Tag: ہڑتال کا اعلان

  • ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بند رکھنے کا اعلان

    ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بند رکھنے کا اعلان

    کراچی : ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم کے معاملے پر تاجر برادری نے ایک اور ہڑتال کا اعلان کردیا، آج بروز ہفتہ جوڑیا بازار بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ آج بروز ہفتہ کو احتجاجاً بند رہے گی۔

    ہڑتال کا اعلان کراچی میں جوڑیا بازار کے دکانداروں، امپورٹر اور ایکسپورٹرز کے ممشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

    کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن جوڑیا بازار کے رہنما رؤف ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31اگست کو ہول سیل گروسرز کی تمام مارکیٹس بند رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ آج صبح ساڑھے11بجے سٹی کورٹ کے سامنے پریس کانفرنس کرینگے، پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کے خلاف تاجروں کی جانب سے 28 اگست کو کی جانے والی شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جس میں ملک بھر کی بڑی مارکیٹیں بند رہیں۔

    کراچی سے خیبر تک تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے، قصہ خوانی، اشرف روڈ، صدر بازار مارکیٹیں، صدر کی فوڈ اسٹریٹ چوک فوارہ میں دکانیں بند تھیں۔

  • سیمنٹ ڈیلرز کا ٹیکس کیخلاف آج سے ہڑتال کا اعلان

    سیمنٹ ڈیلرز کا ٹیکس کیخلاف آج سے ہڑتال کا اعلان

    آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے سیمنٹ انڈسٹری پر بےجا ٹیکسز کے باعث ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

    آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوٹر کے پیٹرن انچیف چوہدری منیر کے مطابق بھاری ٹیکسز کی وجہ سے سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج سے ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں، کوئی بھی ڈیلر کمپنیوں سے سیمنٹ نہیں اٹھائے گا، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

    سیمنٹ ڈیلرز کے پیٹرن انچیف نے مزید کہا کہ ری ٹیلرز پر ٹیکس نہیں لگایا جاسکتا، پوائنٹ آف سیلز کا مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق سیمنٹ کی بوری کی قیمت 500 روپے ہونی چاہیے تھی جو 1500 روپے تک پہنچ گئی ہے، سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے پاس ہڑتال پر جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

  • کراچی کے صنعتکاروں کا 4 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی کے صنعتکاروں کا 4 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی : صنعتکاروں نے کراچی سمیت سندھ بھر اور بلوچستان میں 4 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کردیا اور کہا فیکٹریوں میں ڈاؤن سائزنگ شروع ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھراوربلوچستان کے صنعتکاروں نے 4 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    صنعت کار جاوید بلوانی نے بتایا کہ پہلے ایک دن کی ہڑتال کریں گے پھر آگے مزید بڑھائیں گے، فیکٹریوں میں ڈاؤن سائزنگ شروع ہوگئی ہے، فیکٹری مالکان کچھ بھی یونٹ چلا نہیں پارہے ہیں۔

    جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان نئے آرڈرز حاصل نہیں کرپارہے، حکومت معاملے کو اس سطح پر مت لے جائے کہ واپسی مشکل ہوجائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ فرٹیلائزرز پر کراس سبسڈی دی جارہی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے منع کیاہے، کماؤپوت صنعتوں کے ساتھ یہ سلوک افسوسناک ہے۔

    صنعت کار کا کہنا تھا کہ کراس سبسڈی پر تمام صنعتیں بند ہوجائیں گی، حکومت رابطہ کرے ،ہمارےپاس فارمولہ ہےکہ تمام صنعتیں چلیں گی۔

  • کراچی: دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی: دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان

    کراچی: آل کراچی ملک ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے 11 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے، ہڑتال کااعلان آل کراچی ملک ایسوسی کی جانب سے کیا گیا۔

    دودھ کے ہول سیلرز نے کمشنر کراچی سے ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن یہ ملاقات نہیں ہو سکی، کمشنر آفس حکام کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی سرکاری میٹنگز میں مصروف ہیں، جب کہ دودھ کے ہول سیلرز سے ملاقات شیڈول میں بھی نہیں تھی۔

    یاد رہے کہ پانچ جولائی کو ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد دودھ کی قیمت 85 روپے سے بڑھا کر 95 روپے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اسماعیل راہو

    ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافےکا نوٹس لیا جائے۔

    گزشتہ روز صوبائی وزیر رسد و قیمت محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے دودھ کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا، متعلقہ افسران مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    گیس کی قیمتوں میں اضافہ : ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی : سی این جی فورم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، ٹرانسپورٹ اتحاد نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی این جی فورم نے حکومت کی جانب سے گیس کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے جبکہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے گیس مہنگی ہونے پر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

    کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ ہم ٹرانسپورٹ بند کردیں گے تو سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہوجائیں گے۔

    سی این جی فورم کے رکن عبدالسمیع خان نے کہا کہ حکومت نے سی این جی سیکٹر کی گیس کی قیمت میں 40 فیصد کا اضافے کے تجویز دی ہے گیس مہنگی ہوئی تو سی این جی 22 روپے تک مہنگی ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ70 فیصد ٹرانسپورٹ سی این جی چلتی ہے، گیس مہنگی ہونے کے بعد سندھ اور بلوچستان میں فی کلو سی این جی82سے بڑھ کر105روپے فی کلو تک ہوجائے گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

    کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ جب تک قیمت کا تعین نہیں ہوتا گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔

    اس موقع پر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کے صدرشبیر سلیمان جی نے کہا کہ15سال میں پہلی بار گیس 15روپے کلو مہنگی ہونے جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا گیس کی قیمت کا تعین اوگرا کرتی ہے لیکن حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 40فیصد اضافہ کیا ہے۔

  • ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی / ملتان : ہومیو اور ہربل ادویات کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے کل ہڑتال اعلان کردیا، ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رہیں گی، ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نےترامیم واپس نہ لیں توغیرمعینہ مدت تک ہڑتال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم ڈرگ ایکٹ کے خلاف پیر کو ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رکھی جانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں پی سی اے،پی پی ایم اے، پی پی اے،پی ڈی اے، سی پی اے سمیت ہول سیل کیمسٹ کونسل بھی شریک ہوگی، غیرمعینہ مدت کے ہڑتالی بینر میڈیسن مارکیٹوں میں آویزاں کر دیئے گئے۔

    اس حوالے سے ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر عاطف بلو نے اعلان کیا ہے کہ میڈیسن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ حکومت نے ترامیم واپس نہ لیں تو کراچی تا خیبر ادویات کے لاکھوں تاجر غیر معینہ مدت کے لئے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتیں ڈرگ ایکٹ میں کسی بھی ترامیم سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو مکمل اعتماد میں لیں، عاطف بلو کا کہنا تھا کہ پنجا ب حکو مت تا جر دشمنی کر رہی ہے۔

    دوسری جانب ملتان ہول سیل کیمسٹ کونسل کے صدر محمد اختربٹ نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم کے خالف پیر کے روز شہر میں تمام میڈیسن مارکیٹیں احتجاجاً بند کر دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 2017 جیسے کالے قانون کے تحت حکومت ہزاروں افراد کا معاشی قتل کرکے میڈیسن کے کاروبار پر قبضہ کرنا چاہیتی ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    محمد اختر بٹ نے کہا کہ میڈیسن مارکیٹ ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے میڈیکل اسٹورز بند رکھنے کی صورت میں اسٹور مالکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی روز زبردستی کی گئی تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔

  • بلوچستان نرسزایکشن کمیٹی کا پیرسے مکمل ہڑتال کا اعلان

    بلوچستان نرسزایکشن کمیٹی کا پیرسے مکمل ہڑتال کا اعلان

    کوئٹہ : بلوچستان نرسز ایکشن کمیٹی نے  13نکاتی مطالبات کے حق میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں پیر سے مکمل ہڑتال کرکے کام چھوڑنے کا اعلان کردیا، طالبات کی منظوری تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان نرسز ایکشن کمیٹی کی چیئرمین امیلیہ ولیم اور دیگر رہنماﺅں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں نرسنگ کے شعبہ کے ساتھ امتیاز برتا جارہا ہے۔

    سروس اسٹریکچر نہ ہونے سے نرسز کی ترقی نہیں ہوتی، تنخواہیں قلیل ہیں، رہائش کا مناسب انتظام نہیں اور نہ ہی الاﺅنسز دیئے جاتے ہیں۔

    نرسز رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ اپنے مطالبات کے حق میں وہ 23 جنوری سے ریلیاں اور مظاہروں کا انعقاد کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کراوا رہے ہیں مگر حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اس لئے اب ماسوائے ایمرجنسی، لیبر روم اور ٹراما سینٹر کے نرسز اور پیر 13 فروری سے کسی بھی شعبہ میں ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گی۔

