Tag: ہڑتال

  • آل سٹی تاجر اتحاد نے آج ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

    آل سٹی تاجر اتحاد نے آج ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

    کراچی: آل سٹی تاجر اتحاد نے آج غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیے جانے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما شرجیل گوپلانی نے ایک بیان میں آج جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان شدہ ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ٹمبر مارکیٹ مکمل طور پر کھلی رہے گی۔

    شرجیل گوپلانی نے کہا ہمارا کسی ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم 7 اپریل کو کر چکے ہیں۔ دوسری طرف صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آج غزہ بچاؤ ہڑتال ہوگی، ملک بھر کے ایک کروڑ سے زائد تاجر اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔


    ’اب 26 اپریل کی ہڑتال اسرائیل امریکا اور بھارت کیخلاف ہو گی‘


    اجمل بلوچ نے کہا اسلام آباد کے تاجر شام 5 بجے آبپارہ چوک میں احتجاج کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے میں ناکامی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لیے ہڑتال کی جا رہی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 26 اپریل کی ہڑتال اسرائیل، بھارت اور امریکا کے خلاف ہے، یہ شیطانی ٹرائی اینگل پوری دنیا میں بدامنی کا سبب ہے، جس کے خلاف قوم متحد ہو کر پیغام دے کہ وہ اہل غزہ سے پیار کرتی ہے۔

    ادھر راولپنڈی میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے بھی آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، صدر ابرار خان نے کہا تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ہڑتال کا اعلان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔

  • کاٹن جنرز نے ہڑتال ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا

    کاٹن جنرز نے ہڑتال ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا

    کراچی: کاٹن جنرز نے ہڑتال ایک ماہ کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاٹن جنرز نے کپاس کی خریداری اور روئی کی فروخت بحال کر دی، ایک ہفتے سے جننگ فیکٹریوں میں جاری ہڑتال بھی ختم کر دی گئی۔

    چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق کاشت کار تنظیموں کے پر زور اصرار پر کاشت کاروں کو معاشی بحران سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایک ہفتہ قبل ٹیکسوں اور بجلی کے فکسڈ چارجز میں اضافے کے خلاف کاٹن جنرز نے کپاس کی خریداری اور روئی کی فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • ٹیکسز نفاذ کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    ٹیکسز نفاذ کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    پشاور: ملاکنڈ ڈویژن میں یکم جون سے ٹیکسز نفاذ کے خلاف تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 14 مئی کو لوئر دیر سمیت ملاکنڈ ڈویژن بھر میں تاجروں نے ٹیکسز نفاذ کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے انجمن تاجران تیمرگرہ کا تیمرگرہ ریسٹ ہاؤس میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تاجروں سمیت ضلع بھر سے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کے صدور اور تاجروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں طے پایا کہ 14مئی کو ضلع بھر میں ٹیکسز نفاذ کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، اس موقع پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا، تاجروں نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ٹیکسز نا منظور کے نعرے لگاتے رہے۔

    مظفر آباد میں آج سستی بجلی اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    انجمن تاجران تیمرگرہ کے صدر حاجی انوار الدین اور جنرل سیکریٹری حاجی لائق زادہ و دیگر نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن 1969 میں پاکستان میں ضم ہوا تھا، اور حکومت نے اس وقت ملاکنڈ ڈویژن کو 100 سالوں تک فری ٹیکس زون قرار دیا تھا۔

    تاجروں نے کہا ہم حکومت کی جانب سے یکم جون سے مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز نفاذ کو مسترد کرتے ہیں، اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت ملاکنڈ ڈویژن کی فری ٹیکس زون کی جدا گانہ حثیت کو برقرار رکھے۔

  • ملازمین کیلئے بڑی خبر

    ملازمین کیلئے بڑی خبر

    اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین پر  ہڑتال، مظاہروں اور احتجاج پر پابندی کا اطلاق کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں چھ ماہ کیلئے لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کردیا، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد لازمی سروس ایکٹ کا اطلاق فوری کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ فیصلے کا مقصد یوٹیلیٹی اسٹورز پر شہریوں کو اشیاء کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے، لازمی سروس ایکٹ کے تحت ہڑتال، مظاہروں اور احتجاج پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن یونیز کی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگادی گئی، لازمی سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ابتدائی طور پر اس ایکٹ کا نفاذ 6 ماہ کیلئے ہوگا جس میں توسیع بھی ہوسکتی ہے۔

