Tag: ہیروئن اسمگلنگ

  • سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    پشاور: سعودی عرب سے گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان کے شہر پشاور پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایمان پاکستان پہنچ گئی، بچی کی والدہ رانی بی بی کو مئی 2019 میں منشیات اسمگلنگ کیس میں جدہ میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد قونصل خانے کے فلاحی ونگ نے 4 سالہ ایمن کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایمان 10 ماہ سے جدہ میں محکمہ سوشل پروٹیکشن میں مقیم تھی، ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کرائی گئی جس کے بعد اسے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے آج بچی کو جدہ سے پشاور کے لیے روانہ کیا گیا۔

    ننھی ایمان جدہ سے پشاور پی آئی اے کی پرواز PK 0736 کے ذریعے پشاور ائیر پورٹ پہنچی، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور ایمان کے چچا بھی ہمراہ تھے۔

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    خیال رہے کہ بچی کی والدہ رانی بی بی کا تعلق سوات سے ہے، جسے ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا تھا، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔ رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ گئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انھیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوورسیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے تھے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت ملی تھی، زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    اسلام آباد: ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار سوات کی خاتون کی 4 سالہ بچی آج پاکستان پہنچا دی جائے گی، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کی رہائشی خاتون رانی بی بی کو ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش میں سعودی عرب میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور انہیں جدہ میں عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔

    رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ ہوئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوور سیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت مل گئی۔

    ماں کو جیل بھیجے جانے کے بعد ایمان کو سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ اب ننھی ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کروا دی گئی اور اسے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایمان آج رات 9 بجے جدہ سے پاکستان پہنچے گی۔ ایمان کو پشاور ائیرپورٹ پر اس کے انکل کے حوالے کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی: شہر قائد میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں اے این ایف نے کورئیر کمپنی کے دفتر میں کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے 8 ڈبوں سے 4 کلوسے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔ ہیروئن کو گلابی لیمپس میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق کورنگی میں کورئیر کمپنی میں بھی کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے پارسل سے ایک کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی، ہیروئن کو 2 کتابوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے لیے بک کرائے گئے پارسل سے بھی منشیات برآمد کر لی گئی، ڈاکومنٹس میں 90گرام میتھا فٹامائن اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، مقدمات درج کرلیے گئے، پارسل بھیجنے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    اے این ایف کی کراچی میں کارروائی، 18 کلو منشیات برآمد

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں انسداد منشیات فورس نے کراچی میں کارروائی کے دوران 18 کلو گرام منشیات پکڑی تھی، منشیات فیصل آباد سے کراچی اسمگل کی گئی تھی۔

  • ایف آئی اے اہل کار سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    ایف آئی اے اہل کار سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    کراچی: شہرِ قائد کے ایئر پورٹ پر ہیروئن اسمگلنگ کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار کے زیر جامے سے بھاری مقدار میں ہیروئن بر آمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار کو گرفتار کر کے اس کے زیر جامے میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں ہیروئن بر آمد کر لی، ملزم کی نشان دہی پر ساتھی اہل کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرایع کے مطابق ایف آئی اے اہل کار ضامن ایئر پورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں اندر داخل ہو رہا تھا جس پر اے ایس ایف اہل کار نے تلاشی لی۔

    اس دوران ایف آئی اے اہل کار کی حرکات و سکنات مشکوک ہونے پر اے ایس ایف کی جانب سے جامہ تلاشی لینے پر زیر جامے سے 772 گرام ہیروئن کے تین پیکٹ بر آمد ہوئے، جس کی بین الاقوامی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار سے تفتیش کی تو اس کی گاڑی سے ڈیڑھ لاکھ روپے رقم بھی برآمد ہوئی۔

    دوران تفتیش ایف آئی اے اہل کار نے بتایا کہ اس کے ساتھی اہل کار حسنین عباس زیدی نے اس سے منشیات منگوائی تھی، اے ایس ایف نے نشان دہی پر ساتھی اہل کار کو بھی حراست میں لے لیا۔

    ذرایع کے مطابق اے ایس ایف نے دونوں گرفتار ایف آئی اے اہل کاروں سے مزید تفتیش کے لیے انھیں اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا ہے۔

