Tag: ہولی

  • کیا ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ ہولی منائی؟

    کیا ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ ہولی منائی؟

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ساتھ ہولی مناتے ہوئے تصویر کی حیقیقت سامنے آگئی۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو نے تیزی سے صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے جس میں ہولی مناتے ہوئے کئی عالمی شخصیات کو دکھایا گیا ہے، ان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک، اور کرکٹر ویرات کوہلی کی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔

    ان ویڈیوز اور تصاویر میں ہولی کی تقریبات میں ٹرم اور ایلون مسک جوش و خروش سے حصہ لیتے نظر آرہے ہیں مگر حیقیت یہ ہے کہ تمام تصاویر آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی ہیں۔

    وائرل کلپ میں مودی اور ٹرمپ ہنستے ہوئے اور ایک دوسرے پر گلال لگاتے ہوئے نظر آتے ہیں، جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ ٹرمپ اور مودی ایک ساتھ ہولی کا تہوار منا رہے ہیں۔

    تاہم حقیقی طور پر اے آئی سے بنائی گئی تصویر ہے، انسٹاگرام پر ‘آرٹیفیشل بڈھی’ نامی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی، اس ویڈیو پر 93 ہزار سے زیادہ ویوز آچکے ہیں۔

    صارفین کو تفریح فراہم کرتی اس ویڈیو میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو بھی دکھایا گیا ہے، دونوں کو گلال کی پلیٹ پکڑے، ہولی کے تہوار میں رنگوں میں رنگا ہوا دکھایا گیا ہے۔

  • بھارت کی وہ درگاہ جہاں دھوم دھام سے ہولی منائی جاتی ہے

    بھارت کی وہ درگاہ جہاں دھوم دھام سے ہولی منائی جاتی ہے

    بھارت کے اترپردیش میں بارہ بنکی کے صوفی سنت حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر منائی جانے والی ہولی کی پوری دنیا میں دھوم مچی ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولی پر رنگوں کی خوبصورتی سبھی مذاہب کے لوگوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ وارث علی شاہ کی درگاہ اس بات کی مثال ہے کہ رنگوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

    درگاہ پر ہر سال کی طرح امسال بھی گلال اور گلاب سے تمام مذاہب کے لوگ ایک ساتھ ہولی کھیلتے نظر آئے۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو رنگ – گلال لگا کر ہولی کھیلی اور بھائی چارے کی مثال پیش کی۔

    واضح رہے کہ بارہ بنکی کے صوفی سنت حاجی وارث علی شاہ کے مزار کی تعمیر ان کے ہندو دوست راجہ پنجم سنگھ نے کرائی تھی۔ صوفی سنت حاجی وارث علی شاہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی پیدائش انیسویں صدی میں حسینی سیدوں کے گھرانے میں ہوئی تھی۔

    مزار کی تعمیر کے زمانے سے ہی یہ جگہ ہندو-مسلم اتحاد کا مظہر رہی ہے، اس درگاہ پر مسلم طبقہ کے لوگ تو آتے ہی ہیں، ان سے کہیں زیادہ تعداد میں ہندو مذہب کے لوگ پہنچتے ہیں۔

    بھارت میں ہولی، نماز جمعہ کا وقت تبدیل کردیا گیا

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس درگاہ پر ہولی کھیلنے کی روایت کافی پرانی ہے۔ حاجی وارث علی شاہ کے زمانے سے ہی یہاں ہولی کھیلنے کی روایت برقرار ہے۔

    کہا جارہا ہے کہ بھارت میں یہ روایت برطانوی حکومت کے زمانے سے چلی آ رہی ہے، گلال اور گلاب سے یہاں ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے، ہولی کے روز یہاں ملک کے گوشے گوشے سے تمام مذاہب کے افراد پہنچتے ہیں۔

  • بھارت میں ہولی پر ’’سونے‘‘ سے تیار مٹھائی، قیمت ہوش اڑا دے گی!

    بھارت میں ہولی پر ’’سونے‘‘ سے تیار مٹھائی، قیمت ہوش اڑا دے گی!

    بھارت سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری آج اپنا مذہبی تہوار ہولی منا رہی ہے اس موقع پر پڑوسی ملک میں سونے والی مٹھائی کے چرچے ہیں۔

    بھارت سمیت دنیا بھر میں جہاں جہاں ہندو مذہب کے پیروکار مقیم ہیں وہ آج اپنا تہوار ہولی اپنے مذہبی عقائد کے مطابق منا رہے ہیں۔

    رنگوں کے اس تہوار میں جہاں وہ ایک دوسرے پر رنگوں کی بارش کرتے ہیں۔ وہیں ایک دوسرے کو بطور تحفہ مٹھائی بھی پیش کی جاتی ہے۔

    بھارت میں اس تہوار کے موقع پر انتہائی بیش قیمت مٹھائی کی دھوم مچی ہوئی ہے جس پر سونے کی تہہ چڑھی ہوئی ہے اور اس کی قیمت 50 ہزار بھارتی روپے (پاکستانی لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ روپے) ہے۔

    بھارتی میدیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر گوندا میں واقع ایک مٹھائی کی دکان پر منفرد گجیا تیار کی گئی ہے جس کی قیمت 50 ہزار روپے (ڈیڑھ لاکھ پاکستانی) فی کلو مقرر کی گئی ہے جب کہ گجیا کے صرف ایک پیس کی قیمت بھی 1300 روپے بھارتی (پاکستانی لگ بھگ 4 ہزار روپے) ہے۔

    اس مٹھائی کے بیش قیمت ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اس گولڈن گجیا پر خالص 24 قیراط سونے کی تہہ چڑھائی گئی ہے جب کہ اس کے اندر ایک خاص قسم کا ڈرائی فروٹ ڈالا گیا ہے جس نے اس کو خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ انتہائی بیش قیمت بھی بنا دیا ہے۔

    دوسری جانب ہولی کے موقع پر ہی لکھنو میں ایک دکاندار نے 25 انچ لمبی اور 6 کلو وزنی گجیا بنا کر انڈیا بک آف ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔

  • ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے، مریم نواز

    ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے، مریم نواز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہولی کے تہوار موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رنگوں کا خوبصورت تہوار ہولی محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب کی برادریوں کا حسین امتزاج ہے، پاکستان میں سب کو یکساں حقوق و مواقع میسر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے، مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کی ہینڈ ہولڈنگ کی جارہی ہے۔

    اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کیلیے گرانٹس، بجٹ میں اضافہ کررہے ہیں، پنجاب حکومت اقلیتوں کے تہوار سرکاری سطح پر منانے کا بھی اہتمام کررہی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزدوروں کی فلاح کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی، اور کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں لیبر کالونیاں بنانے کے لیے پلان طلب کر لیا ہے، اور صوبے بھر میں سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کی ری ویمپنگ کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

    لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں ’مریم نواز ویلنس سینٹر‘ بنیں گے، جہاں مریضوں کو اسکریننگ کے بعد بڑے اسپتال ریفر کیا جائے گا، لاہور ڈیفنس روڈ پر 200 بیڈ کے رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    آج ہم پاکستان میں بھرپورمذہبی آزادی کیساتھ ہولی منا رہے ہیں، وزیرمملکت کھیئل داس

    وزیر اعلیٰ نے رحیم یار خان میں 50 بیڈ کے نئے سوشل سیکیورٹی اسپتال کی منظوری دے دی، انھوں نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے لیبر لاز میں ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے، اس سلسلے میں مریم نواز نے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب سے مشاورتی اجلاس اور پلان طلب کر لیا ہے۔

  • آج ہم پاکستان میں بھرپورمذہبی آزادی کیساتھ ہولی منا رہے ہیں، وزیرمملکت کھیئل داس

    آج ہم پاکستان میں بھرپورمذہبی آزادی کیساتھ ہولی منا رہے ہیں، وزیرمملکت کھیئل داس

    حیدرآباد: وزیرمملکت کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان میں بھرپور مذہبی آزادی کےساتھ ہولی منا رہے ہیں۔

    وزیرمملکت کھیئل داس کوہستانی نے ہولی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اور آئین نے ہمیں اس ملک میں آزادی دی ہے، ہولی کے موقع پر ہم پاک فوج کیلئے بھی دعاگو ہیں، جعفرایکپریس واقعے میں لوگوں کو بچانے میں فورسز کا اہم کردار ہے۔

    کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں کسی اقلیتی شخص سے ناانصافی نہیں ہوگی، اقلیتوں کے حقوق کیلئے مزید قانون سازی بھی ہوگی۔

    وزیرمملکت نے کہا کہ سازشوں کے باوجود ہم اس دھرتی کو نہیں چھوڑیں گے، کینالز کے معاملے پر صوبائی تنظیم نے موقف قیادت کے سامنے رکھ دیا ہے، کینالز وفاق کا نہیں پنجاب کا منصوبہ ہے۔

    پانی کا مسئلہ متعلقہ فورم پر حل ہوجائے گا، جب وزیراعلیٰ سندھ سی سی آئی اجلاس کیلئے خط لکھیں گے تو سامنے آجائے گا۔

    کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پنجاب میں ترقی پنجاب کے فنڈز سے ہو رہی ہے، سندھ میں بھی سندھ کے پیسوں سے کام نظر آنا چاہیے۔

  • بھارت میں مسجدوں کو ترپال سے ڈھکنے کی وجہ سامنے آ گئی

    بھارت میں مسجدوں کو ترپال سے ڈھکنے کی وجہ سامنے آ گئی

    شاہجہاں پور: بھارت کی ریاست اترپردیش میں ہولی کے پیش نظر مسجدوں کو ترپال سے ڈھک دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس بار ہولی اور رمضان کا دوسرا جمعہ ایک ہی دن پڑنے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت جہاں یو پی کے اکثر اضلاع میں جمعہ کی نماز میں تاخیر کا فیصلہ کیا گیا، وہاں انتظامیہ نے ہولی کے جلوس کے راستے میں آنے والی مساجد کو بھی ترپال سے ڈھک دیا۔

    رپورٹس کے مطابق شاہجہاں پور میں 60 سے زائد اور سنبھل میں 10 مساجد کو ڈھانکا گیا، ان میں سنبھل کی تاریخی شاہی جامع مسجد بھی شامل ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ قدم امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ مذہبی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانا جا سکے۔

    مساجد کو ہولی کے موقع پر پھینکے گئے رنگوں سے محفوظ رکھنے کے لیے علما اور مقامی حکام کے درمیان تفصیلی مشاورت کی گئی تھی، شاہجہاں پور میں ہولی کے موقع پر 10 کلومیٹر طویل جلوس نکالا جاتا ہے، جس میں شریک ہزاروں لوگ اکثر بے قابو ہجوم کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔

    رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی ﷺ میں تقریباً ایک کروڑ نمازیوں کی آمد

    ضلعی انتظامیہ نے مساجد کو نقصان سے بچانے اور تقریبات کو پرامن رکھنے کے لیے مقامی مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کے طور پر مساجد اور دیگر مذہبی مقامات کو ترپال سے ڈھانپنے کا فیصلہ کیا۔

  • بھارت میں ہولی کا تہوار، مساجد کو ڈھانپ دیا گیا

    بھارت میں ہولی کا تہوار، مساجد کو ڈھانپ دیا گیا

    نام نہاد جمہوریت کے دعویدار اور اقلیتوں کے لئے غیر محفوظ بھارت میں ہولی کے جلوس سے قبل متعدد مساجد کو پلاسٹک اور ترپالوں سے ڈھانپ دیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہولی کے تہوار کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس سے قبل بھارتی ریاست اتر پردیش میں مساجد کو پلاسٹک کی چادروں اور ترپالوں سے کور کردیا گیا ہے۔

    بھارتی پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذہبی کشیدگی کے خدشات کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا۔اتر پردیش کے دو اضلاع علی گڑھ اور سنبھل کی مساجد کو بھی پلاسٹک کی چادروں اور ترپالوں سے ڈھانپا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہولی کے جلوس کے دوران مساجد پر رنگ پھینکے جانے کا خدشہ تھا۔ اس لئے مساجد کو محفوظ کرکے لئے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

