Tag: ہوٹل

  • ہوٹل میں کھانے کے دوران سالن میں مرا ہوا چوہا نکل آیا، ویڈیو وائرل

    ہوٹل میں کھانے کے دوران سالن میں مرا ہوا چوہا نکل آیا، ویڈیو وائرل

    ہوٹل میں کھانے کے دوران سالن میں مردہ چوہا نکل آیا، واقعے کے کریہہ ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش میں سڑک کے کنارے ایک ڈھابے پر کھانا کھانے والے دو آدمیوں کے لیے ایک سادہ کھانا ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو گیا، جب ان کے پنیر کی ڈش میں ایک مردہ چوہا نکل آیا، یہ واقعہ پیر کو بلسی قصبے کے انمول نامی ڈھابہ میں پیش آیا۔

    چونکا دینے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کھانا کھانے والے ایک شخص نے ڈش میں سالن کو ہٹانے کے لیے چمچ کا استعمال کیا۔

    تاہم اس نے جیسے ہی جمچ چلایا تو سالن کے نیچے چھپے ہوا مرا ہوا چوہا سامنے ظاہر ہوگیا، جسے دیکھ کر وہ دونوں ششدر رہ گئے۔

    مہیشوری نامی شخص جو یہ کھانا کھا رہا تھا اس نے بتایا کہ’’میں نے فوری طور پر ڈھابہ کے منتظم سے شکایت کی اور اسے مطلع کیا کہ میں پولیس میں شکایت درج کرواؤں گا۔‘‘

    بلسی کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) پریم پال سنگھ نے تصدیق کی کہ انھوں نے بھی ویڈیو دیکھی تھی، انھوں نے بتای کہ "ہمیں ابھی تک کوئی تحریری شکایت نہیں ملی ہے، لیکن ویڈیو کی جانچ کی جا رہی ہے، تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔

  • چائے لانے میں تاخیر پر جھگڑا: ہوٹل کے عملے کے  تشدد سے نوجوان جاں بحق

    چائے لانے میں تاخیر پر جھگڑا: ہوٹل کے عملے کے تشدد سے نوجوان جاں بحق

    روہڑی: چائے لانے میں تاخیر پر جھگڑے کے دوران ہوٹل کے عملے کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تاہم پولیس نے ایک ملازم کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔

    تفصیلات کے  مطابق سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے روہڑی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ہوٹل میں چائے کے آرڈر میں تاخیر پر ہونے والے جھگڑے کے دوران ہوٹل کے عملے کے مبینہ تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت نعیم بھٹی کے نام سے ہوئی ہے، جو ہوٹل میں چائے پینے آیا تھا، چائے میں تاخیر ہونے پر اس کی ہوٹل کے ویٹر یار محمد مہیسر سے تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔

    جھگڑے کے دوران ہاتھا پائی ہوئی اور مبینہ طور پر ویٹر کے تشدد سے نوجوان زمین پر گر پڑا، موقع پر موجود افراد نے نعیم بھٹی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل کے ملازم یار محمد کو گرفتار کر لیا، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں دیگر ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    نعیم بھٹی کی موت پر علاقے میں غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے واقعے میں ملوث تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • غیر ملکی سیاح کی ویڈیو پر ایکشن، عطا آباد جھیل میں واقع ہوٹل سیل

    غیر ملکی سیاح کی ویڈیو پر ایکشن، عطا آباد جھیل میں واقع ہوٹل سیل

    غیر ملکی سیاح کی ویڈیو پر ایکشن کے بعد عطا آباد جھیل میں سیوریج کا پانی شامل کرنے پر ہنزہ میں واقع ہوٹل کا ایک حصہ سیل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی سیاح کی جانب سے پوری دنیا میں سیاحت کے لحاظ سے مشہور ضلع ہنزہ کے ایک بڑے ہوٹل کا نکاسی آب خوبصورت عطا آباد جھیل میں گرنے کے وی لاگ کے بعد حکومتی ادارے حرکت میں آگئے۔

    غیر ملکی سیاح نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں ہوٹل کے سیوریج کا پانی عطا آباد جھیل میں شامل کرتے دکھایا گیا تھا، غیر ملکی سیاح کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیوریج کا پانی شامل ہونے سے عطاآباد جھیل کے پانی کا رنگ تبدیل ہوگیا۔

    اس ویڈیو میں غیر ملکی وی لاگر نے عطا آباد جھیل کنارے بنے ہوٹل ہنزہ پر الزام عائد کیا کہ ’وہاں سے سیوریج اور کچن کا آلودہ پانی عطا آباد جھیل میں داخل ہو رہا ہے۔‘

