Tag: ہوٹل

  • تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کا منصوبہ، چوروں نے پورا ہوٹل بک کرلیا

    تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کا منصوبہ، چوروں نے پورا ہوٹل بک کرلیا

    جنوبی کوریا میں چوروں نے تیل کی پائپ لائن تک پہنچنے کے لیے پورا ہوٹل کرائے پر لے لیا، لیکن عین اپنے منصوبے کی کامیابی کے قریب وہ پکڑے گئے۔

    جنوبی کوریا کے چیونگجو نامی شہر میں 8 ملزمان نے ہوٹل کرائے پر لیا اور پورے ایک مہینے تک خفیہ سرنگ کھودتے رہے تاکہ قریبی تیل پائپ لائن تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

    ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، کہا جا رہا ہے کہ یہ منصوبہ کوریا کی سرکاری تیل کمپنی کے ایک سابق ملازم نے بنایا تھا جسے تیل چرانے کے الزام میں برخاست کر دیا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ماہانہ 45 لاکھ وون پر ہوٹل کو کرائے پر حاصل کیا، ملزمان کھدائی کے لیے صرف کدال استعمال کر رہے تھے تاکہ کسی کو شور کی آواز نہ جائے۔

    ایک مہینے میں ملزمان نے 10 میٹر گہری کھدائی کی تھی اور تیل پائپ لائن تک پہنچ گئے تھے۔

    ابھی وہ اس کا جشن منا ہی رہے تھے کہ چھاپہ پڑ گیا اور سب کو گرفتار کرلیا گیا۔

  • امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    امارات میں سیاحوں کا رش، ہوٹلوں کا کاروبار بڑھ گیا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہوٹلوں کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ اضافہ کرونا وبا کے دوران کاروبار کم ہوجانے کے بعد ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے ہوٹلوں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ سال رواں کے آغاز سے ہوٹلوں کا کاروبار 30 فیصد تک بڑھ گیا ہے، یہ 2019 کے دوران ہونے والے کاروبار کو پیچھے چھوڑ گیا ہے۔

    عربیین ٹریول مارکیٹ ایگزیبیشن میں شرکت کے موقع پر ہوٹلوں کے ذمہ داران نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہوٹلوں کی بکنگ میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے، 10 سے 30 فیصد تک ہوٹلوں کی آمدنی بڑھی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ سال رواں کی دوسری ششماہی کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں شرح نمو مزید بڑھے گی۔

    اٹلانٹس دبئی میں سیلز مینیجر ایمن بکوش کا کہنا تھا کہ سال رواں کے شروع سے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ توجہ طلب حد تک بڑھی ہے، سنہ 2019 کے مقابلے میں سیاحوں نے 25 فیصد زیادہ خرچ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریستورانوں، ہوٹلوں کی سہولیات اور ہوٹلوں کے مختلف اداروں پر سیاحوں کے خرچ کا تناسب بڑھا ہے۔

    ایمن بکوش نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں 187 سے زائد ممالک کے لوگوں نے دبئی کے ہوٹلوں میں بکنگ کروائی، ان میں روس، برطانیہ اور یورپی ممالک کے سیاح سرفہرست ہیں۔

  • ویڈیو: نالے پر قائم ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: نالے پر قائم ہوٹل میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    کراچی: سرسید کے علاقے انڈہ موڑ پر نالے پر قائم ہوٹل کی چھت ٹوٹنے سے شہری گٹر میں گرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں واقع سرسید کے علاقے انڈہ موڑ پر موجود ہوٹل نالے کے اوپر بنی تھی، گٹر کی چھت ٹوٹ جانے سے ہوٹل پر موجود شہری کرسی سمیت نالے میں گر گئے۔

    پولیس کا اس  حوالے سے کہنا ہے کہ نالے میں گر جانے سے متعدد نوجوان معمولی زخمی ہوئے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری اپنی مدد آپ نالے میں گرنے والے شہریوں کو نکال رہے ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد ڈیوٹی افسر کی جانب سے جائے وقوعہ کا دورہ کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق گیس پریشر کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ہے۔

  • ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل میں رہائش: فلائی دبئی کا عید الفطر پر خصوصی پیکج کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے عید الفطر کے دوران خصوصی پیکجز کا اعلان کردیا، پیکج میں ٹکٹ کے ساتھ ہوٹل کی رہائش بھی شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران منتخب شہروں کے لیے خصوصی پیکج جاری کیے ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ 15 سے 23 اپریل 2023 کے دوران منتخب مقامات کے لیے ریٹرن ٹکٹ کے ساتھ 3 دن ہوٹل میں قیام کا پیکج دیا جارہا ہے۔

    آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے 22 سو 29 درہم سے پیکج شروع ہوگا، سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے لیے ابتدائی پیکج 27 سو 49 درہم کا ہے۔

    فلائی دبئی کا مزید کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے شہر کرابی کے لیے 26 سو 49 درہم کا پیکج ہے، جزائر مالدیپ کے لیے 54 سو 79 درہم، آرمینیا کے دارالحکومت کے لیے 22 سو 29 درہم کا پیکج دستیاب ہے۔

    ایئر لائن کی ویب سائٹ پر عید الفطر تعطیلات پیکج کی مزید تفصیلات دی گئی ہیں جن میں ٹکٹ کے علاوہ ہوٹل میں قیام، آمد و رفت اور رینٹ اے کار وغیرہ شامل ہیں۔

  • بہتر زندگی کی تلاش میں آئے پناہ گزین انگلینڈ کے ہوٹل میں قید ہونے پر مجبور

    بہتر زندگی کی تلاش میں آئے پناہ گزین انگلینڈ کے ہوٹل میں قید ہونے پر مجبور

    لندن: انگلینڈ کے ایک ہوٹل میں مقیم دیگر ممالک سے آئے پناہ گزین اپنے ہوٹل میں قید ہوگئے، باہر نکلنے پر لوگ ان کی ویڈیوز بنانا شروع کردیتے ہیں جبکہ ان کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

    انگلینڈ کے مشرقی صوبے بیڈ فورڈ شائر میں سیاسی پناہ کے متلاشی غیر ملکیوں کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل سے نکلنے سے ڈرتے ہیں کیونکہ مقامی لوگ ان کی ویڈیوز بنانا شروع کر دیتے ہیں۔

    پناہ گزینوں میں زیادہ تر کا تعلق یمن، شام اور افریقی ملک اریٹریا سے ہے اور ڈنسٹیبل کے جس ہوٹل میں یہ لوگ رہ رہے ہیں اس کے سامنے جمعے کو مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    اسی کے رہائشی ایک پناہ گزین نے دعویٰ کیا ہے کہ انتہائی دائیں بازو کے گروپ پیٹریورٹک الٹرنیٹیو نے ہوٹل کے خلاف کتابچہ مہم چلائی جس میں یہ نعرہ بھی لکھا گیا ہے ’یو پے، مائیگرینٹس سٹے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھا کہ انگلینڈ میں اچھی زندگی گزارنے کا موقع ملے گا مگر کچھ نہیں بدل سکا۔

    جان گرنی جو ڈنسٹیبل کے مقامی کونسلر ہیں، وہ سیاسی پناہ کے لیے وہاں آنے والوں کے مخالف ہیں۔

    ان کی فیس بک پوسٹوں میں پناہ گزینوں کی تصویریں اور ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں جن میں وہ ہوٹل کے اندر بھی نظر آرہے ہیں اور باہر واک کرتے ہوئے، کیفے اور پارک میں گھومتے ہوئے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

    رواں ماہ کے آغاز میں ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ پناہ کے متلاشی 4 افغان نوجوانوں کو ایک 15 سالہ لڑکی کے ریپ میں ملوث ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے تاہم بعد میں پولیس نے بتایا تھا کہ تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ان کا واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور ان کے خلاف مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔

    سیاسی پناہ کی تلاش میں وہاں پہنچنے والے ڈنسٹیبل کے ایک ہوٹل میں مقیم ہیں جو اس سے قبل گرینچ کے ایک ہوٹل میں رہ رہے تھے۔

    ہوم آفس کی جانب سے انہیں ہوٹل چھوڑ دینے کا کہا گیا تاہم 40 نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا جبکہ باقی دوسرے ہوٹل میں چلے گئے، گرینچ ہوٹل میں رہ جانے والوں کو لوکل کونسل کی حمایت حاصل ہے۔

  • منفرد ہوٹل جو آدھا آدھا 2 ملکوں میں ہے

    کیا کسی جگہ کا بیک وقت دو ممالک میں ہونا ممکن ہے؟ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے سرحدی اختلافات کو دیکھتے ہوئے ایسا مشکل لگتا ہے، لیکن پھر بھی ایک ہوٹل ایسا ہے جو سرحد کے بیچوں بیچ دو ممالک کے درمیان موجود ہے۔

    دنیا میں ایک ایسا ہوٹل بھی موجود ہے جہاں آپ بیک وقت دو ملکوں میں موجود ہوتے ہوئے سو سکتے ہیں۔

    یہ ہوٹل فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے سرحدی علاقے لاکیور میں قائم ہوٹل اربیز ہے۔

    یہ ہوٹل ایک ایسی منفرد جگہ پر قائم ہے جس کے اندر سے ہی فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحدیں گزرتی ہیں، اسی وجہ سے یہ دنیا کا واحد ہوٹل ہے جو ایک ساتھ دو ممالک میں واقع ہے۔

    اس ہوٹل کے منفرد مقام کی وجہ 1862 میں فرانس اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان ہونے والا ایک سرحدی معاہدہ ہے جسے ٹریٹی آف ڈیپس کہا جاتا ہے۔

    اس معاہدے میں فرانس اور سوئٹزر لینڈ نے سرحدی علاقے کی قریبی سڑک کا مکمل کنٹرول فرانس کو دینے کے لیے ایک چھوٹے سے علاقے کے تبادلے پر اتفاق کیا، معاہدے میں یہ بھی طے ہوا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدی علاقے پر قائم عمارتیں اپنے مقام پر ہی موجود رہیں گی۔

    ایسی صورتحال میں ایک مقامی کاروباری شخص نے سرحدی علاقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر ایک دکان اور بار کھولا جسے 1921 میں ایک مکمل ہوٹل اربیز میں تبدیل کردیا گیا۔

    دونوں ممالک کی سرحد پر ہوٹل قائم کرنے کی وجہ سے اس ہوٹل کا آدھا حصہ فرانس اور آدھا سوئٹزر لینڈ میں ہے، سیاح ایک ہوٹل میں قیام کرتے ہوئے بیک وقت 2 ملکوں میں موجود ہوتے ہیں۔

    اس ہوٹل کے کچھ کمرے ایسے بھی ہیں کہ اس کا آدھا حصہ فرانس اور آدھا سوئٹزر لینڈ میں ہے، اسی وجہ سے اگر مہمان ان کمروں میں سوئے تو ان کا سر سوئٹزر لینڈ اور ٹانگیں فرانس میں ہوتی ہیں۔

    دو ملکوں کی سرحد پر قائم ہونے کی وجہ سے اس ہوٹل میں فرانس اور سوئٹزر لینڈ دونوں کی کرنسی قابل قبول ہے جبکہ ہوٹل کے دونوں ملکوں کے لیے الگ الگ فون نمبرز ہیں۔

    ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے فرانس اور سوئٹزر لینڈ دونوں جگہ کا ٹیکس ادا کیا جاتا ہے۔

    ہوٹل کے فرانسیسی حصے میں فرانسیسی کھانے جبکہ سوئٹزر لینڈ والے حصے میں سوئس کھانے ہی مہمانوں کو پیش کیے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں ہوٹل میں دونوں ممالک کی نشاندہی کرنے کے لیے فرانسیسی اور سوئس جھنڈے بھی لگائے گئے ہیں تاکہ مہمانوں کو اندازہ ہوسکے کہ وہ ہوٹل میں رہتے ہوئے کس ملک میں موجود ہے۔

  • ہوٹل کے مہمان نے غصے میں اپنی گاڑی داخلی دروازوں سے ٹکرا دی

    چین کے شہر شنگھائی میں ایک ہوٹل کے اندرقیام پذیر شخص نے انتظامیہ سے نالاں ہو کر اپنی گاڑی ہوٹل کے داخلی دروازوں پر دے ماری اور گاڑی دوڑاتا ہوا اندر تک لے آیا، مذکورہ شخص اپنا لیپ ٹاپ کھو جانے پر غصے میں تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شنگھائی میں ایک ہوٹل کے اندر ایک شخص نے غصے میں اپنی گاڑی ہوٹل کے شیشے پر دے ماری اور گاڑی لے کر ہوٹل کی لابی تک آگیا۔

    28 سالہ گاہک نے الزام عائد کیا کہ ہوٹل والوں نے اس کا لیپ ٹاپ گما دیا جس میں انتہائی اہم معلومات تھیں۔

    گاڑی ہوٹل کے دروازوں سے ٹکرانے کے بعد ہوٹل ملازمین سے گاہک کی تکرار ہوئی جس میں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ انہوں نے لیپ ٹاپ گم نہیں کیا، ساتھ ہی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے لیپ ٹاپ کسی نے چوری کیا ہو۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاں موجود لوگ چیخ و پکار کر رہے ہیں اور مذکورہ شخص کو برا بھلا کہہ رہے ہیں، اس کے علاوہ کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ کو احساس ہے کہ آپ نے ابھی کیا کیا؟

    کچھ افراد کو گاڑی سے ڈرائیور کو باہر نکالتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    مقامی پولیس کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ شخص کا لیپ ٹاپ ہوٹل کے باہر سے مل گیا جبکہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں 7 نئے ہوٹل ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زائرین کی تعداد اور انہیں فراہم کردہ سہولیات میں اضافہ کیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ام القریٰ تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی نے مکہ مکرمہ میں مسار فرنٹ میگا پروجیکٹ کے تحت 7 ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے 7 ہوٹل ٹاور قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ مکہ مکرمہ میں ام القریٰ کمپنی کے ہوٹل منصوبوں کا پہلا مرحلہ ہے۔

