Tag: ہیلی کاپٹر تباہ

  • بھارتی شہر پونے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    بھارتی شہر پونے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

    پونے: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے کے علاقے باودھن میں آج صبح ٹیک آف کے فوراً بعد ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر دہلی کی ایک ایوی ایشن فرم کا تھا، تینوں ہلاک شدگان کی شناخت پائلٹ گِریش کمار پَلئی اور پرمجیت سنگھ اور انجینئر پریتم چند بھاردواج کے طور پر ہوئی ہے۔

    مقامی پولیس نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے فوراً بعد ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ پونے کے علاقے پمپری چنچواڑ کے پولیس کے جوائنٹ کمشنر ششی کانت مہاورکر کے مطابق ہیلی کاپٹر نے صبح 7.30 بجے آکسفرڈ گولف کلب کے ہیلی پیڈ سے اڑان بھری اور پانچ منٹ کے اندر ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں گہری دھند کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

  • جاپان نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ، 8 اہلکار سوار تھے

    جاپان نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ، 8 اہلکار سوار تھے

    ٹوکیو: جاپان نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گئے، آن بورڈ 8 اہلکاروں میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق جاپان نیوی کے دو ہیلی کاپٹر تربیتی مشق کے دوران سمندر میں کریش کر گئے، جاپانی وزیر دفاع نے اتوار کو بتایا کہ ہیلی کاپٹروں میں سوار عملے کے آٹھ ارکان میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے جب کہ باقی لاپتا ہیں۔

    دونوں SH-60 پیٹرول ہیلی کاپٹر ہفتے کی رات جزیرہ ایزو میں توریشیما کے قریب اینٹی سب مرین مشقیں کر رہے تھے۔ وزیر دفاع مِنورو کیہارا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    وزیر دفاع کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹرز کے فلائٹ ریکارڈرز ایک دوسرے کے قریب سے مل گئے ہیں، جس کی وجہ سے یہ امکان بہت زیادہ ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے ہوں گے۔

    جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس اور کوسٹ گارڈ مل کر عملے کے باقی سات ارکان کو تلاش کر رہے ہیں۔ ہفتے کو ایم ایس ڈی ایف کے چیف آف اسٹاف یوشیتاکا ساکائی نے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں کسی دوسرے ملک کے ملوث ہونے پر انھیں کوئی یقین نہیں، جب کہ ایکس پر ایک پوسٹ میں جاپان میں امریکی سفیر نے تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں امریکی مدد کی پیشکش کی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک ٹیکنیشن ہلاک اور دو پائلٹ زخمی ہوگئے۔

    تفصییلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے مرواہ علاقے میں مچنا کے مقام پر بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں 3 افراد سوار تھے، حادثے میں ایک ٹیکنیشن ہلاک اور دو پائلٹ زخمی ہوئے تاہم زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ صبح تقریباً 9:45 پر پیش آیا، ذرائع نے بتایا کہ یہ ایک جدید لائٹ ہیلی کاپٹر تھا، ہیلی کاپٹر نے کشتواڑ ہیلی کاپٹر سے مروہ کی طرف معمول کے مطابق پرواز کی۔

    افسر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ جموں و کشمیر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس زخمی ہوئے تھے۔

    اس سے قبل اگست میں بھارتی فوج کا ٹو ففٹی فور اے اے ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر میں رنجیت ساگر ڈیم کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا ، تاہم حادثے میں دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔

    رواں سال جنوری میں جموں کشمیر پنجاب سرحد کے قریب کٹھوعہ ضلع کھن پور میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا ، جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہوگیا تھا۔

  • بھارتی فضائیہ کا ایک اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد سوار تھے

    بھارتی فضائیہ کا ایک اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد سوار تھے

    نئی دہلی: بھارت میں فضائیہ کا ایک اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کا ایک ہیلی کاپٹر Mi-17 بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں ہیلی کاپٹر کا عملہ محفوظ رہا۔

