ہے تو معافی ترلوں پر آ جاتے ہیں، کراچی پولیس کو چاہیے اپنے تفتیشی افسران کے ذریعے ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کو ایسا سبق سکھائیں کہ جن کو معلوم ہو وہ آئندہ آتشیں ہتھیار کو ہاتھ لگانے سے پہلے انجام کے بارے میں بھی سوچ لیا کریں۔

    کراچی میں ہوائی فائرنگ کی سب سے بڑی وجہ دھڑا دھڑ بننے والے اسلحہ لائسنس بھی ہیں، جو ہر شخص کو بھاری پیسوں کے عوض جاری کر دیے جاتے ہیں۔ اس کی وجہ وہ اسلحہ بھی ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے اب آپ کو گھروں تک پہنچایا جاتا ہے، ایسے اسلحے کے ذریعے فائرنگ تو ایک رات ہوتی ہے، لیکن ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سارا سال ہوتے رہتے ہیں۔

    شہر قائد کو جب تک ڈی ویپنائز نہیں کیا جاتا، امن و امان کی صورت حال ہمیشہ خطرے میں رہے گی، پولیس کو اگر ہوائی فائرنگ کا مرض روکنا ہے تو اس کا جڑ سے علاج کرنا ہوگا عارضی علاج مسئلے کا حل نہیں۔

  • کراچی:   شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 13سالہ  لڑکا جاں بحق

    کراچی: شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 13سالہ لڑکا جاں بحق

    کراچی : شادی کی تقریب میں گولی چلنے سے تیرہ سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے گولی چلانے والے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر تیرہ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ شادی ہال کے باہر ہوائی فائرنگ سے تیرہ سالہ اریب شدید زخمی ہوا، زخمی اریب کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس نے دم توڑدیا، اریب شاہ اپنے کزن شکیل کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔

    حکام کے مطابق شکیل کے بھائی کی شادی تھی، گولی نکالنے کے دوران گولی چل گئی جو اریب شاہ کو لگی، فائرنگ کرنے والا ملزم بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا تاہم ملزم کو گرفتار کرکے زمان ٹاؤن تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    زمان ٹاؤن پولیس نے کہا ہے کہ جس مقام پر واقعہ پیش آیا وہاں کئی شادی ہال ہیں، کس شادی ہال کےباہرفائرنگ کا واقعہ پیش آیاتعین کررہےہیں اور جاں بحق بچےکےلواحقین سےبھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کےخلاف کارروائی کریں گے۔

    ملزم کے ماموں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرابھانجاشکیل پیروں سےمعذورہے، شکیل نے ہوائی فائرنگ کی اور پھر پستول چیک کر رہا تھا کہ اتفاقیہ گولی چلی جو اریب شاہ کو لگی۔

    ماموں کا کہنا تھا کہ اریب شاہ ہمارے عزیز کا لڑکا ہے، اس کے اہلخانہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرناچاہتے۔

  • 14 اگست کی رات ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    14 اگست کی رات ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    لاہور: 14ا گست کو جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 6 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمان کی جانب سے شاہدرہ، بادامی باغ میں کی گئی فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے بتایا کہ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں ریکارڈیافتہ ہیں، جبکہ ملزمان سے پسٹل، رائفل، گولیاں اور کارتوس برآمد کرلئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر رات گئے کراچی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    کراچی میں رات 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کاسلسلہ شروع ہوا اور پورا شہر گونج اٹھا، فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے، نمائش چورنگی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے بسمہ نامی خاتون جاں بحق ہوئی۔

    لیاری میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے عبدالوہاب نامی شخص جاں بحق ہوا، مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر خواتین، بچوں سمیت 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ سے متاثرہ 29 زخمی جناح اسپتال لائے گئے، ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اندھی گولیوں سے زخمی 24 زخمی سول اسپتال لائے گئے اس کے علاوہ عباسی شہید اسپتال میں ہوائی فائرنگ کے 9 زخمی لائے گئے تھے۔