    غزہ میں فضائی امداد 18 فلسطینیوں کی جان لے گئی

    واضح رہے کہ بھارت میں ہولی کے تہوار کے موقع پر مسلمانوں پر بھی رنگ پھینکنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں جبکہ اکثر اوقات مذہبی کشیدگی کے واقعات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا ہولی کے موقع پر ہندو برادری کیلئے پیغام

    وزیراعظم شہباز شریف کا ہولی کے موقع پر ہندو برادری کیلئے پیغام

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر ان کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے پوری دنیا خصوصاً پاکستان میں رہنے والی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد، نسلوں، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے

    شہباز شریف کا ہولی کے موقع پر مزید کہنا تھا کہ آئیں مل کرملکی ترقی وخوشحالی کے مشترکہ ہدف کیلئے کام کریں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا ہے کہ موسم بہار کی آمد ہم سب کیلئے نئی شروعات، امید اور خوشی کا پیام ثابت ہو۔

  • بھارت میں ہولی کے دوران غیرملکی خاتون سے بدتمیزی پر نوجوان مشکل میں پڑ گیا

    بھارت میں ہولی کے دوران غیرملکی خاتون سے بدتمیزی پر نوجوان مشکل میں پڑ گیا

    سیکیولر ملک کا دعویٰ کرنے والے بھارت میں ہندوؤں کے مقدس سمجھے جانے والے تہوار ہولی کے موقع پر متعدد غیر ملکی خواتین کو ہراساں کیے جانے اور ان پر ہولی کھیلنے کے بہانے تشدد کیے جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    اس بار ہولی کا دن عالمی خواتین کے موقع پر منایا گیا تھا اور ہولی سے قبل ہی متعدد ادارں نے ہولی کھیلنے کے بہانے خواتین کو ہراساں کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے عمل کی حوصلہ شکنی کی تھی، تاہم اس باوجود بھارت میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی متعدد ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

    ہولی کے تہوار پر بدتمیزی اور ہراساں کیے جانے کے بعد نوجوان جاپانی خاتون سیاح بنگلادیش روانہ ہو گئی، جس کی اطلاع انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے دی، دوسری جانب نوجوان لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے 3 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی نے کوئی شکایت درج نہیں کرائی اور وہ گزشتہ روز بنگلادیش کے لیے روانہ ہو گئی، لڑکی کو دہلی کے وسطی علاقے میں زبردستی پکڑ کر لوگوں نے رنگ لگایا تھا جبکہ ایک لڑکے نے لڑکی کے سر پر انڈا بھی توڑا تھا۔

    پولیس نے کہا کہ ان کے خلاف دہلی پولیس ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے تاہم پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ لڑکی کی شکایت کے مطابق کیا جائے گا۔

  • ہولی کی خوشی میں رقص کرتے نوجوان نے خود کو خنجر سے مار ڈالا

    ہولی کی خوشی میں رقص کرتے نوجوان نے خود کو خنجر سے مار ڈالا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے رقص کرتے کرتے خود کو خنجر مار کر شدید زخمی کرلیا، بعد ازاں اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اندور میں پیش آیا جب ایک نوجوان نے ہولی کے تہوار کی خوشی میں ڈانس کرتے ہوئے اپنے ہی سینے میں خنجر مار کر خود کو ہلاک کرلیا۔

    38 سالہ نوجوان گوپال سولنکی نے اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے غلطی سے خود کو زخمی کر لیا۔

    پولیس کے مطابق نوجوان نشے کی حالت میں تھا، ڈانس کرتے ہوئے خنجر اس کے ہاتھ میں تھا اور ایک اسٹنٹ کرنے کی کوشش میں اس نے خنجر خود کو مارا۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں یہ سارا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں ایک گانے کی دھن پر گوپال کو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ایک موقع پر وہ اپنے ہی سینے پر خنجر سے چار مرتبہ وار کرتا نظر آتا ہے۔

    پولیس کے مطابق نوجوان کے دوست اور رشتہ دار اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے، لیکن ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