Tag: ہوٹل

  • پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے، لاکھوں کے جرمانے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں غیر قانونی ہوٹلز کے خلاف محکمہ سیاحت کی کارروائیاں جاری ہیں، سیکریٹری محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ منافع خوری کرنے والے اور غیر رجسٹرڈ شدہ ہوٹلز کو لاکھوں کے جرمانے کیے گئے۔

    سیکریٹری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تقریباً 270 غیر قانونی ہوٹلز پر چھاپے مارے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ نے معاونت کی۔

    محکمہ سیاحت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی زونز میں 70 ہوٹلز کو جرمانے کیے گئے، رجسٹریشن کے بغیر تمام ہوٹلز کو 1، 1 لاکھ کا جرمانہ کیا گیا جبکہ 200 سے زائد ہوٹلز کو وارننگز جاری کی گئیں۔

  • خالی کمروں سے فون کالز اور قدموں کی آہٹیں: ہوٹل خوف کی علامت بن گیا

    خالی کمروں سے فون کالز اور قدموں کی آہٹیں: ہوٹل خوف کی علامت بن گیا

    جنوب مغربی انگلینڈ میں واقع ایک ہوٹل اس وقت مقامی افراد کے لیے خوف کی علامت بن گیا جب وہاں رہنے والے مہمانوں نے قدموں کی آہٹیں سننے اور خالی کمروں میں ہیولے دیکھنے کا دعویٰ کیا۔

    انگلینڈ کی کاؤنٹی سمرسٹ میں واقع یہ ہوٹل عجیب و غریب واقعات کی وجہ سے نہ صرف مقامی افراد بلکہ ہوٹل انتظامیہ کو بھی خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    وہاں قیام کرنے والے مہمانوں نے انتظامیہ سے کہا کہ انہوں نے اپنے قیام کے دوران نامانوس سی آہٹیں سنیں، جبکہ ایسا محسوس کیا جیسے کوئی ان کے بال کھینچ رہا ہو۔

    خود ہوٹل انتظامیہ بھی اسی نوعیت کے واقعات کا سامنا کرچکی ہے، ہوٹل کے استقبالیہ پر اکثر ان خالی کمروں سے فون کالز موصول ہوتی ہیں جہاں کوئی قیام پذیر نہیں ہوتا۔

    ہوٹل مینیجر کے مطابق ڈائننگ روم میں اکثر اوقات ایک ہیولہ دیکھا گیا جبکہ کچن میں کام کرنے والے افراد نے دعویٰ کیا کہ اکثر وہ ایسا محسوس کرتے ہیں جیسے کوئی انہیں چھو کر گزرا ہے۔

    ہوٹل کے پرانے آنجہانی مالک کا ہیولہ بھی راہداریوں اور خالی کمروں میں دیکھا جاتا رہا۔

    تمام واقعات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے ایسے غیر فطری (پیرا نارمل) سرگرمیوں کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو طلب کیا۔

    مذکورہ ٹیم نے وہاں پہنچ کر اپنا کام شروع کیا تو انہیں بھی کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، ٹیم کے ارکان کے مطابق ان کے واکی ٹاکیز میں اجنبی آوازیں سنائی دینے لگیں اور ایسا محسوس ہوا جیسے کوئی ان کی نقل کرنے کی کوشش کر رہا ہو۔

    ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ کچھ پرانے طریقوں اور جدید سائنسی آلات کی مدد سے اس مقام کو جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہی وہ حتمی نتائج دے سکیں گے۔

  • امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکا میں ایک شخص نے خلائی مخلوق کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہوا میں گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کینٹکی میں ایک ہوٹل میں مقیم شخص نے اچانک کھڑکی سے باہر فائرنگ کردی، یہ واقعہ 11 ستمبر کی دوپہر کو پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے ہوٹل کی پارکنگ میں خلائی مخلوق دکھائی دی اور اس نے انہی پر فائرنگ کی۔