  • کراچی: جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

    کراچی: جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

    کراچی : پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کے موقع پر رات گئے کراچی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    رات 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کاسلسلہ شروع ہوا پورا شہر گونج اٹھا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب گھروں سے نکلنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، نمائش چورنگی میں نامعلوم سمت سےگولی لگنے سے بسمہ نامی خاتون جاں بحق ہوئی۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ لیاری میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے عبدالوہاب نامی شخص جاں بحق ہوا، مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر خواتین، بچوں سمیت 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ہوائی فائرنگ سے متاثرہ 29 زخمی جناح اسپتال لائے گئے، ہوائی فائرنگ کے واقعات میں اندھی گولیوں سے زخمی 24 زخمی سول اسپتال لائےگئے اس کے علاوہ عباسی شہید اسپتال میں ہوائی فائرنگ کے 9 زخمی لائے گئے۔

  • ویڈیو: کراچی محمود آباد میں بااثر افراد کی شدید ہوائی فائرنگ، لوگ گھروں میں محصور

    ویڈیو: کراچی محمود آباد میں بااثر افراد کی شدید ہوائی فائرنگ، لوگ گھروں میں محصور

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں بااثر افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی، جس سے لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں میں محصور ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد، اعظم بستی میں الحلال چوک پر بااثر افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی، بااثر افراد کی جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے۔

    فوٹیج میں بااثر افراد کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے، ہوائی فائرنگ کے دوران گلی میں چھوٹے بچوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    غیر قانونی طور پر اس طرح کی شدید ہوائی فائرنگ سے انسانی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، شہر میں آئے دن نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں سے اموات اور زخمی ہونے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں، جمعہ کی رات بھی کراچی کے دو مختلف علاقوں میں دو بچے اپنے گھروں میں اندھی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے۔

    موصولہ ویڈیو میں مسلح افراد کے چہرے بھی واضح طور دیکھے جا سکتے ہیں، پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے واقعے پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

  • قتل کے بعد قاتل خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے لگے

    قتل کے بعد قاتل خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے لگے

    کندھ کوٹ: تحصیل کندھ کوٹ میں پرانی دشمنی کے سبب 2 افراد کو قتل کرنے والے قاتل واردات کے بعد خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں دو قبائل میں پرانی دشمنی پر جھڑپ ہوئی، جس میں ایک گروپ نے دوسرے کے دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پرانی دشمنی پر فائرنگ کا واقعہ کندھ کوٹ میں کاڑڑا پتن کے قریب پیش آیا، درانی مہر تھانے کی حدود میں قتل ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

    مخالف گروپ نے خونی تنازع کا بدلہ لینے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی، گروپ کی جانب سے خوشی میں کی گئی فائرنگ کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔

    پولیس قتل میں ملوث ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کر سکی ہے، اور دونوں گروپوں میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

  • ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    ویڈیو: سپر ہائی وے پر خونی ریس لگانے والے ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے

    کراچی: سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل پر خونی ریس لگانے والے کھلے عام ہوائی فائرنگ بھی کرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں سپر ہائی وے، ناردرن بائی پاس پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی کھلے عام خطرناک موٹر سائیکل ریس کا سلسلہ جاری ہے۔

    ریس کے ساتھ ساتھ اب شہریوں کی جانب سے کھلے عام فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ریسرز نے ریس کے دوران سپر ہائی وے کو جام کر دیا ہے۔

    ریس جیتنے والے کے لیے 50 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا تھا، موٹر سائیکل ریسرز کے علاوہ ان کے حامی بھی بڑی تعداد میں سپر ہائی وے پر موجود تھے، اور ریسرز بے خوف ہو کر خطرناک طریقے سے موٹر سائیکل چلاتے رہے۔

