Tag: ہوائی فائرنگ

  • سالگرہ کی تقریب میں دو بھائیوں کی شدید ہوائی فائرنگ، پولیس محافظ بنی رہی

    سالگرہ کی تقریب میں دو بھائیوں کی شدید ہوائی فائرنگ، پولیس محافظ بنی رہی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری کے تھانے کی حدود میں ایک سال گرہ کی تقریب میں دو بھائی شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے جنھیں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر با اثر افراد کی تقریب میں قانون کی کھلے عام خلاف ورزی ہوتی رہی جب کہ پولیس کی بھاری نفری سال گرہ پر سیکورٹی انجام دیتی رہی، اے آر وائی نیوز نے فائرنگ اور تقریب کی ویڈیو حاصل کر لی۔

    ایس ایس پی ملیر علی رضا کا کہنا ہے کہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود بھٹائی کالونی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ذیشان ابڑو اور فیصل ابڑو نے ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایس ایچ اوز فائرنگ کے وقت تقریب میں موجود نہیں تھے، ان کے جانے کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سال گرہ تقریب میں با اثر افراد کا باری باری ہوائی فائرنگ کا مقابلہ چلتا رہا، جب کہ پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی پر مامور رہی، تقریب میں کئی افراد شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے، ’کبھی ریڈی اسٹیڈی گو‘ تو کبھی ’ون ٹو تھری‘ کے بعد فائرنگ ہوتی رہی، فائرنگ میں مبینہ طور پر سرکاری ایس ایم جی بھی استعمال کی گئی، تقریب میں پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر بھی موجود تھے۔

    دریں اثنا، اے آر وائی نیوز نے ایس ایچ او عاصم الرحمان سے رابطہ کیا تو انھوں نے رُکھائی سے جواب دے کر فون بند کر دیا، ان کا جواب تھا کہ وہ سال گرہ کی تقریب میں موجود تھے، لیکن ان کی موجودگی میں فائرنگ نہیں کی گئی، ان کے جانے کے بعد کی گئی ہوگی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ علاقہ ایم پی اے اور ایم این اے بھی دعوت میں موجود تھے، وہ ہر مہینے تقریب منعقد کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ عاصم الرحمان کو چند روز قبل ہی سائٹ سپر ہائی وے سے ہٹایا گیا تھا، جس کے بعد انھیں ایس ایچ او ابراہیم حیدری تعینات کیا گیا۔

  • سندھ کا یوم ثقافت: بااثر افراد نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    سندھ کا یوم ثقافت: بااثر افراد نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    کراچی: نا معلوم افراد نے ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کر کے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق با اثر افراد نے ڈینفس کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کر کے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، فائرنگ کا یہ واقعہ 2 روز قبل سندھ کے یوم ثقافت پر پیش آیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق منچلے گانا بجاتے ہوئے فائرنگ کرتے رہے، پولیس ناکے پر جیسے ہی روکا گیا تو اہل کار کے سامنے بھی فائرنگ کی گئی، گاڑی میں بیٹھے شخص نے گالی دے کر کہا کہ ہمیں کوئی نہیں پکڑ سکتا۔

    رپورٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والے ٹولے میں موجود ہر گاڑی میں دو سے 3 افراد کے پاس اسلحہ موجود تھا۔

    خیال رہے کہ یکم دسمبر اتوار کے دن سندھ کا یوم ثقافت تھا، جسے کراچی سمیت صوبے بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، ہر طرف سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار نظر آئی، شہر قائد میں مرکزی تقریب پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئی‘ فوارہ چوک پر سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے مرد، خواتین، بچے بزرگ ثقافتی رقص کرتے رہے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے یوم سندھی ثقافت پر پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھی ثقافت انسانیت دوستی، ملنساری اور دلیرانہ مزاج کی آئینہ دار ہے۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ملزمان گرفتار

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈنگ کے قریب تھا تو ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز کے طیارے پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے352 پر فائرنگ کا واقعہ اسلام آباد ائیر پورٹ لینڈنگ کے وقت ہوا۔

    واقعہ رات دس بجے پیش آیا، مذکورہ طیارہ فائرنگ رینج سے باہر ہونے کے باعث محفوظ رہا، کنٹرول ٹاور کی اطلاع دیئے جانے کے بعد پرواز کو دوسرے رن وے پر لینڈ کروایا گیا۔

    مسافر اور طیارے کی باحفاظت لینڈنگ کے فوری بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ایئرپورٹ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہوئی۔

    پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

  • اوچ شریف: بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ، 2 بچے شدید زخمی، ملزمان گرفتار

    اوچ شریف: بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ، 2 بچے شدید زخمی، ملزمان گرفتار

    اوچ شریف: جنوبی پنجاب کے شہر اوچ شریف میں بچے کی پیدائش کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ سے 2 بچے زخمی ہو گئے، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے محلہ بخاری میں بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 بچے شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار

    یاد رہے کہ 13 اپریل کو شیخوپورہ میں مہندی کی تقریب میں بھی ہوائی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد دولہا اور اس کے دوست موقع سے فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے افراد دولہا کے عزیز و اقارب تھے، اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ فائرنگ شراب کے نشے میں دھت دولہا کے دوستوں کی جانب سے گئی۔

  • مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار

    مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار

    شیخوپورہ : مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دو افراد ہلاک دو زخمی ہوگئے، دولہا اور اس کے دوست موقع سے فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے نواحی علاقے فیروز وٹواں میں رات گئے مہندی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد اظہر  اور عاطف موقع پر ہلاک ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے افراد دولہا کے عزیز و اقارب ہیں۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد طبی امداد کیلیے دونوں زخمیوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں میو اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔

    تھانہ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ شراب کے نشے میں دھت دولہا کے دوستوں کی جانب سے گئی، گولیاں تقریب میں موجود افراد کو لگنے کے بعد دولہا اور اسکے دوست موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش تاحال جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : لاہور: شادی میں ہوائی فائرنگ، چھت پر کھڑی لڑکی موقع پر جاں بحق، ملزمان فرار

    دولہا کے سر پر سہرا گلے میں نوٹوں کے ہار اور دل میں سہانے خواب سجائے اس وقت چکنا چور ہوگئے جب دوستوں غلطی سے حسرتوں پر پانی پھر گیا اور اسے شادی سے فرار اختیار کرنا پڑتا۔

  • فیصل آباد : بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، 5افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس

    فیصل آباد : بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، 5افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس

    فیصل آباد : مختلف علاقوں میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، سات ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بسنت منانے کے دوران منچلوں کی ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، نوجوانوں نے کلاشنکوف سمیت جدید اسلحے سے فائرنگ کی۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آبادمیں پتنگ بازی اور فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے واقعات کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں عثمان بزدار نے فائرنگ سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات افسوسناک ہیں، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ پولیس حکام پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پرعمل درآمد یقینی بنائیں، ایسے واقعات کا رونما ہونا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

  • کراچی: سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت 18 افراد زخمی

    کراچی: سال نو کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت 18 افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچی سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں 7 سالہ بچی سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق لیاقت آباد، ناظم آباد، لیاری، کینٹ اسٹیشن، پرانی سبزی منڈی، لانڈھی، گلستان جوہر، گارڈن،  ایف بی ایریا، ایئرپورٹ، نارتھ آباد، طارق روڈ اور رنچھوڑ لائن سمیت دیگر علاقوں میں نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ منزل پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین اور 7 سالہ بچی  بھی زخمی ہوئی، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں سال 2019 کا آغاز ہوگیا جس کی آمد پر ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو ٹاؤن پولیس نے آتشبازی کرنے والے 5 نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نیا سال : کراچی میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ فوراً واپس

    یاد رہے کہ وزرات داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹی فکیشن کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے آج نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت کراچی میں نئے سال کے موقع پر دو روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا کہا گیا تھا۔

  • نئے سال کی آمد : کراچی میں ڈبل سواری پر دو روز کیلئے پابندی عائد، ہوائی فائرنگ بھی ممنوع

    نئے سال کی آمد : کراچی میں ڈبل سواری پر دو روز کیلئے پابندی عائد، ہوائی فائرنگ بھی ممنوع

    کراچی : سندھ حکومت نے نئے سال کی آمد پر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی دو روز کیلئے لگائی گئی پابندی کا اطلاق آج اور کل ہوگا، ہوائی فائرنگ فائرکریکر اور اسلحے کی نمائش پر پابندی بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے نئے سال کی آمد پر کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے اور شہریوں کو حادثات سے بچاؤ کیلئے شہر کراچی میں دفعہ144کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی آج اور کل کیلئے لگائی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت شہر بھر میں ہوائی فائرنگ، فائرکریکر اور اسلحے کی نمائش پر پابندی بھی ہوگی اور دفعہ 144 کے تحت چار سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پرپابندی رہے گی۔

    شہر بھرمیں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق خواتین، بارہ سال سے کم عمر بچوں، بزرگ شہریوں،صحافیوں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔

    علاوہ ازیں سال نو کے آغاز پر رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے، اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اورموٹرسائیکل گشت کو مزید بڑھا دیا گیا جبکہ سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سی ویو جانے والے راستوں پر سڑک کنارے کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں۔

  • سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا کے خلاف مقدمہ درج

    سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: شارع فیصل پر کھلے عام اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والے شہری عدنان پاشا کے خلاف تھانہ بہادر آباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدنان پاشا کے خلاف مقدمہ دفعہ 504 اور 506 بی کے تحت سرکار کی مدعیت میں تھانہ بہادر آباد میں درج کیا گیا، تاہم ملزم کی گرفتاری اب تک عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم نے شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب ہوائی فائرنگ کی تھی جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا۔

    کراچی: شارع فیصل پرفائرنگ کرتے ہوئےشہری کا پولیس کوچیلنج

    دوسری جانب ملزم کا اپنے وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کرنا چاہتا تھا، اس کا مقصد قطعی شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا نہیں تھا۔

    خیال رہے گذشتہ دنوں ملزم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنچ کرتے ہوئے شہر میں کھلے عام اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپ لوڈ کی تھی۔

    کراچی، ہوائی فائرنگ سے زخمی بچہ جاں بحق

    واضح رہے گذشتہ دنوں وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اے آر وائی  نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو کارروائی کا حکم دیا تھا، تاہم دو روز گزر جانے کے باوجود پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی: شارع فیصل پرفائرنگ کرتے ہوئےشہری کا پولیس کوچیلنج

    کراچی: شارع فیصل پرفائرنگ کرتے ہوئےشہری کا پولیس کوچیلنج

    کراچی: شہر قائد میں شارع فیصل پر نوجوان کھلےعام اسلحے کی نمائش اور فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات شارع فیصل پرنوجوان نے کھلےعام فائرنگ کی اور ویڈیو سوشل میڈیا پراپ لوڈ کردی۔

    ویڈیو میں نوجوان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرتا ریا اور اس دوران اس نے اپنا نام عدنان پاشا بتایا۔

    ذرائع کے مطابق کھلےعام بد معاشی کرنے والا شخص رینٹ اے کارکا کام کرتا ہے،ملزم اسپورٹس کاروں کا شوقین بھی ہے۔

    وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے اےآروائی نیوزپر نوجوان کی ہوائی فائرنگ کرنے کی خبر نشر ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

    سہیل انور سیال نے حکم دیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