    انھوں نے ویڈیو میں جھیل کو دکھاتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جھیل کے صاف نیلے پانی اور جہاں پر سیوریج کا پانی چھوڑا گیا ہے وہاں بڑا واضح فرق ہے۔ پانی گدلا ہورہا ہے اور وہ اس (ہوٹل کی) عمارت سے آرہا ہے۔‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by George Buckley (@georgebxckley)

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گلگت بلتستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور ضلعی انتظامیہ نے ہوٹل کا ایک حصہ سیل کرتے ہوئے ہوٹل پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

    انتظامیہ نے تمام ہوٹلز کی این او سیز پر نظرثانی کا فیصلہ بھی کیا ہے، انتظامیہ نے اس صورت حال پر سخت افسوس کا بھی اظہار کیا ہے۔

     

  • ترکیہ کے ہوٹل میں آگ بھڑک اُٹھی، 10 ہلاک، درجنوں زخمی

    ترکیہ کے ہوٹل میں آگ بھڑک اُٹھی، 10 ہلاک، درجنوں زخمی

    ترکیہ کے شمال مغربی حصے میں ایک سیاحتی مقام پر ایک کثیر منزلہ ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث 10 افراد لقمہ اجل بن گئے، ملکی وزیر داخلہ کی طرف سے ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا ایکس پر کہنا تھا کہ ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بولُو میں آتشزدگی کے باعث 32 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آگ کرتالکایا نامی شہر کے ایک ہوٹل میں گزشتہ شب لگی، تاہم اس حوالے سے مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں کہ آتشزدگی کا واقعہ کیسے رونما ہوا، مزید یہ کہ آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد آگ بجھانے والی درجنوں گاڑیاں اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں۔ کرتالکایا مقامی سیاحوں کے لیے ایک معروف اسکیئنگ مقام ہے۔

    مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے شعلے اس ہوٹل کی اوپری منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہیں۔

    ریسکیو حکام آج منگل کی صبح تک اس آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

    ترک میڈیا کے مطابق لکڑی کے بنے فرش کے باعث آگ ہوٹل میں تیزی سے پھیل گئی، سامنے آنے والی ویڈیوز میں ہوٹل میں موجود افراد کو انتہائی پریشانی کے عالم میں بستر کی چادروں کو آپس میں باندھ کر ان کے ذریعے ہوٹل سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایک عینی کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ آگ لگی تھی میں وہاں موجود تھا، آگ نے بہت جلد ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، لوگ کھڑکیوں سے باہر کود رہے تھے۔

    آٹھویں جماعت کی طالبہ کی لاش برآمد، زیادتی کے بعد قتل کا شبہ

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوٹل میں 234 افراد کی گنجائش تھی اور جس وقت آگ لگی ہوٹل مکمل بھرا ہوا تھا، کیونکہ لوگ اسکولوں کی چھٹیاں منانے پہنچے ہوئے ہیں۔

  • سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر آئی جی سندھ کے زیر صدارت اہم اجلاس میں بڑے فیصلے

    سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر آئی جی سندھ کے زیر صدارت اہم اجلاس میں بڑے فیصلے

    کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ہوٹل آئی سوفٹ ویئر میں ہر مسافر کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے ہوٹل مالکان کو پابند کیا جائے۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں رکھے جانے والے جدید آلات کی خصوصیات اور استعمال پر افسران سے رائے طلب کی گئی۔

    اس موقع پر غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز ہوٹلوں، مسافر خانوں اور عارضی قیام گاہوں میں ہوٹل آئی کے استعمال کو یقینی بنائیں، غیرقانونی عارضی قیام گاہیں چلانے والوں کے خلاف متعلقہ محکمہ کو قانونی کارروائی کرنے سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جاری ایکشن میں مذید تیزی لائیں، ملزمان کے شناختی کارڈ کا اندراج ای وی ایس، ہوٹل آئی، تلاش ایپ اور دیگر ایپس میں یقینی بنایا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ دفاعی نمائش میں رکھے گئے جدید آلات کی فہرست کو باہم مشاورت ترتیب دیا جائے، آلات کی خصوصیات، کارکردگی اور خریداری کے حوالے سے متعلقہ ادارے سے جلد رابطہ کیا جائے۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے اور شہروں میں امن و امان کے قیام کے مدنظر جدید آلات کی خریداری سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں، جائے حادثہ کا تحفظ متعلقہ ضلعی پولیس اور شواہد کا تحفظ کرائم سین یونٹ کی ذمہ داری ہے۔

    جائے حادثہ پر مذید حادثات کی روک تھام کی حکمت عملی سے نفری کو آگاہ کیا جائے، شعبہ بی ڈی ایس کے اہلکاروں کی تربیت کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں، ملکی و غیر ملکی تربیتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تربیت کے حوالے سے رابطہ کیا جائے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ سندھ پولیس کا شعبہ بی ڈی ایس قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے زیادہ تجربے کا حامل ہے، شعبہ بی ڈی ایس کو مذید تقویت اور بین الاقوامی طرز کی بہترین تربیت کی ضرورت ہے۔