    ریس کے دوران ریس میں حصہ لینے والے اور وہاں موجود ان کے حامیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کے باوجود پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ ملزمان کو گرفتار کرنے یا روکنے نہیں آیا۔

    اس واقعے سے متعلق پولیس محکمے نے روایتی لا علمی کا اظہار کر دیا ہے۔

  • شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

    شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

    اکثر دلہا اور دلہن اپنی شادیوں میں انوکھے کام کرتے نظر آتے ہیں جن کی تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوجاتی ہیں، حال ہی میں ایک دلہن کی شادی پر ہوائی فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے۔

    انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں ایک دلہن کو اپنی شادی کے موقع پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی دلہن نے اپنی شادی میں گلابی رنگ کا لہنگا پہنا ہوا ہے اور شادی ہال کے باہر وہ پستول سے ہوائی فائرنگ کرتی نظر آرہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن نے پستول لوڈ کی اور 3 فائر کیے، اس دوران وہ مسکراتی ہوئی نظر آرہی ہے، اس کے بعد وہ اپنی پستول کسی اور کو تھما دیتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Deepesh Thakur (@deepesh966)

    اس ویڈیو کو انسٹا گرام پر کافی پسند کیا جا رہا ہے اور اب تک 67 ہزار سے زیادہ لوگ اسے دیکھ چکے ہیں، جبکہ صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • کرونا وائرس کو فائرنگ کر کے ’بھگانے‘ والی بھارتی سیاستدان پر مقدمہ قائم

    کرونا وائرس کو فائرنگ کر کے ’بھگانے‘ والی بھارتی سیاستدان پر مقدمہ قائم

    نئی دہلی: دنیا بھر کو خوف و دہشت میں مبتلا کردینے والے کرونا وائرس کے حوالے سے بھارتی سیاستدان سنجیدہ ہونے کو تیار نہیں، کرونا وائرس کے خلاف مارچ اور نعروں کے بعد ایک اور سیاستدان کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی جن کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارت میں اتوار کی شب وزیر اعظم نریند مودی کی اپیل پر کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اظہار یکجہتی کے طور پر 9 بجے 9 منٹ تک موم بتیاں روشن کی گئیں۔

    ایسے موقع پر جہاں عوام کی بڑی تعداد اور فنکاروں نے طبی عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں سیاستدان عجیب و غریب حرکتیں دکھائی دیے۔

    ریاست اتر پردیش کے ضلع بالرام پور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاستدان اس موقع پر ہوائی فائرنگ کر کے کرونا وائرس کو بھگاتی ہوئی نظر آئیں۔

    منجو تیواڑی بی جے پی کے خواتین ونگ کی ضلعی صدر ہیں جنہوں نے اپنی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو خود ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی اور جب اس پر شدید تنقید کی گئی تو پھر خود ہی اسے ڈیلیٹ کردیا،ویڈیو میں ان کے قریب کھڑے لوگ بھی تالیاں بجاتے اور ہنستے دکھائی دے رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بی جے پی کے ہی کئی رہنماؤں نے ان کے خلاف پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا جس کے بعد مقامی پولیس حرکت میں آئی اور خاتون سیاستدان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، اس حوالے سے ایڈیشنل ایس پی اروند مشرا کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

    بعد ازاں  منجو تیواڑی نے اپنی حرکت پر معذرت طلب کرلی، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس رات شمعوں اور مشعلوں کی وجہ سے دیوالی جیسا ماحول پیدا ہوگیا تھا چنانچہ انہوں نے بھی خوشی سے بے قابو ہو کر ہوائی فائرنگ کر ڈالی، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں اور اس پر معذرت کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بی جے پی کے ایک سیاستدان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جو اسی رات اپنے سپورٹرز کے ساتھ مشعلیں لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور کرونا وائرس کے خلاف باقاعدہ مارچ کیا، اس دوران وہ اور ان کے حامی ’گو بیک چائنیز وائرس‘ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