    فائرنگ سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گولی برابر کے کمرے میں بھی جا گھسی۔ خؤش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    مذکورہ شخص کے ساتھ ہوٹل میں ایک خاتون بھی تھیں جو فائرنگ ہوتی دیکھ کر باتھ روم میں چھپ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ان سے کئی بار رابطہ کیا اور بتایا کہ ہوٹل میں خلائی مخلوق گھس آئے ہیں اور وہ ان پر فائرنگ کر رہا ہے۔

    پولیس نے مذکورہ شخص نے پاس سے مزید اسلحہ بھی برآمد کیا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

  • بھارت کا معروف ترین ہوٹل حیات ریجنسی فنڈز کی کمی کی وجہ سے بند

    بھارت کا معروف ترین ہوٹل حیات ریجنسی فنڈز کی کمی کی وجہ سے بند

    نئی دہلی: بھارت کے مشہور ترین ہوٹلز میں سے ایک حیات ریجنسی نے ممبئی میں اپنے تمام آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیے جس کی وجہ ریونیو کا نہ ہونا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس نے جہاں ہر شعبہ زندگی کو متاثر کیا ہے، شعبہ سیاحت بھی انہی میں سے ایک ہے۔ سیاحت سے جڑی ہوٹلوں کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    بھارت کے معروف ترین ہوٹلز میں سے ایک حیات ریجنسی ممبئی کے مالک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگلے نوٹس تک ہوٹل بند رہے گا کیونکہ ایشین ہوٹلز (ویسٹ) سے انہیں کوئی فنڈ نہیں مل رہا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل کے اسٹاف کو مطلع کیا جاتا ہے کہ حیات ریجنسی ممبئی کے پاس عملے کو تنخواہیں دینے کے لیے اور ہوٹل میں آپریشن چلانے کے لیے کوئی فنڈ نہیں مل رہے۔

    ہوٹل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہوٹل کے تمام آپریشن عارضی طور پر فوری معطل کردیے گئے ہیں اور ہوٹل اگلے نوٹس تک بند رہے گا، حیات کے تمام بکنگ چینلز پر ریزرویشن بھی بند کردی گئی ہے۔

    حیات کے کنٹری ہیڈ اور نائب صدر سنجے شرما کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھی اور مہمان ہماری سب سے بڑی ترجیح ہیں، ہم صورتحال کو حل کرنے کے لیے ہوٹل مالکان سے بات چیت کر رہے ہیں۔

  • کیا خلا میں لگژری ہوٹل بننے جارہا ہے؟

    کیا خلا میں لگژری ہوٹل بننے جارہا ہے؟

    دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے خلا میں کی جانے والی تحقیقوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب زمین سے خلا میں جانے والے سیاحوں کی قطاریں کھڑی ہوں، اسی متوقع صورتحال کو دیکھتے ہوئے خلا میں پہلا ہوٹل بنانے کی تیاری شروع کردی گئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے پہلے خلائی ہوٹل ووئجر اسٹیشن کے ابتدائی ڈیزائن کو سامنے لایا گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ہوٹل سنہ 2027 تک اپنی سروس شروع کر دے گا۔

    ہوٹل میں ہر ہفتے 100 سیاحوں کے رہنے کی گنجائش ہوگی، خلائی پورٹ بنانے کے لیے شروع کیے جانے والے گیٹ وے فاؤنڈیشن نامی ادارے نے اس ہوٹل کے ابتدائی ڈیزائن کو پیش کیا ہے۔

    خلا کا یہ پہلا ہوٹل پہیے کی شکل میں 190 قطر میں ہوگا اور یہ چاند کی طرح گردش کرے گا تاکہ چاند کی سطح پر موجود قوت حاصل کر سکے، اس کا مطلب ہے کہ یہ ہوٹل مکمل طور پر مصنوعی کشش ثقل (آرٹی فیشل گریوٹی) پر انحصار کرے گا۔

    گیٹ وے فاؤنڈیشن کے مطابق خلائی ہوٹل میں 24 لگژری یونٹس ہوں گے، جن میں سے ہر ایک میں خواب گاہ بھی ہوگی۔