    ڈی آئی جی فنانس نے بتایا کہ دفاعی نمائش کے دوران سندھ پولیس کی ضرورت کو مدنظررکھتے ہوئے جدیدآلات کی فہرست مرتب کی گئی ہے، آلات کی خصوصیات اور عملی تجربہ دیکھنے کے بعد خریداری سے متعلق اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈی آئی جی اسپیشل برانچ کا کہنا تھا کہ شعبہ بی ڈی ایس کے پاس جدید آلات اور تجربہ کار افرادی قوت دستیاب ہے، نمائش میں رکھے گئے دھماکہ خیزمواد کی جانچ کے لیے روبوٹک اسکینرز اور آلات شعبہ بی ڈی ایس کو تقویت دیں گے، شعبہ بی ڈی ایس میں جلد 100 سے زائد نئے اہلکارشامل ہوجائیں گے۔

    سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ایڈشنل آئی جیز، سی ٹی ڈی، ویلفیئر اینڈ ورکس، آپریشنز، کراچی، ڈی آئی جیز، ٹی اینڈ ٹی، ہیڈ کوارٹرز، آئی ٹی، اسپیشل برانچ، ایس پی یو، سی آئی اے زونل اور ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

    اجلاس کے شرکا کو ایڈیشنل آئی جیز، سی ٹی ڈی کراچی اور ڈی آئی جیز، اسپیشل برانچ، فنانس، آئی ٹی اور سی آئی اے کی جانب سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی گئی۔

  • ہوٹل سے لڑکی کی گلا کٹی لاش برآمد، زیادتی کا شبہ

    ہوٹل سے لڑکی کی گلا کٹی لاش برآمد، زیادتی کا شبہ

    بھارت میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کا واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد بھی خواتین پر ظلم کا سلسلہ جاری ہے، اترپردیش کے بریلی کے کوتوالی علاقے میں ہوٹل میں ایک لڑکی کو گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایس پی سٹی راہل بھاٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قتل کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کا علم اس وقت ہوا جب ہوٹل کے کمرے سے بدبو اُٹھنا شروع ہوئی۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہوٹل کے عملے نے اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کو بے رحمی سے قتل کرنے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، جبکہ لڑکی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

    اس سے قبل ایک اور واقعے میں ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کالج کی نوجوان لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

    بنگلورو میں 21 سالہ لڑکی کے ساتھ نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے جنسی زیادتی کی۔ متاثرہ لڑکی نے ملزم سے لفٹ مانگی تھی۔

    پولیس آفیسر رمن گپتا نے بتایا کہ کالج کی طالبہ سہیلیوں کے ساتھ ملاقات کے بعد گھر واپس جا رہی تھی، راستے میں انہوں نے ایک موٹر سائیکل سوار سے لفٹ لی جو اسے گھر چھوڑنے کے بجائے نامعلوم مقام پر لے گیا۔

    رمن گپتا کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، متاثرہ طالبہ ہوسور سروس روڈ کے قریب ایک ٹرک کے پیچھے سے برآمد ہوئی جہاں اس نے اپنے جسم کو جیکٹ سے ڈھانپ رکھا تھا۔

    متاثرہ لڑکی کے دوستوں نے اس کے پیغام اور لوکیشن ملنے کے بعد ڈھونڈا اور اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کی سہیلیوں نے دیکھا کہ ٹرک کے پاس ملزم صرف پینٹ پہنے کھڑا ہے، وہ انہیں دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہوا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

    ٹرین میں ٹکٹ چیکر پر مسافروں کا حملہ، ویڈیو وائرل

    رمن گپتا نے بتایا کہ لڑکی کی حالت مستحکم ہے جبکہ مزید تفصیلات میڈیکل ٹیسٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

  • محسن نقوی کی مداخلت، نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل

    محسن نقوی کی مداخلت، نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیویارک کے ہوٹل میں قیام کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی مداخلت پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کی تبدیلی ممکن ہوئی ہے۔

    ٹیم نے پہلے جس ہوٹل میں ٹیم نے قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پر تھا تاہم اب جس ہوٹل میں ٹیم کو ٹھہرایا گیا ہے وہ اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی دوری پر ہے۔

    ٹیم انڈیا کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں۔

    واضح رہے کہ سری لنکا اور جنوبی افریقا کی جانب سے پہلے ہی نیویارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔

    محسن نقوی نے آئی سی سی سے رابطہ اور عدم اطمینان کا اظہار کیا، ایونٹ کے منتظمین کو قومی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کر لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، پاکستان کے نیویارک میں 9 اور 11 جون کے میچز شیڈول ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کردیا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کر دیں گے۔

    چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری ان کی ہے، اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

