Tag: ہیرا

  • جنوبی افریقہ نے برطانوی شاہی خاندان سے اپنا ہیرا واپس دینے کا مطالبہ کردیا

    جنوبی افریقہ نے برطانوی شاہی خاندان سے اپنا ہیرا واپس دینے کا مطالبہ کردیا

    برطانیہ کے شاہ چارلس سوم اپنی تاج پوشی کے موقع پر جو تاریخی شاہی عصا تھامیں گے اس میں دنیا کا سب سے بڑا ہیرا جڑا ہوا ہے، اسٹار آف افریقہ کہلائے جانے والے اس ہیرے کو جنوبی افریقہ کے شہری واپس دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    جنوبی افریقہ کے بعض شہری برطانیہ سے دنیا کے سب سے بڑے ہیرے کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس ہیرے کو ’اسٹار آف افریقہ‘ کہا جاتا ہے جو شاہی عصا میں جڑا ہوا ہے۔

    شاہ چارلس سوم ہفتے کے روز ہونے والی تاج پوشی کی تقریب میں یہ شاہی عصا تھامیں گے۔

    اس ہیرے کا وزن 530 قیراط ہے، یہ 1905 میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا اور برطانیہ کے شاہی خاندان کو نو آبادیاتی حکومت نے پیش کیا تھا، اس وقت جنوبی افریقہ برطانیہ کی حکمرانی کے زیر تسلط تھا۔

    ایسے وقت میں جب نو آبادیاتی دور میں چوری کیے گئے فن پارے اور نوادرات کی واپسی کے لیے عالمی سطح پر آوازیں اٹھ رہی ہیں، جنوبی افریقہ کے بعض شہری بھی ہیرے کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    جوہانسبرگ میں وکیل اور سماجی کارکن موتھوسی کمناگا نے ہیرے کی واپسی کے لیے ایک آن لائن پٹیشن کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ ہیرا جنوبی افریقہ کو واپس کرنا چاہیئے، یہ ہمارے قومی افتخار، ورثے اور ثقافت کی علامت ہے۔

    ہیرے کی واپسی کے لیے اس آن لائن پٹیشن پر تقریباً 8 ہزار دستخط ہوئے ہیں۔

    یہ ہیرا کلینن ون کے نام سے جانا جاتا ہے، شاہی عصا میں موجود ہیرا کلینن ہیرے سے کاٹا گیا تھا جو تین ہزار 100 قیراط کا پتھر تھا۔ یہ ہیرا پریتوریا کے قریب دریافت ہوا تھا۔

    اس ہیرے کا ایک چھوٹا حصہ جو کلینن ٹو کے نام سے مشہور ہے، شاہی تاج میں جڑا ہے۔ یہ شاہی تاج برطانیہ کے بادشاہوں کے سر پر اہم مواقعوں پر دیکھا گیا ہے۔ شاہی نوادرات ٹاور آف لندن میں رکھے گئے ہیں۔

    کلینن ہیرے کی ایک مکمل نقل جو ایک آدمی کی مٹھی کے برابر ہے، کیپ ٹاؤن کے ڈائمنڈ میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

  • ہیرے والا شتر مرغ

    ہیرے والا شتر مرغ

    "اگر تم پرندوں کی قیمت کی بات کرتے ہو تو میں تمہیں بتاؤں کہ میں نے ایک ایسا شترمرغ بھی دیکھا ہے جس کی قیمت تین ہزار پاؤنڈ لگائی گئی تھی۔ تین ہزار پاؤنڈ، سمجھے….؟” اس نے مجھے چشمے کے اوپر سے گھورتے ہوئے کہا۔

    اس کا کام پرندوں کی کھال میں بھُس بھر کر اسے بیچنا تھا، اسی لیے وہ پرندوں اور ان کی قیمتوں کے قصّے سنایا کرتا تھا۔

    "تین ہزار پاؤنڈ؟” میں نے حیرت ظاہر کی۔ "کیا وہ شتر مرغ کسی نایاب نسل کا تھا؟”
    "نہیں ایسی کوئی بات نہیں تھی۔ وہ اور باقی چار شتر مرغ جن کا قصّہ سنانے والا ہوں پانچوں عام سے شترمرغ تھے، بلکہ ایک کی کھال کا رنگ بھی مناسب دانہ پانی نہ ملنے کی وجہ سے اڑ گیا تھا، لیکن ان میں سے ایک شتر مرغ نے ایک نہایت قیمتی ہیرا نگل لیا تھا۔”

    "شتر مرغ نے ہیرا نگل لیا تھا؟”