    اسی طرح دیگر سہولیات زندگی بھی فراہم کی جائیں گی، تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہوٹل میں تفریحی سہولیات جیسے عمدہ ریستوران اور سینما گھر بھی ہوں گے۔

    اگرچہ ادارے نے ابھی تک ہوٹل میں ایک رات ٹھہرنے کے کرائے کے بارے میں نہیں بتایا، لیکن کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے محدود مواقع میں دستیاب ہوگا۔

  • حکومت کا عید سے قبل گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ

    حکومت کا عید سے قبل گیسٹ ہاؤسز، ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ سے قبل گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز نہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کھولنے کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے آل پاکستان گیسٹ ہاؤسز اور ٹور ازم ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ عید الاضحیٰ سے قبل گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز نہیں کھولے جا سکتے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا صوبوں کی مشاورت سے سیاحتی مقامات سے متعلق ایس او پیز اور گائیڈ لائن تیار کر لی گئی ہیں، عید الاضحیٰ کے بعد کرونا وائرس کی صورت حال کا تجزیہ کریں گے، حالات بہتر ہوئے تو اگست میں ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کھولے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاروں کی قومی خدمات کو ہم سراہتے ہیں، متاثرہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کو بلا سود قرضوں پر مشاورت ہوگی، اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک سے مشاورت کی جائے گی۔

    انھوں نے وفد کو خوش خبری سنائی کہ گیسٹ ہاؤسز کے لائسنس کی تجدید کا فیصلہ بھی بہت جلد کر لیا جائے گا۔

  • کروناوائرس: والدین نے بچوں کو خوش کردیا

    کروناوائرس: والدین نے بچوں کو خوش کردیا

    لندن: برطانیہ میں سیرسپاٹے کے شوقین بچوں کو والدین نے تفریح کی ایک بہترین سہولت فراہم کی، ماں نے بچوں کے ساتھ مل کر گھر کو ہوٹل میں تبدیل کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی بچے گھومنے پھرنے کے بے حدشوقین ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے باعث وہ گھر سے نہیں نکل سکتے، اسی ضمن میں ماں کو ایک ترکیب سوجھی اور اس نے گھر کا ماحول ہوٹل کی طرح بنا دیا، بچوں کو ایسا لگا گویا وہ کسی باہر ہوٹل میں آئے ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بچوں سمیت پورا خاندان ہی گھومنا پھرنا پسند کرتا ہے، وہ لاک ڈاؤن سے قبل ہفتہ وار ٹرپ پر بھی جایا کرتے تھے جہاں وہ تفریحی مقام پر سیر کے بعد کسی ہوٹل کے کمرے کو بک کرایا کرتے تھے۔

    لاک ڈاؤن: اولاد کی خاطر والدین نے گھر کو ریستوران بنا دیا

    تاہم لاک ڈاؤن نے انہیں تفریحی سرگرمیوں سے محروم رکھا ہے۔ لیکن ماں نے اپنے بچوں کی بوریت دور کرنے کے لیے گھر کو ہوٹل بنایا جہاں ان کے بچے اس انداز میں پیش آئے جیسے کسی ہوٹل میں مقیم ہوں۔

    بچوں نے کھانا بھی آرڈر کیا اور ماں کے ساتھ مل کر خوشیوں کے لمحات سے خوب محظوظ ہوئے۔

  • پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں منعقد کیے جانے پر اضافی اخراجات

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں منعقد کیے جانے پر اضافی اخراجات

    لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں منعقد کیے جانے کے فیصلے کے بعد اضافی اخراجات ہوں گے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس 5 سے 29 جون تک جاری رہے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس نجی ہوٹل میں کروانے کی تجویز کے بعد امکان ہے کہ اجلاس پر 2 کروڑ کے اضافی اخراجات ہوں گے۔ اسمبلی کے ایک دن کے اجلاس کے تقریباً ایک کروڑ کے اخراجات ہوتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس اسمبلی میں ہونے پر ارکان کی تنخواہیں اور بونس اخراجات میں شمار ہوتے ہیں، ایم پی ایز کی تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے (سفر و رہائش کے) کو اخراجات میں شمار کیا جاتا ہے۔