    نرسز نے سروس اسٹرکچر، پروموشن، ہیلتھ پروفیشنل رسک الاﺅنس ومختلف وظائف دینے اور رہائشی انتظامات سمیت  13مطالبات پیش کئے۔

    نرسزرہنماؤں کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی، بعد ازاں انہوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

  • پنجاب: ٹیکسٹائل ملز مالکان کا 6 دسمبرکو ہڑتال کا اعلان

    پنجاب: ٹیکسٹائل ملز مالکان کا 6 دسمبرکو ہڑتال کا اعلان

    لاہور: پنجاب میں ٹیکسٹائل ملز کے لیے گیس کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر پنجاب بھر کی ٹیکسٹائل ملز مالکان نے 6 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ٹیکسٹائل ملز مالکان نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 6 دسمبر کو ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل ملز کے لئے گیس کی قیمتوں میں کمی جائے۔

    آپٹما کے مرکزی رہنما اعجاز گور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ستر سے زائد ٹیکسٹائل ملیں بند ہوچکی ہیں، جس کے باعث لاکھوں کی تعداد ملازمین بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    رہنماؤں کا کہناتھا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو بجلی اورگیس دوسرے صوبوں کی نسبت مہنگی مہیا کی جارہی ہے، سندھ میں گیس کی قیمت 400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ پنجاب میں 900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔

    آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسو سی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز کے ساتھ منصفانہ برتاؤ نہیں کیا جا رہا۔ آپٹما رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اس موقع پر مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔

    واضح رہے کہ ملکی کُل برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ تقریباً 60 فیصد ہے۔ ٹیکسٹائل مصنوعات کی مسلسل گھٹتی برآمدات کے باعث ملکی برآمدات میں میں کمی آرہی ہے۔

  • کراچی میں سی این جی بحران کا خدشہ، غیر معینہ ہڑتال کا اعلان

    کراچی میں سی این جی بحران کا خدشہ، غیر معینہ ہڑتال کا اعلان

    کراچی : سندھ میں میں سی این جی کی کلو گرام کے بجائے لیٹر میں فروخت کا معاملہ تنازعہ کی صورت اختیا رکر گیا، سی این جی ایسوسی ایشن ن اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہڑتا ل کا اعلان کر دیا۔

    سی این جی ایسوسی ایشن نے اوگرا کی جانب سے سی این جی کی فروخت لیٹر مین نہ کرنے کے خلاف جمعرات سے سی این جی اسٹیشن غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی اوگرا کی اجازت کے بغیر سی این جی کلو گرام کے بجائے لیٹر میں فروخت کرنے پر ہفتہ تیرہ اگست کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

    ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ اوگرا کی اجازت کے بغیرسی این جی کی فروخت لیٹر میں شروع کر دی ہے۔جو غیر قانونی ہے اور لیٹر میں سی این جی کی فروخت پہنگی ہو رہی ہے۔جو ٹرانسپورٹرز کا نقصان ہے۔جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن لیٹر میں فروخت کرنے پر مصر ہے۔ ،

  • اویس شاہ کا اغوا: پاکستان بار کونسل کا عدالتیں بند رکھنے کا اعلان

    اویس شاہ کا اغوا: پاکستان بار کونسل کا عدالتیں بند رکھنے کا اعلان

    کراچی: پاکستان بار کونسل نے اویس شاہ کے اغوا کے خلاف کل ملک بھر میں عدالتی کارروائیاں بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کے خلاف کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اویس شاہ کی محفوظ بازیابی جلد از جلد یقینی بنائے۔

    وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ وکلا عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے اس لیے کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کا اغوا انتہائی تشویش ناک ہے اور کئی دن گزرنے کے باوجود تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی جی سندھ پولیس چیف جسٹس کے بیٹے کی جلد از جلد بازیابی کو یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ کئی دن گزرنے کے باوجود، رینجرز، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر خفیہ ادارے مل کر اور علیحدہ علیحدہ اویس شاہ کی بازیابی کےلیے چھاپے مار رہے ہیں، گرفتاریاں بھی ہوئیں لیکن تاحال اویس شاہ کا کوئی پتا نہ مل سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اویس شاہ کی بازیابی پر انعامی رقم بڑھا کر 25سے ایک کروڑ روپے کردی ہے۔