    یہ کمپنی مسجد الحرام کے صحنوں سے 500 میٹر کے فاصلے پر اس علاقے میں نئے ہوٹل تعمیر کرے گی جسے حرم مکی کا مرکزی علاقہ کہا جاتا ہے۔

    منصوبے میں 43 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے پلاٹ پر ایک میگا مال بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ بس شٹل سروس سٹیشن بھی بنے گا۔

    کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین یاسر ابو عتیق کا کہنا ہے کہ مسار میگا پروجیکٹ مستقبل میں مقدس شہر آنے والوں کو متعدد آپشن فراہم کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مسار فرنٹ مکمل ہونے پر قابل دید عصری مرکز بن جائے گا، اس سے مکہ مکرمہ کے شہریوں اور زائرین دونوں کو عصری سہولتیں میسر آئیں گی۔

    چیئرمین کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل اور مکہ مکرمہ میں زائرین کی تعداد 30 ملین تک پہنچانے کے ہدف میں معاون بنے گا۔

  • بلیوں کے لیے پرتعیش ہوٹل

    بلیوں کے لیے پرتعیش ہوٹل

    بلیاں اور کتے پالنے والے افراد اپنے پالتو جانوروں سے بے حد محبت کرتے ہیں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، ایسے ہی افراد کے لیے ایک پرتعیش ہوٹل قائم کیا گیا ہے جہاں ان کی بلیاں قیام کرسکتی ہیں۔

    فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ایک ہوٹل ایسا بھی ہے جہاں صرف آپ کی بلیاں ہی ٹھہر سکتی ہیں لیکن بکنگ آپ کو پہلے سے کروانی پڑے گی۔

    عالمی وبا کرونا کے باعث عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد سیاحت ایک بار پھر بحال ہوگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی پیرس میں قائم بلیوں کا یہ ہوٹل بھی مکمل طور پر ریزرو ہوچکا ہے۔

    کیٹس ٹری نامی اس ہوٹل میں بیک وقت 24 بلیوں کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے، اگر بلیاں چاہیں تو ان آرام دہ اور پرتعیش کیوبیکلز کو کسی دوسری بلی کے ساتھ شیئر بھی کرسکتی ہیں۔

    ہوٹل کے مالک ویرونیکا کولسن کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے برعکس، رواں سال ہم فروری کے آخر سے اگست تک کے لیے مکمل طور پر پہلے ہی بکڈ ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہاں بلیوں کو مکمل آزادی ہے، بلیاں جو چاہیں وہ کرسکتی ہیں اور ان کے مالکان بے فکر ہو کر سیر و تفریح میں مشغول رہ سکتے ہیں۔

    بلی کو ہوٹل میں چھوڑنے کی غرض سے آنے والی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک ایسی جگہ کی ضرورت تھی جہاں اپنی بلیوں کو بے فکر ہو کر چھوڑ سکیں، ہمیں یقین ہو کہ ان کی دوائی اور علاج وقت پر ہو جائے گا اور یہ تمام سہولیات اس ہوٹل میں میسر ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں بلیوں کا اچھی طرح خیال رکھا جاتا ہے، انہیں کھانے پینے کے علاوہ ان کے مساج اور برش کا بھی خیال کیا جاتا ہے۔

    ویرونیکا کولسن نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ ہفتے میں دو بار بلیوں کے مالکان کو ان کی بلیوں کی تصاویر پیغام کے ساتھ ارسال کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ ان کی بلیاں دوسری بلیوں کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کر رہی ہیں۔

  • جانی ڈیپ کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا

    جانی ڈیپ کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا

    معروف ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ کی سیکیورٹی نے انہیں دی گرینڈ ہوٹل برمنگھم سے باہر نکال دیا، مداح انہیں اس طرح لے جایا جاتا دیکھ کر پریشان ہوگئے۔

    معروف ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ کے مداح اس وقت حیران رہ گئے جب سیکیورٹی نے انہیں دی گرینڈ ہوٹل برمنگھم سے باہر نکال دیا۔

    اداکار کی سیکیورٹی ٹیم انہیں مداحوں کے ہجوم سے محفوظ اور دور رکھنے کے لیے ہوٹل سے باہر لے کر گئی تھی۔

    اس موقع کی سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 بھاری بھرکم سیکیورٹی اہلکار اداکار کو پکڑ کر ہوٹل سے باہر لے کر جا رہے ہیں تاکہ انہیں مداحوں کے ہجوم سے بچایا جا سکے۔

    اداکار نے حال ہی میں اپنی سابقہ اہلیہ کے خلاف 15 ملین ڈالر ہتک عزت کا دعویٰ جیتا ہے جنہوں نے جونی پر تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