Tag: ہولو گرام

  • معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    معروف گلوکارہ اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد پھر سے اپنی آواز کا جادو جگانے پہنچ گئیں

    مصر کی ایک معروف عرب گلوکارہ ام کلثوم اپنی موت کی 5 دہائیوں بعد ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک بار پھر اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے آگئیں۔

    مصری دارالحکومت قاہرہ کے اوپرا ہاؤس میں پیش کیے جانے والے اس شو میں معروف گلوکارہ ام کلثوم کا ہولو گرام پیش کیا گیا۔ سنہری رنگ کے ہالے میں لپٹے ان کے ہولو گرام نے مسحور کن آواز کا جادو جگا کر لوگوں کو سحر زدہ کردیا۔

    ام کلثوم مصر کی نہایت معروف گلوکارہ تھیں، انہوں نے کئی مغربی گلوکاروں کو بھی متاثر کیا جن میں سے ایک باب ڈیلن بھی تھے۔ مصر کے بازاروں اور قہوہ خانوں میں اب بھی ام کلثوم کے نغمے سنائی دیتے ہیں۔

    ان کے ہولوگرام کے کنسرٹ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ کسنرٹ دیکھنے آئے ایک شخص کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی دادی سے ام کلثوم کی سحر انگیزی کے بارے میں سنا ہے کہ جب وہ لائیو پرفارمنس پیش کیا کرتی تھیں تو لوگوں کے دلوں کی دھڑکن رک جاتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ میں سوچا کرتا تھا کہ کاش میں بھی ان کے کسی کنسرٹ میں شریک ہو پاتا۔ آج اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت میری یہ خواہش کسی حد تک پوری ہوگئی۔

    معروف گلوکارہ کو اس طرح پیش کرنے پر مصری سوشل میڈیا پر مختلف آرا کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

  • شعلوں سے گھرے شیر نے اسٹیڈیم میں لوگوں کی سانسیں روک دیں

    شعلوں سے گھرے شیر نے اسٹیڈیم میں لوگوں کی سانسیں روک دیں

    ارجنٹائن میں ایک معروف اسٹیڈیم کی بحالی کے بعد اس کے افتتاح کے موقع پر ایک قوی الجثہ شیر اسٹیڈیم کی چھت پر چڑھ آیا جسے دیکھ کر شائقین کی سانسیں رک گئیں۔

    ارجنٹائن کے فٹبال کلب اسٹوڈیونیٹس نے اپنے اسٹیڈیم کی بحالی کے بعد اس کا افتتاح کیا تو اس موقع پر ہزاروں شائقین نے تقریب میں شرکت کی۔ ایسے میں شائقین کے لیے ایک دنگ کردینے والا مظاہرہ پیش کیا گیا جب شعلوں سے گھرے ایک قوی الجثہ شیر نے اپنی انٹری دی۔

    یہ شیر دراصل ہولو گرام تھا جسے دیکھ کر شائقین نے اپنا دل تھام لیا۔ بھاری بھرکم، شعلوں سے گھرے، چیختے چنگھاڑتے شیر نے وہاں موجود لوگوں پر سحر طاری کردیا۔

    شیر نے پہلے اسٹیڈیم کی چھت پر چہل قدمی کی اس کے بعد گراؤنڈ پر چھلانگ لگائی۔ جہاں جہاں اس شیر کے پاؤں پڑے وہاں وہاں شعلہ بھڑک اٹھا۔

    پورے گراؤنڈ کا چکر لگانے کے بعد شیر نے ایک آخری چنگھاڑ ماری اس کے بعد شعلوں میں غائب ہوگیا۔

    ارجنٹائن کا مذکورہ اسٹیڈیم سنہ 2005 میں سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ اب اس اسٹیڈیم کے دوبارہ کھلنے اور یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد کھلاڑیوں اور عام افراد نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

  • عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، آصفہ بھٹو زرداری

    عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، آصفہ بھٹو زرداری

    کراچی : پیپلزپارٹی کی شہید رہنما بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، بلاول بھٹو صرف میرا ہی نہیں بلکہ آپ سب کابھی بھائی ہے۔

    یہ بات انہوں نے پہلی بارہولو گرام کے ذریعہ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد میرے والد نے پاکستان کھپے کانعرہ لگا کر ملک کو بچایا، آصف زرداری نے اپنے دور صدارت میں عوامی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے۔

    آصفہ بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے اور پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی، پی پی کو ہمیشہ اس وقت اقتدار ملاجب ملک بحرانوں کا شکار ہوتا ہے، پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی بی بی شہید کی طرح عوام کا درد محسوس کرتےہیں، عوام بلاول بھٹو میں پاکستان کا مستقبل دیکھتے ہیں، پاکستان کے عوام بلاول بھٹوکی قیادت میں متحد ہیں۔

    پیپلزپارٹی کو صرف اور صرف عوام کا مفاد عزیز ہے، بلاول بھٹو صرف میرا ہی نہیں بلکہ آپ سب کابھی بھائی ہے، امید ہے آپ جوش اور ولولے کے ساتھ بلاول کے دست وبازو بنیں گے۔

    آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو پہلامتفقہ آئین دیا، جتنا پی پی کو مٹانے کی کوشش کی گئی یہ اتنے ہی عزم سے ہم اٹھتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