    "ہاں۔” اس نے ہماری دل چسپی کو دیکھ کر پورا قصّہ سنانا شروع کیا جو یوں تھا: وہ ہیرا ایک ہندو بیوپاری کا تھا۔ اس کا نام موہن تھا۔ موہن ایک موٹا سا آدمی تھا۔ اس کی پگڑی میں وہ ہیرا لگا ہوا تھا۔ شتر مرغ نے اس کی پگڑی پر چونچ ماری اور ہیرا نگل لیا۔ جب موہن کو پتا چلا کہ کیا ہوگیا ہے تو اس نے ایک ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ یہ سب کچھ ذرا سی دیر میں ہو گیا۔ میں ان لوگوں میں شامل تھا جو سب سے پہلے وہاں پہنچے۔ دراصل ہم لوگ لندن جانے کے لیے ایک بحری جہاز میں سوار ہو رہے تھے۔ جب میں وہاں پہنچا تو موہن، دو ملاحوں اور شتر مرغ کے رکھوالے کے درمیان اچھی خاصی گرما گرمی ہو رہی تھی، بلکہ شتر مرغ کا رکھوالا تو ہنستے ہنستے دہرا ہوا جا رہا تھا۔

    یہ پانچوں شتر مرغ لندن جانے کے لیے بحری جہاز پر پہنچائے جا رہے تھے کہ ان میں سے ایک نے پاس کھڑے ہوئے ایک ہندو بیوپاری موہن کی پگڑی میں لگا ہوا ہیرا نگل لیا۔ اس وقت شتر مرغوں کا رکھوالا وہاں موجود نہیں تھا۔ وہ تھوڑی دیر بعد پہنچا۔ اس لیے اسے بھی پتا نہ تھا کہ کون سے شتر مرغ نے ہیرا نگلا ہے۔ بہرحال ہم سب بحری جہاز پر سوار ہو گئے اور جہاز لندن کے لیے روانہ ہو گیا۔ شتر مرغ بھی جہاز پر سوار تھے۔

    بحری جہاز پر اس قسم کی خبریں بہت تیزی سے پھیلتی ہیں۔ چنانچہ تھوڑی ہی دیر بعد تمام مسافروں کو اس بات کا پتا لگ گیا کہ جہاز پر سوار شتر مرغوں میں سے ایک کے پیٹ میں ایک ہیرا موجود ہے جو اس نے ایک مسافر کی پگڑی سے اچک لیا تھا۔

    ہر شخص اسی کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ موہن اپنے جذبات چھپانے کے لیے اپنے کیبن میں چلا گیا، لیکن رات کے کھانے پر جب سب مسافر جہاز کے کھانے کے کمرے میں جمع ہوئے تو موہن ایک میز پر جہاز کے کپتان کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔

    موہن نے کپتان پر زور دیا کہ وہ کسی نہ کسی طرح اس کا ہیرا واپس دلوائے۔ اس کا کہنا تھا میں وہ شتر مرغ نہیں خریدوں گا بلکہ مجھے میرا قیمتی ہیرا دلوانا کپتان کا فرض ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے میرا ہیرا واپس نہ ملا تو میں لندن پہنچ کر پولیس میں شکایت درج کروں گا۔ لہذا بہتر ہے کہ شترمرغوں کو کوئی دوا کھلا کر ہیرا حاصل کیا جائے۔
    اُدھر شتر مرغوں کا رکھوالا بھی ایک ضدی آدمی نکلا۔ اس نے کہا کہ میں شتر مرغوں کو دوا دے کر ہیرا حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اس کا کہنا تھا کہ میں شتر مرغوں کا مالک نہیں ہوں بلکہ صرف رکھوالا ہوں اور مجھے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ شتر مرغوں کو صرف فلاں فلاں چیز کھلائی جائے اور انھیں فلاں فلاں طریقے سے رکھا جائے۔ جب کہ موہن کا کہنا تھا کہ چوں کہ شتر مرغوں میں سے ایک نے اس کا ہیرا نگل لیا ہے، اس لیے اب وہ جس طرح چاہے ہیرا نکال سکتا ہے، چاہے ان کا پیٹ کاٹ کر ہی کیوں نہیں نکالا جائے۔

    اس طرح یہ مسئلہ ایک قانونی شکل اختیار کر گیا تھا، لیکن جہاز پر کوئی وکیل موجود نہ تھا، اس لیے ہر مسافر اپنی اپنی رائے دے رہا تھا۔ مسافروں میں سے اکثر کا کہنا یہ تھا کہ موہن کو شتر مرغ خرید لینے چاہییں، پھر اس کا جو جی چاہے ان کے ساتھ کرے۔

