Tag: ہیری

  • شہزادہ ہیری اور میگھن کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس

    شہزادہ ہیری اور میگھن کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس

    لندن: برطانوی شاہی خاندان سے دستبرداری اختیار کرنے والے شہزادے ہیری کے بچوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا، نئے بادشاہ چارلس نے اپنے پوتوں کو شاہی القابات سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

    برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہیری کے والد اور برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم نے اپنے پوتے 3 سالہ آرچی اور ایک سالہ للی بیٹ کو جلد ہی عزت مآب شہزادہ اور شہزادی کا خطاب دینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

    تاہم اب انہوں نے ایک ہفتے کے دوران ہونے والی تلخیوں کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے بیٹے اور بیٹی کو شاہی القاب سے نوازنے سے انکار کر دیا ہے۔

    سنہ 2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ہیری اور میگھن سے بھی ان کے یہ القابات چھین لیے گئے تھے۔

    برطانوی اخبار کے مطابق اس بات پر اتفاق ہے کہ یہ دونوں بچے شہزادہ اور شہزادی تو ہو سکتے ہیں مگر انہیں شاہی خاندان سے متعلق عزت مآب کا لقب نہیں دیا جا سکتا کیونکہ ان کے والدین اور وہ دونوں شاہی امور میں مصروف خدمت نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن اس بات پر برہم دکھائی دیے کہ ان کے بچے اب شاہی خطاب سے محروم رہیں گے۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس کے کنگ بننے کے ہفتہ کے دوران ہونے والی تلخ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

  • شاہی محل میں رہنے کے دوران خودکشی کرنا چاہتی تھی: میگھن مرکل کا تہلکہ خیز انٹرویو

    شاہی محل میں رہنے کے دوران خودکشی کرنا چاہتی تھی: میگھن مرکل کا تہلکہ خیز انٹرویو

    برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل نے انکشاف کیا ہے کہ شاہی محل میں رہنے کے دوران ان پر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ وہ خودکشی کے بارے میں سوچنے لگی، ان کے مطابق ان کی رنگت اور نسل کی وجہ سے محل میں ان سے امتیازی سلوک برتا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شاہی خاندان کے منحرف جوڑے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کا معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے کے ساتھ خصوصی انٹرویو نشر کردیا گیا جس میں میگھن نے شاہی خاندان کے کئی راز افشا کردیے۔

    میگھن کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا، انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا۔ ان کی اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہو چکی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہوگی، ان کے مطابق ان کے ہونے والے بیٹے کو شاہی لقب نہ دینے کے لیے شاہی خاندان کے اصول بدلے گئے۔ میگھن کا دعویٰ ہے کہ ایسا ان کی رنگت اور نسل کی وجہ سے کیا گیا۔

    میگھن کا کہنا تھا کہ ان کی کردار کشی کی گئی اور ایک وقت ایسا آیا کہ وہ خودکشی کے بارے میں سوچنے لگیں، انہوں نے ذہنی صحت کی بہتری کے لیے ماہرین نفسیات کی مدد لینی چاہی تو انہیں اس کے لیے منع کردیا گیا۔

    میگھن کا کہنا ہے کہ شاہی محل میں گزارے گئے وقت کے دوران وہ بے حد تنہائی محسوس کرتی تھیں۔ انہوں نے اس بات کی تردید کہ ان کے اور کیٹ مڈلٹن کے تعلقات خراب تھے۔

    شہزادہ ہیری نے بتایا کہ شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا کہ والد (ولی عہد شہزادہ چارلس) نے ان کا فون اٹھانا چھوڑ دیا۔

    شہزادے نے کہا کہ والد نے مجھے بہت مایوس کیا، تاہم میں ابھی بھی ان سے پیار کرتا ہوں۔ ان کے مطابق شاہی خاندان سے الگ ہوجانے کے بعد ایک دو بار ان کی اپنی دادی ملکہ برطانیہ سے فون پر خوشگوار انداز میں گفتگو بھی ہوچکی ہے۔

    جوڑے نے انکشاف کیا کہ شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے بعد جب ان کی مالی مدد بند کر دی گئی تو جس وقت وہ کینیڈا سے جنوبی کیلی فورنیا منتقل ہوئے، اس وقت امریکی ارب پتی ٹائلر پیری نے گزشتہ سال ہیری اور میگھن کو ایک گھر اور سکیورٹی فراہم کی۔