    ہیلی کاپٹر مشرقی اروناچل پردیش میں مینٹیننس کے حوالے سے چکر لگا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا، بھارتی میڈیا کے مطابق معمول کی پرواز پر موجود ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹ اور 3 عملے کے ارکان محفوظ رہے، تاہم انھیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں دوران پرواز اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے اسے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، تاہم حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں، جموں اور کشمیر کے ادھم پور ضلع میں پٹنی ٹاپ سیاحتی مقام کے قریب، شیو گڑھ دھر علاقے میں ایک پہاڑی پر ایک آرمی ہیلی کاپٹر کے گرنے سے 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے تھے۔

    3 اگست کو پٹھانکوٹ کے قریب رنجیت ساگر ڈیم جھیل میں آرمی کا ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے بھی 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے تھے۔

  • فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 ہلاک

    فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 ہلاک

    تائی پے: مشرقی ایشیا کے ملک تائیوان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں تائیوان کے چیف آف جنرل اسٹاف شن یی منگ سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ہیلی کاپٹر میں 13 افراد سوار تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تائیوان کے وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار 13 میں سے 5 افراد کو بچا لیا گیا، فوجی ہیلی کاپٹر نے ایوی ایشن سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، ہیلی کاپٹر تائی پے سے شمال مشرقی شہر یلان جا رہا تھا۔

    ہیلی کاپٹر تائی پے کے ایک پہاڑی علاقے میں تباہ ہوا، جس میں سوار 62 سالہ چیف آف جنرل اسٹاف متعدد اعلیٰ فوجی حکام کے ہم راہ نئے سال کی تقریبات میں شرکت کے لیے روٹین مشن پر یلان جا رہے تھے۔

    حادثے کے بعد کئی گھنٹوں تک تائیوان کے اعلیٰ فوجی جنرل کی موت سے متعلق درست خبر نہیں آ سکی تھی، متضاد رپورٹس آ رہی تھیں کہ وہ ان پانچ افراد میں شامل ہیں جنھیں بچا لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ حادثہ تائیوان کے عام انتخابات سے قبل پیش آیا ہے، 11 جنوری کو تائیوان میں عام انتخابات ہو رہے ہیں، جنھیں بیجنگ کے ساتھ تعلقات پر ایک ریفرنڈم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں حکام تائیوان کو ایک ایسے الگ ہونے والے صوبے کی طرح دیکھتے ہیں جسے ان کے کنٹرول میں واپس آنا چاہیے۔

  • تہران، ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5افراد جاں بحق

    تہران، ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5افراد جاں بحق

    تہران : ایران پیٹرلیم کمپنی کا زخمیوں کو لے جانے والے ایک ایمبولینس ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ایجینسی کے مطابق ایران میں زخمیوں کو لے جانے والا ایک ایمبولینس ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ایرانی صوبے مزادران کے ترجمان سید خالد سجادی نے ایرانی میڈیا کو بتایا ہے کہ ایران پٹرولیم کمپنی کا ایمبولینس ہیلی کاپٹر زخمیوں کی منتقلی کے لیے گیا تھا اور مریضوں کی منتقلی کے بعد واپس آتے ہوئے نا معلوم وجوہات کی بناء پر بحیرہ خزر میں گر کر مکمل تباہ ہو گیا۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے تا ہم اس حوالے سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو حادثے کی وجوہات اور ذمہ دران کا تعین کرے گی۔

    ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ پر امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ حادثے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر ریاست اترکھنڈ میں گر کر تباہ

    بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر ریاست اترکھنڈ میں گر کر تباہ

    نئی دہلی : بھارتی فضائی فوج کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 اتر کھنڈ کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا،پائلٹ اور ساتھی پائلٹ کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    بھارتی اخبار کے مطابق بگر تباہ ہونے والے بھارتی فوج کاایم آئی 17 چوپر ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی مشقوں میں مصروف تھا اور اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا اور کئی ہچکولے کھا تبت کے سرحدی علاقے کے قریب گِر کر تباہ ہو گیا۔