    جہاز عدن کی بندرگاہ پر رکا اور جب وہاں سے چلا تو رات کے کھانے پر موہن نے مسافروں کی بات مان لی اور پانچ کے پانچ شتر مرغ خریدنے کے لیے تیار ہو گیا، لیکن اگلی صبح ناشتے پر صورتحال پھر بدل گئی، کیوں کہ شتر مرغوں کے رکھوالے نے اعلان کیا کہ وہ ان کا مالک نہیں ہے اس لیے وہ انہیں کیسے بیچ سکتا ہے؟ اور دنیا کی کوئی طاقت اسے مالک سے پوچھے بغیر شتر مرغ بیچنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

    اس پر ایک مسافر کھڑا ہو گیا۔ اس کا نام پوٹر تھا۔ اس نے اعلان کیا کہ شتر مرغوں کے رکھوالے کو میں نے بھی اچھی خاصی رقم کی پیشکش کی تھی، لیکن وہ شتر مرغ بیچنے پر تیار نہیں تھا، اس لیے جب جہاز عدن پر ٹھہرا تھا تو میں نے وہاں سے شتر مرغ کے مالک کو لندن میں تار دے کر تمام شتر مرغ خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ اس کا جوابی تار مجھے جہاز کی اگلی منزل یعنی سویز پر مل جائے گا۔ یہ سن کر موہن نے پوٹر کو سب کے سامنے برا بھلا کہا۔ اس کی صورت دیکھنے والی تھی، لیکن باقی سب مسافر پوٹر کو ایک ہوشیار آدمی مان گئے۔

    جب جہاز سویز پہنچا تو پوٹر کے تار کا جواب لندن سے آ چکا تھا۔ شتر مرغ کے مالک نے انہیں پوٹر کے ہاتھ فروخت کرنے کی ہامی بھر لی تھی۔ اب پوٹر شتر مرغوں کا مالک بن چکا تھا۔ یہ خبر سن کر موہن کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ آخر اس نے پوٹر سے کہا میں شتر مرغ تم سے خریدنے کے لیے تیار ہوں۔ تم فی شتر مرغ پانچ سو پاؤنڈ کے حساب سے پانچ شتر مرغوں کے ڈھائی ہزار پاؤنڈ لے لو۔ اس پر پوٹر نے کہا کہ میں نے یہ شتر مرغ بیچنے کے لیے نہیں خریدے۔ میرا ارادہ ان کے پیٹ چاک کر کے ہیرا تلاش کرنے کا ہے۔
    لیکن بعد میں پوٹر کا ارادہ بدل گیا اور اس نے شتر مرغ نیلام کرنے کا اعلان کیا، لیکن اس نے ایک شرط بھی رکھی۔ وہ یہ کہ کسی شخص کے ہاتھ ایک سے زیادہ شتر مرغ فروخت نہیں کیے جائیں گے اور ایک شتر مرغ وہ اپنے لیے رکھے گا تاکہ قسمت آزما سکے۔ کیا پتا ہیرا اسی میں سے نکلے۔

    وہ ہیرا بہت قیمتی تھا۔ ہمارے ساتھ بحری جہاز پر ہیروں کا ایک یہودی تاجر بھی سفر کر رہا تھا۔ جب موہن نے اسے اس ہیرے کے بارے میں بتایا کہ کیسا تھا اور کتنا بڑا تھا تو اس نے اس کی قیمت اندازاً چار سے پانچ ہزار پاؤنڈ بتائی۔ جب جہاز کے مسافروں کو ہیرے کی قیمت کا پتا چلا تو وہ بے چینی سے نیلامی کا انتظار کرنے لگے جو اگلے دن ہونے والی تھی۔

    اب اتفاق کی بات کہ شتر مرغ کے رکھوالے سے مجھے باتوں باتوں میں پتا چلا کہ ایک شتر مرغ بیمار ہے اور اس کے پیٹ میں گڑبڑ ہے۔ اس شتر مرغ کی دُم کے پروں میں سے ایک پر بالکل سفید تھا جو شاید بیماری کی وجہ سے ہوگیا تھا۔ میں نے سوچا کہ ہو نہ ہو یہ وہی شتر مرغ ہے جس کے پیٹ میں ہیرا ہے اور اسی لیے اس کے پیٹ میں گڑبڑ ہے۔

