Tag: ہوید

  • بنوں کے علاقے ہوید میں تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ

    بنوں کے علاقے ہوید میں تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ

    بنوں : خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ہوید میں تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کردیا گیا اور عوام کو صبح 5 بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ہوید میں سیکیورٹی فورسز نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر تاحکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے۔

    پولیس اور سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ ہوید میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائی کی جا رہی ہے اور سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ فورسز کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے اور تمام داخلی و خارجی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ فرد کی آمد و رفت روکی جا سکے۔

    مزید برآں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 5 بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی مشکوک شخص کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔

    حکام نے خبردار کیا ہے کہ شرپسند عناصر ممکنہ طور پر عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے کسی بھی مشتبہ حرکت کی فوری اطلاع دی جائے۔

    اعلان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی دہشت گرد کسی گھر یا مقام پر داخل ہو جائے تو شہری فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں، دہشت گردوں کو پناہ یا مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے مزید کہا کہ فورسز پر فائرنگ کرنے والی عمارتوں کو مسمار کر دیا جائے گا اور ایسے افراد کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔

    یہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کا حصہ ہے، جو علاقے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے جاری ہے۔