    تبت کے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فضاء میں محو پرواز ہیلی کاپٹر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور ہیلی کاپٹر دو چار قلابازیاں کھا کر میدانی علاقے میں زمین بوس ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں کا کسی قسم کا جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔

    بھارتی ایئر فورس کے ترجمان کے مطابق حادثہ ریاست اترکھنڈ میں پیش آیا اور امدادی ٹمیوں نے اپنے کاموں کا آغاز کردیا ہے ،ہیلی کاپٹر میں پائلٹ اور کو پائلٹ سمیت متعدد فوجی سوار تھے تاہم ابتائی طور پر حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    بین الاقوامی خبررساں ایجینسی کے مطابق ہیلی کاپتر میں متعدد فوجی اہلکار سوار تھے اور ہیلی کاپٹر زمین بوس ہو کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جس کے باعث پائلٹ سمیت 3 سے زائد افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے اس سے قبل بھی بھارتی ایئر فورس کے تربیتی ہیلی کاپٹرز اور جہاز گر کر تباہ ہو گئے تھے جن کی تحقیقات کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی تھیں تا ہم اب تک کسی ایک حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں ہیں۔

  • یرغمال عملے میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دار نہیں، آئی ایس پی آر

    یرغمال عملے میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دار نہیں، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان میں یرغمال ہونے والے عملے کے ارکان میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دار موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ افغانستان کے صوبے لوگر میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران یرغمال ہونے والوں میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دار موجود نہیں ہے ۔

    ترجمان آئی ایس پی آر نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یرغمال عملے کے ارکان میں آرمی چیف کا کوئی رشتہ دار نہیں ہے،اس سے متعلق آنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی زندگی بہت قیمتی ہے، یرغمالیوں کی جلد بازیابی کے لیے بھر پور کوششیں کی جارہی ہیں۔

    دو روز قبل پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنی پڑ گئی تھی جس کے بعد افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی عملے کو تحویل میں لے لیا گیا ہے تاہم افغان طالبان نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔


    لاپتا ہیلی کاپٹر، افغان حکومت سے مدد کی باضابطہ درخواست


    گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی جلد اور بحفاظت واپسی پر بات چیت کی۔


    پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ


    واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 جمعرات کی صبح 8بج کر 45منٹ پر پشاور سے ازبکستان جانے کے لیے روانہ ہوا تھا راستے میں افغانستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب اسے ہنگامی طور پر افغان صوبے لوگر میں لینڈ کرنا پڑا۔

    ہنگامی لینڈنگ کے دوران پائلٹ اور عملے سمیت ساتوں افراد ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہے لیکن طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بنالیااور ہیلی کاپٹر نذر آتش کردیا۔

  • افغانستان میں تباہ ہونے والا پاکستانی ہیلی کاپٹر کا ملبہ کابل پہنچادیا گیا

    افغانستان میں تباہ ہونے والا پاکستانی ہیلی کاپٹر کا ملبہ کابل پہنچادیا گیا

    کابل : پنجاب حکومت کا افغانستان کے علاقے لوگر میں حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ کابل پہنچا دیا گیاہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر کاملبہ کابل منتقل کر دیا گیاہے جبکہ افغان حکام کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کو یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ وہ پاکستانی عملے کو بازیاب کروانے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔

    خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ طورخم کے راستے پاکستان پہنچا دیا جائے گا جب کہ عملہ کی باحفاظت بازیابی کے لیے دونوں ممالک کے سفارتی حلقے کوششوں میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث افغانستا ن میں کریش لینڈنگ کرنی پڑ گئی تھی جس کے بعد افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی عملے کو تحویل میں لے لیا گیاہے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل سینئر افغان طالبان کمانڈر نے غیر ملکی خبرایجنسی کو گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ پاکستان عملہ ان کی تحویل میں ہے اور اس حوالے سے ان کی پاکستانی حکام سے بات چیت ہورہی ہے ،جبکہ عملہ بالکل محفوظ ہے جسے ہرقسم کی سہولت دی جارہی ہے۔