    اگلے روز جب نیلامی شروع ہوئی تو سب سے پہلے یہی شتر مرغ لایا گیا۔ بولی آٹھ سو پاؤنڈ سے شروع ہوئی۔ موہن نے فورا ساڑھے آٹھ سو کی بولی دی جس کے جواب میں، مَیں نے نو سو پاؤنڈ کی آواز لگائی۔ مجھے یقین تھا کہ ہیرا اسی شتر مرغ کے پیٹ میں ہے اور اتنے زیادہ بھاؤ یعنی نو سو پاؤنڈ سے کوئی آگے نہیں بڑھے گا، لیکن موہن بالکل باؤلا ہو گیا تھا۔ اس نے اندھا دھند بولی بڑھانی شروع کی۔ ہیروں کا یہودی تاجر بھی بڑھ چڑھ کر بولی لگا رہا تھا۔ اس نے بولی ایک ہزار سات سو پاؤنڈ تک پہنچا دی۔ اس موقعے پر پوٹر نے اس کے حق میں بولی ایک دو تین کہہ کر ختم کر دی۔ موہن نے ایک ہزار آٹھ سو کی آواز لگائی، لیکن تب تک پوٹر تین کہہ چکا تھا۔ موہن ہاتھ ملتا رہ گیا۔

    یہودی تاجر نے پوٹر کو شتر مرغ کی قیمت ادا کی اور اسی وقت پستول نکال کر شتر مرغ کو گولی مار دی۔ اس پر پوٹر نے خوب شور مچایا اور کہا کہ اگر شتر مرغ کو اسی وقت کاٹا گیا تو اس سے نیلامی پر برا اثر پڑے گا، کیوں کہ اگر اس میں سے ہیرا نکل آیا تو میرے باقی شترمرغ کوئی نہیں خریدے گا، لیکن ہم سب ہیرا دیکھنے کے لیے اس قدر بے چین تھے کہ سب نے سنی ان سنی کر دی۔ شتر مرغ کو چیرا پھاڑا گیا، لیکن اس میں سے کچھ نہ نکلا۔ مجھے یہ سوچ کر خوشی ہوئی کہ میرا نقصان ہوتے ہوتے رہ گیا، کیوں کہ میں خود اس شتر مرغ کی ایک ہزار چار سو پاؤنڈ قیمت لگا چکا تھا۔

    یہودی تاجر نے کسی خاص افسوس کا اظہار نہیں کیا۔ البتہ پوٹر نے یہ کہہ کر نیلامی بند کر دی کہ جب تک سارے شترمرغ نہیں بک جاتے وہ کسی کو شتر مرغوں کی چیر پھاڑ نہیں کرنے دے گا، لیکن یہودی تاجر کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخص ایک چیز خریدتا ہے تو اس کی مرضی ہوتی ہے کہ وہ اس کے ساتھ جب اور جیسا چاہے سلوک کرے۔ بات بڑھ گئی اور گرما گرمی ہونے لگی تو نیلامی اگلی صبح تک روک دی گئی۔ رات کو کھانے کی میز پر شتر مرغوں کی نیلامی کے بارے میں ہی باتیں ہوتی رہیں۔ جتنے منہ اتنی باتیں۔ کچھ نے تو جہاز کے کپتان سے یہ بھی کہا کہ اس نیلامی کو روک دیا جائے، کیوں کہ اس طرح سے ہیرا بیچنا ایک طرح کا جوا ہے، لیکن پوٹر کا کہنا تھا کہ ہیرا نہیں بیچ رہا۔ میں تو صرف شتر مرغ بیچ رہا ہوں۔

    آخر کپتان نے اعلان کیا کہ جہاز پر شترمرغ کی خرید و فروخت کی اجازت ہے، لیکن شتر مرغوں کے قتل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اب کوئی شخص شتر مرغوں کو نہ تو جہاز پر ہلاک کرے گا اور نہ ان کی چیر پھاڑ کرے گا۔ لندن پہنچنے کے بعد جہاز سے اتر کر مسافروں کا جو جی چاہے شتر مرغوں کے ساتھ کریں۔

    اگلی صبح جب نیلامی شروع ہوئی تو ہر شخص کے ذہن میں یہ بات تھی کہ شتر مرغ پانچ کے بجائے اب چار رہ گئے ہیں، اس لیے کسی ایک شتر مرغ سے ہیرا نکلنے کا امکان اب پہلے سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بولی کل سے بھی زیادہ پر شروع ہوئی۔ میرے پاس پیسے کم تھے اس لیے میں تو پیچھے ہٹ گیا۔ ایک شتر مرغ دو ہزار پاؤنڈ کا بکا۔ ایک کی قیمت دو ہزار تین سو پاؤنڈ لگائی گئی۔ جب کہ تیسرا ڈھائی ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا، لیکن عجیب بات تھی کہ موہن نے ان میں سے ایک بھی نہیں خریدا، بلکہ جب بولی لگائی جا رہی تھی تو وہ ایک کونے میں بیٹھا لندن پہنچ کر پولیس میں رپورٹ درج کرانے کی باتیں کر رہاتھا اور قانونی نکتے اٹھا رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ یہ ساری نیلامی غیرقانونی ہے۔

