Tag: ہیلتھ

  • منکی پاکس: کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    منکی پاکس: کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    کراچی: ملک میں منکی پاکس کے پھلاؤ اور روک تھام کے لیے ائرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں۔

    اے آر وائی کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے کراچی سمیت ملک کے دیگر آپریشنل ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردیں گئی ہے۔

    ایس او پیز  کے مطابق تمام اے ایس ایف کا عملہ اب سے فوری طور پر فیس ماسک پہنے گا اس کے علاوہ مسافروں کی تلاشی اور سامان چیکنگ کے دوران دستانے پہننا بھی لازمی ہے۔

    دوسری جانب ایئرپورٹ میں داخلے کیلئے عارضی پاسز کا اجرا بھی روک دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 2 کنفرم کیسز راولپنڈی / اسلام آباد میں سامنے آچکے ہیں اور حکومت نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ادارہ قومی صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور ملک کے تمام داخلی راستوں اور ائیر پورٹس پر مسافروں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • ٹماٹرآپ کو معدے کے کینسرسے بچا سکتا ہے

    ٹماٹرآپ کو معدے کے کینسرسے بچا سکتا ہے

    ٹماٹر ہمارے کھانوں میں استعمال ہونے والی بے حد عام شے ہے۔ حال ہی میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ٹماٹر معدے کے کینسر سے بچاؤ میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

    معدے کا کینسر جسے گیسٹرک کینسر بھی کہا جاتا ہے دنیا بھر میں کینسر کی نہایت عام قسم ہے۔ یہ بعض اوقات موروثی بھی ہوسکتا ہے مگر زیادہ تر یہ غیر متوازن اور غیر صحت مند غذائی عادات کے باعث پیدا ہوتا ہے۔

    طویل عرصے تک تمباکو نوشی کرنے والے اور بہت زیادہ نمک اور مصالحہ دار غذائیں کھانے والے افراد میں معدے کے کینسر کا شکار ہونے کے قوی امکانات ہوتے ہیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی اس تحقیق کے مطابق ٹماٹر کے اجزا معدے میں کینسر کے خلیات کی افزائش کو روکتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق چونکہ ٹماٹر میں موجود اجزا کھانے پکانے کے دوران تیز آنچ کے باعث ختم ہوسکتے ہیں لہٰذا کھانے کے علاوہ انہیں کچا بھی استعمال کرنا چاہیئے جیسے سلاد کی صورت میں۔

    ٹماٹر کے اندر موجود عنصر لائیکوپین جسم کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ اس کے جسم میں پہنچنے کے بعد مثبت کیمیائی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

    اس سے قبل بھی یونیورسٹی آف الی نوائے کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ٹماٹر پروسٹیٹ کینسر سے بچاؤ کے لیے بھی نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے میو اسپتال میں سرجیکل ٹاورکا افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ پنجاب نے میو اسپتال میں سرجیکل ٹاورکا افتتاح کردیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے میواسپتال لاہور میں سرجیکل ٹاورکا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبہ بہت آگے جارہاہے، باقی صوبے پیچھے رہ گئے ہیں، کے پی  میں عمران خان نے اسپتالوں کا بیڑہ غرق کردیا۔ ،

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ وزیراعلیٰ پنجاب نےمیو اسپتال میں چھ منزلہ سرجیکل ٹاور کا افتتاح کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  شوکت خانم بنانے والوں نے کے پی میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا احترام ہم سب پر لازم ہے، ان کی رائے مطابق اقدامات کرنے چاہیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میو اسپتال کے معیار کو مستقبل میں مزید بہتر بنائیں گے۔

    اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت لیڈی ریڈنگ اور حیات آباد اسپتال کو بہتر کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی، انہوں نے خلق خدا کو خدا کے حوالے کردیا ہے۔ نیازی خان تو اسپتالوں کے دعوے کیا کرتے تھے ،  لیکن کےپی میں انہوں نے اسپتالوں کا بیڑہ غرق کردیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں کام ہوتا تو الیکشن میں صحت مندمقابلہ ہوتا، سوات میں سیلاب کے بعد ٹرسٹ اسپتال  ہم نے بنایا،  آج ایک صوبہ بہت آگے جا رہا ہے باقی بہت پیچھےہیں۔

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف جب افتتاح کے لیے سرجیکل ٹاور پہنچے تو مین گیٹ پر ان کے استقبال میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی، اس موقع پر وزیرِ صحت سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نجم شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    وزیر اعلیٰ کی آمد کے موقع  پر پولیس او روارڈنز نے اسپتال کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا ، اس موقع پر کچھ وہیل چیئر پر موجود مریضوں کو بھی اسپتال سے باہر نکال دیا گیا۔ ان مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کے عملے نے آگ سے جھلسے ہوئے مریضو ں کو بھی باہر نکالا جن کا دھوپ میں جانا  جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ اندر صرف ان مریضوں کو رکھا گیا ہے جو وزیراعلیٰ کی آمد پر ’سب اچھا ہے‘ کہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں