Tag: ہواوے

  • چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے امریکی پابندی کے خلاف عدالت سےرجوع کرلیا

    چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے امریکی پابندی کے خلاف عدالت سےرجوع کرلیا

    بیجنگ : چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی ہواوے نے اپنی مصنوعات پرامریکی پابندیوں کے خلاف ٹیکساس کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے سرکاری محکموں میں ہواوے کی مصنوعات اورسازوسامان کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کے خلاف ہواوے کمپنی کے چیئرمین گؤ پنگ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہواوے پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

    گؤ پنگ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام ہواوے پر مبینہ جاسوسی کے الزام میں پابندی نہیں لگا رہے بلکہ وہ ہواوے کو مسابقت کی دوڑ سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

    چیئرمین ہواوے کمپنی نے کہا کہ امریکی کانگریس کے پاس ہواوے مصنوعات پر پابندی کی کوئی جائز وجوہات موجود نہیں ہیں۔

    دوسری جانب امریکی حکام کا خیال ہے کہ چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی چینی خفیہ ایجنسی کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنی مصنوعات میں ایسے آلات لگاتی ہے جن کی مدد سے امریکا کی اہم معلومات تک باآسانی رسائی حاصل کی جاسکے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہواوے کی مصنوعات کا امریکا میں استعمال ہونا امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خدشات کا باعث ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گؤپنگ نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ امریکیوں نے ہواوے کے سرور کو ہیک کرکے کمپنی کی اہم معلومات تک رسائی حاصل کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک ہواوے کے خلاف منفی اقدامات کرنے سے گریز کررہے ہیں کیوں کمپنی بہت جلد 5 جی مارکیٹ میں متعارف کروانے والی ہے جس کے بعد ہواوے دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بن جائے گی۔

    واضح رہے کہ امریکی حکام گزشتہ کئی برسوں سے ہواوے کے بانی رین زینگ فائی کو سابقہ فوجی انجینئر ہونے کے باعث کمپنی کو خطرہ سمجھتے رہے ہیں۔

  • پولینڈ: جاسوسی کے الزام میں گرفتار ’ہواوے‘ کا ملازم نوکری سے برطرف

    پولینڈ: جاسوسی کے الزام میں گرفتار ’ہواوے‘ کا ملازم نوکری سے برطرف

    وارسا : پولینڈ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہونے والے چینی ٹیلی کام کمپنی ’ہواوے‘ کے اعلیٰ عہدیدار کو کمپنی نے ملازمت سے فارغ کردیا۔

    پولینڈ کے نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چینی شہری ’ہواوے‘ کی پولش برانچ کا ڈائریکٹر ہے، کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری کے بعد چین اور پولینڈ کے مابین کشیدگی کا اندیشہ تھا لیکن کمپنی نے مذکورہ ملازم کو نوکری سے نکال کر محاز آرائی کے خدشے کو ختم کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہواوے کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولینڈ میں گرفتار ہونے والے شخص سے اب کمپنی کا کوئی تعلق نہیں ہے، مذکورہ اقدام کمپنی کو بدنامی سے بچانے کےلیے اٹھایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ یورپی ممالک میں ہواوے کی مصنوعات بہت مقبول ہیں لیکن دوسری جانب سے چینی حکومت سے تعلقات کی بناء پر ’ہواوے‘ کے ملازمین پر سخت نظر رکھی جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے مذکورہ چینی ٹیلی کام کمپنی کی اشیاء پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ چین ہواوے کے ذریعے جاسوسی تو نہیں کررہا۔

    مزید پڑھیں : پولینڈ میں چینی کمپنی ’ہواوے‘ کا اعلیٰ عہدیدار جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    یاد رہے کہ ہواوے کے اعلیٰ عہدیدار کے ساتھ ساتھ پولینڈ کی پولیس نے پیوٹر ڈی نامی پولش شہری کو بھی جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا جو پہلے پولینڈ کی سیکیورٹی ایجنسی کا ملازم تھا۔

    پولینڈ کی داخلہ سیکیورٹی ایجنسی (اے ڈبلیو بی) کا سابق اعلیٰ عہدیدار تھا، جس نے بد عنوانی کے الزامات کے باعث اے ڈبلیو بی چھوڑ دی تھی لیکن اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔

    مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی اے ڈبلیو بی نے پولینڈ میں واقع ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے دفتر اور اورنج پولاسکا پر چھاپہ مارکر سرچ آپریشن بھی کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اورنج الاسکا وہ جگہ ہے جہاں پولش شہری ’پیوٹر ڈی‘ ملازمت کرتا تھا۔

    مزید پڑھیں : چینی ٹیلی کام کمپنی ’ہواوے‘ کے بانی کی بیٹی کینیڈا میں گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ برس کینیڈا میں ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی اور چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو یکم دسمبر کو کینیڈین شہر وانکوور سے حراست میں لیا گیا تھا جنہیں امریکا کے حوالے کرنے کا امکان ہے۔

  • پولینڈ میں چینی کمپنی ’ہواوے‘ کا اعلیٰ عہدیدار جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    پولینڈ میں چینی کمپنی ’ہواوے‘ کا اعلیٰ عہدیدار جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    وارسا : پولینڈ کی پولیس نے جاسوسی کے الزام میں چین اور پولینڈ کے دو شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے، زیر حراست شخص چینی ٹیلی کام کمپنی اعلیٰ عہدیدار ہے۔

    پولینڈ کے نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چینی شہری چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی پولش برانچ کا ڈائریکٹر ہے، ہواوے کمپنی نے اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری پر فی الفور کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے مذکورہ چینی ٹیلی کام کمپنی کی اشیاء پر سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    پولش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گرفتار پولش شہری ’پیوٹر ڈی‘ پولینڈ کی داخلہ سیکیورٹی ایجنسی (اے ڈبلیو بی) کا سابق اعلیٰ عہدیدار تھا، جس نے بد عنوانی کے الزامات کے باعث اے ڈبلیو بی چھوڑ دی تھی لیکن اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔

    پولش سیکیورٹی سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد کو تین ماہ تک حراست میں رکھا جائے گا۔

    مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی اے ڈبلیو بی نے پولینڈ میں واقع ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے دفتر اور اورنج پولاسکا پر چھاپہ مارکر سرچ آپریشن کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اورنج الاسکا وہ جگہ ہے جہاں پولش شہری ’پیوٹر ڈی‘ ملازمت کرتا تھا۔

    چینی ٹیلی کام کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’جن ممالک میں ہماری برانچز کام کررہی ہیں ہم وہاں کے تمام قوانین و ضوابط کی پاسداری کرتے ہیں اور اپنے تمام ملازمین کو قوانین کی پاسداری کا کہتے ہیں‘۔

    دوسری جانب اونج الاسکا کا جاری بیان میں کہنا ہے کہ پولش سیکیورٹی سروس کی جانب سے ’پیوٹر ڈی‘ کے بارے مواد جمع کیا ہے لیکن یہ نہیں معلوم کہ وہ مواد اس کے پیشہ وارانہ کام سے متعلق ہے یا نہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ، امریکا اور آسٹریلیا نے ہواوے کو اپنے 5جی موبائل نیٹ ورک میں شمولیت سے روک دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین ہواوے کے ذریعے اپنے حریف ممالک کی جاسوسی کے الزامات ہیں تاہم ہواوے کمپنی نے چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔

    مزید پڑھیں : چینی ٹیلی کام کمپنی ’ہواوے‘ کے بانی کی بیٹی کینیڈا میں گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ برس کینیڈا میں ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی اور چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو یکم دسمبر کو کینیڈین شہر وانکوور سے حراست میں لیا گیا تھا جنہیں امریکا کے حوالے کرنے کا امکان ہے۔

  • چین: ’ہواوے‘ کی اعلیٰ عہدیدار مینگ کو فوری رہا کرو، چین کا مطالبہ

    چین: ’ہواوے‘ کی اعلیٰ عہدیدار مینگ کو فوری رہا کرو، چین کا مطالبہ

    بیجنگ : چینی حکام نے کینیڈین حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ہواوے کمپنی کی اعلیٰ عہدیدار کو رہا نہ کیا گیا تو کینیڈا کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں گرفتار ہونے والی ہواوے کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وینزوا کو یکم دسمبر کوکینیڈین شہر وانکوور سے حراست میں لیا گیا تھا جنہیں امریکا کے حوالے کرنے کا امکان ہے۔

    چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین کے نائب وزیر خارجہ لی یوچنگ نے بیجنگ میں موجود کینیڈین سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کرتے ہوئے خبردار کرتے ہوئے مینگ وانژو کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا‘۔

    چینی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’امریکا کی درخواست پر کینیڈا میں چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے بانی و کمپنی کی اعلیٰ عہدیدار کی گرفتاری مینگ کے قانونی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے‘۔

    مزید پڑھیں : چینی ٹیلی کام کمپنی ’ہواوے‘ کے بانی کی بیٹی کینیڈا میں گرفتار

    چینی دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مینگ کی گرفتاری’فطرتاً انتہائی گھناؤنا ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا نے ان الزام عائد کیا ہے کہ ایران پر امریکی پابندیوں کے باوجود چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے ایران کو نیٹ ورکنگ کا سامان فروخت کرتی رہی ہے اور مینگ نے ان معاہدوں کو مخفی رکھا۔

    امریکا کی جانب سے مینگ کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا تاکہ نیو یارک میں مینگ پر مقدمہ چلا سکیں، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکن ہے مینگ کو امریکا میں 30 برس قید کی سزا سنادی جائے۔

  • ہواوے نے نیا میٹ 8 اسمارٹ فون متعارف کرادیا

    ہواوے نے نیا میٹ 8 اسمارٹ فون متعارف کرادیا

    کراچی : ہواوے نے نیا میٹ 8 اسمارٹ فون متعارف کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں معروف موبائل ساز کمپنی ہواوے نے اپنا نیا میٹ 8 اسمارٹ فون متعارف کرادیا، تقریب میں شوبز کے علاوہ شہر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

    جن میں سعد ہارون ، معروف آرٹسٹ زوئے وکاجی، ماڈل اداکا راور نوجوانوں میں بے حد مقبول گلوکار عذیر جسوال ودیگر موجود تھے۔

    پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹرمنزہ نے انجام دیئے، ہواوے پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر شون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہواوے کی ڈیوائس پاکستان میں بے حد مقبول ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم یہاں فخریہ انداز میں نیا میٹ 8 اسمارٹ فون متعارف کروا رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے تقریب کے شرکاء کو اسکرین کے ذریعے میٹ 8 اسمارٹ فون کی خصوصیات سے آگاہ کیا،

    ہواوے پاکستان کے عہدیدارعادل مرتضیٰ نے بھی نئی پروڈکٹ کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کیں۔

  • ہواوے نے میٹ ایس کے ساتھ جی ایٹ بھی متعارف کروادیا

    ہواوے نے میٹ ایس کے ساتھ جی ایٹ بھی متعارف کروادیا

    لاہور: عالمگیر سطح پر ٹیلی کمیونیکیشن سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی ہواوے نے گزشتہ روز Mate S سمارٹ فون کی تعارفی تقریب میں ہواوے G8 بھی متعارف کروا دیا۔

    لاہور کے رائل پام ہوٹل میں منعقد تقریب میں ہواوے کمپنی نے Mate S سمارٹ فون کے ساتھ  ہواوے G8 بھی متعارف کروا دیا۔

    تقریب میں میڈیا کے مشہور و معروف شخصیات، فیشن انڈسٹری کے ستاروں نے شرکت کی ،تعارفی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر انوشے اور فیضان الحق نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے جنہوں نے فلم جوانی پھر نہیں آنی کے کردار عائشہ خان اور احمد علی بٹ سے ہواسے کے نئے سمارٹ فون کے بارے میں بات چیت کی ۔

    تقریب میں میزبانی کے فرائض دلکش اداکار علی سفینا اور ان کی اہلیہ حرا ترین نے انجام دیئے، جبکہ ہواوے پاکستان کے سی ای او ارگون مینگ  نے سال 2015  میں ہواوے کے کامیاب سفر سے متعلق پریزنٹیشن بھی پیش کی ۔

    تقریب میں میوزک اور ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں معروف اداکار احمد علی بٹ پرفارم کیا بعد ازاں اس میں معروف اداکار ہمایوں سعید بھی شامل ہوئے۔