    فروخت ہونے والے تین شتر مرغوں میں سے ایک اُسی یہودی تاجر نے خریدا۔ ایک شتر مرغ ایک افسر نے خریدا جو جہاز پر سفر کر رہا تھا۔ تیسرا اس جہاز کے انجینئروں نے آپس میں پیسے جمع کر کے خرید لیا۔

    جب نیلامی ختم ہوئی تو پوٹر اُداس ہو گیا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے شتر مرغ بیچ کر بے وقوفی کی ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے اپنے لیے جو شترمرغ رکھا تھا وہ بھی اس نے ایک مسافر کو تین ہزار پاؤنڈ میں رات ہی بیچ دیا تھا، لیکن میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اس میں بے وقوفی کی کیا بات ہے۔ جو شتر مرغ اس نے زیادہ سے زیادہ آٹھ سو پاؤنڈ میں خریدے ہوں گے وہ اس نے ایک ایک کر کے ساڑھے گیارہ ہزار پاؤنڈ میں بیچ دیے۔

    آخر جہاز لندن کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ سارے مسافر اترنے شروع ہوئے۔ شتر مرغ بھی اتارے گئے۔ شتر مرغ خریدنے والوں نے انہیں وہیں چیرنے پھاڑنے کا ارادہ کیا لیکن بندرگاہ کے افسروں نے اس کی اجازت نہیں دی۔ موہن پاگلوں کی طرح اِدھر اُدھر دوڑتا پھر رہا تھا۔ جن لوگوں نے شتر مرغ خریدے تھے وہ ان سے ان کے نام اور پتے پوچھ رہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ ان کے خریدے ہوئے شتر مرغ سے ہیرا نکل آئے تو مجھے خط لکھ کر بتائیں، لیکن کسی نے بھی اسے اپنا نام پتا نہیں دیا۔ موہن نے پوٹر کو بھی برا بھلا کہا لیکن پوٹر نے اپنا سامان اٹھایا اور چل پڑا۔ باقی مسافر بھی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ شتر مرغ خریدنے والوں نے انہیں لدوایا اور وہ بھی چل پڑے۔

    یہ کہہ کر وہ چپ ہو گیا اور ایک پرندے کی کھال میں بھُس بھرنے لگا۔ میں نے بے صبری سے کہا، "پھر کیا ہوا؟ ہیرا کون سے شتر مرغ میں تھا؟”

    وہ مسکرایا اور بولا، "میرے خیال سے کسی میں بھی نہیں۔”

    "وہ کیوں؟” میں نے حیرت سے پوچھا۔

    اس نے بتانا شروع کیا، "یہ بات مجھے کبھی معلوم نہ ہوتی اور میں یہی سمجھتا رہتا کہ موہن کا ہیرا کسی شتر مرغ نے نگل لیا تھا، لیکن اتفاق کی بات ہے کہ لندن پہنچنے کے ایک ہفتے بعد میں لندن کی ریجنٹ اسٹریٹ میں خریداری کر رہا تھا کہ مجھے موہن اور پوٹر نظر آئے۔ دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے، بہت خوش خوش، مسکراتے ہوئے جا رہے تھے۔ دونوں نے بہت عمدہ اور مہنگے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ میں چُپ چاپ انہیں دیکھنے لگا۔ انہوں نے کوئی چیز خریدی۔ موہن نے پیسے دینے کے لیے بٹوا نکالا تو وہ نوٹوں سے ٹھنسا ٹھس بھرا ہوا تھا۔ لگ رہا تھا کہ دونوں کو کہیں سے بہت سا رُپیہ ہاتھ لگا ہے۔”

    میں نے ایک لمبی سانس لے کر کہا، "بہت خوب! تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ کسی شتر مرغ نے کوئی ہیرا نہیں نگلا تھا۔ موہن اور پوٹر دونوں ساتھی تھے اور انہوں نے اس طرح نیلامی کے ذریعے سے ہزاروں پاؤنڈ بٹور لیے۔”

    اس نے مسکرا کر "ہاں” کہا اور سَر جھکا کر پرندوں کی کھال میں بھُس بھرنے لگا۔


    (مصنّف: ایچ جی ویلز​، ترجمہ: رؤف پاریکھ​)

  • 3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت رکھنے والے ہیرے کی نمائش

    3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت رکھنے والے ہیرے کی نمائش

    دنیا کے ایک بڑے سفید ہیرے کو، جسے دی راک کا نام دیا گیا ہے، نیلامی سے قبل گزشتہ روز پہلی بار دبئی میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ہیرا 3 کروڑ ڈالر سے زائد قیمت میں نیلام ہوجائے گا۔

    آکشن ہاؤس کرسٹیز نے بتایا کہ ناشپاتی کی شکل کا 228 اعشاریہ 31 کیرٹ کا یہ ہیرا جو 20 سال قبل جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکالا اور پالش کیا گیا تھا، نیلامی کے لیے آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے۔

    کرسٹیز کے مطابق سفید ہیرا دی راک دبئی میں 26 سے 29 مارچ تک نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ڈیبیو کرنے کے بعد اسے تائی پے، نیویارک اور جنیوا لے جایا جائے گا جہاں 11 مئی کو اس کی نیلامی ہوگی۔

    کرسٹیز کے زیورات کے بین الاقوامی سربراہ راہل کیڈکیا کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ہمیشہ سے ہی اہم جواہرات اور قیمتی پتھروں کے بڑے قدر دان موجود رہے ہیں، اسی وجہ سے ہم نے سوچا کہ ایک ایسے خطے میں اس ہیرے کو لانچ کرنا ہمارے لیے اچھا ہوگا جہاں اس قسم کے اہم جواہرات کو جمع کرنے والے عظیم کلیکٹرز موجود ہیں۔

  • 34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    برطانیہ میں ایک خاتون گھر میں بیکار پڑی انگوٹھی کو پھینکنے جارہی تھیں جب اتفاق سے انہیں علم ہوا کہ اس انگوٹھی میں 34 قیراط کا ہیرا جڑا ہے جس کی مالیت 20 لاکھ پاؤنڈز ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، گھر سے غیر ضروری سامان نکال رہی تھیں جس میں مصنوعی زیورات بھی شامل تھے۔

    خاتون ان زیورات کو پھینکنے جارہی تھیں جب ایک پڑوسی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ پھینکنے سے قبل احتیاطاً ان زیورات کی قیمت معلوم کروا لیں۔

    علاقے میں موجود مقامی جیولر کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وہ خاتون وہاں سے گزرتی ہوئی ان کے پاس آئیں اور اس بیش قیمت انگوٹھی سمیت مختلف مصنوعی زیورات ان کے حوالے کیے اور ان کی ویلیو جاننی چاہی۔

    جیولر کا کہنا ہے کہ پاؤنڈ کے سکے سے بھی بڑے اس ہیرے کو وہ ایک نظر میں پہچان گئے تھے تاہم مزید تصدیق کے لیے انہوں نے اسے ماہرین کے پاس بھیجا۔

    ماہرین نے تصدیق کی کہ شیشے کا یہ شفاف ٹکڑا 34 قیراط کا ہیرا ہے جس کی مالیت اندازاً 20 لاکھ پاؤنڈز یعنی 47 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے ہے۔

    انگوٹھی کی مالک مذکورہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں قطعی یاد نہیں کہ یہ انگوٹھی انہوں نے کب اور کہاں سے خریدی یا کسی نے انہیں تحفہ دی۔

    مذکورہ انگوٹھی کو 30 نومبر کو نیلام کیا جائے گا جہاں سے اس کی خطیر رقم ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔

  • پہلی بار ڈیجیٹل کرنسی میں نایاب ہیرا فروخت کے لیے پیش

    پہلی بار ڈیجیٹل کرنسی میں نایاب ہیرا فروخت کے لیے پیش

    امریکی آکشن کمپنی ستھبائی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی میں ناشپاتی کی شکل کا نایاب ہیرا نیلامی کے لیے پیش کرے گی، یہ تاریخ میں پہلا ہیرا ہوگا جو کلاسک یا ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سائز کے ہیرے کو پہلی بار ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، اس سے قبل ڈیجیٹل کرنسی میں کوئی قیمتی سامان فروخت نہیں ہوا ہے۔

    101 اعشاریہ 38 کیرٹ کے اس ہیرے کو دا کی 10138 کا نام دیا گیا ہے، یہ دنیا بھر میں ایک سو کیرٹ سے زیادہ نیلام ہونے والے کل 10 ہیروں میں سے ایک ہے۔ نیلامی کے دوران اس ہیرے پر 10 سے 15 ملین امریکی ڈالر کی بولی متوقع ہے۔