  • لفتھانزا ایئر کے زمینی عملے کی جانب سے ہڑتال کا اعلان

    لفتھانزا ایئر کے زمینی عملے کی جانب سے ہڑتال کا اعلان

    برلن: جرمن قومی ایئر لائن لفتھانزا کے زمینی عملے نے بدھ کے روز ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کی قومی ایئرلائن لفتھانزا کا زمینی عملہ کل تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کے ساتھ ملک گیر ہڑتال کرے گا۔

    ورکرز یونین کے مطابق ہڑتال بدھ کے روز صبح 4 بجے سے لے کر جمعرات کی صبح 7:10 تک ہوگی، ہڑتال کے سبب جرمنی کے مصروف ترین فرینکفرٹ ایئرپورٹ سمیت میونخ، ہیمبرگ، برلن اور ڈسلڈورف ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    لفتھانزا کے ترجمان کے مطابق ایئرلائن روزانہ 3,000 پروازیں آپریٹ کرتا ہے، ہڑتال کے باعث بڑی تعداد میں پروازیں منسوخی کا شکار ہو سکتی ہیں۔ ورکرز یونین کا مطالبہ ہے کہ ان سے جڑے 25 ہزار کارکنوں کی اجرت میں 12.5 فی صد تک کا اضافہ کیا جائے، یا ماہانہ اجرت میں 500 یورو اضافہ اور 3000 یورو مہنگائی بونس دیا جائے۔

    یاد رہے کہ جولائی 2022 میں بھی مطالبات کے لیے لفتھانزا کے گراؤنڈ اسٹاف اور انتظامیہ کے نمائندوں کے مابین مذاکرات ہوئے تھے، جو ناکام ہوئے اور اس کے نتیجے میں کارکنوں نے ہڑتال کر دی تھی، جس سے ہزاروں پروازوں کی آمد و رفت معطل یا متاثر ہو گئی تھی۔

    یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی اس وقت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی ملک گیر ہڑتالوں کی زد میں ہے۔ قومی ایئرلائن، جرمنی ریلوے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے محکموں کے کارکن آئے دن ہڑتالیں کر رہے ہیں جن سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

  • ٹرک ڈرائیورز کی ہڑتال، پیٹرول پمپس پرعوام کی قطاریں لگ گئیں

    ٹرک ڈرائیورز کی ہڑتال، پیٹرول پمپس پرعوام کی قطاریں لگ گئیں

    بھارت میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کا اثر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی سامنے آنے لگا ہے، حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پٹرول پمپ پر طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عوام گاڑیوں میں پیٹرول اور ڈیزل بھروانے میں مصروف ہیں، کیونکہ ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والی گاڑیاں دو دن سے نہیں آرہی ہیں۔

    پٹرول پمپس میں تین دن قبل کا اسٹاک موجود تھا جو کسی بھی وقت ختم ہوجائے گا، دو دن گزرنے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے والا ایک بھی ٹرک نہیں پہنچا۔ جس کے باعث عوام کا ہجوم پیٹرول پمپس پر جمع ہوگیا ہے۔

    ممبئی میں عام طور پر روزانہ 1500 گاڑیوں کے ذریعے ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن آج پٹرول کا ایک ٹرک بھی ممبئی نہیں پہنچا ہے۔ مہاراشٹر کے کئی علاقوں بالخصوص ممبئی میں بھی پیر کی رات سے ہی پیٹرول پمپوں پر عوام کا جم غفیر موجود ہے۔

    پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے۔ حالانکہ آئل ٹرک ڈرائیور ہڑتال پر ہیں۔ جس کی وجہ سے شام تک ممبئی میں حالات مزید خرابی کی طرف جاسکتے ہیں۔

    پنجاب میں بھی کئی پٹرول پمپس اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوگئے ہیں، اسی طرح کی صورتحال ملک کی دیگر ریاستوں میں دیکھی جا رہی ہے۔

  • نگران وزیر اعلیٰ سندھ کا شٹر ڈاؤن ہڑتال پر رد عمل

    نگران وزیر اعلیٰ سندھ کا شٹر ڈاؤن ہڑتال پر رد عمل

    کراچی: نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کراچی میں مہنگائی کے خلاف جاری ہڑتال پر رد عمل دیا ہے۔

    نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کہا کہ نگران حکومتیں  عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، عوام مہنگائی کے باعث  شدید پریشان ہیں، جس کا ہمیں احساس  ہے۔

    نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں ملکر عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہی ہیں، احتجاج سب کا جمہوری حق ہے لیکن  دوسروں کیلئے زحمت کا باعث نہیں بننا چاہیے۔

    نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے مزید کہا کہ انتظامیہ احتجاج کو پرامن بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے۔

    واضح رہے کہ بدترین مہنگائی، بجلی کے بھاری بھر کم بل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تاجر برادری کی جانب سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

    معاشی حب کراچی میں کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے، اورنگی ٹاؤن، شیرشاہ، داؤد چورنگی کے علاقوں میں شہری احتجاج کر رہے ہیں۔

  • بجلی کے اضافی بل، مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    بجلی کے اضافی بل، مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    بدترین مہنگائی، بجلی کے بھاری بھر کم بل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ تاجر برادری کی جانب سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق معاشی حب کراچی میں کی سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے، اورنگی ٹاؤن، شیرشاہ، داؤد چورنگی کے علاقوں میں شہری احتجاج کر رہے ہیں۔

    لاہور، فیصل آباد، ملتان پیرمحل، ڈسکہ، ناروال، ٹبہ سلطان پور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے، سوات، مالاکنڈ، چمن اور کوئٹہ میں بھی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔

    کراچی کے تاجروں کی جانب سے جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے، تنظیم تاجران، انجمن تاجران پاکستان کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

    تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بجلی، پٹرول نرخوں میں اضافہ واپس نہ لیاگیا تو ملک بھر میں مظاہرے کرینگے، تاجروں نے مطالبہ کیا کہ تاجر بجلی بلز، بھاری ٹیکسز، پٹرول کی قیمت میں اضافے کیخلاف کاروبار بند رکھیں۔

    شیخوپورہ میں انجمن تاجران کے دونوں گروپوں کی جانب سے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، سول سوسائٹی، تاجربرادری اور وکلا تنظیموں کی جانب سے احتجاج بھی کیا جائے گا۔

    پشاور میں بھی بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن کی جارہی ہے، پشاور بار ایسوسی ایشن نے بھی آج مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دے دی ہے، وکلا آج 11 بجے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

    ڈسڑکٹ بار نارووال، شکر گڑھ کی جانب سے بھی بجلی، پٹرول مہنگائی ہونے پر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق آج ڈسٹرکٹ بار نارووال، شکر گڑھ بار کے وکلا عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔

  • برطانیہ میں جونئیر ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی

    برطانیہ میں جونئیر ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی

    انگلینڈ میں جونیئر ڈاکٹروں نے چوتھی ہڑتال شروع کرتے ہوئے 5 روز کے لیے کام بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سبب صحت کا نظام بیٹھ گیا، ہزاروں آپریشنز اور اپوائنٹمنٹس منسوخ کردیے گئے۔

    جونیئر ڈاکٹروں نے تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ڈاکٹرز نے وزیرِ اعظم رشی سونک کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل بھی مسترد کر دی ہے۔

    واضع رہے برطانیہ میں چھیالس ہزار سے زائد جونئیر ڈاکٹرز ہیں، ہرٹال کے سبب ہزاروں آپریشنز کے اپائنٹمنٹس لینے والے شہری بھی پریشان ہوگئے۔

    یاد رہے برطانیہ بھی دیگر ممالک کی طرح برسوں میں پہلی بار بلند افراط زر کا شکار ہے، رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافہ سب سے پہلے وبائی امراض کے نتیجے میں سپلائی چین کے مسائل اور پھر یوکرین پر روس کے حملے سے ہوا۔

  • ڈاکٹروں کی جانب سے برطانوی تاریخ کی طویل ترین ہڑتال

    ڈاکٹروں کی جانب سے برطانوی تاریخ کی طویل ترین ہڑتال

    لندن: برطانیہ میں ڈاکٹرز کی جانب سے برطانوی تاریخ کی طویل ترین ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروسز مشکلات کا شکار ہو گئی ہیں، ڈاکٹروں نے طویل ترین ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں آپریشنز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروسز کو درپیش مشکلات کے سبب جونیئر ڈاکٹرز 13 سے 18 جولائی تک ہڑتال کریں گے، جب کہ میڈیکل کنسلٹنٹس نے بھی 20 اور 21 جولائی کو ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اور ریڈیوگرافرز کی اکثریت بھی ہڑتال میں شامل ہوگی۔

    ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں 5 فی صد اضافہ مسترد کر دیا ہے، اور تنخواہیں 35 فی صد تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، ہڑتال کے باعث برطانیہ بھر میں ہزاروں آپریشنز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

    سربراہ نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ ہڑتالوں میں سب سے زیادہ نقصان مریضوں کا ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے، امانڈہ پرچرڈ نے کہا کہ دوران ہڑتال ڈاکٹروں کا متبادل مہیا کرنا نا ممکن ہے۔