    اپنے انٹرویو میں میگھن نے مزید کہا کہ وہ اب بہت خوش اور پرسکون ہیں، انہیں اپنی زندگی سے متعلق چھوٹے چھوٹے فیصلے کرنے کے لیے کسی کی اجازت نہیں لینی پڑتی، تاہم وہ ہیری کی اپنے خاندان سے علیحدگی اور انہیں تکلیف پہنچنے پر افسردہ ہیں۔

  • ہیری اور میگھن سے شاہی ٹائٹل واپس لے لیا گیا

    ہیری اور میگھن سے شاہی ٹائٹل واپس لے لیا گیا

    لندن: ملک برطانیہ الزبتھ کی جانب سے ہیری اور میگھن سے شاہی ٹائٹل واپس لے لیا گیا۔ ’رائل ہائنس‘ کا ٹائٹل شاہی خاندان کے افراد کے لیے مخصوص ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہیری اور میگھن شاہی ٹائٹل استعمال نہیں کرسکیں گے۔ ملکہ برطانیہ کی جانب سے اعلان سامنے آگیا۔ ہیری اور میگھن کا شاہی خدمات کا معاوضہ بھی بند کردیا گیا۔ ہیری اور ان کی اہلیہ کو پبلک فنڈ سے پیسے نہیں ملیں گے۔

    ہیری اور میگھن مرکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی پر ملکہ برطانیہ کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا تھا کہ وہ ہیری اور میگھن کے فیصلے کی حمایت کریں گی۔ ہیری اور میگھن نے واضح کہا کہ وہ عوام کے پیسے پر زندگی نہیں گزارنا چاہتے، خواہش ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل سینئر رائل رہیں، ان کے نئی فیملی شروع کرنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہیری اور میگھن مرکل ایک معینہ وقت کے دوران برطانیہ اور کینیڈا میں رہیں گے۔

    شاہی خاندان سے علیحدگی ، 4 دن میں ہیری اور میگھن مرکل کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ

    یاد رہے چند روز قبل برطانوی شہزادے ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مرکل نے شاہی خاندان سے علیحدگی اور معاشی طور پر خود مختاری کا فیصلہ کرتے ہوئے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

    شاہی جوڑے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی پروٹوکول کو چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔

    بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا حل نکالنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا دونوں کو واپسی پر رضا مند کریں۔

  • برطانوی شہزادی کمیلا پارکر کی حفاظت کے لیے خواتین گارڈز تعینات

    برطانوی شہزادی کمیلا پارکر کی حفاظت کے لیے خواتین گارڈز تعینات

    برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر آج کل متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ اس موقع پر کلیرنس ہاؤس کی جانب سے ایک نہایت منفرد تصویر جاری کی گئی ہے جس میں کمیلا پارکر خواتین سیکیورٹی گارڈز میں گھری نظر آرہی ہیں۔

    برطانیہ کا یہ شاہی جوڑا آج کل مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہے جہاں وہ پہلے عمان گئے بعد ازاں ان کی اگلی منزل متحدہ عرب امارات میں ٹہری۔

    شاہی جوڑے نے یہاں موجود شیخ زید جامع مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں کمیلا پارکر کی حفاظت خواتین گارڈز کے دستے نے کی۔

    camilla-2

    اس شاہی جوڑے کی مصروفیات سے آگاہ کرنے والے سماجی رابطوں کے آفیشل اکاؤنٹس سے جاری کی گئی تصویر کے مطابق کمیلا پارکر کی حفاظت پر معمور یہ خواتین گارڈز متحدہ عرب اماراتی فوج کا حصہ ہیں اور ان میں سے 3 خواتین رواں برس دنیا کی سب سے بلند ماؤنٹ ایورسٹ پہاڑ کی چوٹی بھی سر کر چکی ہیں۔

    کلیرنس ہاؤس کے مطابق کمیلا پارکر ان خواتین گارڈز کو دیکھ کر نہایت خوش ہوئیں اور یہ ان کے لیے ایک منفرد تجربہ تھا۔

    واضح رہے کہ دنیا کے معمر ترین ولی عہدی کا اعزاز رکھنے والے شہزادہ چارلس شہزادی ڈیانا سے رشتہ ازدواج میں منسلک رہے اور انہوں نے دوسری شادی سنہ 2005 میں اپنی سابقہ محبوبہ کمیلا پارکر سے کی تھی جو اس وقت بیوہ تھیں۔

    ناچتا گاتا شاہی خاندان *

    شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے 2 بچے ولیم اور ہیری بھی ہیں جو اب اپنے والد کے ساتھ ولی عہدی کی دوڑ میں شامل ہیں۔