    آسٹریلیا کا ٹی 20 ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز، عمان کو 39 رنز سے شکست

    واضح رہے کہ قومی ٹیم آج امریکا کے خلاف میچ کے فوراً بعد نیویارک روانہ ہوجائے گی، جہاں پر قومی ٹیم 9 جون کو بھارت اور 11 جون کو کینیڈا سے مقابلہ کرے گی، جبکہ پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

  • ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے مسافروں کو محدود مدت کے لیے ہوٹل میں مفت قیام کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کے لیے 2 راتیں ہوٹل میں قیام کی پیشکش کی گئی ہے، مسافروں کو ہوٹل امارات ایئر کی جانب سے مفت فراہم کیا جائے گا۔

    دنیا کے کسی بھی ملک سے امارات ایئر کے ذریعے سفر کرنے والے خواہ وہ امارات آئے یا وہاں سے سفر کریں، انہیں مفت ہوٹل قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    ایئر لائن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس سے سفر کرنے والوں کے لیے 2 راتیں جبکہ اکانومی کلاس کے مسافروں کو ایک رات کے لیے ایئر لائن کی جانب سے مفت ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    مذکورہ پیشکش 26 مئی سے 31 اگست 2023 تک کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

    ہوٹل میں قیام کی مفت پیشکش سے مستفید ہونے کے لیے فلائٹ بکنگ کروانے کے بعد ای میل پر بکنگ نمبر، فلائٹ کی تفصیلات، امارات پہنچنے کی تاریخ، مسافر کا نام اور ٹیلی فون نمبر ارسال کیا جائے جس کے بعد ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے مفت ہوٹل بکنگ کی کنفرمیشن ارسال کر دی جائے گی۔

  • دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    دبئی میں چاند زمین پر آجائے گا

    متحدہ عرب امارات پہلے ہی بہت سی انوکھی اور حیران کن عمارات تعمیر کرچکا ہے اور اب وہ چاند جیسی عمارت تعمیر کرنے جارہا ہے۔

    کینیڈا سے تعلق رکھنے والے مائیکل ہینڈرسن نے 5 ارب ڈالرز کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس کے تحت دبئی میں عام افراد کے لیے چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے تحت 30 میٹر بلند ایک عمارت کے اوپر 274 میٹر بلند چاند کو تعمیر کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ دبئی وہ شہر ہے جو پہلے ہی دنیا کی بلند ترین عمارات سمیت کئی عماراتی عجائب کا گھر ہے۔

    اس منصوبے کو مون کا نام دیا گیا ہے اور یہ چاند بنیادی طور پر ہوٹل یا ریزورٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، مون ریزورٹ ان کارپوریشن نامی کمپنی کے ذریعے منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔

    مائیکل ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ مون دنیا کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور 8 ارب افراد اس کے بارے میں جان چکے ہیں حالانکہ ہم نے ابھی کام بھی شروع نہیں کیا۔

    اس منصوبے کے لیے مائیکل ہینڈرسن نے پام جمیرا میں چاند کی شکل کا ریزورٹ تجویز کیا ہے جس میں 4 ہزار کمرے ہوں گے اور 10 ہزار افراد قیام کر سکیں گے، جبکہ ایک لونر کالونی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مہمانوں کو ایسا لگے کہ وہ حقیقت میں چاند پر چل رہے ہیں۔

    مختلف راتوں میں یہ عمارت کبھی مکمل، کبھی آدھی اور کبھی ہلال کی شکل میں جگمگاتی نظر آئے گا۔

    خیال رہے کہ اس منصوبے کے بارے میں پہلی بار رپورٹ ستمبر 2022 میں سامنے آئی تھی مگر اب زیادہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں، البتہ مائیکل ہینڈرسن نے فی الحال چاند کی تعمیر کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں نہیں بتایا۔

  • مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی: 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی: 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں ہوٹل میں آتشزدگی سے جاں بحق 8 پاکستانیوں میں سے 4 کی شناخت ہوگئی، تمام لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 8 پاکستانیوں میں سے 4 کی شناخت ہوگئی، واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پاکستان قونصلیٹ جدہ میں قونصل ویلفیئر شیراز علی خان کا کہنا ہے کہ مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔

    قونصل ویلفیئر کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔

    مرنے والے پاکستانیوں میں 4 کی شناخت ہوگئی جن میں سے 2 کا تعلق وہاڑی جبکہ 2 کا قصور سے ہے، دیگر چار افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

    شیراز علی خان کا کہنا ہے کہ جھلسنے کے باعث مرنے والوں کی لاشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے تاہم شناخت کا عمل جاری ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سے مدد لی جائے۔

    قونصل ویلفیئر کا مزید کہنا ہے کہ مرنے والوں کی لاشیں اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہیں، ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد میتیں پاکستان بھجوانے یا مکہ میں تدفین کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