Tag: ہیضے کی وبا

  • سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق

    سوڈان میں وبا کی نئی لہر سے 300 افراد جاں بحق

    خرطوم: سوڈان میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، جس سے 300 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ہیضے کے 11 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران نے انفیکشنز کو بڑھا دیا ہے، جس میں ہیضہ بھی شامل ہے، جس سے 316 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں ڈینگی اور گردن توڑ بخار بھی پھیل رہا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں اموات کی شرح کے حساب سے ہیضے کی حالیہ وبائیں زیادہ مہلک رہی ہیں، ہیضہ آلودہ خوراک اور پانی میں پھیلنے والے بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے، اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صاف پانی اور صفائی ستھرائی تک رسائی ضروری ہوتی ہے، لیکن خانہ جنگی کے باعث سوڈان میں اس حوالے سے حالات ابتر ہیں۔

    ہیضہ ایک ایسی بیماری ہے جس کا اگر علاج نہ کیا جائے تو محض چند گھنٹوں کے اندر مار سکتی ہے، پانچ سال سے کم عمر بچوں کو خاص طور پر اس سے خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سوڈان میں لڑائی نے ملک میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا ہے اور تشدد کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ادھر بگڑتی صورت حال کے سبب سوڈان میں خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبد الفتاح البرہان نے ’ادری‘ کی راہ داری کھول دی ہے، اور چاڈ کے ساتھ بارڈر کراسنگ کو 3 ماہ تک استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام اور سعودی عرب نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد الفاشر شہر میں انسانی امداد پہنچانا ہے جہاں انسانی صورت حال ابتر ہو چکی ہے۔

  • کراچی میں ہیضے کی وبا شدت اختیار کرگئی، 300 متاثرہ افراد اسپتال میں داخل

    کراچی میں ہیضے کی وبا شدت اختیار کرگئی، 300 متاثرہ افراد اسپتال میں داخل

    کراچی : شیدی گوٹھ ملیر میں ہیضے کی وبا شدت اختیار کرگئی، جس کے باعث خاتون جاں بحق اور تین سو متاثرہ افراد اسپتال میں داخل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیدی گوٹھ ملیرمیں ہیضے کی وبا شدت اختیار کرگئی، تین سو متاثرہ افراد کو اسپتال لایا گیا ہے، جس میں سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

    ڈی ایچ او کا کہنا ہے خاتون کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، آلودہ پانی کی وجہ سے ہیضہ پھیل رہا ہے، پانی کے نمونے حاصل کر لیے اور صورتحال کوکنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کراچی میں عید کے تین دنوں میں فوڈ پوائزنگ کے کیسز میں خوفناک حد تک اضافہ رپورٹ کیا گیا تھا ، تین روز میں صرف ایک سرکاری اسپتال میں 1700 سے زائد فوڈ پوائزنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

    سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 1700 سے زائد گزشتہ تین روز میں فوڈ پوائزنگ کے کیسز تاحال رپورٹ ہو چکے ہیں، عید کے دوسرے روز 400، تیسرے روز 600 جبکہ گزشتہ روز 670 سے زائد فوڈ پوائزنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تمام مریضوں کی عمر 12 سال سے زائد ہے، گوشت کے بے جا استعمال اور جگہ جگہ آلائشوں سے ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

  • ملک ہیضے کی وبا کی لپیٹ میں، چودہ ماہ میں 4 لاکھ کے قریب مشتبہ کیسز رپورٹ

    ملک ہیضے کی وبا کی لپیٹ میں، چودہ ماہ میں 4 لاکھ کے قریب مشتبہ کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: کرونا وائرس کی وبا کے بعد سے ملک ہیضے کی وبا کی لپیٹ میں ہے، گزشتہ 14 ماہ کے دوران ملک بھر میں 4 لاکھ کے قریب مشتبہ کیسز جب کہ ایک ہزار 14 مصدقہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    وزارت صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چودہ ماہ کے دوران ملک میں 3 لاکھ 87 ہزار 174 مشتبہ ہیضہ کیسز رپورٹ ہوئے، ہیضہ کے سب سے زیادہ 2 لاکھ 2 ہزار 164 مشتبہ کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

    چودہ ماہ میں سندھ میں 61 ہزار 719 کیسز، خیبر پختون خوا میں 60041 کیسز، پنجاب میں 39291 کیسز، اسلام آباد میں 23959 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق 14 ماہ کے دوران ملک میں ہیضہ کے 1014 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے، اور اس دوران ہیضے سے 43 اموات رپورٹ ہوئیں، جن میں بلوچستان میں 40 اور کے پی 3 اموات شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 14 ماہ میں سب سے زیادہ 458 مصدقہ ہیضہ کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ہیضہ کے 246 مصدقہ کیسز، بلوچستان میں 196 مصدقہ کیسز، خیبر پختون خوا میں 83 مصدقہ کیسز، اسلام آباد میں 31 مصدقہ کیسز، جب کہ آزاد کشمیر میں ہیضہ کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    پنجاب میں گزشتہ ہیضہ کیس 27 ستمبر 2022 کو رپورٹ ہوا، بلوچستان میں گزشتہ ہیضہ کیس رواں سال 5 جنوری، کے پی میں گزشتہ ہیضہ کیس 28 دسمبر 2022 کو رپورٹ ہوا، سندھ میں گزشتہ ہیضہ کیس رواں سال 16 جنوری اور اسلام آباد میں گزشتہ ہیضہ کیس 5 اگست 2022 کو رپورٹ ہوا۔