    اسی طرح اجلاس میں استعمال اسٹیشنری اور دیگر اشیا بھی اخراجات میں شمار ہوتی ہیں۔

    ذرائع اسمبلی کا کہنا ہے کہ اجلاس ہوٹل میں ہونے پر کرایہ اور کھانے پینے پر اضافی اخراجات ہوں گے، اجلاس ہوٹل میں ہونے پر اخراجات کی تفصیلات کل جاری ہوں گی۔

    یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے ہال کا جائزہ لینے کے بعد علم ہوا کہ اراکین کا ایس او پیز کے تحت بیٹھنا ناممکن ہے اسی کے پیش نظر اجلاس کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا جارہا ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں، ایجرٹن روڈ پر ہوٹل میں اراکین اسمبلی کو ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    معیاری سہولتیں نہ ہونے پر ایوان اقبال میں اجلاس کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 5 سے 29 جون تک جاری رہے گا۔

  • عید کے دوران ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور سینما کھلیں گے؟

    عید کے دوران ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور سینما کھلیں گے؟

    لاہور: پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو عید کے بعد کام کی اجازت ہوگی، جبکہ تھیٹر اور سینما بھی عید کے بعد ایس اوپیز کے تحت کھلیں گے۔

    پنجاب سمیت ملک بھر میں آہستہ آہستہ معمولات زندگی بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ لاک ڈاؤن مرحلہ وار ممکنہ طور پر ختم کردیا جائے گا، مختلف شہروں میں مارکیٹیں بھی کھل چکی ہیں۔

    حکومت پنجاب کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے اہم فیصلے

    سندھ اور پنجاب میں شاپنگ مالز بھی اپنا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

    عید کی مناسبت سے شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے مارکیٹوں کا رخ کررہی ہے۔ البتہ حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک شہری احتیاطی تدابیر اپناتے رہیں گے۔

    ملک بھر میں آہستہ آہستہ ٹرانسپورٹ سروس بھی بحال ہورہی ہے، ٹرینیں چلانے سے متعلق بھی حکمت زیرغور ہے۔

  • دبئی: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    دبئی: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سمندر کنارے واقع ہوتلوں کو پرائیوٹ بیچز کھولنے کی اجازت دے دی گئی، اس دوران احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی لازم ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق دبئی میں ساحل سمندر پر واقع ہوٹلوں کو صرف مہمانوں کے لیے پرائیوٹ بیچ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، یہ اجازت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب دبئی کرونا وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیوں کو نرم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

    دبئی میں سپریم کمیٹی آف کرائسس مینجمنٹ نے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں ہٹانے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں جن میں عوامی پارکس کو کھولنا اور ہوٹلوں کے نجی ساحلوں (بیچ) کو کھولنا بھی شامل ہے۔

    تفریحی سرگرمیاں جیسے سائیکلنگ، واٹر اسپورٹس اور اسکائی ڈائیونگ کی بھی اجازت دے دی گئی، اس کے علاوہ دبئی فیری آپریشن، واٹر ٹیکسی، ابراس اور کار شیئرنگ سروس کی بھی واپسی ہو چکی ہے۔

    کمیٹی نے کہا ہے کہ ان اعلانات کے باوجود سخت حفاظتی اقدامات کو بھی لاگو کیا جائے گا جس میں سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور پانچ سے زیادہ افراد کا جمع نہ ہونا شامل ہے۔

    دبئی ٹورازم اتھارٹی نے اس سے قبل ہوٹلوں کے لیے ایک ہدایت نامہ جاری کیا تھا جس میں دکانوں اور ریستوران میں پابندیوں اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے کا کہا گیا۔

    تاہم سوئمنگ پولز، شاورز، سپاز اور پرائیویٹ ایونٹس پر ابھی بھی پابندی ہے اور ہوٹلوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انہیں دوبارہ کھولنے سے پہلے ان کی مکمل سٹرلائزیشن کریں۔