  • کراچی : قرآنی آیات کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ کے مکروہ کاروبار کا انکشاف

    کراچی : قرآنی آیات کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ کے مکروہ کاروبار کا انکشاف

    کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس نے قرآنی آیات کے فریموں میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، جبکہ چاول کی بوریوں میں بھاری مقدار میں چھپائی گئی ہیروئن بھی برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے مصدقہ اطلاع پر کلفٹن کے علاقے میں قائم کورئیر کمپنی کے ایک دفتر پر چھاپہ مارا، اس دوران دفتر سے قرآنی آیات کے فریموں میں چھپائی گئی آدھا کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

    فریموں کے بیچ میں انتہائی مہارت کے ساتھ ہیروئن کے پیکٹ رکھے گئے تھے، اس حوالے سے اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ پارسل سے 500گرام ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، مذکورہ پارسل ارشد محمود نامی شخص نے راولپنڈی سے برطانیہ کیلئے بک کرایاتھا۔

    علاوہ ازیں دوسری کارروائی میں اے این ایف کی ٹیم نے کلفٹن ہی میں ایک انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل پر کارروائی کی جہاں سے چاول کی پانچ بوریوں میں چھپائی گئی15کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی، اےاین ایف حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پہلے سےگرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر بھاری مقدار میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ پر بھاری مقدار میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے کراچی ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے سامان سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے سعودی عرب ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، مسافر میر محمد غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 3505کے ذریعے جدہ جارہا تھا۔

    مسافر کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں 0.240کلو گرام ہیروئن اور707میتھفیٹا مائن بھی برآمد کرلی گئی، بین الاقوامی منڈی میں اس کی قیمت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مسافر میر محمد کو گرفتار کرکے اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی ایئر پورٹ سے براؤن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اے ایس ایف نے کراچی ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کرنے کو شش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے بیگ سے براؤن ہیروئن برآمد کی تھی، مسافر کے بیگ سے ساڑھے اٹھارہ کلو گرام براؤن ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

  • ہیروئن اسمگلنگ: پی آئی اے کے14مرد وخواتین فضائی میزبان معطل

    ہیروئن اسمگلنگ: پی آئی اے کے14مرد وخواتین فضائی میزبان معطل

    کراچی : پیرس میں پی آئی اے کے فضائی میزبانوں سے ہیروئن برآمدگی کی تحقیقات کے بعد14فضائی میزبانوں کو معطل کردیا گیا، زیادہ تر کا تعلق ن لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اےیونین لاہور سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی تحقیقاتی ایجنسی کی رپورٹ پرپی آئی اے انتظامیہ نے14فضائی میزبانوں کو معطل کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی پروازوں پر جانے سے روک دیا۔ ہیروئن کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں فضائی میزبانوں کو گراؤنڈ کیا گیا ہے، معطل 14فضائی میزبانوں کےخلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونیوالے زیادہ ترفضائی میزبانوں کا تعلق لاہور بیس سے ہے ان میزبانوں کا تعلق ن لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اے یونین سے ہے، معطل فضائی میزبانوں کی فہرست اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی،

    ذرائع کے مطابق حماد حسین، مجاہد علی ملک، وسیم عباس، علی احمد ملک، ممتاز، طارق،نعمان علی، حامد رحمان معطل ہونیوالے میزبانوں میں شامل ہیں، اس کے علاوہ معطل ہونے والی خواتین فضائی میزبانوں میں ثناءعزیز، سحراقبال، نورین، کرن سید، ربیعہ تاج دین، جینیتا گل شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونیوالے فضائی میزبانوں پر پیرس میں گرفتار گلزارتنویر اور عامر معین کی معاونت کرنے کا الزام ہے، معطل فضائی میزبانوں سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: پیرس میں پی آئی اے کی پروازسے ہیروئن برآمد

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کچھ فضائی میزبانوں کو انٹرنیشنل فلائٹ سے گراؤنڈ کیا گیا ہے اور کچھ کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں اور کچھ فضائی میزبان اپنے معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