    اس ہیرے کو ہانگ کانگ میں 9 جولائی کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت کی ادائیگی کلاسک یا ڈیجیٹل کرنسیوں میں قبول کی جائے گی۔

    کمپنی کے مطابق یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جب قدیم عیش و آرام کی اشیا سب سے جدید چیز کے ساتھ فروخت کی جائیں گی۔

    گزشتہ سال مئی میں اس کمپنی نے پہلی پینٹنگ ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کی تھی جس کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ ڈالر تھی، کمپنی کے مطابق گزشتہ برس نوجوانوں میں سفید ہیروں، زیورات اور دیگر پرتعیش اشیا کی زبردست مانگ رہی تھی۔

  • روس میں سب سے بڑا ہیرا نیلامی کے لیے تیار

    روس میں سب سے بڑا ہیرا نیلامی کے لیے تیار

    ماسکو: روس میں اب تک کا سب سے بڑا سمجھا جانے والا 100.94 قیراط کا ہیرا اس ماہ کے آخر میں جنیوا میں نیلام کیا جائے گا۔

    روسی میڈیا کے مطابق الروزا اسپیکٹکل نامی یہ ہیرا 12 مئی کو جب تراشا جائے گا تو اس کی مالیت 13 سے 19 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی۔

    نیلامی گھر کے شعبہ زیوارت کی ماہر مریم سیسیل کا کہنا ہے کہ یہ خوبصورت ڈی ربگین ہیرا موٹے پتھر سے کاٹا گیا تھا جس کا وزن اصل میں 200 قیراط سے بھی زیادہ تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اسے سرگئی ڈیاگلیف کا کھردرا ہیرا کہا جاتا تھا اور اس کی کان کنی سنہ 2016 میں کی گئی تھی۔

    مریم سیسیل کے مطابق اس پتھر کو کاٹنے میں ایک سال اور 8 ماہ کا عرصہ لگا جس کے بعد یہ ہیرا اب ایک خوبصورت شکل میں آچکا ہے۔

  • امریکی ریپر نے اپنے ماتھے پر ہیرا جڑوا لیا

    امریکی ریپر نے اپنے ماتھے پر ہیرا جڑوا لیا

    لل اوزی ورٹ کے نام سے معروف امریکی ریپر سائمر باسل ووڈز نے اپنے ماتھے پر گلابی ہیرا جڑ وا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے، لل اوزی ورٹ نے اپنے ماتھے پر جو ہیرا جڑوایا ہے اس کی مالیت 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں ریپر نے کہا کہ خوبصورتی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے جو ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پر جاری کی وہ جلد ہی وائرل ہوگئی۔

    لل اوزی ورٹ عموماً قیمتی گھڑیوں، گاڑیوں اور مہنگے ڈیزائنرز کے کپڑے خریدنے کے لیے مشہور ہیں لیکن اب جو ہیرا انہوں ںے خرید کر اپنے ماتھے پہ جڑوایا ہے وہ ان کے مطابق سب سے مہنگی خریداری ہے۔

    لل اوزی ورٹ نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ اس ہیرے کی قیمت انہوں ںے 4 سال میں ادا کی ہے، جس کمپنی سے انہوں نے یہ ہیرا خریدا ہے اس کو وہ سنہ 2017 سے ادائیگی کر رہے تھے۔

    10 سے 11 قیراط کے اس ہیرے کی قیمت لل اوزی ورٹ کے پاس موجود مہنگی ترین گاڑی بوگاٹی سے بھی زیادہ ہے۔

  • چمکنے والی چیز سونا نہیں ہیرا ہوسکتی ہے، زمین کی کھدائی کرتے کسان کی قسمت بھی چمک گئی

    چمکنے والی چیز سونا نہیں ہیرا ہوسکتی ہے، زمین کی کھدائی کرتے کسان کی قسمت بھی چمک گئی

    نئی دہلی: کبھی کبھی قسمت انسان پر یوں مہربان ہوتی ہے کہ وہ حیران رہ جاتا ہے، ایسا ہی کچھ ایک بھارتی کسان کے ساتھ ہوا جسے زمین کی کھدائی کرتے ہوئے خطیر مالیت کا ہیرا مل گیا جس نے اس کی زندگی بدل دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے پنا میں ایک غریب اور مفلس کسان کی اس وقت قسمت کھل گئی جب وہ فصل بونے کے لیے زمین کی کھدائی کر رہا تھا۔

