Tag: ہڑتال

  • نرسوں سے مزاکرات ناکام، پنجاب بھر کے اسپتالوں میں کام تاحال بند

    نرسوں سے مزاکرات ناکام، پنجاب بھر کے اسپتالوں میں کام تاحال بند

    لاہور: ینگ نرسوں کا چھٹے روز بھی جناح اسپتال میں احتجاجی دھرنا جاری ہے پنجاب کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور میں نرسوں نے کام بند کردیا ہے۔

    جناح اسپتال کے ڈاکٹر کی نرس سے مبینہ بدتمیزی کے خلاف ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس کے باعث ایمر جنسی اور آئی سی یو کے علاوہ تمام وارڈز میں نرسز کی ہڑتال جاری ہے۔ جناح اسپتال لاہور کے باہر دھرنے کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔

    گزشتہ روز اسپتال انتظامیہ اور وائی این اے کے درمیان ہونے والے مزاکرات ناکام ہوگئے تھے اور جناح اسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ بدتمیزی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاہم ینگ نرسز کا کہنا ہے کہ متعلقہ داکٹر کی معطلی تک نرسز کا احتجاج جاری رہے گا۔

  • تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پرپی آئی اے ملازمین کی ہڑتال

    تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پرپی آئی اے ملازمین کی ہڑتال

    لاہور: پی آئی اے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پرٹاؤن آفس میں ہڑتال اورتالہ بندی کردی جبکہ پی آئی اے کے بکنگ آفس بھی بند کرادئیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے دیگر دفاتر بھی جزوی طور پر بند ہیں ، ایئرلیگ کے رہنماؤں کا کہنا ہے پی آئی اے مینجمنٹ نے عید پرپندرہ فیصد الاؤنس دینے اورتنخواہوں میں اضافے کا وعدہ کیا تھا جو پورا نہیں کیا گیا۔ اس لئے پی آئی اے ملازمین ہڑتال کررہے ہیں ۔

    مگرپی آئی اے انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر لیگ کا پی آئی اے حکام کے ساتھ کچھ افسران کے تبادلے کے معاملے پراختلاف ہے۔ اس کے علاوہ اووربلنگ پرایک نجی ہوٹل کو پی آئی اے پینل سے ہٹانے دیا گیا تھا جسے بحال کرانے کے لیے ہڑتال کرکے انتظامیہ پردباؤ ڈالا جارہا ہے

  • قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کیخلاف صوبے بھر میں ہڑتال

    قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کیخلاف صوبے بھر میں ہڑتال

    کراچی/حیدرآباد: قومی عوامی تحریک کی کال پر سندھ کی تقسیم کی سازش کیخلاف آج حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کئی شہروں میں مظاہرے اور دھرنے بھی دیے جارہے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے ایم اے جناح روڈ بلاک کر کے بھی دہھرنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی تقسیم کی سازش کیخلاف قومی عوامی تحریک کی کال پر حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ کندھ کوٹ ، کشمور، تنگوانی، گڈو اور غوث پور میں مظاہرے اور دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوالہ یار میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔ کاروباری مراکز بند کرانے کیلئے نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ادھر نوشہروفیروز، مورو، پڈعیدن، بھریا، کنڈیارو سمیت ضلع کے دیگر چھوٹے شہروں میں بھی شٹر ڈاؤن رہا جس سے کاروباری مراکز اور بازارویران پڑ گئے ہیں اورسڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم دیکھائی دیا۔ کارکنوں نے شہر کے مرکزی چوک بلاک کرکے ٹائر جلائے۔

    دوسری جانب نواب شاہ میں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف قومی عوامی تحریک جانب سے شٹر بند ہرتال کی جارہی ہے۔ قومی عوامی تحریک کی ہڑتال کے موقع پرکئی مارکیٹیں جن میں سکرنڈ روڈ، مسجد روڈ، ہسپتال روڈ، کپڑا مارکیٹ، صرافہ مارکیٹ، لیاقت مارکیٹ، موہنی بازار، کچہری روڈ سمیت اور دیگر مارکیٹیں بند ہیں، جبکہ ٹریفک معمول سے کم رہا جسکے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ہڑتال کے دوران سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی، قومی عوامی تحریک کی اپیل پر نوابشاہ سمیت ضلع بھر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جن میں دوڑ، باندہی، سکرنڈ، قاضی احمد، دولت پور سمیت دیگر میں مکمل ہڑتال ہے۔،

    ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے بیان پر قومی عوامی تحریک کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پرسندھ بھر کی طرح ٹنڈوالہ یار اور اس کے گردو نواح نصر پور ، جھنڈو مری ، چمبڑ ، میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز پیٹڑل پمپس اور بینکز اورپرائیوٹ اسکول مکمل طور پر بند ہیں۔ ٹریفک سڑ کوں سے مکمل غائب ہے جبکہ سڑکوں پر سناٹہ چھایا ہوا ہے۔ دوسری جانب سڑکوں پر ٹائر بھی نظر آتیش کئے گئے اور بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ پو لیس کی جانب کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ پریس کلب کے سامنے قومی عوامی تحریک کے کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔

  • سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    حیدرآباد: سندھ کی تقسیم کے خلاف صوبے بھر میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کیخلاف حیدر آباد سکھر ودیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ۔

    احتجاج اور ہڑتال کے باعث حیدرآباد کے کئی علاقوں قاسم آباد، حسین آباد، گل سینٹر، اوردیگرعلاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں ۔ ہڑتال کی کال پر سی این جی اسٹیشنزاور پیٹرول پمپس بند رہنے سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بعض علاقوں میں ٹائرنذر آتش کر کےاحتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    سکھرکے عوام نے سندھ کی تقسیم کو نامنظور قراردیا ، سکھر میں بھی کاروباری مراکز بند رہے،سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں حاضری بھی کم رہی، جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنزبند رہے ۔

    نوشیرو فیروز میں ایس ٹی پی پی کی کال پر ہڑتال میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں،نواب شاہ میں سڑکوں پر ٹریفک کم جبکہ دکانوں پر تالے لگے رہے ۔ سندھ کی تقسیم کے خلاف سانگھڑ کے عوام نے زبردست احتجاج ریکارڈ کرایا ،سڑکوں پرپولیس کا گشت دیکھنے میں آیا ۔

    ٹنڈو الہ یار میں عوام نے سڑکوں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر نذر آتش کئے، جبکہ کاروباری مراکز بند رہے ،مٹیاری میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا سماں رہا ،سکیورٹی کے لئے پولیس سڑکوں پر موجود رہی، لاڑکانہ میں بھی ہڑتال کامیاب رہی اورعوام نے سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

  • عمران خان کے الزامات:لاہورہائیکورٹ بارنے ہڑتال کا اعلان کردیا

    عمران خان کے الزامات:لاہورہائیکورٹ بارنے ہڑتال کا اعلان کردیا

    لاہور ہائیکورٹ بار نے تحریک انصاف کے چیئرمین کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عمران خان کے الزامات کیخلاف قرار داد منظور کر لی اور یکم ستمبر کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے کہا کہ چند دن پہلے ان کی رہائش گاہ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کے دوران ڈاکو ان کی بیٹی کی شادی کیلئے تیارکردہ قیمتی زیورات، سامان اور نقدی لے گئے، اس واردات پر عمران خان نے ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے اڑھائی کروڑ روپے حکومت سے لئے ہیں جو سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔

    صدر ہائیکورٹ بار نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کی طرح ان پر بغیر تصدیق کے جھوٹا الزام لگایا اور عوام کی نظر میں اپنا قد مزید چھوٹا کیا، انہوں نے کہا کہ جھوٹا الزام لگانے پر وہ عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔

    شفقت چوہان ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء تنظیموں کا مقصد صرف اور صرف قانون کی بالادستی ہے ،بار ایسوسی ایشن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا مگر عمران خان جھوٹا الزام لگانے سے قبل بنیادی باتیں بھول گئے ۔اجلاس نے عمران خان کے صدر ہائیکورٹ بار پر الزامات کیخلاف قرار داد منظور کرتے ہوئے یکم ستمبر کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