    کھدائی کے دوران اسے زمین میں ایک چمکتی ہوئی چیز نظر آئی جسے اٹھانے پر اسے پتہ چلا کہ وہ ایک بیش قیمت ہیرا ہے۔

    لکھن سنگھ نامی یہ کسان کھیتی باڑی کر کے اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ پالتا ہے، اس کی عمر 45 سال ہے اور اس نے حال ہی میں زمین کا ایک چھوٹا سا حصہ لیز پر لیا تھا۔

    اس خوش قسمت کسان کو زمین سے جو ہیرا ملا ہے وہ 14.98 کیرٹ کا ہے اور اس کی مالیت 60 لاکھ بھارتی روپے سے بھی زائد ہے۔

    ایک انٹرویو میں اس کسان نے بتایا کہ ہیرا ملنے کے بعد اس کی زندگی بدل گئی ہے، اس سے ملنے والی رقم سے اب وہ اپنے بچوں کو بہترین تعلیم دلائے گا۔

    اس کا کہنا ہے کہ وہ میں اس لمحے کو کبھی نہیں بھولے گا جب اسے وہ ہیرا ملا تھا۔

  • ہیرے سے بجلی بنانا ممکن

    ہیرے سے بجلی بنانا ممکن

    دنیا بھر میں توانائی پیدا کرنے کے لیے کم قیمت اور آسان ذرائع کی طرف توجہ دی جارہی ہے تاہم آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ہیرا بھی بجلی بنانے کی خاصیت رکھتا ہے، اور اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ ہیرا باآسانی فیکٹریوں میں تیار کیا جاسکتا ہے۔

    برطانیہ کے شہر برسٹول کی ایک یونیورسٹی کے طلبا ایک تحقیقی تجربے پر کام کر رہے ہیں جس میں ہیرے کے ذریعے بجلی بنائی جاسکتی ہے۔ ہیرے سے بنائی گئی یہ بیٹریاں ہزاروں سال تک بنا رکے بجلی فراہم کرسکتی ہیں۔

    اس ہیرے کو جوہری فضلے سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    یعنی دنیا بھر میں موجود جوہری بجلی گھروں یا جوہری تجربات کیے جانے والی تجربہ گاہوں میں استعمال شدہ کاربن اور تابکار شعاوں کو ملایا جائے تو باآسانی ہیرا تشکیل پا سکتا ہے۔

    ہیرے سے تیار کردہ بیٹری

    ایٹمی گھروں میں موجود گریفائٹ کے ٹکڑوں سے کثیر مقدار میں ٹھوس کاربن حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    شاید آپ کو علم ہو کہ جب زمین کے اندر موجود کاربن شدید گرم ہوجائے تو وہ ہیرے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ یہاں بھی یہی تکنیک استعمال کی جارہی ہے۔

    ہیرے کی تشکیل کے بعد جب اسے دوبارہ کاربن سے ملایا جائے گا تو دونوں اشیا مل کر توانائی پیدا کریں گی۔

    اس ہیرے سے بنائی جانے والی بیٹریوں سے نکلنے والی تابکار شعاعوں سے بچنے کے لیے اس کے اوپر ہیرے کی ایک اور تہہ چڑھا دی جاتی ہے۔ یہ تہہ بھی کاربن ہی سے بنائی جاتی ہے۔

    ہیرے کے اوپر ہیرا چڑھانے سے اس بیٹری کی بجلی بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

    اس بیٹری کی سب سے بہترین بات یہ ہے کہ ہیرا کسی بھی قسم کا اخراج نہیں کرتا نہ ہی اسے پھینکنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

    بیٹری کے تخلیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بیٹری سیٹلائٹس اور پیس میکرز بنانے میں بھی استعمال ہوسکتی ہے جہاں یہ بغیر کسی تعطل کے ہر وقت بجلی فراہم کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا

    دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا

    جنیوا: دنیا کے سب سے بڑے گلابی ہیرے دا پنک راج کو سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا ہونے کا اعزاز رکھنے والا یہ ہیرا 37 قیراط وزن کا حامل ہے۔ فی الحال اس ہیرے کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جس کی چمک دمک اور خوبصورتی دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کر رہی ہے۔

    اس کی نمائش اگلے ہفتے جینوا میں کی جائے گی اور ماہرین کے مطابق یہ 3 کروڑ ڈالرز تک نیلام ہوسکتا ہے۔

    اپنی نوعیت کے سب سے بڑے ہیرے کو سوتھ بے نیلام گھر کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے۔ ہیرے کی خرید و فروخت کرنے والے اس انوکھے اور نادر و نایاب ہیرے کی نیلامی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